Monday 26 January 2015





اسلام کا عظیم سپہ سالار

جنرل محمد ضیاء الحق
(وہ پاکستان کا طارق بن زیاد اور صلاح الدین ایوبی تھا)



تالیف و ترتیب:
 محمد اسلم لودھی(شاہ زیب)












جملہ حقوق محفوظ











ارشاد رسول مقبول ﷺ

مسلمان کی جان کعبے سے زیادہ محترم ہے رسول اللہ ﷺ نے ایک بار طواف کے دوران خانہ کعبہ کو مخاطب کرکے فرمایا کتنا پاکیزہ ہے تو اور کیسی خوش گوار ہے تیری فضا  کتنا عظیم ہے تو اور کتنا محترم ہے تیرا مقام  مگر اس خدا کی قسم جس کے قبضے میں محمد ﷺ کی جان ہے ۔ ایک مسلمان کی جان اور مال کا احترام اللہ کے نزدیک تیری حرمت سے زیادہ ہے ۔
ابن ماجہ ۔ حدیث نمبر 3932


























حمد باری تعالی
                    مشکور حسین یاد
تو حاصل ہے تو لا حاصل کہاں ہے
یہاں نقصان کی منزل کہاں ہے
جو بندہ ہے ترا غافل کہاں ہے
جو قابل ہے وہ ناقابل کہاں ہے
ہے تیری معرفت ہی سب سے آساں
یہ آساں ہے تو پھر مشکل کہاں ہے
تری شان عطا کو دیکھ پائے
کوئی اس آن کا سائل کہاں ہے
یہ مانا آج باطل ہے نمایاں
مگر باطل کا مستقبل کہاں ہے
غضب ہے اہل دل یہ پوچھتے ہیں
جاں رہتا ہے تو وہ دل کہا ں ہے
جو تیرا نام لے کر گامزن ہیں
انہیں معلوم ہے منزل کہاں ہے



نعت رسول مقبول ﷺ
             حفیظ الرحمن احسن
ماہ ﷺ طیبہ کی تجلی سے نظر ہے روشن
روح تابندہ ہے اور دل کا نگر ہے روشن
ان ﷺکے قدموں سے جو بکھری تھی سراوج فلک
کہکشاں کیا ہے  وہی گرد سفر ہے روشن
کوئی تابندہ قدم گزرا تھا صدیوں پہلے
آج تک شوق کی اک راہگزر ہے روشن
سینہ ء اہل خرد فیض سے ان کے تاباں
لطف سے ان کے  دل اہل نظر ہے روشن
نور افشاں ہے زمانے میں عزیمت کس کی
کس کی تدبیر سے تقدیر بشر ہے روشن
اسوہ صاحب معراج کی تابانی سے
منزل زیست عیاں  سمت سفر ہے روشن
دیدہ شام کو اس زلف معنبر سے فروغ
اس رخ پاک سے سیمائے سحر ہے روشن
یاد ایام حضوری کاعجب ہے عالم
سوز فرقت سے ہر اک داغ جگر ہے روشن
ہوگیا ظلمت عصیاں کا مداوا احسن
یوں ندامت سے مرا دیدہ تر ہے روشن


ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
                                علامہ ڈاکٹر محمد اقبال 
 ہم کہ اس دور فتن میں ہیں رہین ظلم و شر
ماضی مرحوم کا آئینہ دیکھیں اک نظر
ہاں وہ آئینہ کہ جو آئینہ ایام تھا
جس کے تابانی کے آگے ماند تھے شمس و قمر
ہاں وہ آئینہ کہ تھا عکاس تقدیر امم
جس سے ہوجاتی تھی روشن عظمت نوع بشر
ہاں وہ آئینہ کہ جس کی سطح جوہر دار پر
دیکھتے تھے ہم فسون کافری کو بے اثر
ہاں وہ آئینہ کہ تھا سختی میں جو خار اشکن
جس کی ہیبت سے لہو ہوتا تھا ہیرے کا جگر
آج وہ آئینہ ہے آلودہ گردو غبار
جس کی دھند لاہٹ سے اب روشن نہیں ہوتی نظر
آج اس آئینے میں آیا ہوا ہے بال بھی
تھا جو کل سنگ حوادث کے مقابل اک سپر
سرخی خون مسلماں بھی اس آئینے میں ہے
جس سے ہے تاریخ انسانی کا دامن تربتر
خاک و خوں میں لوٹتے ہیں رات دن اہل وفا
گرم ہے بہر مسلماں کار زار قتل و شر
کھیلتے ہیں ریگن و بیگن جو خوں کی ہولیاں
ہیں وہ چنگیز و ہلاکو کے ستم سے بیشتر
ہوگیا مانند آب ارزاں مسلماں کا لہو
ارغوانی ہے زمین قدس و ہندو کا شمر
اک طرف ہم پہ مسلط ہے شب فتنہ گری
دوسری جانب ہمارے راہبر ہیں بے بصر
وائے ناکامی متاع کارواں جاتا رہا
ہم کو احساس زیاں ہے اور نہ کچھ اس کی خبر
اس اندھیری رات میں ہر چشم حیران کے لیے
ہے فروزاں دین و ایماں کا چراغ رہگذر
اتحاد امت اسلام نصب العین ہو
اب نہیں اس کے سوا اپنے لیے راہ مفر
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کا شغر
##
فہرست مضامین
ارشاد رسول ﷺ
حمد باری تعالی                 مشکور حسین یاد
نعت رسول مقبول ﷺ             حفیظ الرحمن احسن
ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے         علامہ ڈاکٹر محمد اقبال 
انتساب
اپنی بات ۔ بہت دیر کی مہرباں آتے آتے
دیباچہ محمد صلاح الدین شہید
مضامین
-1آپریشن فیئر پلے کی کہانی جنرل ضیا ء الحق کی زبانی
-2 مارشل لاء کیوں لگانا پڑا ؟
-3کیپٹن ضیاء الحق سے صدر پاکستان تک          گھریلو ملازم پیرمحمد سے انٹرویو
-4عطائے ربانی شیفتہ سے تعلقات کی کہانی
-5ضیاء الحق دور سے پہلے             پیر کرم شاہ الازہری
 -6جنرل محمد ضیاء الحق کا بس ایک ہی خواب تھا         سید شبیر حسین
-7شہید صدر اور نفاذ اسلام             ڈاکٹر امین اللہ وثیر
-8سرکار دو عالم ﷺ کی طرف سے سلام اور پیغام     مولانا عبدالرحمن اشرفی
-9 افغانستان میں خوست کے محاذپر             ملک احمد سرور
-10 دور ضیاء اور دور مابعد             پروفیسر مرزا محمد منور
 -11 جنرل ضیا ء الحق کی افغان پالیسی         بشکریہ ہفت روزہ تکبیر کراچی
-12جنرل محمد ضیا ء الحق کا جنرل اسمبلی سے ولولہ انگیز خطاب
-13 روسی فوجیوں کااعلان بغاوت رپورٹ: ہفت روزہ تکبیر کراچی
-14 افغان مجاہدین ہی اصل فریق ہیں روسیوں کا اعتراف
 -15 ناکام فوجی بغاوت کی کہانی .....تہمینہ درانی کی زبانی
-16بھارتی فوج پاکستانی فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔ بھارتی دانشوروں کی رائے
-17 ضیاء الحق آزاد دنیا کے محافظ کیسے بنے         ترجمہ اصغر عبداللہ
-18جنرل ضیاء الحق شہید کی خارجہ پالیسی         جمشید مارکر
-19ضیاء الحق کو سازش کا علم تھا             ہارون الرشید
-20آزادی کشمیر کے لیے ضیا ء الحق کا اہم منصوبہ    بھارتی اخبار کی رائے میں
-21یوم آزادی پر شہید صدر کا آخری پیغام
-22 شہید صدر کی ایک غیر مطبوعہ تقریر         ہفت روزہ تکبیر کراچی میں پہلی بار
    سانحہ بہاولپور اور شہادت کے بعد
-23حادثے کی تحقیقات میں اعلی سطحی رکاوٹیں         فاتح کتاب سے اقتباس
24کیا ضیاء الحق کو قتل کیا گیا ہے ؟             ریڈرز ڈائجسٹ کی خصوصی رپورٹ
-25ریڈرز ڈائجسٹ کی رپورٹ پر         فتح محمد بندیال کا تبصرہ
-26سانحہ بہاولپور چند اور گوشے              ایک غیر ملکی صحافی کے قلم سے
 -27 سابق کور کمانڈر کراچی جنرل (ر) جہاں زیب ارباب کا انٹرویو
-28ضیاء الحق کو گوروباچوف کے حکم پر قتل کیاگیا         یوسف بڈانسکی کے اہم ترین انکشافات
-29یہ حادثہ نہیں تخریب کاری تھی             بریگیڈئر محمد یوسف
-30 ہفت روزہ تکبیر کراچی کی مشاہداتی اور اہم رپورٹ
-31سی 130 کی تباہی کا معمہ              تجزیہ :رفیق افغان
-32سانحہ بہاولپور .... ہفت روزہ تکبیر کے چند سوالات
-33یہ سیدھی سادی تخریب کاری تھی         ماہرین کا انکشاف
-34تمام اہم راز ضائع کردیئے گئے         امریکی جرید ے وینٹی فیئر کی رپورٹ
-35 آرمی چیف جنرل اسلم بیگ کا پہلا خطاب
-36سانحہ بہاولپور کے مجرم بے نقاب ہوسکتے ہیں ؟    اعجاز الحق
-37ایف بی آئی  امریکہ کی تحقیقاتی رپورٹ        سید فیض الرحمن
    جنرل محمد ضیاء الحق شہید کے حوالے سے ممتاز شخصیات کے تاثرات
 -38 شہادت پر اکابرین عالم کے تاثرات
-39صابر سلطان                  مجید نظامی ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ
-40 شہید ایک صالح انسان اوروطن پرست حکمران تھے    میاں طفیل محمد امیر جماعت اسلامی
-41یادوں کے چراغ                 کرنل(ر) اکرام اللہ
-42خدا اور رسول ﷺ کی خوشنودی            مولانا عبدالقادر آزاد
-43عظیم مصلح اور نیک سیرت حکمران        حکیم محمد سعید مجدد طب
-44بلندیوں پر موت کی حقیقت            بشکریہ ہفت روزہ تکبیر
-45کہسار باقی افغان باقی             شہید اسلام کتاب سے اقتباس   
-46اے اللہ میں گواہی دیتا ہوں             محمد صلاح الدین
-47دلوں کا حکمران                الطاف حسن قریشی
-48شہید صدر  تاریخ کے آئینے میں         شہید اسلام کتاب سے اقتباس
-49ضیا ء الحق شہید ... ایک مظلوم محسن ملت         ڈاکٹر عبدالغنی فاروق
-50جنرل محمد ضیاء الحق کا حسن نظر             ملک احمد سرور
-51شہید صدر اپنی ذات کے آئینے میں         ڈاکٹر محمد اجمل نیازی
-52افغان مجاہدین کے تاثرات              راوی :ملک احمد سرور
-53ضیاء الحق اسلام کے عظیم لیڈر تھے        ہمایوں ادیب
-54قربان جانے والے کے قربان جائیے         صاحبزادہ قمرالزمان عباسی
-55راسخ العقیدہ حکمران            مولانا انظر شاہ مسعودی
-56جہان را دگر گوں کرد یک مرد خود آگاہے        چودھری عبدالحمید
-57کابل سے کشمیر تک             ملک احمد سرور
-58 امریکی کانگریس کی سب کمیٹی کے ہوشربا انکشافات    الطاف حسن قریشی
-59وہ چہرے نظر میں ہیں
-60ایسا کہاں سے لائیں             نسیم حجازی
-61اگر افغانستان کو شکست ہوگی تو              جنرل ضیاء الحق کا خطاب
-62 شخصیت کا حسن اورنکھر کر سامنے آ گیا ہے        امپیکیٹ انٹرنیشنل کا خراج
-63دھندلا آئینہ اور اجلا چہر ہ             محمد صلاح الدین
-64ضیاء الحق اور اختر عبدالرحمن یک جان دو قالب تھے     ہارون الرشید
-65نہیں بریگیڈئر صاحب ہر گز نہیں        ہارون الرشید
-66میرے والد                  اعجاز الحق
-67جنرل محمد ضیاء الحق میرے معالج تھے         ایک صحافی کا تاثر
-68تمغہ شہاد ت عظمی                 مسلم غازی
-69صاحب ایمان صدر             مولانا ابوالحسن ندوی
-70تحمل اور روا داری کا بے مثل نمونہ         سعود ساحر
-71ضیاء الحق جیسا کوئی نہ دیکھا             ڈاکٹر رشید چوہدری
-72چار کروڑ روپے کا چیک             اعجاز الحق
-73سانحہ بہاولپوراور جارج شلز کاکردار           
-74وہ عجیب و غریب آمرتھا             میاں طفیل محمد
-75میاں محمد نوازشریف کی گواہی            
-76ضیاء الحق ..... زندگی کی صبح و شام تک    
-77آج پھر ضیاء جیسے دلیرقائد کی ضرورت ہے         انجینئر گلبدین حکمت یار
-78عالم اسلام میں نمایاں مقا م             پروفیسر برہان الدین ربانی
-79امت مسلمہ اپنے لائق فرزند سے محروم ہوگئی         سالم عزام
-80ان سے بہتر کوئی حکمران نہیں ملا         مفتی محمد حسین نعیمی
-81وہ آخری وقت تک ثابت قدم رہا         راجہ ظفر الحق
-82انہوں نے قانون کا قبلہ درست کیا         خالد ایم اسحاق ایڈووکیٹ
-83افغان پالیسی تبدیل نہیں ہوگی             چودھری عبدالحمید
-84ضیاء الحق شہادت سے پہلے اور شہادت کے بعد    پروفیسر مرزا محمد منور
-85صلہ شہید کیاہے تب و تاب جاودانہ
-86عالمگیر کے بعد پہلا حکمران جو جذبہ اسلام سے سرشار تھا     مولانا عبدالغفار حسن
-87 بھارت پاکستان سے کمزوردکھائی دیتا تھا        سردار عبدالقیوم خان
-88میرے والد کی قاتل پیپلز پارٹی ہے         اعجاز الحق
-89شہید صدر اپنی تقریروں میں زندہ ہیں         شبیر ابن عادل
-90ضیاء الحق شہید تقاریرکے آئینے میں         ثریا بانو
-91ان کی زندگی میں نیکیاں غالب تھیں          مولاناعبدالغفار حسن
-92آزادی کشمیر کے لیے ضیاء الحق کا منصوبہ         پروفیسر انوار الحق انصاری
-93جسے مکار سیاست دان بھی شکست نہ دے سکے     خشونت سنگھ
-94ضیاء الحق اسلام کی شیدائی اور پاکستان کے فدائی تھے     محمود اے ہارون
-95محصورین بنگلہ دیش کی منتقلی کا منصوبہ
-96کچھ یادیں کچھ باتیں             ڈاکٹر مجیب صدیقی
-97وہ ایک لمحہ                        
-98ضیا ء الحق ملت اسلامیہ کا اہم ترین ستون تھے     صفیہ نعیم عارفی
-99 شہیدضیاء الحق اور جہاد افغانستان         سلطان صدیقی
-100ہمیں ایسا نیک سیرت حکمران ملا        مفتی رفیع عثمانی
جنرل ضیاء الحق کو منظوم خراج
-101 شہید کی یاد میں                 حفیظ الرحمن احسن
-102تیری حکمت سے ہوا اسلام کو غلبہ نصیب     سرور میواتی
-103جنرل محمد ضیا ء الحق کی شہادت         راجہ محمد شریف
-104شہادت کااعزاز             طفیل ہوشیار پوری
-105شہید صدر کو سلام             سید محمد شفیق شائق بخاری
-106جنرل محمد ضیاء الحق کے نام             اکرم ناصر
-107دور تاریک                 کمال سالار پوری
-108جنرل محمد ضیا ء الحق شہید             سید فیضی
-109ضیا ء الحق نے جھنڈا دین کا دنیا میں لہرایا         قاری محمد اسحاق سہارنپوری
-110صدر پاکستان جنرل محمد ضیا ء الحق شہید         بے چین راجپوری ( بدایونی)
-111تیری شہادت کی قسم
-112جذبات تشکر                قاضی عبدالرحمن
-113ایک سورج گرا
-114شہید صدر محمد ضیا ء الحق کی نذر         چودھری نور محمد
-115تاریکیوں کواس نے مٹایا تمام عمر        پروفیسر اسرار سہاوری
-116گلاب چہرے ۔۔ اداس آنکھیں         اعجاز رحمانی
-117شہید ضیاء الحق سے اظہار تعزیت         منظر حسن منظر





انتساب

    اس کتاب کا انتساب جنرل محمد ضیاء الحق  جنرل اختر عبدالرحمان اور ان تمام غیور پاکستانیوں اور افغان مجاہدین کے نام ہے جنہوں نے دنیا کی دوسری بڑی طاقت سوویت یونین کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں جرات و بہادری کے عظیم کارنامے کچھ اس طرح انجام دیئے کہ سوویت یونین کا وجود دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مٹ گیا اور اس کے وجود سے نصف درجن اسلامی ریاستوں نے دوبارہ جنم لیا جن کی آزادی خونخوار بھیڑوں نے طاقت کے بل بوتے پر چھین رکھی تھی ۔تاریخ ایسے غیور اور بہادر لوگوں کے عظیم کارناموں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
    جب تک دنیا کا وجود قائم ہے اس وقت تک افغانستان پر سوویت یونین کی یلغار اور عبرت ناک شکست کا ذکر ہوتا رہے گا اور سفید ریچھ کے لقب سے مشہور سوویت یونین نہ صرف افغانستان سے رخصت ہوا بلکہ آدھے سے زیادہ یورپ بھی اس کے آہنی شکنجے سے آزاد ہوگیا۔یہ سب کچھ دنیا کے ایک کمزور ترین ملک پاکستان کی عظیم الشان فوج  پاکستانی قوم اور ان کے غیور جرنیلوں کی سرفروشانہ جدوجہد کا مرہون منت ہے جن کی قیادت جنرل محمد ضیاء الحق کررہے تھے اور ان کی بہترین معاونت کے فرائض جنرل اختر عبدالرحمن نے اس طرح انجام دیئے کہ مخالفین بھی دانتوں میں انگلیاں دبا کر بیٹھ گئے۔سچی بات تو یہ ہے کہ میں نے نہ مسلمانوں کے عظیم سپہ سالار طارق بن زیاد کو دیکھا ہے اور نہ سلطان صلاح الدین ایوبی کو ۔ لیکن مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں کھلی آنکھوں کے ساتھ مذکورہ بالا دونوں مسلم سپہ سالاروں کی خوبیوں کے حامل جرنیل محمد ضیاء الحق کو پورے جاہ و جلال کے ساتھ سوویت یونین جیسی دنیا کی دوسری بڑی سپرطاقت سے نبرد آزما ہوتے دیکھا اوراس طاقت کو ٹکڑوں میں بٹتے ہوئے بھی دیکھا ہے ۔ اس لیے میری نظر میں دور حاضر میں جنرل محمد ضیاء الحق اسلام کے عظیم سپہ سالاروں کی شخصیتوں کا صحیح عکس ہیں جن کی جرات مندانہ قیادت اور عسکری منصوبہ بندیوں کومانناسے کوئی عقل سلیم رکھنے والا شخص انکار نہیں کرسکتا۔




اپنی بات ..... ."بہت دیر کی مہرباں آتے آتے "

    عام تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ جنرل محمد ضیاء الحق نے صرف اقتدار کے حصول کی خاطر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹا بلکہ جمہوریت کی بساط لپیٹ کر ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان بھی پہنچایا۔پاکستانی قوم کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس کا حافظہ بہت کمزور ہے اوربعض اوقات وہ اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرنے سے قاصر رہتی ہے ۔ جن لوگوں نے ذوالفقار علی بھٹو کا دور حکومت دیکھا ہے وہ اس بات کی گواہی دیں گے کہ بھٹو مغربی پاکستان کے دو صوبوں پنجاب اور سندھ میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ہر صورت اقتدار حاصل کرنے کی جستجو میں کچھ ایسے مگن ہوئے کہ انہوں نے مشرقی پاکستان میں واضح اکثریت لینے والی سیاسی جماعت عوامی لیگ کو اقتدار منتقل کرنے کی نہ صرف ہر ممکن مخالفت کی بلکہ ڈھاکہ میں قومی اسمبلی کے بلائے جانے والے اجلاس میں جانے والوں کی ٹانگیں توڑنے تک کی دھمکیاں بھی دیں ۔پھر جب اندرونی اور بیرونی سازشوں کی بنا پر مشرقی پاکستان 16 دسمبر 1971 کو بنگلہ دیش کی شکل میں معرض وجود میں آ گیا تو اسے ایک آزاد اور خود مختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کرنے والوں میں بھٹو پیش پیش تھے ۔صرف یہی نہیں کہ پاکستان کاآدھا حصہ الگ ہوا بلکہ 90 ہزار پاکستانی قیدیوں کو( سویلین اور فوجی) بھارتی قید میں ذلت آمیز حالات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بھارتی قید میں پاکستانی فوجیوں اور سویلین کو کن بدترین حالات کا سامنا کرنا پڑا یہ وہی جانتے ہیں جنہوں نے دو سال تک انسانیت سوز مظالم سہے اور انتہائی بے بسی اور لاچاری کے عالم میں دن گزارے۔ دنیا کی تاریخ میں 90 ہزار افراد کی دشمن ملک کے ہاتھوں قید کی مثال نہیں ملتی لیکن جہاں اس شرمناک شکست میں نااہل اور بدکردار جرنیلوں کا کردار تھا وہاں ذوالفقار علی بھٹو بھی اپنا دامن نہیں بچا سکتے کیونکہ بھٹو یحیی خان کے ہم نوالا و ہم پیالہ تھے بلکہ یحیی خان کے تمام اقدامات میں مکمل طور پر شریک بھی تھے۔سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی پولینڈ کی وہ قرارداد پھاڑنے کا اعزاز بھی بھٹو کو ہی حاصل ہے جس میں بھارت اور پاکستان کو جنگ بندی پر مجبور کیاگیا تھا اگر یہ قرار داد پاس ہوجاتی تو بھارت نہ چاہتے ہوئے بھی جنگ بند کرنے پر مجبور ہوجاتا اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بننے سے بچ جاتا ۔
    مغربی پاکستان کااقتدار بلا شرکت غیرے حاصل کرنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کا متفقہ آئین ضرور دیا لیکن اسی آئین میں بیشمار ترامیم کرکے اس کا حلیہ بگاڑنے کاکارنامہ بھی بھٹو نے ہی انجام دیا ۔ پھر اپنے ہی وفادار ساتھیوں پر صرف اس لیے ظلم و زیادتی کے پہاڑ تو ڑ ڈالے کہ وہ کسی بات پر بھٹو سے اختلاف کربیٹھے تھے اختلاف کرنا بھٹو کی ڈکشنری میں بغاوت تصورکیا جاتا تھا چنانچہ اپوزیشن رہنماؤں سمیت پیپلز پارٹی کے بانی ورکروں اورلیڈروں کے ساتھ بھی ظالمانہ سلوک روا رکھاگیا تاریخ کے اوراق اس بات کی گواہی دیتے ہیں ۔اس حوالے سے میں ممتاز محقق اور سابق بیورو کریٹ ڈاکٹر صفدر محمود کاایک کالم (جو 2 دسمبر 2012ء روزنامہ جنگ میں "صفدر نامہ " صرف ایک ورق  کے عنوان سے شائع ہوا ) کا حوالہ دینا ضروری سمجھتا ہوں ۔
    ڈاکٹر صفدر محمود لکھتے ہیں کہ" یہ اسلام آباد میں 1976 ء کے دسمبر کی ایک سرد شام تھی ۔ ان دنوں اسلام آباد میں اس قدر سردی پڑتی تھی کہ صبح سویرے گھروں کے لان  چھت اور گلیوں کے درخت سفید کہرے میں ملبوس نظر آتے تھے اور قلفی جم جاتی تھی۔ میں ان دنوں پاکستان کے ایک اہم خفیہ محکمے میں تعینات تھا۔ میرے شعبے کا کام تحقیق کرنا  تجزیات تیار کرنا  اور خاص طور پر چند ہمسایہ ممالک کے ان رجحانات کا مطالعہ کرنا تھا جن کے اثرات پاکستان پر پڑ سکتے تھے ۔ چنانچہ ہمارا روزمرہ کی سیاست سے تعلق تھا اور نہ ہی داخلی صورت حال سے ...... البتہ باہر کے ظاہر بیں لوگ سمجھتے تھے کہ ہمیں ہر شے کا علم ہے اور ہم بھی اپنی لا علمی اور کم خبری کا بھرم رکھنے کے لیے خوش رہتے تھے ۔ یہاں ہم سے مراد میں نہیں بلکہ میں اور میرے اس شعبے کے ساتھی ہیں ۔اسی ظاہر ی تاثر کے تحت ایک روز اس وقت کے ایک اہم وزیر مولانا کوثر نیازی نے مجھے فون کیا اور شام کی چائے کی دعوت دی ۔ مولانا ان دنوں وزارت مذہبی امور کے وزیر تھے اور انہیں ایک سازش کے ذریعے وزارت اطلاعات سے رخصت کیاجاچکا تھا۔ میرا مولانا سے کچھ لاہوری مشترکہ دوستوں کے طفیل تعارف تھا اور پھر میں ان کے زمانہ میں وزارت اطلاعات کے ایک شعبے کا سربراہ بھی رہ چکا تھا چنانچہ انہیں مجھ پر اعتماد تھا اور یہ دعوت اسی اعتماد کا ہی شاخسانہ تھی۔ میں جب شام کو مولانا کے گھر پہنچا تو دسمبر کی ٹھنڈی ٹھار شام کے باوجود لان کے ایک کونے میں ٹرالی پر گرم چائے رکھے وہ میرے منتظر تھے ۔ اس رو داد کو آپ 1977ء کے انتخابات کے پس منظر میں دیکھیں جن کا فی الحال اعلان نہیں ہواتھا ۔ بس افواہیں تھیں اور بے لگا م تھیں۔ چائے کا دور چلا تو سیاسی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا نے اچانک مجھ پر سوالات کا وار کردیا ۔ کہنے لگے کہ " ڈاکٹر صاحب آپ کے علم میں ہے کہ میں کچھ عرصے سے بھٹو صاحب کے زیر عتاب ہوں ؟ ایف آئی اے میرے خلاف خفیہ مواد اکٹھا کررہی ہے اور خفیہ محکموں نے میری فائلیں کھول رکھی ہیں ۔ مجھے پتہ چلا ہے کہ ان فائلوں میں کچھ قابل اعتراض تصاویر بھی بنا کر رکھ لی گئی ہیں ؟ " میں نے سردی کا مقابلہ کرنے کے لیے گرم چائے کاگھونٹ پیتے ہوئے جواب دیا کہ " میں نے فائلیں تو نہیں دیکھیں لیکن یہ میرا تاثر ضرور ہے کہ آپ کا پیچھا کیا جارہا ہے۔ "وہ مسکرائے اور یہ مسکراہٹ میرے محتاط انداز پر طنز تھی ۔ مطلب یہ کہ مجھ سے چھپاتے ہو حالانکہ حقیقت یہ تھی کہ مجھے خفیہ کہانیوں کا سرے سے علم ہی نہیں تھامحض سنی سنائی پر گزارہ تھا کیونکہ خفیہ محکموں میں عام طور پر دائیں ہاتھ کو علم نہیں ہوتا کہ بایاں ہاتھ کیاکررہا ہے ۔ مولانا نے انداز بدلا اور کہا "ڈاکٹر صاحب آپ کو علم ہے کہ حفیظ پیرزادہ ( وزیر ) اور ممتاز بھٹو ( وزیر) چند ہفتوں سے دفتر نہیں جارہے اور گھروں تک ہی محدود ہیں۔" میں نے جواب دیا جی ہاں مجھے علم ہے اس علم کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اخبارات میں اس حوالے سے خبریں چھپ چکی تھی ۔ مولانا کے چہرے پر نظرپڑی تو مجھے یوں لگا کہ جیسے وہ گہری سوچ اداسی  کرب اور اندیشہ ہائے دور دراز میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پھرمولانا نے ایک دم حملہ کیا: ڈاکٹر صاحب  ایسا کیوں ہے ؟ ہمارے ساتھ یہ سلوک کیوں کیاجارہا ہے ؟ میں نے جواب دیا مجھے وزیر اعظم کی سوچ کا ہرگز اندازہ نہیں ہے اور نہ ہی اندرونی معاملات سے آگاہ ہوں لیکن میرا اندازہ ہے کہ وزیر اعظم اگلے ماہ جنوری 1977 میں عام انتخابات کا اعلان کرنے والے ہیں اور وہ ان تمام جماعتی دھڑوں کو غیر موثر کردینا چاہتے ہیں جو امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے وقت اپنے دھڑوں کے لیے دباؤ ڈالیں گے ۔ میری بات سن کر مولانا کے چہرے پر اداسی مزید گہری ہوگئی انہوں نے خلا میں گھورا اور لمبی سانس لے کر ایک ایسی بات کہی جو ہمیشہ کے لیے میرے ذہن میں چپک گئی ۔ مولانا کوثر نیازی اللہ کو پیار ے ہوچکے ہیں ۔ بھٹو صاحب کا معاملہ خالق حقیقی کے سپرد ہوچکا ہے کہ یہی ہر جاندار شے کاانجام ہے ۔ کبھی بھٹو صاحب کا ڈنکا بجتا تھا لوگ ان سے خوفزدہ اور سہمے سہمے رہتے تھے ۔ خود مولانا نے مجھے سردی کے باوجود لان میں چائے اس لیے پلائی تھی کہ انہیں خطرہ تھا کہ شاید ان کے گھر کے اندر ریکارڈنگ کے خفیہ آلات نصب ہوں گے حالانکہ میرے اندازے کے مطابق ایسی کوئی بات نہیں تھی۔ یہ محض ان کا خوف تھا اور خوف زندگی میں بڑا رول سر انجام دیتا ہے  رویےّ ترتیب دیتا اور خوفناک فیصلے کرواتا ہے۔
    میری بات سن کر مولانا کوثر نیازی کے منہ سے ایسے الفاظ نکلے جن کے معانی وسیع  مفہوم گہرا اور سبق واضح تھا۔ مولانانے بے ساختہ کہا ڈاکٹر صاحب بھیڑیئے کا خوف اچھا ہوتا ہے یا بڑے بھائی کا پیار ...... ملاقات تھوڑی دیر بعد ختم ہوگئی اورگھر آتے ہوئے میں راستہ بھر سوچتا رہا کہ نہ جانے کیوں ہمارے حکمران  افسران بااثر اور دولت مند طبقات اور سیاست دان بڑا بھائی بننے کی بجائے بھیڑیا بننا پسند کرتے ہیں حالانکہ خوف نفرت پیدا کرتا ہے اور پیار محبت اور وفاداری پروان چڑھاتا ہے۔
    جس رات جنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء لگایا اسی صبح راولپنڈی کے ایک اخبار میں گرفتار ی سے تھوڑی دیر قبل دیاگیا مولانا کوثر نیازی کا یہ بیان چھپا کہ "بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے " میں نے مارشل لا کے سائے میں صبح سویرے یہ بیان پڑھا تو فوجی مداخلت کے دکھ کے باوجود یادوں کے چراغ جلنے لگے ۔ میں نام گنوا کر زخم تازہ نہیں کرنا چاہتا لیکن اتنا لکھنا ضروری سمجھتا ہوں کہ جس رات بھٹو صاحب کو پھانسی دی گئی اسی رات پی پی پی کے وہ تمام لیڈران جنہیں خوف کے تجربات ہوئے تھے بے غم لمبی تان کر سوتے رہے کیونکہ خوف  سرد مہری اور بغاوت پیدا کرتا ہے جبکہ محبت وفاداری اور قلبی تعلق کو جنم دیتی ہے۔
..............
    ڈاکٹر صفدر محمود کی یہ تحریر ریکارڈ کا حصہ ہے یہ اس بات کا اظہار ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اقتدار کے نشے میں اس طرح بہک گئے تھے کہ اپنوں اور بیگانوں کو مشق ستم بنانے میں انہوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ جے اے رحیم احمد رضا قصوری  افتخارتاری  محمد حنیف رامے  مولانا کوثر نیازی کا تعلق تو پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں تھا ان کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک روارکھا گیااس کے لیے ممتاز صحافی الطاف حسن قریشی کی کتاب" بھٹو کا عہد ستم " دیکھی جاسکتی ہے جس میں درد و الم کی تمام کہانیاں موجود ہیں جنہوں نے بھٹو کے ظلم سہے اور سہتے ہی چلے گئے ۔ پھر اپوزیشن رہنماؤں میں مولانا مودودی  میاں طفیل محمد  مفتی محمود  مولانا شاہ احمد نورانی  ملک محمد قاسم کے ساتھ بھٹو نے جو کچھ کیا اس کا ذکر الفاظ میں نہیں کیاجاسکتا لیکن تاریخ کے حوالے سے ایسی بیشتر وارداتیں میری ہی مرتب کردہ کتاب "بھٹو کا عہد ستم" میں شامل ہیں جو وہاں دیکھی جاسکتی ہیں۔( یاد رہے کہ بھٹو کا عہد ستم کتاب بھی انٹرنیٹ پر آن لائن ہوچکی ہے جسے باآسانی وہاں دیکھا جاسکتا ہے )
    پھر جب 77 کے نام نہاد اور فراڈ الیکشن میں حد سے زیادہ دھاندلی کے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ سراپااحتجاج ہوئے تو بھٹو نے لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہروں میں مارشل لاء جزوی طور پر نافذ کردیا۔ کسی جمہوری حکومت میں عوامی احتجاج کو کچلنے کے لیے مارشل لاء کے نفاذ کا یہ پہلا واقعہ تھا ۔جب بھٹو کی وفادار نیم عسکری تنظیم ایف ایس ایف بھی اپنی تمام تر ظلم و زیادتیوں کے باوجود عوامی بغاوت کو کچلنے میں ناکام ہوگئی تو جیالوں میں بہت بڑی مقدار میں جدید اسلحہ تقسیم کر کے انہیں جلوسوں پر براہ راست فائرنگ کے احکامات دے دیئے گئے لاہور میں رتن سنیما کی چھت سے جیالوں نے جلوس پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بے شمار نہتے اور بے گناہ مرد عورتیں اور بچے شہید ہوگئے ۔جنرل جہاں زیب ارباب( کور کمانڈر کراچی ) کا ایک انٹرویو ہفت روزہ زندگی لاہور کی اشاعت 9 تا 15نومبر 1991ء میں شائع ہوا تھا۔ وہ مسٹربھٹو سے تمام جرنیلوں اور کورکمانڈروں کی ملاقات کا احوال کچھ اس طرح بیان کرتے ہیں -:
    "یہ جون 1977ء کا ذکر ہے کہ فوج کے چیف  تمام کور کمانڈر  چیف آف جنرل سٹاف  وغیرہ کو ایوان وزیراعظم میں طلب کیاگیا جہاں کابینہ کے تمام ارکان اور سندھ کے اور سرحد کے وزیراعلی بھی موجود تھے۔ دوران گفتگو مسٹربھٹو مجھ سے مخاطب ہوئے کہا "جنرل ارباب کراچی میں صورت حال بہتر نہیں ہے ۔ " میں نے جواب دیا کہ ہم کوشش کررہے ہیں لیکن حالات بہت خراب ہیں ۔ آپ فیصلہ کریں اور تصفیہ کرلیں ۔ ابھی گفتگو ہورہی تھی کہ جنرل ٹکا خان درمیان میں بولے کہ ملک کی خاطر اگر تیس چالیس ہزار آدمی ماردیئے جائیں تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔ اس پر میں نے کہا جنرل ٹکا خان  تم خاموش رہو  تمہارا اب فوج سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تم ہم کو مشورہ دینے و الے کون ہوتے ہو۔ تم بھٹو کے مشیر ہو  فوج کے نہیں ۔ لیکن شیخ رشید ( جو اس وقت وزیر صحت تھے ) کہنے لگے کہ چین میں ثقافتی انقلاب کے دوران دس لاکھ افراد کو مار دیاگیا تھا پھر سب ٹھیک ہوگیا  آج آپ پر فرض عائد ہوتا ہے یہ آپ کا تاریخی کارنامہ ہوگا  ملک ترقی کرے گا ۔ ان کا اتناکہنا تھا کہ جنرل اقبال نے گرج کر کہا You Bloody go and kill. We will not kill people. یہ بھٹو  ان کے مشیروں اور وزیروں کی عوام الناس کے بارے میں حکمت عملی تھی اگربروقت مارشل لاء نافذ نہ کیاجاتا تو نہ جانے کتنے لاکھ محب وطن پاکستانیوں کو اپنی ہی فوج اور سیکورٹی فورسسز کے ہاتھ شہید کردیاجاتا اور سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد ایک بار پھر ملک بدترین خانہ جنگی کا شکار ہوکر اپنا وجود ہی کھو بیٹھتا "۔
    کہنے کامقصد یہ ہے کہ جنرل ضیاالحق نہ صرف پاکستانی قوم  اپوزیشن لیڈروں کے لیے رحمت ثابت ہوئے تھے بلکہ پیپلز پارٹی کے سرکردہ لیڈروں نے بھی ( جو بھٹو کے عہد ستم میں زیر عتاب تھے ) بھٹو حکومت کے خاتمے پر دل سے خوشیاں منائی تھیں اور جنرل محمد ضیا ء الحق کی آمد کو اپنی اور پاکستانی قوم کے لیے خوش کن قراردیا تھا ۔آج اسی بھٹو کو ہیرو بنا کر نئی نسل کے ذہنوں پر سوار کردیاگیا ہے اور پیپلز پارٹی کے جیالے" کل بھی بھٹو زندہ تھااور آج بھی بھٹو زندہ ہے" کے نعرے لگاتے ہوئے ہر الیکشن میں عوام کو بیوقوف بنا تے ہیں اور پاکستان کے سادہ لوح عوام ہر مرتبہ روٹی کپڑا اورمکان کے نعرے سے متاثر ہوکر بھٹو کے حواریوں کو ووٹ دینے کی غلطی کر بیٹھتے ہیں کہ شاید اب انہیں روٹی کپڑا مکان مل جائے گالیکن روٹی کپڑا اور مکان نہ بھٹو دے سکا  نہ دو مرتبہ برسراقتدار آنے والی بے نظیر بھٹو ہی فراہم کرسکی اورنہ زرداری کا پانچ سالہ دور اس حوالے سے کچھ کرسکا بلکہ تینوں ادوار میں اس قدر مہنگائی کردی گئی کہ عوام کی رہی سہی قوت خرید بھی ختم ہوگئی اور بے شمار لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو کر خود کشیاں کرچکے ہیں ۔دوسرے لفظوں میں روٹی کپڑا اورمکان کانعرہ صرف نعرے کی حدتک محدود تھا اور ہے ۔
    یہ کتاب مرتب کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ بھٹو کا تختہ الٹ کر جنرل ضیاء الحق نے جمہوریت کو قتل کیا ہے اس کا جواب پیش کرناہے کہ ایسی جمہوریت سے ہماری توبہ۔ جس میں نہ اپنے محفوظ ہوں او رنہ بیگانے  پاکستانی قوم کے ساتھ اپنے پہلے چھ سالہ دور حکومت میں جو کیاگیا وہ آج بھی تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہے افسوس تو اس بات کا ہے کہ آج تک کسی نے بھی پاکستان کی غیر جانبدارانہ تاریخ مرتب نہیں کی یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے کچھ ہی عرصے بعد پھر ہیرو بن کر پاکستانی قوم کو بیوقوف بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔
    اس کتاب کو مرتب کرنے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ جنرل محمد ضیا ء الحق کی شخصیت اور ان کے دور اقتدارمیں اسلامی نظام کے نفاذ کی کوششوں  سوویت یونین کی جانب سے افغانستان میں یلغار  کے تاریخی حوالوں کو یکجا کرکے موجودہ اور آنے والی نسلوں تک پہنچایا جائے ۔ میں اس مقصد میں کس حد تک کامیاب ہوا ہوں اس کا اندازہ تو قارئین ہی لگاسکتے ہیں ۔ لیکن میں نے خلوص دل سے ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے یہ کام سرانجام دیا ہے یہ آنے والا وقت ہی فیصلہ کرے گا کہ میرا یہ تحریری اور تخلیقی کام کس حد تک موثررہا ہے ۔
    بات ختم کرنے سے پہلے یہ ضرور کہوں گاکہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے حکومتیں اور حکمران آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن وہ حکمران ہمیشہ اپنی قوم کے لیے اعزاز کا درجہ رکھتے ہیں جو اپنی ذہانت اور صلاحیتیں وطن عزیز کے تحفظ اور قوم کی فلاح کے لیے وقف کردیتے ہیں اور وہ حکمران ہمیشہ کے لیے قوموں کے لیے و بال بن جاتے ہیں جو چند روزہ اقتدار میں کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کرکے اپنوں اور بیگانوں کو مشق ستم بنانے سے دریغ نہیں کرتے ۔ ذوالفقارعلی بھٹو ہوں  بے نظیر بھٹو ہوں یا آصف علی زرداری اور ان کے حواری پاکستان کے نہ کل خیرخواہ تھے اور نہ مستقبل میں ان سے کوئی اچھی امید رکھی جاسکتی ہے ۔وہ اپنے پر فریب نعروں سے عوام کو بیوقوف تو بنا لیتے ہیں لیکن ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنے میں ذرا بھی دلچسپی نہیں لیتے۔ان کی تما م تر توجہ اپنی تجوریاں بھرنے تک محدود رہتی ہیں۔
اس کتاب کو از سر نو مرتب کرنے میں میرے رہنما اور مربی پروفیسر حفیظ الرحمان کی رہنمائی کا بہت دخل ہے ان کی سرپرستی کی بدولت ہی میں یہ کتاب مرتب کرکے اشاعت اور انٹرنیٹ پر آن لائن کرنے کے قابل ہوا ہوں جبکہ کمپوزنگ کے فرائض برادرم انیس احمد خان اور برادرم کاشف نے نہایت مہارت سے انجام دیئے بلکہ کتاب کی فارمیٹنگ کا فریضہ بھی برادرم انیس احمد خان نے ہی پایہ تکمیل تک پہنچا جس پر میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔ کتاب کی پروف ریڈنگ کا مرحلہ بھی بہت مشکل ہوتا ہے اور یہ کام ہر شخص نہیں کرسکتا لیکن میری خصوصی درخواست پر جناب اجمل گل صاحب نے یہ مشکل ترین کام بہت جلد مکمل کرکے مجھے ممنون احسان کیا ہے جس پر میں ان کا سپاس گزار ہوں ۔ عین ممکن ہے کہ اس کتاب کی اشاعت کی ذمہ داری بھی وہی نبھائیں گے کیونکہ زرداری کے پانچ سالہ نام نہاد جمہوری دور کے کتابوں کے اخراجات میں دو سو گنا اس طرح اضافہ ہوچکا ہے کہ جو کتاب پچیس ہزار میں شائع ہوتی تھی وہ اب پچاس ہزار روپے میں بھی شائع نہیں ہوتی ۔ پھر یہ کتاب تو ویسے بھی بہت ضخیم ہے اس کی اشاعت پر ایک لاکھ روپے سے کم کیا اخراجات ہوں گے ۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہی اس کی اشاعت کا اہتمام فرما دے وگرنہ یہ کتاب انٹرنیٹ پر ہی آن لائن کردوں گا تاکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی جنرل ضیاء الحق اور بھٹو کے بارے میں صحیح حقائق جان سکیں اور یہ کتاب تاریخ کے ایک بہت بڑا حوالے کے طور پر یاد رکھی جائے گی ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی اور پاکستانی قوم میری یہ تحریری اور تخلیقی کاوش کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے میری سرپرستی بھی فرمائے ۔ مجھے اس بات کا کامل یقین ہے کہ اس کتاب کو پڑھنے کے بعد ہر قارئین بھٹو اور جنرل ضیاء الحق کے بارے میں بہت حد تک باخبر ہوچکا ہو گا کہ ان دونوں نے پاکستان کو کیا دیا اور کیا لیا ؟
                                ناچیز
                                محمد اسلم لودھی
                                0300-9409732
                           
       
دیباچہ
جناب محمد صلاح الدین(شہید)

ضیاء الحق شہید بڑی دلچسپ اور افسانوی شخصیت کے مالک حکمران تھے۔ بے شمار لوگوں کے لئے سبب اشتعال اور ان سے کہیں زیادہ لوگوں کے لئے محبت اور عقیدت کا مرکز ومحور! انہوں نے چھ عشروں سے متجاوز زندگی میں پانچ عشرے نسبتاً گمنامی میں ایک میانہ رو اور اچھے انسان کی شناخت کے ساتھ گزارے ۔ زندگی کے آخری عشرے میں وہ ایک تاریخ ساز انسان کی عالم گیر شہرت کما کر رخصت ہوئے اور اپنی اس شہرت کے حوالے سے نفرت اور محبت کرنے والے لواحقین کی ایک بڑی تعداد اپنے پیچھے چھوڑ گئے جو تاریخ سے فیصلہ طلب ہے کہ ضیاء الحق درحقیت تھے کیا؟
ہر بڑے انسان کی شخصیت مستقبل میں تاریخ کے کینوس پر اپنے عہد میں دکھائی دینے والی شخصیت سے کئی چند بڑی ہو کر منعکس ہوتی ہے۔ ضیاء الحق مرحوم کے سلسلے میں تاریخ کے اس عمل کا مشاہدہ ہم سب اپنی کھلی آنکھوں سے کر رہے ہیں۔ جب وہ رخصت ہوئے تو راندہ تاریخ کئی قوتیں کسی تیزگام شہسوار کی گردِراہ کی طرح انہیں اور انہوں نے اپنے غبار دشنام والزام کے اٹھائے ہوئے طوفان میں وقتی طور پر ضیاء الحق کی شخصیت کو مطلع تاریخ سے ہٹا دینے کا تاثر دیا مگر غبار راہ کی یہ ردائے قریب تاویر حقائق کی پردہ پوشی نہیں کر سکی۔ اس غبار راہ کا مقدر محض چند لمحوں کے دوش پر لہرا کر بیٹھ جانا اور معدوم ہوجانا تھا۔ سو یہ عمل مطلع مشہود پر مکمل ہوتا نظر آ رہا ہے۔
پروپیگنڈے کے طوفان کی گرد بیٹھ رہی ہے‘ تاریخ کا دھندلا دیا جانے والا تناظر اب زیادہ واضح اور روشن ہے اور یہ بات سمجھ میں آ رہی ہے کہ تاریخ کی میزان پر جنہیں عظمت کی سند جاری ہوتی ہے ان کے بارے میں ان کے ہم عصر دور کے نزاعات کا اور خیر وشر کی عصری اصطلاحات کا جادو بے اثر رہتا ہے۔ سکندر ظالم تھا یا رحم دل؟ جمہوریت پسند تھا یا جمہور کش؟ ان سب سوالات سے قطع نظر سکندر تاریخ کا سکندر اعظم ہی ہے۔ اس لئے کہ اپنے عہد کی تاریخ کے تناظر میں وہ فاتح عالم تھا۔ ضیاء الحق اپنے عہد کی تاریخ کے مخصوص تناظر میں ایک ایسی توانا اور عالمگیر اثرات کی حامل شخصیت کے طور پر منصہ شہود پر آئے کہ ان کے بارے میں ان کی ہم عصر قوتوں کے اٹھائے ہوئے سوالات بے معنی ہو گئے کہ وہ فوجی تھے‘ مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر تھے‘ آمر تھے۔ تاریخ کی میزان پر ضیاء الحق کی شخصیت کا تول تو اس سوال پر ہونا ہے اور ہو رہا ہے کہ بحیثیت حکمران ضیاء الحق کو عالمی سطح کے جو مسائل اور چیلنج درپیش ہوئے ان سے وہ کس صلاحیت واہلیت کے ساتھ عہدہ برآ ہوئے اور انہوں نے اپنی ہم عصر تاریخ عالم پر کیا اثرات مرتب کئے۔ جہاد افغانستان اور عالمی تاریخ پر اس کے اثرات ونتائج وہ حوالہ ہیں جس نے ضیاء الحق کو پاکستان ہی کی نہیں‘ دنیا کی تاریخ کا ناقابل فراموش کردار بنا دیا ہے۔ ناقابل فراموش کردار والا اعزاز چھیننے کے لئے تاریخ کے ایک سٹیج پر پس ماندہ بونے خواہ کیسی ہی چھینا جھپٹی اور اچھل کود کر لیں وہ مرحوم سے یہ اعزاز چھیننے میں تو کامیاب نہیں ہو سکتے البتہ اپنے لئے توشہ خجالت ورسوائی ضرور جمع کر سکتے ہیں۔
یہ تماشا بھی خوب ہے کہ مرحوم کو ظالم وآمر اعظم کی شہرت دینے کی کوشش کی گئی مگر زمانہ شاہد ہے کہ انہوں نے کوری آمریت‘ اندھے ظلم اور بندوق کی گولی کی بجائے اپنی منکسر المزاجی کے ہتھیار سے اپنے عہد کی تمام متصادم قوتوں کو مفتوح کیا۔ وہ تاریخ کے افسانوی کردار رکھنے والے نیک خو حکمرانوں سے زیادہ حلیم الطبع اور منکسر المزاج حکمران نظر آئے جو اپنے ہم عصروں سے گالیاں کھا کر بھی بے مزہ نہ ہوئے۔
ضیاء الحق کی شخصیت کو اب گمنامی کے اندھیروں میں نہیں دھکیلا جا سکتا۔وہ ایک طویل مدت تک تاریخ کا موضوع رہیں گے اور ان کی شخصیت کا معروضی مطالعہ‘ تجزیہ اور محاکمہ ہوتا رہے گا اور یہ ہونا بھی چاہئے۔ زیرنظر کتاب ضیاء الحق مرحوم کی شخصیت کے مطالعے‘ مشاہدے‘ تجزیے اور محاکمے کی ایسی ہی کوششوں کا ایک ریکارڈ ہے جسے مکتبہ کارواں لاہور کے چودھری عبدالحمید صاحب نے ریزہ ریزہ کر کے بڑی محنت ولیاقت سے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے۔ چودھری صاحب خود صاحب علم وقلم شخصیت ہیں۔ زیرنظر کتاب ان کے مذاق علمی کی آئینہ دار ہے۔ ضیاء شہید کی شخصیت کو اپنے اور اپنے عہد پر ان کے دوررس اثرات کو سمجھنے کے لئے اس کتاب کا مطالعہ پڑھنے والوں کے لئے یقینا مفید ہو گا۔
.....................
(نوٹ : مکتبہ کارواں لاہور کے پروپرائٹر جناب چودھری عبد الحمید صاحب نے یہ 1989ء میں شائع کی گئی تھی جو اب تقریبا نئی نسل سے بالکل اوجھل ہوچکی ہے چندایک جگہ لائبریریوں میں شاید موجود ہو لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم کے بے مثال ہیرو کی زندگی  کارناموں اور عالم اسلام کے حوالے سے ان کے شاندار اور جراتمندانہ کردار کو نئے سرے سے ترتیب اور مرتب کرکے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے سامنے نہ صرف کتابی صورت میں پیش کیا جائے بلکہ اسے انٹرنٹ کے ذریعے دنیا بھر کے قارئین کے لیے وقف کردیاجائے تاکہ جس طرح مسلم امہ اپنے عظیم سپہ سالار طارق بن زیاد اور سلطان صلاح الدین ایوبی کو کئی صدیاں بیت جانے کے باوجود فراموش نہیں کرسکی اسی طرح جنرل محمد ضیاء الحق کے کارنامے بھی مسلم امہ کی نظروں سے ہرگز اوجھل نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ میری نظر میں جنرل ضیاء الحق جیسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں اور جس قوم میں ایسی شخصیات ہوں انہیں تاقیامت نہ تو کوئی جھکا سکتا ہے اور نہ کوئی مٹا سکتا ہے ۔
 اور اب قومی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے میں اس کتاب سے چند منتخب مضامین اس کتاب میں شامل کرنے کی جسارت کررہا ہوں جبکہ باقی مضامین ہفت روزہ تکبیر  ہفت روزہ زندگی  اردو ڈائجسٹ اور قومی ڈائجسٹ میں سے لیے گئے ہیں یہ کام میں اس لیے سرانجام دے رہا ہوں کہ 23 سال بعد وقت کی دھول میں پاکستانی قوم بہت کچھ بھول چکی ہے اور وہ لوگ جن کا شمار وطن عزیز کے دشمنوں اور تخریب کاروں میں ہوتا تھا وہ اپنے سابقہ گناہ بھول کر اب قومی ہیرو کے مرتبے پر فائز ہونے کی جستجومیں مصروف ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں نئی نسل کے لیے جنرل ضیا ء الحق کو جاننا اور ان کے ملک و ملت کے لیے کارہائے نمایاں کی پہچان کرنی اشد ضروری ہے یہ کتاب اسی جذبے اور ولولے کے تحت 23 سال کے بعد ایک بار پھر شائع کی جارہی ہے ۔اختصار سے کام لیتے ہوئے بیس پچیس مضامین کو شامل اشاعت نہیں کیا گیا اگر تاریخ کا طالب علم جنرل محمد ضیا ء الحق کے بارے میں مزید کچھ جاننے کی جستجو رکھتا ہو تو اسے مکتبہ کارواں کچہری روڈ لاہور کی جامع کتاب "شہید اسلام" ہی پڑھنی پڑے گی ۔
##

5 جولائی 1977ء کے
آپریشن فیئر پلے کی کہانی جنرل محمد ضیاء الحق کی زبانی

”وہ ایک خاموش اور پرسکون رات تھی مگر اس کے بطن سے سربستہ راز تخلیق ہوئے۔ دراصل ہمارا مشن بہت کٹھن تھا۔ وہ اس لئے کہ میں نے تہیہ کر رکھا تھا کہ فوج کو سیاست میں داخل نہ ہونے دوں گا اور نہ ہی اقتدار سنبھالوں گا اور سیاسی مسائل یا بحران کو سیاسی عمل کے ذریعہ حل ہونے میں مدد دوں گا۔ 10 مارچ 1977ء کو اپوزیشن نے صوبائی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تو صورت حال سنگین ہو گئی۔ چنانچہ ہم نے راولپنڈی میں اعلیٰ فوجی افسروں کا ایک اہم اجلاس بلایا اور معاملات کے سارے پہلو زیربحث آئے۔ اس وقت ہم نے کئی متبادل تجاویز پر غور کیا۔ ان تجاویز میں اقتدار سنبھالنے کی بات بھی تھی۔ تمام افسروں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ہم سیاست میں ملوث ہونے سے بہرصورت گریز کریں گے اور صرف آخری چارہٴ کار کے طور پر حکومت پر قابض ہونے کا پروگرام بنائیں گے۔
اس اہم اجلاس کے بعد ہم سیاسی صورت حال کا جائزہ لیتے رہے۔ عوامی تحریک کے بارے میں اطلاع دی گئی کہ وہ ہفتہ عشرہ میں دم توڑ دے گی مگر حکومت کے اندازے غلط نکلے۔ وقت کے ساتھ ساتھ حالات میں حدت پیدا ہوتی گئی۔ مارچ کے آخر میں کراچی اور حیدرآباد کناروں سے باہر نکل آئے۔ فوج کو بادل ناخواستہ محدود آپریشن کرنا پڑا۔ اس شہر میں بعض اہم افسروں کا ایک اجلاس ہوا‘ جس میں یہی طے پایا کہ فوج کو سیاسی حوادث سے ہرممکن طور پر الگ تھلگ رکھا جائے۔ مشرقی پاکستان کا تجربہ ہمارے سامنے تھا۔
21 اپریل کے بعد ہمارا دائرہٴ کار تین شہروں میں وسیع ہو گیا۔ مئی کے پہلے ہفتے میں انار کلی لاہور میں گولی چلی تو حالات نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا۔ تین بریگیڈیئر بڑے مضطرب تھے۔ چنانچہ میں خود لاہور پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے لئے ہمیں یہاں سے تبدیل کر دیجئے۔ ان کی خواہش کا احترام کیا گیا۔ میرے لئے سب سے اہم اور نازک مسئلہ فوج کے اندر مکمل نظم وضبط برقرار رکھنا تھا۔ اس بات کا خدشہ تھا کہ کہیں وفاداروں پر اثر نہ پڑے۔ چنانچہ اس زمانے میں میرے اپنے قلم سے چھ سے زائد احکام جاری ہوئے۔ میرے احکام براہ راست بٹالین کمانڈر کو بھیجے گئے۔ یہ تجربہ پہلی بار کیا گیا تھا۔ ورنہ چیف آف سٹاف براہ راست صرف کور کمانڈروں کو ہدایات بھیجتا ہے اور انہیں سمجھ بوجھ کے مطابق آئین سے وفاداری کا کہتا رہا۔ مئی کے پہلے عشرے میں کور کمانڈروں کا ایک اور اہم اجلاس ہوا۔ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ فیصلہ ہوا کہ مسٹر بھٹو کو سیاسی تصفیئے کی ضرورت کا شدید احساس دلایا جائے۔ میں نے مارچ کے آخر میں ان سے کہہ دیا تھا کہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کئے جائیں۔ وہ یہی کہتے رہے کہ ”مجھے کچھ وقت دیجئے۔ اگر اس وقت میں نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیش کش کی یا ان کی ایک آدھ بنیادی بات مان لی تو ملک میں ایسی افراتفری پھیلے گی کہ جس پر قابو نہ پایا جا سکے گا۔“ میں نے سوچا کہ یہ معقول بات ہے‘ چنانچہ فوج نے بھی خاصا سہارا دیا۔ مسٹر بھٹو نے یوں تو مذاکرات کا ذکر شروع ہی میں کر دیا تھا لیکن باقاعدہ دعوت اپریل کے آخر میں دی۔ دس بارہ مئی کے لگ بھگ انہوں نے مجھ سے رابطہ قائم کیا اور کہا کہ ”میں حالات سدھارنے کی ہرممکن کوشش کر رہا ہوں لیکن اپوزیشن کا رویہ غیرمنطقی اور غیرجمہوری ہے۔ مجھے کچھ اور وقت درکار ہے۔“ انہی دنوں انہوں نے قومی اسمبلی میں تقریر کی اور عام انتخابات کے بجائے ریفرنڈم کی تجویز پیش کر دی۔ اس کے خلاف تقریباً ہر سطح پر شدید ردعمل ہوا۔ فوجی افسروں اور جوانوں کے جذبات صاف پڑھے جا سکتے تھے۔ اس مرحلے پر ہم نے مسٹر بھٹو پر واضح کر دیا کہ یہ طرز عمل مناسب نہیں۔ قوم انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے اور آپ ایک نیا ایڈونچر کرنا چاہتے ہیں۔ اس بار ہمارے پیغام میں قدرے سختی اور شدت تھی۔ ہماری بات کا خاطرخواہ اثر ہوا اور بھٹو صاحب نے مولانا مفتی محمود صاحب سے ملاقات کی اور ازسرنو انتخابات کی بنیاد پر مذاکرات کی دعوت دی۔
مجھے اچھی طرح معلوم تھا کہ مسٹر بھٹو میری سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چیف آف سٹاف ہاوٴس کے سامنے ہمیشہ دو تین آدمی بیٹھے رہتے تھے۔ اس لئے احتیاط اور بھی زیادہ درکار تھی۔ جون کے پہلے عشرے میں ہمیں احساس ہو گیا کہ حکومت مذاکرات میں مخلص نہیں چنانچہ جون کے وسط میں اہم ترین فوجی افسروں کا اجلاس اس مکان (چیف آف سٹاف ہاوٴس) میں ہوا۔ میں نے تمام کورکمانڈروں کو رات کھانے پر بلایا اور ساری تفصیلات ان کے سامنے رکھ دیں۔ ہم سب نے اتفاق رائے سے طے کیا کہ اب آپریشن پہلے سے زیادہ ناگزیر نظر آتا ہے۔ تاہم سیاسی جماعتوں کو ابھی اور مہلت دی جائے۔ اگر معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جاتے ہیں تو فوج کا کام ختم۔ اگر حالات کے بگاڑ میں اور شدت اور وسعت پیدا ہو جائے تو پھر آپریشن سے اجتناب نہ کیا جائے۔ اس رات میں آپریشن کا نام ’فیئر پلے“ تجویز ہوا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ آپریشن کے وقت کا تعین چیف آف سٹاف کریں گے۔ ہم نے یہ راز صرف اپنے آپ تک محدود رکھا اور سی جی ایس کو بھی ہم راز نہ بنایا۔ میرے سٹاف افسر بھی اس آپریشن سے کلیہ بے خبر تھے۔
جون کے آخری دنوں میں مسٹر بھٹو نے فوجی جرنیلوں کو کابینہ کے اجلاس میں بلانا شروع کر دیا۔ بعض مواقع پر عجیب وغریب باتیں سننے میں آئیں۔ ایک رات مسٹر کھر اور مسٹر پیرزادہ نے کہا کہ ”اپوزیشن شرارت سے باز نہیں آتی‘ اس کے لیڈر فتنے اٹھا رہے ہیں‘ ہم ان سب کو قتل کر دیں گے۔“ ٹکا خان کے لب ولہجہ میں اور بھی تیزی تھی۔ ان کا ارشاد تھا کہ ”دس بیس ہزار افراد پاکستان کی خاطر قتل بھی کر دینے پڑیں تو کوئی بات نہیں۔“ مسٹر بھٹو بار بار کہتے ”جنرل صاحب دیکھا آپ نے میری کابینہ کا موڈ۔ میں ان حالات میں اپنے وزیروں کا ساتھ دینے کے سوا اور کیا کر سکتا ہوں؟“
ایک رات کابینہ کی پھر میٹنگ ہوئی۔ بھٹو صاحب خاصے پریشان تھے۔ دل کی بھڑاس نکالنے کے بعد بولے ”آیئے جنرل صاحب! آپ بھی اقتدار میں شامل ہو جایئے۔ زیادہ تر اختیارات آپ ہی کے ہاتھ میں ہوں گے۔ بس ایک بار اپوزیشن کو چھٹی کا دودھ یاد آ جائے۔“ اس نوع کی باتیں اب ناقابل برداشت ہوتی جا رہی تھیں۔ یکم جولائی کو یہی تماشا رات کو ڈیڑھ بجے تک ہوتا رہا۔ 2 جولائی کو بھی اس ڈرامے کی ریہرسل کی گئی۔ تین جولائی کی رات کو میرے اعصاب نے حقیقی خطرہ بھانپ لیا۔ چنانچہ میں بڑے اقدام کا جائزہ لینے لگا۔ حکومت کی ذہنی کیفیت میرے سامنے تھی۔ اب صرف اپوزیشن کے نقطہ نظر کا انتظار تھا۔ (4 جولائی کو) شام کے پانچ بجے مجھے معلوم ہوا کہ نوابزادہ نصراللہ خاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ چنانچہ اس وقت پوری رپورٹ حاصل کی گئی۔ ان کا ردعمل وہی تھا جس کی مجھے توقع تھی۔ چنانچہ ساڑھے پانچ بجے کے قریب میں نے راولپنڈی سے باہر احکام جاری کر دیئے کہ رات بارہ بجے نقطہ آغاز ہو گا۔
شام آٹھ بجے پرائم منسٹر ہاوٴس سے ٹیلی فون آیا کہ آج رات کابینہ کا اجلاس ہو گا اور آپ کی شرکت ضروری ہے‘ جلد ہی وقت بتا دیا جائے گا۔ اگر اجلاس بارہ بجے جاری رہا اور میں بھی اس میں شریک ہوا تو کئی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ چنانچہ راولپنڈی کے لئے میں نے وقت آگے بڑھا دیا۔
ایک ایک لمحہ جسم کے اندر کانٹے کی طرح پیوست ہوا جاتا تھا۔ لاکھو ں وسوسے‘ ہزاروں خدشات‘ یہ بھی اندیشہ تھا کہ ہمارے منصوبہ کا اگر کسی کو علم ہو گیا تو کچھ بھی وقوع پذیر ہو سکتا ہے۔ یہ راز صرف چند افراد تک محدود تھا۔ اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عجب طرح کا سماں منڈلانے لگا۔
خیال کی ایک لہر اٹھی کہ ضیاء کہیں تم غلطی پر تو نہیں؟ کیا تم پاکستان کو مارشل لاء سے بحفاظت تمام گزار سکو گے؟ میں نے وضو کیا اور خشوع وخضوع کے ساتھ نماز ادا کی۔ نماز میں ایک ایسی لذت نصیب ہوئی‘ جو پہلے کبھی میسر نہ تھی۔ ساڑھے دس بجے کے قریب خیال آیا کہ پرائم منسٹر ہاوٴس سے رابطہ کر کے کابینہ کے اجلاس کے بارے میں پوچھا جائے۔ میں ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ ہاٹ لائن پر ٹیلی فون کی گھنٹی بجی۔ وزیراعظم دوسرے سرے پر تھے۔ انہوں نے نوابزادہ نصراللہ خان کی پریس کانفرنس کا ذکر کیا اور حسب معمول اپوزیشن کے رویوں کی شکایت کرتے رہے۔ میں نے پوچھا کہ کابینہ کی میٹنگ کتنے بجے ہو رہی ہے۔ جواب ملا آج رات کو نہیں۔ میں نے خدا کا شکر ادا کیا اور راولپنڈی کو بھی احکام جاری کر دیئے۔
پرائم منسٹر ہاوٴس میں تین طرح کے ٹیلی فون ایکسچینج تھے۔ ایک عام ایکسچینج‘ دوسری گرین لائن اور تیسری ہاٹ لائن۔ ایکسچینج تو ہماری گرفت میں تھا لیکن باقی دو لائنوں پر ہمارا کوئی اختیار نہ تھا۔ چنانچہ عام ایکسچینج کی لائنیں کاٹ دی گئیں۔ صرف دو ٹیلی فون کنکشن اسی طرح رہنے دیئے گئے۔
رات کو بارہ بجے میں خود جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچ گیا اور پورے آپریشن کی تنہا نگرانی کی۔ اس رات ممتاز بھٹو بڑی دیر تک پرائم منسٹر ہاوٴس میں رہے۔ رات گئے گھر پہنچے تو فوج کی پراسرار نقل وحرکت دیکھی۔ ادھر وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری میجر جنرل امتیاز نے فوجی دستوں کو غیرمعمولی سرگرم پایا۔ جنرل امتیاز نے مجھے فون کیا۔ میں نے بتا دیا کہ یہ سب کچھ میرے حکم سے ہو رہا ہے اور تم ہدایت لینے کے لئے میرے پاس چلے آوٴ۔
اتنے میں مسٹر ممتاز بھٹو گرین لائن پر مسٹر بھٹو سے رابطہ قائم کر چکے تھے۔ وزیراعظم نے مجھ سے بات کی۔ میں نے کہا ”سر! اس کے سوا کوئی چارہ نہ رہا تھا۔ اب آپ ہمارے ساتھ تعاون کیجئے۔ دوسری صورت میں ہمیں طاقت استعمال کرنا ہو گی۔“
”نہیں۔ یہ نوبت نہیں آئے گی۔“ انہوں نے پرسکون لہجے میں کہا۔
”آپ میرے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہتے ہیں؟“
”بس‘ آپ کو حراست میں لیں گے۔ صبح تک چک لالہ رکھیں گے پھر مری لے جائیں گے۔“
”میرے بچے آج رات ہی آئے ہیں۔ میں تو اچھی طرح ان سے مل بھی نہ سکا؟“
”آپ آرام سے یہ رات پرائم منسٹر ہاوٴس میں گزاریئے۔ اگلے روز مری کے لئے تیار ہو جایئے۔“
”ہاں ہاں! شکریہ!“
ٹیلی فون بند ہو گیا اور تاریخ کا ایک باب بھی۔
    (اردو ڈائجسٹ ستمبر 1977ء)


 مارشل لا کیوں لگانا پڑا؟

اگرچہ ضیاء پر الزام عائد کیا جاتاہے کہ انہوں نے فوجی آمریت کو دوام بخشا مگر اس بات کی اصلیت یہ ہے کہ بھٹو نے جمہوریت کا ایسا خرابہ کر کے رکھ دیا تھا کہ ملک کی سا لمیت خطرے میں پڑ گئی تھی۔ و رنہ نظم و ضبط کا پابند تابع فرمان سپاہی ایسے موقع پر اپنے فرائض سے روگردانی کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ (یقینا یہ فرائض کو بے چون و چرا قبول کرنے اور ضبط و نظم کی پابندی ہی کا نتیجہ تھا کہ بھٹو نے ان سے سینئر لوگوں کو نظرانداز کر کے انہیں فوج کا سربراہ چنا تھا) فرض کے اسی احساس نے جس نے انہیں اس وقت بھٹو کی حکومت کی امداد پر آمادہ کیا تھا جب پاکستان قومی اتحاد کے ایجی ٹیشن نے اسے شدید مشکلات میں مبتلا کردیا تھا‘ اس اقدام پر مجبور کیا جو ملک کے تحفظ کے سلسلے میں انہوں نے اٹھایا تھا۔
درحقیقت بھٹو‘ ضیاء ٹکراؤ جمہوریت اور مطلق العنانی کا تصادم نہیں تھا۔ اگر بھٹو کے زیر سایہ صحیح جمہوریت حاصل ہو گئی ہوتی اور ملک میں امن و امان ہوتا تو یقینا ضیاء پر یہ الزام لگایا جاسکتا تھا کہ انہوں نے فوجی آمریت کا راستہ استوار کیا۔ مگر یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی بھٹو کے دور میں جمہوریت کی کارفرمائی تھی؟ اس سوال کا جواب ضروری ہے ورنہ دوسری صورت میں ضیاء دور کی خوبیوں یا نقائص سے پوری طرح آگاہی حاصل نہیں ہو سکتی۔ پس ہمیں لازماً تاریخ کے اس باب سے رجوع کرنا ہوگا جس میں بھٹو کے اقتدار تک پہنچنے کا احوال درج ہے۔ بھٹو کے اقتدار کا آغاز کس طرح ہوا؟ اس باب کو پڑھے بغیر ہم دوسرے باب یعنی ضیاء کے اقتدار کی نوعیت کو نہیں سمجھ سکتے۔
اب بات یہ ہے کہ بھٹو یقینا اقتدار کی منزل میں جمہوریت کی سیڑھی سے نہیں پہنچے تھے‘ کیونکہ 1970ء کے انتخابات میں بھٹو کی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی کی نشستوں کی اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ 313 نشستوں کے ایوان میں اسے صرف 87 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ نشستوں کی اکثریت شیخ مجیب الرحمان کی عوامی لیگ کو حاصل ہوئی تھی جس نے 167 نشستیں حاصل کی تھیں۔ جمہوری طریق کار کے عمومی انداز کے مطابق اس وقت کے صدر جنرل یحییٰ خاں کو اکثریتی جماعت کے قائد کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دینی چاہئے تھی‘ لیکن یہ واضح راستہ اپنانے کے بجائے بھٹو نے یہ بیان داغ دیا: ”اِدھر ہم‘ اُدھر تم“! “ (ہم ادھر مغربی پاکستان میں حکومت کریں گے اور‘ مجیب‘ تم مشرقی پاکستان میں حکومت کرو)۔ یوں شروع ہی میں علیحدگی کے بیج بو دیئے گئے۔ اس کے بعد جب 8مارچ کو ڈھاکہ میں قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا تو بھٹو نے اس کا بائیکاٹ کردیا اور یوں انہوں نے اپنے اس ارادے کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جس کا نعرہ انہوں نے پہلے لگایا تھا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر بھٹو قومی اسمبلی کے اجلاس پر اتنے چیں بجبیں کیوں تھے؟ اُن کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا خطرہ تھا کہ مجیب اس اجلاس میں اپنے چھ نکاتی آئین (جو کہ ان کا منشور تھا) کو منوالیں گے۔ (یہ الزام بھی لگایا گیا کہ اس سلسلے میں ایک مسودہ آئین پہلے ہی تیار کرلیا گیا تھا) اور یہ ملک کے لئے تباہ کن ہوگا۔ یہاں دو نکات نوٹ کیے جانے چاہئیں۔
اول یہ کہ مجیب کے چھ نکات جنہیں بھٹو ملک کے لئے تباہ کن قرار دیتے تھے ‘ ان میں ساڑھے پانچ نکات وہ پہلے ہی قبو ل کر چکے تھے۔ صرف آدھا نکتہ ہی باقی تھا‘ جیسے ایک اونٹ نکل جانے کے بعد ایک مچھر سے اجتناب کیا جا رہا ہو۔ پس یہ واضح ہے کہ اقتدار کے ان دو دعویداروں کے درمیان چھ نکات کا معالہ لا یعنی تھا۔ اگر قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرلیا جاتا تو اس بات کا قوی امکان تھا کہ مجیب مغربی پاکستان کے ان ممبران پارلیمنٹ کو جن کا تعلق پیپلزپارٹی سے نہیں تھا صوبائی خودمختاری جیسے امور کی میزان پر اپنا ہمنوا بنا لیتا جس سے کم از کم ملک کی سا لمیت اور اتحاد محفوظ رہ جاتا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی ممکن تھا کہ قومی اسمبلی اتفاق رائے سے کسی فیصلے پر نہ پہنچ پاتی۔ بہرحال قومی سلامتی کے لئے یہ امر نہایت درجہ ضروری تھا کہ وقتی طور پراسمبلی کو کام کرنے کا موقع دیا جاتا۔ بھٹو پر سب سے بڑا الزام ہے کہ انہوں نے قومی اسمبلی کو موقع ہی نہیں دیا۔ ان کے بائیکاٹ نے اسے معطل کر کے رکھ دیا۔ بدیہی طور پر سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ عوامی لیگ کے خلاف اقدامات کا حکم قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل دے دیا گیا اور یوں مجیب کے تراشیدہ الزامات پایہ ثبوت کو پہنچ گئے۔ لیکن بات تو یہ بھی کہ بھٹو سرے سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے ہی کے مخالف تھے۔ وہ سیاسی جماعتوں کے مابین ایک ایسے معاہدے کے لئے کمربستہ تھے جو اسمبلی کا کام تمام کر کے ہی انجام پاسکتا تھا۔
بھٹو کے جرائم
یہاں یہ بات ریکارڈ پر آجانی چاہئے کہ اس گندے کھیل میں یحییٰ بھی کم مجرم نہیں تھے کیونکہ اگر اس سازش کو ان کی حمایت حاصل نہ ہوتی تو قومی اسمبلی کا اجلاس ہرگز ملتوی نہ ہوتا۔ اس سیاق و سباق میں دیکھئے تو یہ الزام درست معلوم ہوتا ہے کہ مغربی پاکستان مشرقی پاکستان کو پاکستان سے باہر نکال پھینکنے کے درپے تھا۔ پھر قومی کارروائی ہوئی … ”خدا کا شکر ہے ملک بچا لیا گیا۔“ بھٹو نے مسرت سے لہرا کر کہا اور اس بات کو بغیر یہ سوچے سمجھے کہ اس بحران کو دور کرنے کے لئے قومی اسمبلی کیا کچھ کر سکتی تھی‘ قبول کرلیا گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس نہ بلائے جانے کی غلطی سے یہی واحد نتیجہ نکالا جاسکتا ہے کہ بھٹو مشرقی پاکستان کو علیحدہ کرنے پر کمربستہ ہو چکے تھے ‘کیونکہ اس کے بغیر پاکستان پر تو درکنار وہ مغربی پاکستان پر بھی حکومت نہیں کر سکتے تھے۔ چنانچہ قومی وحدت کو ختم کر کے ہی وہ بچے کھچے پاکستان پر حکومت کرنے کے قابل ہوئے تھے اور طرفہ یہ کہ اس بچے کھچے پاکستان پر بھی وہ جمہوری انداز میں حکومت نہ کر سکے‘ کیونکہ جوں ہی جنرلوں نے ان کے اقتدار کا راستہ صاف کیا‘ انہوں نے چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر کی یونیفارم پہن لی۔ نظر بظاہر یہی بات تھی کہ انہیں یہ یقین ہی نہیں تھا کہ ان کی سویلین انتظامیہ غمزدہ عوام کا سامنا کر سکے گی جنہوں نے نہایت مجبوری اور ندامت سے ملک کے دو لخت ہونے کا ذلت آمیز منظر دیکھا تھا۔ وہ اس کا ذمے دار بھٹو کو ٹھہرا رہے تھے۔
پھر 1973ء تک آئین معرض وجود میں نہیں آیا… اس درمیانی عرصے میں ان کی حکومت جمہوریت کے تعطل کے علاوہ اور کچھ نہیں کہی جاسکتی ۔ اس حکومت کے آمرانہ لب و لہجے اور روش کا بھانڈا آخر 1977ء کے انتخابات میں اس وسیع پیمانے کی دھاندلی نے پھوڑدیا جس کی نقش کشی سرکاری افسروں کی نگرانی میں کی گئی تھی۔ اس دھاندلی نے ملک بھر کو سراپا احتجاج بنا دیا اور اس کی بدولت بہت سی جانیں ضائع ہوئیں۔ آخر پیپلزپارٹی کو پاکستان قومی اتحاد کے اس مطالبے کے آگے گھٹنے ٹیکنے پڑے کہ انتخابات دوبارہ کرائے جائیں‘ مگر اس معاہدے پر دستخط نہ ہو سکے کیونکہ بھٹو اس کے متعلق قطعاً ایماندار نہیں تھے۔ وہ فریق ثانی کو خلجان میں مبتلا رکھنا چاہتے تھے۔ عین اس وقت جب کہ یہ معاہدہ تکمیلی مراحل میں تھا وہ اچانک مسلم ملکوں کے دورے پر چل دیئے۔ محسوس یہ ہوتا ہے کہ ان کی حکمت عملی یہ تھی کہ حزب اختلاف کی احتجاج تحریک کو کچھ عرصے کے لئے رکوا دیا جائے تاکہ اس وقفے سے فائدہ اٹھا کر ایک مرتبہ پھر وہ اپنے سیاسی مخالفین پر چڑھ دوڑیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ملک میں سول وار برپا ہو جانے کے لئے اسٹیج تیار ہو گیا تھا۔ اور اس نازک لمحے میں فرض شناس جنرل ضیا ء الحق نے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا تاکہ ملک کو برباد کردینے کے عمل کو روکا جاسکے۔ جنرل ضیاء الحق اس اسٹیج پر ضرورت سے ایک لمحہ پہلے بھی میدان میں نہیں آئے۔
قطع نظر اس کے کہ بھٹو نے ملک کی سا لمیت کوپارہ پارہ کرنے کے لئے کیا کچھ کیا‘ ملک کی معیشت کو بھی غلط منصوبہ بندی کے تحت نیشنلائزیشن کی حکمت عملی سے مفلوج کردیا جس سے سرمایہ ملک سے باہر نکل گیا‘ سرمایہ کار ملک چھوڑ گئے اور آمرانہ انداز میں ایک فرد واحد کی حکومت کا قیام عمل میں آیا جو الیکشن میں من مانی دھاندلی پر منتج ہوئی۔ ان کا یہ بھی ایک بہت بڑا جرم تھا کہ ایک ایسے معاشرے میں جس کی اساس و بنیاد اور جس کا نام اسلام سے براہ راست اثر پذیری تھا‘ انہوں نے ایک لادین طرز حکمران کی تخم ریزی کی۔ پاکستان مسلم قومیت کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا اور اس بنا پر اس میں اسلامی اقدار کا نفاذ اس کے معرض وجود میں آنے کے اولین مقاصد میں شامل تھا اور یہی ایک خط تھا جو مسلم پاکستان اورہندوانڈیا کو منقسم کرتا تھا۔ ایک سیکولر پاکستان کو سیکولر بھارت سے قطعاً الگ نہیں کیا جاسکتا تھا اور اس بنیاد پر برصغیر میں تشکیل بھی نہ دیا جاسکتا تھا۔
بھٹو نے اس نظریاتی خط تقسیم کو توڑنے کے لئے بدترین حربے استعمال کئے۔ پہلے انہوں نے مشرقی پاکستان سے منسلک ہونے کے رشتے اور بندھن توڑے جس کے نتیجے میں مسزاندرا گاندھی نے یہ تبصرہ کیا کہ مسلم لیگ کا دو قومی نظریہ کھوکھلا نکلا۔ دوسرے انہوں نے ایسے خیالات اور نظریات کا پرچار کیا جو پاکستان کی بنیادوں کی نفی کرتے تھے۔ پیپلزپارٹی کے سہ نکاتی منشور میں زندگی کو تین خانوں میں بانٹ دیا گیا معیشت سوشلزم کے حصے میں آئی۔ (اس سوشلزم کے متعلق محترمہ نصرت بھٹو نے جو اس وقت پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن ہیں‘ برملا اعتراف کیا تھا کہ یہ مارکسزم سے اخذ کیا گیا ہے۔ سیاست مغربی طرز کی جمہوریت کے خانے میں ٹھونس دی گئی۔ اسلام من و عن اسی انداز میں مذہب کے دائرے میں فٹ کردیاگیا جس انداز میں لادین مغربی ریاستوں میں چرچ فٹ کیا گیا ہے جس سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ کسی دنیوی معاملے میں دخیل ہو سکے۔
پیپلزپارٹی کے منشور نے نہ صرف نظریہٴ پاکستان کی بیخ کنی کی جس میں ایک ایسے طرز حکومت کا تصور تھا جس میں اسلامی اقدار کی کارفرمائی زندگی کے ہر شعبے میں ہوگی بلکہ اس نے قومی وجود کی جڑوں کو کاٹنے کے سامان بھی کیے۔ اس نے مسلم قومیت کے نظریے کو جس پر ملک کی بنیا د تھی ختم کرنے کی کوشش کی۔ بھٹو ملک کی سا لمیت اور وحدت پر یقین نہیں رکھتے تھے۔ حتیٰ کہ بچے کھچے پاکستان کی وحدت پر بھی نہیں۔ یہ بات ان کے وسیع البنیاد سماج کے فلسفے کی حمایت اور پرچار میں مضمر نظر آتی تھی۔ دوسرے لفظوں میں اس کے معنی یہ تھے کہ پاکستان میں مسلم قومیت کا وجود تو درکنار‘ یہاں کسی قسم کی ایک واحد قوم بھی آباد نہیں‘ اس میں متعدد قومیتیں آباد ہیں اور یہاں باہم متضاد و متحارب علاقے ہیں۔ اس طرح بھٹو نے ایسا ماحول پیدا کیا جس میں فکری انار کی اور مرکز گریز رجحانات پروان چڑھے‘ جبکہ اسلامی اقدار اور قومی یکجہتی کے نظریات کی اہمیت کم کرنے کی سعی کی گئی اور اس عہد میں تعصب‘ اشتعال انگیزی‘ عدم برداشت اور گروہی تصادم کو خوب ہوا دی گئی۔
پاکستان قومی اتحاد کی تحریک احتجاج اسی پس منظر میں اُبھری اگرچہ ابتدا میں یہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف اُٹھی تھی‘ مگر بہت جلد مسٹر بھٹو کے تمام نظریات و اعمال کو مسترد کر کے اس تحریک نے ایک مذہبی ایجی ٹیشن کی صورت اختیار کرلی۔ اس تحریک کے لیڈروں کی نظر میں بھٹو جمہوری سیاست اور صحت مند معیشت ہی کے لئے نہیں بلکہ کی سا لمیت کے لئے بھی خطرہ بنے ہوئے تھے۔ یوں سمجھئے کہ پاکستان خانہ جنگی کے کنارے پر کھڑا تھا۔ جب ضیاء الحق کو احساس فرض نے سیاسی اور نظریاتی محاذ پر ایک انتہائی مشکل صورت حال سے نبٹنے کے لئے طلب کیا۔
ایک متحدہ قومی قیادت کے تحت امن و امان بحال کرنا کوئی بہت مشکل کام نہیں تھا۔ جو کام واقعی جان جوکھم کا کہا جاسکتا ہے وہ تھا ملک کی نظریاتی تعمیر نور اور اقتصادی احیاء۔ ان دونوں میدانوں میں انتہائی بدنظمی اور بے ترتیبی تھی۔ اس کے علاوہ بیرونی ممالک سے تعلقات میں بھی کھچاؤ تھا‘ خاص طور پر امریکہ جیسے روایتی دوست ممالک کے ساتھ ضیاء نے اپنے کردار کی مخصوص خود اعتمادی سے اس چیلنج کو قبول کیا۔
اقتصادی شعبے کا اعتماد جو نیشنلائزیشن کی پالیسی سے بری طرح زخم خوردہ تھا‘ نئے سرے سے بحال کرنے میں انہیں کچھ زیادہ عرصہ نہیں لگا۔ بیرونی تعلقات سنوارنے میں بھی وہ بہت کامیاب رہے۔ لیکن ان کی بڑی دلچسپی بلکہ یوں کہئے کہ ان کے سامنے بنیادی مسئلہ اسلامی اقدار کو عملی سانچے میں ڈھالنے کا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سنجیدگی سے متعدد اقدامات کئے۔ پورے ملک میں صلوٰة کمیٹیوں کا قیام‘ نظام زکوٰة کا احیاء اور حدود کے قوانین کا اجراء کیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو اسلامی طرز زندگی کے لئے ایک نیا ولولہ پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا۔ پھر جب جلد ہی ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے اذان اور درس قرآن شروع کئے گئے تو پورے ملک کا نظریاتی اُفق ہی بدل گیا۔ اس کے ساتھ ہی اسلامی نظریاتی کونسل نے نئے ہدف مقرر کئے اور اس سلسلے میں بڑی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ اس کی آخری خدمت یہ تھی کہ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشورے کے بعد اسلامی قوانین کو بہ تمام و کمال نافذ کرنے کے لئے ایک آرڈیننس تیار کیا۔
اکثریہ ہوتا ہے کہ ایک انسانی میں خواہ بہت سی خوبیاں اور لیاقتیں کیوں نہ ہوں‘ اس کا نام تاریخ میں ایک خاص کارنامے ہی سے روشن ہوتا ہے‘ جیسے قائداعظمکے ساتھ ہوا۔ ان کی ہمہ جہتی شخصیت کی کوئی ایک خوبی ہی ا ن کی عظمت کو آشکار کر دیتی ہے۔ مثلاً وہ ایک فہیم و زیرک قانون دان تھے یا ایک زبردست سیاستدان‘ قوانین اسلامی کے ماہر تھے یا ایک وسیع الخیال انسان دوست شخص‘ ان میں سے ہر خوبی ایسی تھی جو ایوان شہرت میں ایک درخشاں طاقچہ کہی جاسکتی ہے‘ لیکن تاریخ نے انہیں جس سیڑھی پر بلند کیا وہ پاکستان کو وجود میں لانا تھا جو ان کا سب سے عظیم کارنامہ ہے اور جو جو خوبیاں ان سے وابستہ تھیں وہ بھلائی جاسکتی ہیں‘ لیکن بحیثیت بانی و بابائے پاکستان انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ عین اسی طرح ضیاء الحق بھی عصر حاضر کی تاریخ کے واقعات سے بھرپور دور سے وابستہ تھے جس نے ان کی اور تمام خوبیوں کو پس پردہ کردیا تھا جیسے بحیثیت چیف مارشل لا ایڈمنسٹر‘ اسلامی مصلح‘ شورائی انداز کی مقننہ اختراع کرنے والے یا نہایت دانا و بینا فوجی کمانڈر یا ایک ایسا ڈکٹیٹر جس نے رضاکارانہ طور پر اقتدار منتخب قومی اسمبلی کوسونپ دیا تھا‘ لیکن ان کی دیگر تمام خوبیوں کو چھوڑ کر صرف وہ واقعہ جس نے انہیں ایک اہم عالمی شخصیت بنا دیا‘ سوویت روس کا افغانستان پر جارحانہ حملہ تھا۔ ضیاء کا نام انمٹ انداز میں افغانستان سے وابستہ رہے گا اور وہ تاریخ میں انسانیت کے محافظ اور نجات دہندہ کی حیثیت سے زندہ رہیں گے۔ تاریخ کے اوراق میں افغانستان کے حوالے سے ان کا نام نمایاں انداز میں مرقوم ہوگا۔
افغان پالیسی کا ہیرو
جنوبی ایشیاء میں افغانستان کے حوالے سے جو انقلاب رونما ہوا ہے‘ اس سلسلے میں ضیاء الحق کی خدمات کا اندازہ بھی لگایا جانا باقی ہے‘ تاہم جیسا کہ ان کی موت پر الجزائر کے عظیم لیڈر بن بیلا نے کہا‘ وہ چرچل سے زیادہ عظیم تھے کیونکہ اس برطانوی رہنما کو امریکہ کی بھرپور اور بلاتوقف اخلاقی اور مادی امداد حاصل تھی‘ جبکہ ضیاء نے سوویت روس کی ٹڈی دل فوج کا تنہا مقابلہ کیا۔ افغانستان کے چھوٹے اور پسماندہ ملک سے جو ویتنام کے برعکس سوویت سرحد ملحق ہے‘ روس کا واپس چلے جانا کوئی معمولی واقعہ نہیں۔ افغانستان کی آزادی کا ہمارے زمانے کے عظیم سے عظیم واقعے سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے جیسے کہ پاکستان کا منصہ شہود پر آنا‘ خاص طور پر پاکستان‘ کیونکہ یہ دونوں ملک ایک غیرمعمولی پُرتحریک اسلامی مستقبل کی نوید دینے والے ہیں۔
جب دسمبر 1979ء کے اواخر میں سوویت یونین نے افغانستان پر جارحانہ فوج کشی کی تو ضیاء الحق کی تیز اور معاملہ فہم نگاہوں نے اس تاریخ سا ز واقعے کے دوررس عواقب فوراً بھانپ لئے تھے۔ انہوں نے روزِ روشن کی طرح یہ حقیقت سمجھ لی تھی کہ جنوب کی جانب روس کی روایتی اور دیرینہ پیش قدمی جو اس کی فوجوں کو افغانستان میں کھینچ لائی ہے ابھی جنوب کی سمت اتنی کافی نہیں ہو سکی کہ ماسکو اس کے ذریعے اپنے نرم پیٹ (وسطی ایشیائی مسلم ریاستوں) کی مطلوبہ حفاظت کر سکے۔پس انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اسے اپنی مزعومہ دفاعی ضروریات کی خاطر کچھ اور نیچے کی طرف آنا ہے۔ گویا یوں سمجھئے کہ افغانستان میں در آنا تو محض ایک پیش بندی تھی اپنی مطلوبہ منزل یعنی پاکستان تک آنے کی‘ کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں سے وہ بحیرئہ عرب کے گرم پانیوں تک رسائی کی صدیوں پرانی آرزو کی تکمیل کر سکتا تھا۔ اس دوربین تصور سے ضیاء الحق نے افغانستان پر روس کے قبضے کو دیکھا اور ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر یہ اعلان کیا کہ افغان مجاہدین (جو درحقیقت رحمت کے فرشتے بن کر روسی حملہ آوروں کی مزاحمت کر رہے تھے)حقیقتاً پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس اعتبار سے ملک اور عوام کو ان کی غیر مشروط طور پر مدد کرنی چاہئے۔
افغان مجاہدین کو میں نے رحمت کے فرشتے اس لئے کہا ہے کہ وہی تھے جنہوں نے کابل کی پختونستان کے سٹنٹ سے مسموم فضا میں سب سے پہلے اسلام کا نعرہ بلند کیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے اپنا کام بہت پہلے سردار داؤد خاں کے زمانے میں‘ جن کی سوویت نواز پالیسیوں نے نام نہاد انقلاب ثور یعنی کمونسٹ انقلاب کا راستہ ہموار کیا‘ شروع کردیا تھا۔ روس میں تربیت یافتہ فوجی افسر ہی تھے جن کی مدد سے خلق اور پرچم پارٹیوں نے یکے بعد دیگرے ترہ کی اور حفیظ اللہ امین کو کرسی اقتدار پر بٹھایااور آخر میں ببرک کارمل تو روسی ٹینک پر بیٹھ کر آیا تھا۔ عام حالات میں تو ہر محب وطن شہری کو روسی جارحیت کے آگے صف آرا ہو جانا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں ہوا۔ یہ پروپیگنڈہ کیا گیا کہ افغانستان میں ایک اصلی قومی انقلاب آگیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس انقلاب کا واحد مقامی پہلو کمونسٹ انداز کی چمک دمک تھی جو پرچم اور خلق پارٹیوں کے عناصر نے ایک ایسے معاشرے کو دی تھی جو قلب و روح سے مسلم تھی۔
سچ تو یہ ہے کہ سوویت روس کا جارحانہ حملہ دین اسلام کے لئے ایک براہ راست نظریاتی کمونسٹ چیلنج تھا۔ انقلاب کا سوویت فوجوں کے سایے میں برپا کرنے کا مقصد و منشا اس کے سوا اور کچھ نہ تھا کہ یہاں سے اسلام کو اُکھاڑ پھینکا جائے اور کمیونزم کا پودا لگا دیا جائے۔ پس اس انقلاب کے اثرات وہی لوگ محسوس کر سکتے تھے جو اسلام کے لئے حساس تھے‘ جنہوں نے اسلام کو اس سے درپیش خطرات بھانپ لئے اور اسے بچانے کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پر آمادہ ہو گئے۔ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ وہ تمام گروہ جنہوں نے جہاد افغانستان میں عملی حصہ لیا‘ ان کی گروہی تشکیل اور نظریات میں خود کچھ بھی اختلاف ہو‘ اپنے مقصد‘ روح اور کردار میں اسلامی تھے۔
اور یہ ایک اور مخصوص پہلو تھا افغان صورت حال کا جس نے ضیاء کو از حد متاثر کیا۔ کیونکہ بدیہی طور پر اس کے معنی یہی تھے کہ آخر اسلام کی ایک ایسی تحریک چلی ہے جو لادین قوم پرستوں کے تنگ نظر گروہ کا مقابلہ کر سکتی ہے‘ جنہوں نے پاکستان کے خلاف غفار خاں کے ورغلانے سے پختونستان کا مطالبہ کر رکھا تھا۔ افغانستان کے پیش منظر پر اس گرفت کے ساتھ ضیاء الحق نے کامل یکسوئی سے افغانستان کو سوویت یونین کے اشتراکی پنجوں سے رہائی دلائے کے لئے خود کو وقف کردیا۔ اس جدوجہد کے سامنے کوئی قیمت بھی گراں تصور نہیں کی گئی۔ افغان مہاجرین کی دم بہ دم بڑھتی ہوئی تعداد کو امان و عافیت فراہم کی گئی۔ تیس لاکھ سے زائد مہاجرین کو رہائش‘ پناہ اور خوراک فراہم کی گئی‘ پاکستان کے دفتر خارجہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ مسئلہ افغانستان کو دنیا بھر میں متعارف کرانا اپنا مقصد وحید بنالے۔ یہ تو بعد میں ہوا کہ دوسرے مغربی ممالک نے بھی اس مسئلے میں دلچسپی لینی شروع کردی‘ لیکن امر واقع یہ ہے کہ پہلے دو سالوں میں پاکستان جہاد افغانستان کے پیچھے ایک چٹان کی طرح ڈٹا رہا۔ یہ صحیح ہے کہ جہاد کے آغاز میں امریکی صدر کارٹر نے اپنے دفاعی مشیر بریزنسکی کو امداد کی پیشکش کے ساتھ بھیجا تھا۔ صدر ضیاء نے اس امداد کو بہت قلیل سمجھتے ہوئے یہ کٹیلا اور معنی خیز جملہ کہہ کر کہ یہ تو کچھ مونگ پھلیاں ہیں‘ قبول نہ کیا۔ (صدر کارٹر نجی زندگی میں مونگ پھلی کی کاشت کراتے تھے)۔
بہرحال صدر ریگن کے دور صدارت میں امریکہ کو کہیں اس بات کا احساس ہوا کہ مجاہدین نے ڈیڑھ لاکھ روسی فو ج کے خلاف ایسی مزاحمت کی ہے جسے کسی طرح حقیر خیال نہیں کیا جاسکتا۔ اس موڑ پر یہ محسوس کیا جانے لگا کہ مجاہدین کی اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ پھر تو امداد دھڑا دھڑ آنے لگی۔ مجاہدین نے حیرت انگیز سرعت سے نئے ہتھیاروں مثلاً اسٹٹنگر میزائل کا استعمال سیکھ لیا‘ جس نے بہت جلد آسمانوں سے سوویت گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بلا دور کردی۔
سوویت یونین میں گوربا چوف کے برسراقتدار آنے کے ساتھ کریملن پر افغان مہم کی حقیقت روشن ہو گئی تھی۔ گوربا چوف نے اسے ایک رستا ہوا ناسور‘ قرار دیا۔ اس نے صورت حال کی نزاکت کا بخوبی اندازہ کرلیا تھا۔ مگر فوراً پسپائی اختیار نہیں کی۔ اس کے برعکس اس نے ایک طرف تو اپنے جنرلوں کو کام ختم کرنے کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ اختیارات اور امداد دی‘ دوسری طرف نجیب کو حکم دیا کہ وہ اپنے ہاتھ میں شاخ زیتون لے کر مجاہدین سے مفاہمت کی کوشش کرے۔ وقت گزرتاگیا اور دونوں حربے لاحاصل رہے۔ اب اپنے متعلق تحقیر آمیز بیانات اور ساتھ ہی جنگ جاری رکھنا کافی نہیں تھا (یاد رہے خود روسی قیادت نے افغانستان پرفوج کشی کو ایک گناہ قرار دیا تھا)چنانچہ تدریجی انداز میں گوربا چوف نے اس سوویت مہم جوئی کو ختم کرنے کی طرف بڑھنا شروع کیا مگر بہرحال وہ امریکہ سے مساوی بنیادوں پر سودا کیے بغیر ایسا نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اب جہاں تک واشنگٹن کا تعلق ہے ‘ وہ ماسکو کے ساتھ سودا کرنے کو ہر طرح تیار تھا‘ بشرطیکہ وہ افغانستان سے اپنی فوجیں نکال لے تاکہ تیل کی دولت سے مالا مال خلیج کے قرب میں روس کی موجودگی سے پیدا ہونے والی اس کی تشویش ختم ہو جائے‘ ایک سودا طے پا گیا۔ سودا یہ تھا کہ سوویت یونین اپنی فوجیں افغانستان سے ہٹالے‘ اس کے جواب میں امریکہ کابل میں ایک اسلامی حکومت کے برسراقتدار آنے میں مددنہیں دے گا۔
سوویت یونین کا اسلامی ریاست کے قیام سے تنفر یقینی بات تھی کیونکہ ایسی حکومت اس حقیقت کو طشت از بام کرتی کہ روس افغانستان میں ایک بڑی طاقتور فوج استعمال کرنے کے باوجود کمونزم کے بیج بونے میں بری طرح ناکام ہوا ہے‘ لیکن امریکہ بھی تہران میں اپنے تلخ تجربے کے بعد ایک بنیاد پرست اسلامی ریاست کے معرض وجود میں آجانے سے کچھ کم متنفر نہیں تھا۔ پس دو سپر طاقتوں کے اسلام مخالف تعصب نے ان کے مابین ایک ہم آہنگی پیدا کردی۔ اس کا نتیجہ یہ برآمد ہوا کہ گوربا چوف کے یکطرفہ اعلان کے بعد کہ سوویت فوجیں ایک سال کے اندر واپس بلا لی جائیں گی‘ جنیوا مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے اور ان مذاکرات کے نتیجے میں ایک معاہدہ ہوا جس میں افعانستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا خود کو پابند بنایا … روس اور امریکہ نے ضامنوں کا کردار ادا کرنا قبول کیا۔ اب ستم ظریفی یہ ہے کہ اس معاہدے پر دستخط سے جنگ بند ہوئی ہے نہ ایک عبوری حکومت کٹھ پتلی نجیب کی جگہ برسراقتدار آسکی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ روس کے فوجوں کی واپسی کے اعلان کے ساتھ ہی اس حکومت کے خاتمے کا اعلان نہ کرنا جو اس نے خود افغانستان پر ٹھونسی تھی‘ ایک دھوکا تھا۔ پس روسی فوجوں کی واپسی اصلی اور حقیقی نوعیت کی نہیں کہی جاسکتی اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ افغانستان میں پہلے کی طرح خون خرابہ جاری ہے۔
                بشکریہ کتاب شہید اسلام مرتبہ چودھری عبدالحمید















کیپٹن ضیاء الحق سے صدر پاکستان تک
جنرل محمد ضیا ء الحق کے گھریلو ملازم پیرمحمد سے یہ انٹرویو ممتاز رائٹر ہارون الرشید نے لیا

چیتے کی طرح مستعد‘ خوش باش پیر محمد کو جس نے اپنی زندگی کے 38 سال صدر ضیاء الحق شہید کے ساتھ گزارے چار عشروں کی ایک ایک بات اچھی طرح یاد ہے۔
”صاحب! میں آپ کو کیا بتاوٴں۔ یہ 38 سال کا قصہ ہے۔ لاتعداد باتیں اور ان میں سے بہت سی باتیں ایسی ہیں‘ جن پر کوئی یقین نہیں کرے گا لیکن میں اپنی آنکھوں دیکھی کیسے جھٹلا دوں۔ ویسے بھی میرا جی یہ کہانی سنانے کو نہیں چاہتا۔ اگرچہ وہ عمر میں مجھ سے زیادہ بڑے نہ تھے لیکن میں انہیں اپنے باپ کی طرح سمجھتا تھا۔ انہوں نے بھی ہمیشہ مجھ سے چھوٹے بھائیوں اور بچوں والا سلوک کیا۔ ہمیشہ مجھے عزت دی‘ میرا احترام کیا‘ لحاظ کیا۔ میری بات مانی‘ میری کوتاہیوں سے درگزر کیا۔ ان کے بعد میں اپنے آپ کو یتیم اور تنہا محسوس کرتا ہوں۔ بہتر تو یہ ہے کہ آپ مجھے یہ قصہ سنانے کو نہ کہیں لیکن اگر آپ کا اصرار ہے تو میں چند باتیں آپ کو سناتا ہوں۔ ان سے میری باقاعدہ ملاقات 1950ء میں کوہاٹ میں ہوئی۔ جب میں گائیڈ کیولری میں سپاہی تھا‘ جسے سوار کہا جاتا ہے۔ اس وقت وہ کپتان تھے۔ ہماری رجمنٹ میں ان کی تقرری کوارٹر ماسٹر کے طو رپر ہوئی تھی جس کی ذمہ داری رہائش‘ خوراک‘ وردی اور دوسرے متعلقہ معاملات کی نگرانی کرنا ہوتی ہے اور وہ ان امور سے متعلق سٹاف کے سربراہ ہوتے ہیں۔
نئے کوارٹر ماسٹر صاحب نے سب سے پہلا کام یہ کیا کہ انہوں نے اپنے سٹاف کو وردیاں پہن کر فال ان ہونے کے لئے کہا۔ ان کے آنے سے پہلے ہم لوگ کتنے آرام کے عادی ہو گئے تھے۔ اور ہم نے بعض چیزوں کی طرف دھیان دینا چھوڑ دیا تھا۔ اب ہم لوگ فال ان ہوئے تو وردیاں ادھر ادھر لٹک رہی تھیں۔ کیپٹن ضیاء الحق کا چہرہ غصے سے تمتما اٹھا۔ انہوں نے ہمیں بہت سخت ڈانٹ پلائی کہ کیا یہ ہے ڈسپلن جو تمہیں سکھایا گیا ہے اور کیا یہ فوجی جوانوں کا طریقہ ہے۔ انہوں نے برہمی سے کہا کہ ہم کپڑے اتار دیں اور صرف بنیان اور انڈروریئر پہنے رہیں۔ اس پر جب ایک دو جوانوں نے ان سے کہا کہ وہ انڈرویئر پہنے ہوئے نہیں ہیں تو انہیں اور بھی غصہ آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیرجامہ فوجی لباس کا حصہ ہے۔ ”میں نہیں جانتا‘ تم نے اس اصول کی پابندی کیوں نہیں کی۔“ انہوں نے غصے سے کہا ”یہ تمہارا قصور ہے اور تم کو اس کی سزا بھگتنا ہو گی۔“ لیکن پھر انہیں ترس آ گیا۔ اور ذاتی طور پر آرمی کے سٹور پر گئے۔ ایک رنگ کا کپڑا حاصل کیا گیا‘ درزی بٹھائے گئے اور درجنوں جوانوں کے لئے ایک ہفتے میں چست وردیاں سل گئیں۔ انہوں نے اس سارے کام کی مستعدی سے نگرانی کی اور ایک ایک مرحلے پر نظر رکھی۔ وردیاں تیار ہو گئیں تو ایک بار پھر پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ اب ہر چیز ٹھیک ٹھاک تھی۔ کیپٹن صاحب خوش ہو کر پکارے ”ہاں یہ ہے آرمرڈ کور کی نشانی‘ سواروں کو ایسا ہی ہونا چاہئے۔“ اس وقت تو ہم یہی سمجھے کہ یہ کپتان بڑا غصے والا ہے اور ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں کرتا لیکن رفتہ رفتہ جوانوں کو ان کی خوبیوں کا اور نرم دلی کا احساس ہوا اور لوگ ان کے معترف ہو گئے۔
1953ء میں وہ کیپٹن ہی کے طو رپر راولپنڈی آئے لیکن جلد ہی میجر ہو گئے۔ اس وقت میں ان کابٹ مین بنا (ذاتی خدمت گزار) اس کے پیچھے کوئی خاص سبب نہ تھا۔ ہم فوج کے نوکر تھے‘ انہیں ایک خادم چاہئے تھا۔ یہ ان کا استحقاق تھا اور ہمیں نوکری کرنی تھی۔
راولپنڈی اس وقت بہت چھوٹا سا شہر تھا۔ بیس پچیس ہزار کی آبادی کا۔ ہم گائیڈ کیولری والے سٹیشن کے قریب رہتے تھے۔ اب تاریخ اور سن مجھے یاد نہیں‘ بہرحال وہ کچھ عرصے بعد کھاریاں چلے گئے لیکن بچے یہیں رہے۔ 46 ای مری روڈ پر۔ یہاں ایک چھوٹا سا مکان تھا ان کا۔ جو ان کے خاندان کو کلیم میں ملا تھا اور مشترکہ ملکیت میں تھا۔ اب بھی یہ خستہ حال مکان انہی کے خاندان کے پاس ہے اور اس میں ان کی ہمشیرہ قیام پذیر ہیں۔ 1952ء میں وہ دوبارہ راولپنڈی آ گئے اور دو تین سال یہاں رہے پھر چھ ماہ کا ایک کورس کرنے امریکہ گئے۔ واپسی پر کرنل ہو گئے اور سٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر کے طور پر ان کی تقرری ہوئی۔ اب کی بار بچے بھی ساتھ گئے اور میں بھی۔ مجھے ان سے ایک طرح کا تعلق محسوس ہونے لگا تھا۔ اب ان کی خوبیاں اجاگر ہو رہی تھیں اور میں ان کے خاندان کا ایک حصہ بن گیا تھا۔ وہ مجھ پر اعتماد کرتے اور میں ان کی خدمت میں لطف محسوس کرتا تھا۔ میں آپ سے سچ کہتا ہوں کہ میں نے اس عرصہ میں اپنے فرائض محض ایک ملازم کے طور پر ادا نہیں کئے۔ اس میں ایک تعلق کا خیال بھی تھا۔ مجھے اس وقت تو یہ پتہ نہیں تھا کہ ایک دن وہ کمانڈر انچیف بن جائیں گے‘ صدر بن جائیں گے انہیں اتنا بڑا مرتبہ ملے گا اور ان کی وجہ سے ہماری عزت وتوقیر میں بھی اضافہ ہو گا۔
اس زمانے میں مجھے احساس ہوا کہ انہیں میرا کس قدر خیال ہے۔ 1985ء کی بات ہے جب لانس نائیک کے طور پر یونٹ کے کچھ لوگوں کو ترقیاں ملیں‘ میری باری بھی تھی لیکن کسی طرح میرا نام رہ گیا۔ دوسرے دن وہ ہمارے کرنل سے ملے اور دوسروں کے ساتھ اس سابق تاریخ سے مجھے ترقی دلوائی۔
میرے صاحب کی ایک عجیب عادت تھی۔ وہ ہر شخص کا اعتبار کرتے اور ہر ایک کا کام کرنے کی کوشش کرتے۔ لوگوں سے اتنی محبت کرتے کہ بہت سوں کو غلط فہمی ہو جاتی۔ وہ سمجھتے کہ خاص ہمارا لحاظ کر رہے ہیں۔ جو کام کسی نے کہہ دیا‘ کرنے کی کوشش کرتے۔ ان کے منہ سے ”نہ“ کا لفظ نکلتا ہی نہ تھا۔ ہر ایک پر اعتبار کر لیتے۔ وہ مانتے ہی نہ تھے کہ ایک آدمی جو خدا رسول کا نام لیوا ہو‘ کلمہ پڑھتا ہو اور مسلمان کہلاتا ہو‘ جھوٹ بول سکتا ہے‘ دھوکہ دے سکتا ہے۔ میں مثالیں دے دے کر عرض کرتا کہ صاحب جو لوگ پانچ پانچ روپے لے کر عدالت میں جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں وہ بھی تو آخر مسلمان ہیں لیکن وہ نہیں مانتے تھے۔ ہر ایک کا لحاظ کرتے‘ ہر ایک کی مدد کرنے کی کوشش کرتے۔ میں کبھی کسی سے سختی کرتا تو کبھی کبھی ناراض ہو جاتے۔ ایک بار سٹیشن سے بچوں کو تانگے پر لے آیا۔ تانگے والے غالباً آٹھ آنے کرایہ لیتے تھے‘ وہ بارہ آنے پر اصرار کرنے لگا۔ میں نے غصے میں کہہ دیا‘ جاوٴ چلے جاوٴ‘ میں نہیں دیتا 12 آنے۔ صاحب نے جھگڑے کی آواز سنی اور باہر نکل آئے۔ اسے ایک روپیہ دیا‘ اور مجھ سے بگڑے کہ چار آنے کے لئے ایک آدمی سے بگڑتے ہو۔
میری طبیعت میں تھوڑی سی سختی ہے اور میں کام کرنے کے معاملے میں زیادہ لحاظ نہیں کرتا۔ یہاں آرمی ہاوٴس میں بھی میں اس چیز پر نگاہ رکھتا اور بعض اوقات لوگوں کو ڈانٹ بھی دیتا۔ انہیں پتا چل جاتا تو ناپسندیدگی کا اظہار کرتے‘ حالانکہ بعد کے برسوں میں میرا بے حد لحاظ کرنے لگے تھے اور یہ کہتے تھے کہ ”پیر بخش کی بات نہ مانی جائے‘ یہ مجھے گوارا نہیں۔“ لیکن مجھے بھی لوگوں کو ڈانٹنے سے منع کرتے اور کہتے کبھی میں نے تمہیں ڈانٹا ہے؟ پھر تم کیوں لوگوں کے ساتھ ایسا کرتے ہو۔ آخری برسوں میں تو انہوں نے ڈانٹ ڈپٹ‘ روک ٹوک بہت ہی کم کر دی تھی۔ خال ہی کبھی کسی سے ناراض ہوتے اور جب کبھی کسی کو ڈانٹتے تو وہ خوش ہوتا۔ معلوم ہے کیوں؟ اس لئے کہ بعد میں ہمیشہ اس کی تلافی کی جاتی۔ ڈانٹ کھانے والے کو کوئی تحفہ یا انعام ملتا۔ کسی نہ کسی طرح اس کی دلجوئی کرتے۔ یہاں تو لوگ منتظر رہتے کہ ڈانٹ پلائیں اور اس کے بعد تالیف کا انتظار ہوتا۔ ملازموں کے ساتھ ان کی نوازشیں افسروں کو پسند نہ آتی تھیں۔ وہ کچھ زیادہ بول تو نہ سکتے تھے لیکن یہ ضرور کہتے کہ صاحب نے ملازموں کو سر پر چڑھا دیا ہے۔
کوئٹہ کے سٹاف کالج میں تھے‘ جب ستمبر 1965ء کی جنگ شروع ہوئی۔ انہیں لاہور بھیجا گیا لیکن وہ جنگ میں شریک نہ ہو سکے تاہم ایک موقعہ پر انہوں نے یہ ضرور کہا کہ اگر ان کی آرمرڈ ڈویژن کو موقع دیا گیا تو انشاء اللہ دشمن اسے یاد رکھے گا۔ مجھے یقین ہے کہ ایسا ہی ہوتا اگر وہ جنگ میں شریک ہوتے تو ان کے جوان یادگار کردار ادا کرتے۔ وہ خدا و ررسول کے سوا کسی سے ڈرنے والے نہیں تھے‘ بڑے بے خوف اور بہادر انسان تھے اور جوان ان پر جان دیتے تھے۔
کچھ عرصے بعد ملتان کی آرمرڈ ڈویژن میں لئے گئے بچے بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس وقت جنرل گل حسن ان کے ڈویژن کمانڈر تھے جو بعد میں کمانڈر انچیف بنے۔ پھر وہ بریگیڈیئر بنائے گئے اور ایک بار پھر ان کی تبدیلی کھاریاں چھاوٴنی میں ہو گئی۔ دو اڑھائی سال انہوں نے وہاں گزارے۔ بعد میں وہ اردن چلے گئے۔ 1971ء کی جنگ شروع ہوئی تو واپس آئے‘ جو عرصہ انہوں نے اردن میں گزارا اس میں  میں ان سے اور ان کے اہل خانہ سے الگ رہا۔ اب میں نویں آرمرڈ بریگیڈیئر میں نائب صوبیدار تھا اور ملٹری ٹرانسپورٹ افسر ہو گیا تھا۔
بریگیڈیئر صاحب اب ملتان میں تھے اور میری ملازمت کی مدت پوری ہو رہی تھی۔ میں چھٹی پر گیا ہوا تھا۔ انہیں خبر ملی کہ پیر محمد ریٹائر ہو رہا ہے۔ ایک بریگیڈیئر کے طور پر انہیں اے ڈی سی رکھنے کا اختیار تھا۔ انہوں نے میری ملازمت برقرار رکھنے اور مجھے اپنے پاس بلانے کا یہ طریقہ نکالا کہ کسی اور کو اے ڈی سی نہ رکھا اور اس کے بجائے مجھے اپنے ہاں بلا لیا۔ اس کے لئے انہیں خاصی کوشش کرنی پڑی لیکن وہ ایسے آدمی تھے کہ جب کسی کام کا تہیہ کر لیتے تو اسے پورا کر کے رہتے تھے۔ تب سے میں ان کے ساتھ رہا۔ جہاں کہیں گئے میں ان کے ساتھ گیا اور مکمل طور پر اس خاندان کا حصہ بن گیا۔ وہ میرے گاوٴں گئے اور انہوں نے میرے اعزہ واقرباء کی شادیوں میں شرکت کی۔
میں نے انہیں جوانی سے 42 سال کی عمر تک دیکھا‘ ان کی زندگی کا کوئی گوشہ ایسا نہ تھا جو مجھ سے چھپا ہوا ہو۔ مجھے حیرت ہوتی ہے جب لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے اقتدار کے لئے اسلام کا نام استعمال کرتے ہیں۔ جناب! جوانی کے اس زمانے میں جب ان کے ساتھی لیفٹیننٹ اور کپتان شراب میں ڈوبے رہتے تھے‘ وہ پابندی سے نماز پڑھتے‘ تلاوت کرتے اور تہجد ادا کرتے تھے۔ کیا سب کچھ اقتدار کے لئے تھا؟ میرا جی چاہتا ہے کہ اس آدمی کے سر پر پتھر ماروں جو جھوٹی بات کہتا ہے۔ اس شخص کی رگ رگ میں اسلام تھا۔ اس کا اٹھنا بیٹھنا‘ کھانا پینا‘ سونا جاگنا اسلام کے مطابق تھا۔
ان کی زندگی کے بعض گوشے ایسے ہیں جن سے عام طور پر لوگ بے خبر ہیں۔ مثلاً وہ مشینوں سے بڑی دلچسپی رکھتے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنے تجربے سے بڑی سوجھ بوجھ پیدا کر لی تھی۔ جس زمانے میں وہ سائیکل پر سواری کیا کرتے تھے اور یہ معاملہ کئی سال تک رہا۔ وہ ہر ہفتہ وار چھٹی کو اتوار کے دن پوری سائیکل کھول کر اس کی صفائی دھلائی کرتے۔ وہ اپنی یونٹ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں میں دلچسپی لیتے۔ دفتر کا وقت ختم ہو جاتا اور کرنے کا کوئی کام نہ ہوتا تو ورکشاپ میں جا کر مستریوں کا ہاتھ بٹاتے۔ فوجی ان سے گاڑیوں کے بارے میں سیکھتے۔ کئی بار وہ مکینک کی طرح کسی گاڑی یا ٹینک کے نیچے لیٹ کر اس کی مرمت کرتے نظر آتے حالانکہ یہ ان کا کام نہ تھا۔ لیکن وہ جب کسی چیز میں منہمک ہوتے تو پوری طرح اس میں کھو جاتے۔ وہ گاڑیوں اور مشینوں کی مرمت میں بہت سے ایسے کام بھی کرتے جنہیں ہاتھ لگانا افسر کسر شان سمجھتے تھے لیکن ان کے لئے کوئی کام کسر شان نہ تھا۔ چند برسوں کے بعد انہوں نے مشینوں کے معاملے میں اتنی مہارت پیدا کر لی تھی کہ بعض اوقات مکینک ان سے مشورہ کرنے آتے اور وہ انہیں مشورہ دیتے بھی تھے۔ وہ معاملہ کو بڑی گرائی سے سمجھنے والے آدمی تھے۔
اپنے خاندان اور بچوں سے انہیں بڑی گہری محبت تھی۔ بچوں کو جب وہ چھوٹے تھے‘ خود غسل کراتے‘ ان کی چھوٹی چھوٹی ضرورتوں کا خیال رکھتے۔ ننھے بچوں کو ریڑھی میں ڈال کر سیر کرانے لے جاتے۔ اس وقت ان کی اہلیہ محترمہ بھی ان کے ساتھ ہوتیں۔ بازار سے سودا سلف خرید کر لاتے۔ ایک الگ چھوٹے کمرے میں ان کی کتابیں ہمیشہ ترتیب سے رکھی ہوتیں۔ صدارت سے پہلے کے دور میں بالعموم رات گیارہ بجے سے ایک دو بجے تک مطالعہ کرتے‘ سونے کے کچھ ہی دیر بعد نماز فجر کے لئے اٹھ جاتے اور فجر کی نماز کے بعد کچھ دیر آرام کرتے۔
کئی بار ایسا ہوا‘ یہ ناقابل یقین بات محسوس ہوتی ہے اگر میں خود اس کا شاہد نہ ہوتا تو مجھے بھی اس بات کو ماننے میں تامل ہوتا کہ رات کو دو بجے سونے کے لئے گئے اور مجھ سے کہا‘ صبح جگا دینا کہ ایک ضروری کام ہے۔ ظاہر ہے کہ اس عرصے میں نماز پڑھی اور جب میں ان کے کمرے میں داخل ہوا تو دیکھا کہ میز پر سر رکھے اونگھ رہے ہیں لیکن جیسے ہی دروازہ کھلتا وہ اٹھ کر کھڑے ہو جاتے اور سارا دن ہشاش بشاش کام کرتے دکھائی دیتے۔ اسی لئے تو میں کہتا ہوں کہ میں لوگوں سے کچھ کہنا چاہتا ہوں‘ انہیں میری باتیں ناقابل یقین محسوس ہوں گی۔ ان کے کھانے پینے‘ پہننے اور ملنے برتنے کے ان کے معمولات میں کوئی فرق نہیں آیا۔ اس وقت بھی ان کے لئے مانسہرہ سے مکئی لائی جاتی اور وہ ساگ کے ساتھ کھاتے تھے۔ آخری عمر میں بھی یہی انداز رہا۔ دہی باقاعدگی سے کھاتے اور لسی پیتے۔ کیا کوئی شخص اس بات پر یقین کرے گا کہ ان کے گھر میں کھانے پینے کا خرچ اب بھی ڈیڑھ ہزار سے زیادہ نہ تھا۔ میزبانی اور دوسرے اخراجات کی بات دوسری ہے کیونکہ ان کا منصب اس قدر بلند ہو گیا تھا لیکن جہاں تک طرززندگی کا تعلق ہے کیپٹن ضیاء الحق اور صدر ضیاء الحق میں مجھے کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ جوانی کے زمانے میں بھی وہ اپنی سلیقہ مندی سے خوشحال آدمی محسوس ہوتے تھے اور جب دوسرے افسر مہینے کے آخری دنوں میں قرض مانگ رہے ہوتے تو وہ بے فکر دکھائی دیتے۔ مہینے کے تیس دن ان کے لئے ایک جیسے تھے۔ میجر تھے‘ ان کے پاس سائیکل تھی‘ پھر سکوٹر خریدا‘ کچھ زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا جب انہوں نے فوکس ویگن خریدی۔ ان کے پاس کوئی بھی سواری رہی‘ میں چھٹی والے دن انہیں کچھا پہنے اس کی صفائی کرتے دیکھتا۔
ساری عمر سے دیکھتا آیا ہوں کہ انہوں نے کھانے میں کبھی نقص نہیں نکالا البتہ کھانا اچھا ہو تو اس کی تعریف ضرور کی اور عام طور پر ملازموں کو انعام بھی دیا۔ ایسے اچھے تھے وہ سب کا خیال رکھنے والے‘ سب پر مہربانی کرنے والے۔ مجھے یقین ہے کہ دوسری دنیا میں‘ وہ خوش ہوں گے اور خدا ان پر مہربان ہو گا‘ لیکن صاحب! ہماری دنیا تو وہ ویران کر گئے۔



عطائے ربانی
شیفتہ سے تعلقات کی کہانی
تنہائیوں کی بھیڑ میں گم ہو گئے ہیں لوگ

جاپان میں مقیم پاکستانی تاجر اور صنعت کار مسٹر عطاء ربانی شیفتہ کا شمار جنرل محمد ضیاء الحق شہید کے ان چند غیرسیاسی دوستوں میں ہوتا ہے جن سے ان کے ذاتی تعلقات تھے اور وہ ان سے جب بھی ملے ہیں‘ زمانہ طالب علمی کے ضیاء الحق کے طور پر ملے ہیں۔ ضیاء شیفتہ کی دوستی نصف صدی پر محیط تھی۔ وہ نجی ملاقاتوں میں ایک دوسرے کو تم کہہ کر پکارتے تھے‘ بے تکلفانہ گفتگو کرتے تھے‘ لطائف سنتے تھے اور جب ہنسنے ہنسانے سے اکتا جاتے تھے تو ذات کے دکھ بیان کرنے لگتے تھے۔ عطا ربانی شیفتہ کا مزاج قطعی غیرسیاسی ہے۔ انہوں نے اپنے عظیم دوست کی شخصیت کو ایک دوست کی نگاہوں سے دیکھا‘ پرکھا اور اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
وطن سے ہزاروں میل دور سات سمندر پار بیٹھا ایک شخص اپنے دیرینہ دوست کو یاد کر کے آنسو بہا رہا تھا اور ان کے ایک ایک بچے کا نام لے کر کہہ رہا تھا ”رب ذوالجلال مودی‘ انوار نینو‘ عینی اور زین کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور وہ سسکیوں کی زبان میں دعا مانگ رہا تھا کہ مرحوم کی معمر والدہ جسے وہ بی بی کہتے تھے اور شہید کی سوگوار بیوہ جسے میں آپا کہہ کر پکارتا ہوں‘ رحمت اللعالمین کے سائے میں محفوظ ومامون زندگی بسر کریں۔
50 برس پر محیط دوستی کی ان گنت یادوں کو آنسووٴں کی صورت میں سمیٹنے والے جناب عطا ربانی شیفتہ کئی برس سے جاپان میں مقیم ہیں اور ٹوکیو کے تجارتی‘ صنعتی اور سماجی حلقوں میں عزت واحترام کی نگاہوں سے دیکھے جاتے ہیں۔ میٹرو پولیٹن پولیس ہیڈکوارٹرز کی طرف سے انہیں شریف اور معزز شہری ہونے کے دو میڈل بھی مل چکے ہیں۔ ان کے والد مرحوم جناب فتح محمد شیفتہ گورنمنٹ آف برٹش انڈیا اور حکومت پاکستان میں اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں اور ان کا شمار دردمند اور حساس مسلمانوں میں ہوتا تھا۔ مرحوم نے اپنی سرکاری حیثیت میں ملت اسلامیہ کو حتیٰ الامکان بھرپور فوائد پہنچائے تھے۔ مسلمان نوجوانوں کے لئے سرکاری دفاتر میں حصول ملازمت کے لئے ان کی جرأت اور بیباکی دہلی اور شملہ کے سیکرٹریٹ میں ضرب المثل بن چکی تھی۔ وہ اپنی عزت نفس اور خودداری کے سلسلے میں بہت حساس تھے اور اتنے دبنگ تھے کہ بڑے سے بڑے افسروں سے ٹکرا جاتے تھے۔ ہندو افسروں سے ان کا بڑا سخت ٹکراوٴ رہتا تھا۔ انہوں نے حکومت ہند کو مرکزی دفاتر میں بلامبالغہ ہزاروں مسلمان نوجوانوں کو ملازمت دلوائی۔ اپنی حیثیت میں بلاشبہ وہ ایک عظیم مسلمان تھے۔
وہ شہر جالندھر کے قریب ایک گاوٴں کے رہنے والے تھے۔ ایک مرتبہ کسی تقریب کے سلسلے میں اپنے گاوٴں آئے ہوئے تھے۔ ایک سکھ انسپکٹر پولیس شامت اعمال سے کسی تفتیش کے سلسلے میں ادھر آ نکلا۔ شیفتہ صاحب نے اسے سمجھا بجھا کر واپس چلے جانے کے لئے کہا۔ وہ اکڑ گیا اور گالی گلوچ پر اتر آیا۔ شیفتہ صاحب نے پہلے تو اس کا ریوالور چھینا اور پھر:
ایک مکا‘ ایک گھونسا‘ ایک لات
فاعلا تن فا علاتن فا علات!
کی ایسی گردان شروع کی کہ اسے اور اس کے ساتھی کو ادھ موا کر دیا۔ انسپکٹر نے اپنی وردی پھاڑ ڈالی اور شہر جا کر شیفتہ صاحب کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ اس مقدمے کا بہت چرچا ہوا۔ شہر کے مسلمان میونسپل کمشنر شیفتہ صاحب کی صفائی پیش کرنے کے لئے عدالت میں حاضر ہو جاتے۔ ان سب کا موٴقف یہ ہوتا کہ ”واقعہ کے روز وہ بھی گاوٴں کی دعوت میں حاضر تھے۔ انسپکٹر پولیس نے لوگوں پر بہت زیادتی کی اور شیفتہ صاحب کی بھی توہین کی۔“ مقدمے کا نتیجہ یہ نکلا کہ انسپکٹر پولیس کی معافی مانگ کر گلوخلاصی ہوئی اور مسلمانوں نے ایک دعوت عام منعقد کر کے جشن منایا۔
عطا ربانی شیفتہ کا بچپن شملہ اور جوانی لاہور اور ملتان میں گزری ہے۔ صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم سے ان کی دوستی کی ابتداء شملہ میں ہوئی تھی جہاں دونوں کے والدین سرکاری ملازمت کے سلسلہ میں مقیم تھے اور ٹوٹی کنڈی کے علاقے میں لکڑی کی دیواروں اور ٹین کی چھتوں والے مکانوں میں سرکاری اہل کاروں کی حیثیت سے مقیم تھے۔ تب سے اب تک محبتوں اور چاہتوں کے رشتے پوری مضبوطی سے قائم تھے۔ دوستی کے اس سفر میں برما کی دوریاں حائل ہوئیں اور نہ ہی اردن اور جاپان کے فاصلے سدراہ بنے۔ شملہ کے اسلامیہ ہائی سکول کی یہ خوشبو دہلی کے سینٹ سٹیفن کالج‘ کوہاٹ کی فوجی چھاوٴنی‘ ملتان کے ہیڈکوارٹرز‘ آرمی ہاوٴس اور ایوان صدر تک پھیلتی چلی گئی۔ وہ تو موت کی آندھی تھی جو پیار کی اس خوشبو کو لے اڑی ورنہ زندگی کے مختلف موسم اس مہک پر اثرانداز نہیں ہوتے تھے۔
ضیاء شہید اور عطا ربانی میں دیرینہ دوستی اور بے لوث محبت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی وفات سے لگ بھگ دو سال قبل کا ذکر ہے کہ شیفتہ اپنے دوست کے بلاوے پر آئے اور آرمی ہاوٴس میں رات کے کھانے کے بعد ٹی وی لاوٴنج میں بیٹھ کر گپ شپ کرنے لگے۔ آدھی رات بیت گئی تو صدر مرحوم کی والدہ ٹی وی لاوٴنج میں آئیں اور دونوں کو مخاطب کر کے کہنے لگیں ”بچپن میں بھی تم اسی طرح راتیں جاگا کرتے تھے‘ تنہا بیٹھ کر آخر کیا باتیں کرتے ہو جو ختم ہونے میں نہیں آتیں؟“
ایک روز کا ذکر ہے شیفتہ صاحب دفتری امور سے فارغ ہو کر گھر آئے تو ان کی بیوی نے بتایا کہ پاکستان سے جنرل صاحب کا فون آیا تھا۔ انہوں نے پوچھا کیا کہتے تھے؟ جواب ملا ”پوچھ رہے تھے میڈم کیا حال ہے؟“ عطا ربانی نے اسی دوپہر آرمی ہاوٴس سے کال ملائی۔ ریسیور جنرل صاحب نے خود اٹھایا۔ شیفتہ نے پوچھا ”ہز ایکسی لینسی کیسے ہیں؟“ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”میں تمہارے لئے ہز ایکسی لینسی کب سے ہوا ہوں؟“ شیفتہ نے جواب دیا جب سے تم میری بیوی کو میڈم کہنے لگے ہو۔ جنرل صاحب نے ایک زوردار قہقہہ لگایا اور محبت سے گویا ہوئے کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں اور تم اپنا موڈ درست کر لو۔“
صدر پاکستان کی حیثیت سے جنرل ضیاء الحق شہید جاپان کے دورے پر آئے اور سرکاری دورے کے دوران عطا ربانی شفتہ کے گھر بھی گئے۔ اس ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ہیڈ آف سٹیٹ نے اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر ایک پرائیویٹ دعوت قبول کی تھی۔ کھانے سے فارغ ہوئے تو شیفتہ سے کہنے لگے ”مجھے تم سے ایک ضروری بات کرنی ہے۔“ وہ اپنے دوست کو الگ تھلگ کمرے میں لے گئے اور پوچھا ”خیریت تو ہے؟“ جنرل صاحب نے کہا ”میں کل واپس جا رہا ہوں لیکن میری بیٹی  داماد اور ایک بیٹا مزید دو تین روز کے لئے ٹوکیو میں رکنا چاہتے ہیں۔ میں نہیں چاہتا کہ پاکستانی سفارت خانے یا حکومت جاپان پر کسی قسم کا بوجھ پڑے۔ سو تم ان تینوں کو اپنے ہاں ٹھہرا لینا۔“ شیفتہ صاحب نے جواب دیا ”جناب! آپ کو اس بار ے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے‘ وہ میرے بھی تو بچے ہیں۔“ یہ لوگ تین چار روز ٹوکیو میں رہے اور شاپنگ کرنے کے بجائے تاریخی اور ثقافتی مقامات دیکھتے رہے۔
#    عطا ربانی شیفتہ کے بقول:
ضیاء شہید سے میری دوستی کا آغاز 1938ء میں سکاوٴٹنگ کیمپ کے دوران ہوا۔ وہ گورنمنٹ ہائی سکول شملہ میں پڑھتے تھے اور میں اسلامیہ سکول کا طالب علم تھا۔ اگرچہ ہمارے والدین کی رہائش ایک ہی علاقے ٹوٹی کنڈی میں تھی اور ضیاء کے والد مولوی اکبر علی اور میرے باپ کا آپس میں یارانہ بھی تھا لیکن بچوں میں زیادہ میل جول نہیں تھا۔ میں اور ضیاء مرحوم آتے جاتے اکثر ایک دوسرے کو دیکھتے تھے اور گزر جاتے تھے۔ یہ اغلباً نویں جماعت کا ذکر ہے کہ جاکھو پہاڑی پر سکاوٴٹوں کا اجتماع ہوا اور ہمارے درمیان دوستی ہو گئی۔ کیمپ سے فارغ ہونے کے بعد مرحوم نے مجھے اور میں نے ضیاء کو اپنے اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا اور پھر روزانہ ہی آپس میں ملنے لگے۔
میٹرک کرنے کے بعد ہم سینٹ سٹیفن کالج دہلی میں داخل ہو گئے اور مین ہاسٹل کے ایک ہی کمرے میں رہنے لگے۔ یہیں ہماری ملاقات سید اقبال امام سے ہوئی جو ڈے سکالر تھے اور فرصت کا زیادہ تر وقت ہمارے ساتھ گزارتے تھے۔ بعد میں ستار چاولہ بھی دوستی کے اس حصار میں شامل ہو گئے اور قربتیں بڑھتی چلی گئیں۔ ضیاء کو شروع ہی سے فوج میں جانے کا شوق تھا۔ کالج میں داخلہ لیتے ہی انہوں نے یو ٹی سی جائن کر لی اور پریڈ کے لئے لال قلعہ جانے لگے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ وہ جب کالے فوجی جوتے پہن کر باہر نکلتے میں کہتا ”یار! تم یہ صبح وشام کیا کھٹ کھٹ کرتے رہتے ہو؟ جرنیل تو بننے سے رہے۔“ وہ سنتے اور مسکرا دیتے۔
بی اے کرنے کے بعد انہیں فوج میں کمیشن مل گیا اور میں لاء کرنے کے لئے علی گڑھ چلا گیا۔ اقبال امام بھی ادھر ادھر ہو گئے اور ستار چاولہ بھی اپنے دھندے میں لگ گئے۔ ضیاء برما کے محاذ پر تھے کہ ان کی پہلی چٹھی موصول ہوئی۔ 1945ء میں وہ فل لیفٹیننٹ ہو گئے اور چند روز کے لئے چھٹی پر گھر آئے۔ جانے سے پہلے علی گڑھ پہنچے اور میرے پاس دو روز رک کر والدین سے ملنے کے لئے چلے گئے۔ اغلباً وہ جاوا یا سماٹرا کے محاذ پر تھے۔ جب پاکستان کا قیام عمل میں آیا تو اپنے والدین کے ہمراہ شملہ چھوڑ کر لاہور آ گیا اور ان کے بارے میں کچھ پتہ نہ چل سکا۔ میں نے انہیں 47ء سے 50ء تک بہت تلاش کیا لیکن کہیں سے بھی ان کی خبر نہ ملی۔
1950ء میں مجھے کسی ذریعے سے خبر ملی کہ ضیاء شہید کوہاٹ میں ہیں اور کپتانی کی وردی میں بڑے شاندار لگتے ہیں۔ میں ان دنوں کراچی میں تھا اور یہاں سے چکلالہ ایئرپورٹ تک ڈکوٹا جہاز چلتا تھا۔ اس اطلاع پر میں نے جہاز میں سیٹ بک کرائی اور فوجی نوعیت کے ہوائی اڈے چکلالہ پر اتر گیا۔ راولپنڈی سے ٹیکسی حاصل کی اور 90 میل دور کوہاٹ کا رخ کر لیا‘ کوہاٹ پہنچ کر کیپٹن ضیاء کو تلاش کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئی۔ وہ ایک ڈبل ڈیکر بلڈنگ میں مقیم تھے۔ کچھ کر گزرنے والے فوجیوں کا انداز اختیار کئے ہوئے تھے۔ مجھے آج بھی وہ چمک نہیں بھولتی‘ جو مجھے اچانک دیکھ کر ان کی آنکھوں میں پیدا ہوئی تھی۔ کہنے لگے عطاء! تم آ گئے ہو‘ کتنا اچھا لگ رہا ہے۔ یار میں نے تمہیں بہت یاد کیا ہے۔ ضیاء مرحوم نے میری آمد کی خوشی میں ایک ہفتے کی چھٹی لی اور ہم دونوں بھولی بسری باتوں کو یاد کرنے کے لئے مری چلے گئے۔ رات جاگنے کی عادت تو کالج ہی سے تھی۔ سو جاگتے رہے اور زمانہ طالب علمی کے واقعات دہراتے رہے۔ انہیں کالج کے زمانے کی ایک ایک بات یاد تھی۔ بچپن کی دل بستگیاں‘ جوانی کا لاابالی پن‘ دوستیوں کا والہانہ انداز‘ غرض یہ کہ ہر بات زیربحث آئی۔ ضیاء مرحوم کو جوانی کی شوخیوں سے کبھی دلچسپی نہیں رہی۔ وہ ہمیشہ سے بڑی صاف ستھری زندگی گزارنے کے عادی تھے لیکن دوستوں کے معاملات سے باخبر ضرور رہتے تھے اور دل جوئی کے لئے تسلیاں بھی دیا کرتے تھے۔ ان کے مزاج میں سادگی اور نفاست ضرور تھی لیکن مزاح کا عنصر بھی تھا۔ مجھے یاد ہے کہ ایک جذباتی حادثے کے سبب میں نے کھانا پینا چھوڑ دیا تو چھیڑتے ہوئے بولے ”بیسویں صدی کے شہزادہ سلیم کو اگر یہ خوش فہمی ہے کہ کوئی اسے کھانا کھلانے کے لئے خود آئے گا تو وہ اس خیال میں نہ رہے۔۔ چلو نیچے آوٴ اور کھانا کھا لو‘ سالن ٹھنڈا ہو رہا ہے۔“
ضیاء شہید کی ملاقات سے پہلے میں نے کراچی میں سید اقبال امام کا سراغ پا لیا تھا۔ انہوں نے اپنے دیرینہ دوستوں کے بارے میں استفسار کیا تو میں نے بتایا کہ اقبال ایک ٹوبیکو کمپنی میں جنرل منیجر ہیں اور ان کی خوش پوشی کا وہی عالم ہے۔ طرحداری میں بھی کوئی فرق نہیں آیا اور ان کی سدا بہار مسکراہٹ بدستور قائم ہے۔ اپنے دوستوں کی خیریت معلوم کر کے انہیں حددرجہ خوشی ہو رہی تھی اور بار بار اس خواہش کا اظہار کر رہے تھے کہ کوئی پروگرام بننا چاہئے کہ سب لوگ ایک جگہ اکٹھے ہو جائیں۔ چھٹی ختم ہو گئی تو میں نے انہیں کوہاٹ چھوڑا اور واپس کراچی چلا گیا۔
ان ہی دنوں کا ذکر ہے کہ مجھے جاپان جانے والے ایک انڈسٹریل مشن میں شامل کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز میاں نصیر وفد کے قائد تھے اور موجودہ صدر جناب غلام اسحاق اس کے ممبر تھے۔ ان دنوں خان صاحب پشاور کے ڈائریکٹر انڈسٹریز تھے اور اپنی متانت اور ذہانت کے سبب وفد کے باقی اراکین میں ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔ جاپان کے چند روزہ دورے کے بعد وفد تو واپس آ گیا اور میں نے جاپان ہی میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ میں نے اپنے اس فیصلے سے مرحوم کو آگاہ کیا تو انہوں نے ایک تفصیلی خط میں میری کامیابی کے لئے دعا کی اور مشورہ دیا کہ جہاں بھی رہو‘ وطن سے اپنا رشتہ ختم نہ کرنا۔“ میں تب سے جاپان میں مقیم ہوں لیکن دھرتی سے اپنے وجود کو الگ نہیں کر سکا۔ ان کا مشورہ کل بھی میرا رہنما تھا اور آج بھی وطنیت کا احساس دلاتا رہتا ہے۔ اس دوران میں متعدد بار پاکستان آیا ہوں‘ کبھی خود سے اور کبھی ان کے بلاوے پر۔ وہ پوسٹنگ کے سلسلہ میں جہاں بھی ہوتے تھے وہاں پہنچتا تھا اور پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ایک وقت کا کھانا ان کے ساتھ ضرور کھاتا تھا۔ ہم نے آخری بار 5 ستمبر کو اکٹھے کھانا کھایا تھا اور آرمی ہاوٴس کے ایک کمرے میں دیر تک بیٹھے باتیں کرتے رہے تھے۔ یہ خالص نجی گفتگو تھی جس میں گھریلو مسائل کے علاوہ اپنی اپنی ذات کے دکھ بھی شامل تھے۔ اب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن ان کے چند الفاظ آج بھی میرے کانوں میں گونج رہے ہیں جو وہ ہر ملاقات میں دہراتے تھے۔ پاکستان میں چند روز گزارنے کے بعد میں جب بھی واپسی کا ارادہ کرتا تو وہ اداس ہو کر کہتے ”تمہیں اتنی جلدی کیا ہے؟ کچھ دن اور رک جاوٴ تم چلے جاتے ہو تو میں اکیلا سا ہو جاتا ہوں۔“ یہ ان کی دوستی کی پکار تھی اور میں سوچا کرتا تھا کہ انسان کتنا بھی بلند مقام کیوں نہ حاصل کر لے‘ اسے دنیا کی کتنی ہی رونقیں اور راحتیں نصیب کیوں نہ ہوں لیکن وہ صدر مملکت بن کر بھی اپنی ذات میں اکیلا ہوتا ہے اور کسی کو اپنے دل کی بات سنانا چاہتا ہے۔ ضیاء شہید سیاست کی الجھنوں اور رموز سلطنت کے ہنگاموں سے ہٹ کر مجھ سے صرف اپنی باتیں کرتے تھے۔ میرے لطیفوں سے محظوظ ہوا کرتے تھے۔
#    شہید کے ہمدم دیرینہ کا کہنا ہے کہ
انہوں نے مجھے پہلی اوورسیز کال لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ صغیر حسین کے فون سے کی۔ جنرل صاحب ان دنوں ترکی میں سفیر ہیں۔ تب بریگیڈیئر ہوا کرتے تھے۔ ضیاء مرحوم نے مجھے اطلاع دی تھی کہ ابھی ابھی چیف آف سٹاف کے عہدے پر ان کی ترقی کے آرڈر ہوئے ہیں۔ کہنے لگے ”دیکھ لو میں جنرل ہو گیا ہوں‘ کالج کے زمانے میں تمہیں میرے جوتوں کی کھٹ کھٹ اچھی نہیں لگتی تھی۔“ میں نے انہیں مبارکباد دی تو وہ جذباتی سے ہو گئے۔ گلوگیر لہجہ میں بولے ”ذمہ داریاں بھاری ہیں اور میرے کندھے کمزور ہیں۔ دعا کرنا کہ خدا مجھے اس آزمائش میں کامیاب وکامران کرے۔ چیف آف سٹاف کے عہدے پر متمکن ہونے کے بعد میرا ان سے باقاعدگی کے ساتھ رابطہ قائم رہا۔ ہفتے میں دو ایک بار ان کا فون آ جاتا تھا اور دو چار دفعہ میں انہیں فون کر دیتا تھا۔ ان کی زیادہ تر کالیں قومی مفاد کے پیش نظر ہوتی تھیں اور وہ مختلف امور کے سلسلہ میں مجھ سے کہتے سنتے رہتے تھے۔ سقوط ڈھاکہ کے بعد بھارتی کیمپوں میں پاکستانی قیدیوں کی حالت زار سے عالمی ضمیر کو متعارف کرانے کے لئے میں نے ان کے مشورے ہی سے لاکھوں کی تعداد میں سٹیکرز شائع کرانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس ضمن میں پاکستان آرٹسٹ گل جی کے تیار کردہ چند نمونے بھی بھجوائے۔ یہ سٹیکرز بھی میں نے اپنے دوست کی خواہش کی تکمیل میں یورپ‘ افریقہ‘ ایشیا اور امریکہ میں رضاکارانہ طور پر تقسیم کرائے تھے۔
#    باتیں ان کی یاد رہیں گی
ضیاء شہید ملتان کے کور کمانڈر تھے۔ ہائی کورٹ کے موجودہ جج جسٹس عبدالوحید ان دنوں سیشن جج تھے اور اسی شہر میں متعین تھے۔ جناب عبدالوحید نے مجھے کھانے پر بلایا اور کہا کہ ”آپ چونکہ جنرل صاحب کے ہاں ٹھہرے ہوئے ہیں لہٰذا احتراماً انہیں بھی دعوت دینا چاہتے ہیں لیکن شاید وہ دعوت قبول کرنے میں تامل کریں۔“ میں نے وحید صاحب سے کہا کہ وہ ضرور آئیں گے۔ آپ دعوت دیجئے۔ ضیاء شہید نے یہ دعوت خوشدلی سے قبول کر لی۔ مجھے یاد ہے کہ اس دعوت کے دوران مرحوم نے کہا تھا ”یار عطاء! میں نے لیفٹیننٹ جنرل کی حیثیت سے فوجی عہدے کی معراج دیکھ لی ہے۔ ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ تم میرے لئے کوئی کاروبار ڈھونڈو۔“ میں نے ہنس کر جواب دیا جان برادر! تم مجھے چھوڑ کر لال قلعہ چلے گئے تھے۔ اب لال قلعہ تمہارا پیچھا کر رہا ہے اور جانے کب تک کرتا رہے۔ جب تھک جاوٴ گے تو پھر بزنس کا سوچنا۔
1958ء کے مارشل لاء میں میرے ایک قریبی دوست وحید کے سسر چوہدری محمد علی پر دشمنی کی بناء پر جھوٹا مقدمہ قائم کر دیا گیا۔ مخالفین نے فوجی عدالت کے چیئرمین میجر عمر حیات کو جانے کیا جھوٹی سچی بیان کی تھیں کہ وہ سزا دینے پر تلا ہوا تھا۔ اتفاق سے میں پاکستان آیا ہوا تھا‘ وحید نے مجھ سے اپنی پریشانی بیان کی تو میں ساہیوال پہنچا اور میجر عمر حیات سے مل کر حقائق سے آگاہ کیا۔ گفتگو کے دوران میں نے اسے 35 ہزار روپے رشوت کی پیش کش بھی کی جو اس نے یہ کہہ کر رد کر دی کہ انصاف کا تعلق ضمیر سے ہے‘ سکول سے ہرگز نہیں ہے۔ چنانچہ اگلے روز چوہدری محمد علی کو باعزت بری کر دیا گیا۔ ان دنوں ضیاء مرحوم کھاریاں میں ہوتے تھے۔ میں نے انہیں یہ واقعہ سنایا تو وہ میجر عمر حیات کی ایمانداری اور انصاف پروری سے بہت متاثر ہوئے۔ برسوں بعد جب وہ چیف آف سٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تو ایک ملاقات کے دوران پوچھا کہ تمہیں میجر عمر حیات یاد ہے نا! میں نے اثبات میں سر ہلایا تو بولے اسے تلاش کرو‘ شاید اس کے کسی کام آ سکیں۔ پتہ چلا کہ وہ فوج سے ریٹائر ہو چکا ہے البتہ اس کا ایک بیٹا کیپٹن ہے۔ ضیاء شہید نے میجر عمر حیات کو بلوایا اور باپ کی دیانت داری کے صلے میں ان کے کیپٹن بیٹے کو تربیت کے لئے امریکہ بھجوایا۔
ایک دفعہ سید اقبال امام اور عبدالستار چاولہ نے خواہش ظاہر کی کہ ”بہت جی چاہتا ہے کہ ہم چاروں دوست ایک جگہ جمع ہوں اور بے تکلفانہ باتیں کریں۔“ میں رات کے کھانے پر آرمی ہاوٴس گیا اور مرحوم سے ان الفاظ میں دوستوں کی خواہش کا اظہار کیا کہ ہم تینوں نے فیصلہ کیا ہے کہ چندہ جمع کر کے آپ کو کھانے پر بلائیں۔شہید زیرلب مسکرائے اور اسی وقت کمشنر سرگودھا کو فون کرایا کہ ستار چاولہ کو سرکاری مہمان کی حیثیت سے اسلام آباد بھجوائیں۔ ان کی رہائش کا بندوبست فلیش مین ہوٹل میں کیا گیا تھا اور کھانے کا اہتمام ایوان صدر میں تھا۔ سو مرحوم نے لڑکپن کے دوستوں کی یہ خواہش پوری کر دی۔
چند سال قبل کا ذکر ہے ضیاء مرحوم نے مجھے ایک اہم کام کے سلسلہ میں اسلام آباد سے ٹوکیو فون کیا۔ 20 منٹ کی اس گفتگو کے بعد پوچھنے لگے تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے؟ میں نے جواب دیا ”ہشاش بشاش ہوں اور کوئی فکر دامن گیر نہیں۔“ کہنے لگے مجھے تو خراب لگتی ہے۔ میں نے پوچھا وہ کیوں؟ کہنے لگے کہ 20 منٹ کی اس گفتگو میں تم نے ایک بار بھی اپنی روایتی شگفتگی اور گوہر افشانی کا مظاہرہ نہیں کیا؟ میں ان کا اشارہ سمجھ گیا اور محبت بھرے الفاظ میں چند دوستوں کا ذکر کرنے لگا۔ مرحوم نے قہقہہ لگایا اور کہا کہ اب ٹھیک ہے۔
ٹوکیو کے آکاساکا پیلس گیسٹ ہاوٴس کے لان میں ضیاء مرحوم لیفٹیننٹ جنرل خالد محمود عارف‘ سفیر پاکستان قمر الاسلام اور میں کھڑے گپ شپ کر رہے تھے۔ اس دوران قمر الاسلام مجھ سے مخاطب ہوئے اور پوچھنے لگے کہ ”کیا صدر صاحب کا یہ دورہ کامیاب رہا ہے؟“ میں نے جواب دیا کہ اگر صدر مملکت خوش جا رہے ہیں تو سمجھو دورہ کامیاب ہے۔ میرے اس جواب پر سب نے قہقہہ لگایا اور ضیاء مرحوم نے برجستہ کہا ”مسٹر قمر الاسلام اطمینان رکھو میں بہت خوش جا رہا ہوں۔“
شہید کی تفریح اور دلچسپیوں میں بھی معصومیت اور سادگی جھلکتی تھی۔ رموز سلطنت کی بھاری ذمہ داریوں کی تھکن کے باوجود شگفتہ باتیں کیا کرتے تھے۔ کراچی میں مقیم ان کے بھائی کی کار چوری ہو گئی اور چند روز بعد برآمد کر لی گئی۔ اسلام آباد سے کراچی گئے تو ایئرپورٹ پر آئی جی سندھ سے کہنے لگے ”مبارک ہو بچے کی کار مل گئی ہے۔“ آئی جی نے فخرمندی سے جواب دیا ”جی ہاں جناب تیسرے روز ہی برآمد کر لی گئی تھی۔“ مسکرا کر بولے ”کار اسی کی ہے یا کسی دوسرے سے چھین کر دے دی ہے؟“
ان کی گفتگو میں ہلکے پھلکے طنز ومزاح کا اندازہ اس واقعہ سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فیصل آباد کے ریسٹ ہاوٴس میں کھانے کے دوران اچانک ڈپٹی کمشنر سے مخاطب ہوئے اور پوچھنے لگے چوہدری جی! ہم جو مرغیاں کھا رہے ہیں کہیں پٹواری سے تو نہیں منگوائیں؟ ظالم نے گاوٴں کے گاوٴں خالی کر دیئے ہوں گے۔
ربانی شیفتہ کہتے ہیں کہ
میں سیاسی آدمی ہوں اور نہ ہی سیاسی سوجھ بوجھ رکھتا ہوں۔ ڈپلومیسی کے انداز اور حکمرانی کے رموز بھی نہیں جانتا۔ میں نے ضیاء مرحوم کو ہمیشہ دوستی کی عینک سے دیکھا ہے اور ان کے سیاسی‘ سرکاری اور انتظامی امور سے ہمیشہ الگ تھگ رہا ہوں۔ میں چیف آف آرمی سٹاف‘ چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور صدر پاکستان کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ اپنے دوست کے بارے میں دعویٰ کر سکتا ہوں کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے تھے اور لگی لپٹی بھی نہیں رکھتے تھے۔ میرے پاس اس کی دلیل یہ ہے کہ وہ جو کام نہیں کرنا چاہتے تھے صاف کہہ دیتے تھے اگر وہ کوئی کام کر نہیں سکتے تھے تو یہ نہیں کہتے تھے کہ کہہ دیا گیا ہے بلکہ جواب دیتے یار! میں بھول گیا ہوں۔ اور ایسا بارہا ہوا ہے۔ میرے نزدیک ”ایرر آف ججمنٹ“ جھوٹ نہیں ہوتا۔ میں نے اپنے دوست کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ اس کی جوانی کا بہت بڑا حصہ کھلی کتاب کی طرح میرے سامنے ہے۔ اس کا بچپن بھی چھپا ہوا نہیں ہے اور میں یہ بات دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ اس نے کبھی گناہ نہیں کیا اور ظاہر ہے گناہوں سے دور رہنے والا جھوٹ نہیں بولا کرتا۔ انہوں نے دوستوں سے جس طرح نباہ کیا ہے دوست اگر اس پوزیشن میں ہوتے تو شاید ان کی طرح یہ سب کچھ نہ کر سکتے۔ یہ بھی مرحوم کی سچائی اور اخلاص کی دلیل ہے۔
#    دوست کے بقول
میرا دوست ولی نہیں تھا اور نہ ہی یہ کہنا درست ہے کہ وہ پیدائشی طور پر مجتہد یا قلندر تھا۔ البتہ اس کی انسانی عظمت اور خدا پر پختہ یقین سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ راستوں‘ مسافتوں اور منزلوں نے البتہ اسے یہ احساس ضرور دلا دیا تھا کہ سب کچھ اللہ ہی کے لئے ہے اور نجات کا ذریعہ بندگی میں ہے۔ میں یہ بات اس لئے کہہ رہا ہوں کہ کسی نے ولی ہو کر انسان شناسی کی تو کیا کی! انسان ہو کر انسان دوستی کرنا عظمت وبزرگی کی معراج ہے۔ وہ اگر روضہٴ رسول ﷺ کی جالی سے لپٹ کر رویا کرتے تھے‘ طواف کعبہ کے دوران اشکبار ہوتے تھے تو اس لئے نہیں کہ ولی تھے بلکہ وہ یہ سوچ کر آنسو بہاتے تھے کہ خدا نے انہیں اتنا بلند مرتبہ دیا ہے لیکن وہ کوشش کے باوجود خلق خدا کی پریشانیاں دور نہیں کر سکتے۔ ہو سکتا ہے کہ انہیں ماضی کے بعض نادانستہ گناہوں کا احساس بھی ہو اور یہی چیز انہیں مکہ اور مدینہ کے درمیان دوڑائے پھرتی ہو۔ میں اگر یہ کہوں کہ صدر پاکستان اپنی بے بسی اور مجبوری پر رویا کرتے تھے تو میری نظر میں یہ غلط نہیں ہو گا۔
میں نے انہیں سب سے پہلے نویں جماعت میں نماز پڑھتے دیکھا۔ سٹیفن کالج میں بھی عبادت کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ سٹیفن کالج کا ماحول کچھ اس قسم کا تھا کہ ان کی نمازیں اکثر قضا ہو جاتی تھیں۔ کبھی کبھار کھیل کود اور تفریح میں بھی ان کو نماز کا دھیان نہیں رہتا تھا۔ میں نے سنا ہے کہ سیاچن کے محاذ پر شہید ہونے والے اس مجاہد کے خط نے انہیں بہت متاثر کیا تھا جس کی نمازیں قضا ہوئی تھیں۔ میرے نزدیک اس خط کی اثراندازی کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ مرحوم کی اپنی نمازیں بھی قضا ہوئی تھیں اور ہاں میں کہہ رہا تھا کہ میں نے انہیں ایام طالب علمی میں نماز پڑھتے دیکھا تھا۔ برما اور جاوا سماٹرا کی فرنٹ لائن پر بھی یقینا وہ اپنے فرض کی ادائیگی کو نہیں بھولے ہوں گے۔ بے شک وہ نماز روزہ کے پابند تھے لیکن لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے تک دین کے خاص مبلغ نہیں تھے۔ دوسروں کو نماز پڑھنے کی تلقین انہوں نے چیف آف سٹاف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کی۔ وہ شاید اس لئے کہ فوج کی حد تک نماز پڑھنے کے احکامات جاری کرنے کی پوزیشن میں آ گئے تھے اور جب انہوں نے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے عنان حکومت سنبھالی اور پھر صدر پاکستان ہوئے تو پھر شہریوں کی توجہ بھی نماز کی طرف دلائی اور اسے اپنا فرض منصبی جانا اور اسی طرح بتدریج اسلامی تعلیمات کے نفاذ کے لئے قوانین مر تب کرتے رہے کہ ملک کے آئینی سربراہ اور حکومت کے چیف ایگزیکٹو ہونے کے ناطے وہ ایسا کر سکتے تھے۔ وہ روتے اس لئے تھے کہ بااختیار ہونے کے باوجود برائیوں کی اس بھیڑ میں وہ خود کو تنہا سمجھتے تھے۔
میرا ذاتی خیال ہے کہ موت کے بعد روح زندہ ہی نہیں رہتی‘ دیکھی اور سنتی بھی ہے اور جو کچھ میں کہنا چاہ رہا ہوں میرے دوست کی روح یقینا سن رہی ہو گی۔ میں نے اپنی زندگی میں انہیں تین بار روتے دیکھا ہے۔ پہلی بار ایک بیوہ کی درخواست پڑھتے ہوئے‘ دوسری بار سید اقبال امام کی میت پر اور تیسری بار جب میں ان کے نام ایک جذباتی خط چھوڑ کر ناراضگی کے عالم میں واپس ٹوکیو چلا گیا تھا۔ مجھے ٹوکیو پہنچے ہوئے بمشکل دو روز ہوئے تھے کہ مرحوم نے میری بیٹی انجم کو فون کیا اور کہا کہ اپنے باپ کو لے کر فوراً پاکستان آوٴ‘ انجم کی ضد پر واپس آیا تو میرے سینے سے لگ کر رونے لگے۔ بولے ”یار! اتنے پیارے دوست ہو کر ناراض ہو جاتے ہو۔“ شہید کو اپنے دوستوں سے کچھ لینے کی ہرگز تمنا نہیں تھی بلکہ وہ کچھ دے کر خوش ہوتے تھے لیکن مجھے فخر ہے کہ انہوں نے مجھ سے تین چیزیں خود مانگیں۔ پہلی دفعہ فوج میں جاتے ہوئے میرا کمبل‘ دوسری بار ملتان میں میرا سوٹ ہینگر اور آخری بار 1983 میں جاپان کے دورے کے دوران میری کمپنی کا تیار کردہ برقی مور جو زین کے کمرے میں رکھا رہتا تھا۔ بچی کو مور سے کھیلتے دیکھ کر مرحوم نے جاپان سے چند چیزیں منگوائیں‘ میں یہ چیزیں لے کر ان کے گھر گیا تو پوچھنے لگے کتنی قیمت ہے؟ میں نے غصے میں چیزیں سمیٹیں اور بریف کیس میں رکھتے ہوئے کہا ”تم بازار سے خرید لینا۔“ کہنے لگے ”بلاوجہ ناراض نہیں ہوا کرتے‘ ان چیزوں کا آرڈر چونکہ ملٹری سیکرٹری کے توسط سے دیا گیا تھا لہٰذا کوئی خوامخواہ غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو جائے۔ انہوں نے اپنے ذاتی اکاوٴنٹ سے مجھے چیک کاٹ کر دیا جو میں نے رکھ لیا۔ یہ الگ بات ہے کہ کیش نہیں کرایا۔ انہوں نے ایک بار پوچھا تو میں بات گول مول کر گیا۔
ضیاء مرحوم کے والد اکبر علی بہت دیندار‘ پابند صوم وصلوٰة اور سنجیدہ انسان تھے۔ مذہب سے ان کی والہانہ شگفتگی کا نتیجہ تھا کہ وائسرائے کے ہاوٴس ہولڈ منیجر برائے کمانڈر انچیف‘ خان بہادر حافظ عبدالحکیم نے انہیں مولوی کا نام دے رکھا تھا۔ وہ طبیعت کے زودرنج تھے اور ضیاء مرحوم پر والد کا رنگ غالب تھا۔ میجری تک ان کے مزاج میں غصہ موجود رہا اور معمولی بات کو محسوس کر جاتے تھے لیکن کرنل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد ان کے مزاج میں نہ صرف ڈرامائی تبدیلی آ گئی بلکہ وہ حلیم وشفیق ہو گئے اور انکسار وعاجزی ان کا خاصہ بن گیا۔ وہ کیا واقعہ تھا میں کبھی نہیں جان سکا اور نہ انہوں نے بتانا چاہا۔
میں نے کچھ لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا ہے کہ اپنی زندگی کی معراج پا کر شہید کو نہ صرف بہت حد تک دوست دشمن کی تمیز نہیں رہی تھی بلکہ وہ خوشامد پسند بھی ہو گئے تھے۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایک انسان تھے اور انسانی کمزوریوں کے ساتھ زندہ تھے۔ کوئی انسان مکمل نہیں ہوتا اور آدمی کسی بھی رنگ میں ہو آدمی رہتا ہے فرشتہ نہیں بن جاتا۔ اگر دوستوں کے انتخاب میں ان سے کوئی بھول چوک ہوتی ہے تو اس بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ پہاڑ کی بلند ترین چوٹی پر بیٹھا ہوا ایک شخص وادی میں بکھری ہوئی ہر چیز کو نمایاں طور پر شناخت نہیں کر سکتا۔ بلندی او رپستی کی غلطیوں کا امکان تو بہرطور رہتا ہے۔ رہ گیا مسئلہ خوشامد کا تو یہاں بھی انسانی فطرت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ خدا نے ہر شخص کے مزاج میں خودپسندی کا عنصر داخل کر رکھا ہے اور پھر جس آدمی کے اردگرد ہر وقت خوشامدی جمع رہتے ہوں اور چرب زبانی کا استعمال جانتے ہوں وہ اپنی تمام تر اچھائیوں کے ساتھ ذات کی کمزوریوں سے کہیں نہ کہیں مات کھا جاتا ہے۔ ضیاء مرحوم میرے بچپن کے دوست تھے اور کبھی خوشامد کو پسند نہیں کرتے تھے۔ انہیں تو دوستوں کی زبانی اپنی تعریف اچھی نہیں لگتی تھی بعد میں اس میں اگر کوئی تبدیلی آئی تو اس کی ایک وجہ میری سمجھ میں آتی ہے کہ وہ چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر تھے۔ ایک روز وہ میرے آگے آگے چل رہے تھے۔ درمیان میں ایک سینئر افسر تھا اور میں اس کے پیچھے جا رہا تھا۔ گفتگو کے دوران اس سینئر افسر نے مرحوم کی شیروانی کی تعریف شروع کر دی۔ کہنے لگا ”آپ پر خوب پھبتی ہے؟“ انہوں نے پیچھے مڑ کر پوچھا کہ آپ نے کیا کہا؟ اس سے پہلے کہ سینئر افسر جواب دیتا میں نے دخل در معقولات کرتے ہوئے کہا ”جناب آپ دھیان نہ دیجئے۔ یہ شخص شیروانی کی تعریف کر رہا ہے حالانکہ آپ کی شیروانی سے کہیں اچھی میری اچکن سلی ہوئی ہے۔ میں چونکہ بااختیار نہیں ہوں اس لئے ایک خوشامدی افسر کو آپ ہی کا لباس خوبصورت لگے گا۔
رات کے دو بجے تھے‘ اے کے بروہی صدر صاحب سے رخصت ہوتے ہوئے کچھ کہنا چاہتے تھے لیکن میری موجودگی سے جھجک رہے تھے۔ ضیاء مرحوم نے ان کی پریشانی کو بھانپتے ہوئے میری طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ”آپ بات کریں‘ میرا دوست قطعی غیرسیاسی آدمی ہے۔“ اے کے بروہی گویا ہوئے ”جناب! آپ بہت کام کرتے ہیں‘ یقینا تھک جاتے ہوں گے‘ دعا ہے کہ میری زندگی بھی آپ کو لگ جائے۔“ وہ چلے گئے تو میں نے کہا ”جان برادر ان لوگوں کی باتیں نہ سنا کرو۔ تم اپنے گھر کے آرام دہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر بھلا کیا تھکو گے۔ تھکا ہوا تو وہ شخص ہے جو شام سے فائل لئے باہر بیٹھا ہے اور اس انتظار میں ہے کہ کب طلب کیا جائے گا اور عالی مرتبت کا موڈ کیسا ہو گا۔ مرحوم نے ایک لحظہ کے لئے میرے الفاظ پر غور کیا اور بولے ”تم ٹھیک کہتے ہو عطا۔“
جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیا کہ مرحوم ابتداء میں بہت زود رنج تھے اور ایسی کیفیت میں خاموشی اختیار کر لیتے تھے‘ بعد میں ان کا مزاج یکسر بدل گیا۔ ممکن ہے اس میں عبادت کا دخل ہو یا کوئی حادثہ اس کا محرک بنا ہو۔ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے جب وہ پہلی بار روضہٴ رسول کی زیارت کر کے واپس آئے تو بھرائی ہوئی آواز میں بتانے لگے کہ اردن میں بریگیڈیئر کی حیثیت سے متعین تھے‘ عمرہ کے لئے مکہ معظمہ پہنچے اور چاہا کہ طواف کعبہ کے بعد روضہٴ رسول ﷺ پر بھی حاضر ہوں۔ بھاگم بھاگ وہاں پہنچے تو محافظوں نے منت سماجت کے باوجود اندر جانے کی اجازت نہ دی اور انہیں بے نیل ومراد واپس آنا پڑا اور اب ایک مدت بعد جب ان پر مسجد نبوی کے سارے دروازے کھلے اور ”شرطے“ مودب ہو کر ان کے سامنے کھڑے ہو گئے تو خدا کے حضور عجز سے ان کا سر جھک گیا۔ ممکن ہے اسی واقعہ سے مرحوم کی زندگی میں تغیر آ گیا ہو۔
#    دوست دوست کو یاد کر رہا ہے
وہ کہتے ہیں کہ میرا دوست دنیا کا سب سے مطمئن اور خوش انسان ہوتا اگر ان کی بیٹی زین کی سرجری ہو جاتی۔ زین سے انہیں والہانہ پیار تھا اور اس کے چہرے کی ایک شکن بھی برداشت نہیں کر سکتے تھے۔ اکثر کہا کرتے تھے کہ مجھے زین کو دیکھ کر معذوروں کے دکھ کا احساس ہوا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ زین ہی اپنے عظیم اور مصروف باپ کی توجہ روگی انسانوں کی طرف دلانے کا باعث بنی تھی۔ مرحوم کی روح اگر اس لئے بے چین ہو گی کہ وہ پاکستان میں اسلامائزیشن کا عمل پورا نہیں کر سکے۔ افغان مہاجرین کو کیمپوں ہی میں چھوڑ کر آئے ہیں تو اس لئے بھی مضطرب ہو گی کہ ”زین اپنی والدہ اور بہن بھائیوں کے ہوتے ہوئے بھی اکیلی رہ گئی ہے اور صبح و شام ان کی راہ دیکھ رہی ہے۔
میرا عظیم دوست اس دنیا میں موجود نہیں‘ وہ مرحوم ہے‘ شہید ہے لیکن اس کا نام اپنی عظمتوں اور بلندیوں کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہے گا اور ملک وقوم اور عالم اسلام کے لئے ان کے جاری کردہ مشن کا یہ تقاضا ہے کہ مرحوم کی صاف ستھری زندگی سے خودساختہ باتیں منسوب نہ کی جائیں اور نہ انہیں دنیا کے سامنے ولی‘ مجتہد یا قلندر بنا کر پیش کیا جائے۔ وہ انسان تھے‘ ہاں مگر عظیم اور خداشناس انسان تھے‘ یہی کیا کافی نہیں کہ وہ پورے انسانی شرف کے ساتھ زندہ رہے اور متوکل بندے کی طرح راہ حق کے مسافر ہو گئے۔
اور اب جب کہ میں‘ انہیں یاد کرتے ہوئے دوستی کا ایک ورق الٹ رہا ہوں مجھے سمندر پار بیٹھے اپنے ہی الفاظ یاد آ رہے ہیں۔ سید اقبال امام کی موت پر میں نے مرحوم سے کہا تھا ”دعا کرو کہ اب میں مر جاوٴں تاکہ تمہارا اور ستار کا دکھ نہ دیکھ سکوں۔ لیکن میرے دوستوں نے شاید پہلے ہی کچھ مانگ لیا تھا کہ ایک سال کے اندر اندر ستار اور ضیاء خدا کو پیارے ہو گئے‘ یقینا وہ میری موت کا دکھ نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ میرے دل میں حسرت ہی رہ گئی کہ ضیاء میرے جنازے کو کندھا دیں گے۔
تنہائیوں کی بھیڑ میں گم ہو گئے ہیں لوگ

آواز دے رہا ہوں کوئی بولتا نہیں
ضیاء الحق دور سے پہلے
                تحریر: پیر کرم شاہ الازہری

5 جولائی 1977ء سے پہلے پاکستان کی جو حالت زار تھی‘ اس کی المناک اور تلخ یادیں فراموش کرنے کی کس میں ہمت ہے۔ قومی زندگی کا ہر شعبہ انتشار بلکہ تخریب کا شکار ہو چکا تھا۔ صنعت وحرفت تباہ‘ زراعت کا نظام درہم برہم‘ تعلیمی ادارے فتنہ وفساد کی آماجگاہ بن کر رہ گئے تھے۔ اساتذہ اپنے طلباء کو پڑھانا اپنی ذمہ داری تصور نہیں کرتے تھے۔ ان کے شاگردوں کا اس کے علاوہ اور کوئی کام نہیں تھا کہ وہ اپنے اساتذہ کا گھیراوٴ کریں۔ ان کے خلاف نعرے لگائیں‘ ان کے دفاتر پر قبضہ جما کر انہیں وہاں سے نکال دیں۔ اپنی درسگاہوں کی عمارتوں کے شیشے اور فرنیچر توڑیں اور جی میں آئے تو کالجوں اور یونیورسٹیوں کی قیمتی بسوں کو نذر آتش کر دیں۔ عام بسوں پر بے ٹکٹ سیر کرنا اور اپنا قیمتی وقت ضائع کرنا ان کا معمول بن چکا تھا۔ اگر کوئی ڈرائیور غلطی سے انہیں اس پر ٹوکتا تو مل کر اس کی مرمت کرتے اور لاکھوں روپے کی بس کو آگ لگا کر بھسم کر دیتے۔
اخلاقی انحطاط وزوال ایک سیلاب کی طرح امڈ کر آ گیا تھا جو ساری اخلاقی قدروں کو جڑ سے اکھیڑ رہا تھا اور نیکی کا جو روشن چراغ اندھیروں سے الجھتا ہوا نظر آتا‘ اس کو گل کردیا جاتا تھا۔
وہ پاکستان جو اسلام اور صرف اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا جس کی بنیادوں میں ہزاروں نہیں لاکھوں شہیدوں کا خون ملا ہوا تھا۔ اسلام کے اس گلشن کو پرُبہار دیکھنے کے شوق میں کروڑوں فرزندانِ اسلام نے اپنے وطن چھوڑے اور دختران اسلام نے اپنے سہاگ لٹائے تھے۔ اب اسی پاکستان کی شاہراہوں پر ”اسلام مردہ باد‘ سوشلزم زندہ باد“ کے نعرے لگ رہے تھے اور ان نعرہ بازوں کے منہ میں کوئی لگام دینے والا نہیں تھا۔ حکومت نام کی جمہوری تھی لیکن اس سے بدترین اور ظالم آمریت شاید ہی اہل پاکستان نے کسی عہد میں دیکھی ہو۔ بڑے صاحب سے اختلاف رائے کی جرأت کرنے والوں کے لئے جگہ جگہ دلائی کیمپ قائم کر دیئے گئے تھے۔ ذرا کسی نے سر اٹھایا‘ دوسرے دن اس کو کسی کیمپ میں دھکیل دیا گیا۔ کابینہ کے کسی سینئر وزیر کی بھی مجال نہیں تھی کہ بڑے صاحب کے سامنے دم مار سکے یا ان سے اختلاف کر سکے۔ جس نے کبھی ایسی غلطی کی تو بھری محفل میں بوٹوں کی ٹھوکروں سے اس کی ٹھکائی کر دی جاتی۔ ذرا سی برہمی پر نایاب قلمی آموں کے سرسبز وشاداب باغوں کو جڑ سے اکھیڑ دیا جاتا اور ان پر ٹریکٹر چلوا دیئے جاتے۔ شریف شہریوں پر بھینسیں چوری کرنے کے مقدمات قائم کر دینا ہر روز کا معمول بن چکا تھا جس نے انتظامیہ کے وقار کو خاک میں ملا دیا تھا۔ کارخانوں کو ان کے مالکوں سے چھین کر اپنے ناتجربہ کار اور غیر ذمے دار حواریوں کے حوالے کر دیا جاتا تاکہ وہ جس طرح چاہیں ملکی دولت کو لوٹیں اور مزے اڑائیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ وہ کارخانے جو کروڑوں روپیہ نفع کما رہے تھے وہ خسارے کا شکار ہو گئے۔ زرعی اصلاحات کا ڈھونگ رچایا گیا لیکن اس سے اپنی زمینوں پر بلطائف الحیل آنچ نہ آنے دی اور اپنے دوستوں کو بھی اس کی زد سے بچانے کی تدبیریں کر لی گئیں۔ صرف ان لوگوں پر یہ ہتھیار آزمایا گیا جو یا تو سیاسی اثر ورسوخ سے بے بہرہ تھے یا بڑے صاحب کی مرضی کے خلاف کچھ بولنے یا سوچنے کی گستاخی کے مرتکب ہوئے تھے۔
”قائدعوام“ اور ”فخر ایشیا“ کے خودساختہ القاب پر مغرور ہونے والوں نے اپنی جمہوریت پسندی‘ عوامی حلقوں میں اپنی بے پایاں مقبولیت اور محبوبیت کا مظاہرہ کرنے کے لئے 1977ء کے آغاز میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرائے‘ وہ انتخابات کیا تھے؟ عوام کے ساتھ ایک بدترین مذاق تھا‘ جمہوریت ایک غلیظ گالی تھی‘ اپنی پارٹی کے ماتھے پر ایک کلنک کا ٹیکہ تھا جس کی سیاہی گھٹنے کے بجائے دن بدن بڑھتی جا رہی تھی۔ ان کی پارٹی کے امیدواروں نے بیشتر مقامات پر پولیس افسروں کے ساتھ سازباز کر کے اپنے مخالفین کو راتوں رات اغوا کر لیا۔ ان کو آبادی سے دور کسی ڈاک بنگلے میں حبس بے جا میں رکھا‘ ان پر تشدد کیا اور انہیں مجبور کیا کہ وہ اپنی درخواست واپس لے لیں۔ جن مقامات پر الیکشن ہوئے وہاں کیا کچھ نہیں ہوا۔ رائے عامہ کی مٹی کیسے پلید کی گئی۔ قانون کے تقدس کو اپنے گندے پاوٴں کے نیچے کیسے روندا گیا۔ پہلے سے تیار کردہ انتخابات کے نتائج کو سرشام جس ڈھٹائی سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے نشر کیا گیا‘ یہ ایک ایسی اذیت ناک داستان ہے جو بتائی جا سکتی ہے اور نہ بھلائی جا سکتی ہے۔
پاکستانی قوم مجموعی طور پر صبر اور تحمل کی خوبیوں سے مالامال ہے‘ وہ پیپلزپارٹی کی جملہ زیادتیوں کو برداشت کرتی رہی لیکن انتخابات کا ہنگامہ رچا کر اس پارٹی کے لیڈروں نے عوام کے حق رائے دہی کی جب تذلیل کی تو ان کا پیمانہٴ صبر لبریز ہو گیا‘ احتجاج کی ایک ایسی ملک گیر تحریک اٹھی جس نے سارے سابقہ ریکارڈ مات کر دیئے۔ صرف بڑے بڑے شہر ہی نہیں بلکہ قصبے‘ گاوٴں اور دیہات میں بھی اس تحریک کے شعلے بھڑکنے لگے‘ جیلیں بھر گئیں‘ ٹریفک جام ہو گئی‘ کاروبار بند ہو گئے‘ دفتروں میں حاضری برائے نام رہ گئی۔ بڑے صاحب نے اقتدار کے نشے میں غیور قوم کی غیرت کو للکارا تھا جس نے چند سال پہلے اپنے کندھوں پر اٹھا کر ان کو اور ان کے ہمجولیوں کو قصراقتدار تک پہنچایا تھا۔ جب انہوں نے عوام کی غیرت کو للکارا تو قوم کا بچہ بچہ کفن بدوش سربکف میدان میں اتر آیا۔ ملک کے ہر گوشے سے اسلام زندہ باد اور ہر غیراسلامی ازم مردہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہونے لگے۔ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی گونج سے باطل کے ایوانوں پر لرزہ طاری ہو گیا۔ اشک آور گیس کے گولے پھٹ رہے تھے‘ رائفلیں تڑتڑ گولیاں برسا رہی تھیں اور حسن مصطفوی کے پروانے اپنے آقا کے نظام کی آن پر بصدجوش ومسرت جان کے نذرانے پیش کر رہے تھے۔ اس عشق کے طوفان پر قابو پانے کے لئے اہل اقتدار نے بڑے جتن کئے لیکن ان کی ہر تدبیر ناکام ہوئی۔ انہوں نے آخری حربے کے طور پر اسلام کے جیالے مجاہدوں کی فہرستیں بنانی شروع کر دیں اور ان کے گھروں کو نشان زدہ کرنے کے منصوبے بننے لگے تاکہ ان لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جائے۔ ان کا خیال تھا جب یہ چند سرپھرے نہیں رہیں گے تو پھر ان کے تخت اقتدار کو کوئی خطرہ نہیں رہے گا لیکن یہ ان کی بھول تھی‘ ہر مومن ماں جو بچہ جنتی ہے وہ حسن مصطفی کا دیوانہ بن کر پیدا ہوتا ہے۔ ایک علم الدین شہید ہوتا ہے تو سینکڑوں علم الدین اس کی جگہ پر کرنے کے لئے آگے بڑھ آتے ہیں۔ شہادت گہِ الفت کو بھی یہ شکوہ نہیں ہوا کہ حسن کی آن پر قربان ہونے والا کوئی نہیں۔
ان کربناک اور المناک حالات میں رحمت الٰہی نے اپنے محبوب کریم کی امت پر رحم فرمایا اور ان طوفانوں میں گھری ہوئی‘ ہلاکت کے گردابوں میں پھنسی ہوئی کشتی کو نکالنے کے لئے اپنے ایک بندے کو مقرر فرمایا۔ 5 جولائی 1977ء کی نورانی صبح کو قوم نے یہ مژدہٴ جان افزا سنا کہ جنرل محمد ضیاء الحق نے پیپلزپارٹی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے۔ وزیر اور ان کی کابینہ کے سارے ارکان کو ریسٹ ہاوٴسوں میں ٹھہرا دیا گیا ہے اور وہ صاحب بخیریت ہیں اور بحفاظت ہیں۔ یہ خبر سنتے ہی سارے ملک میں مسرت وشادمانی کی لہر دوڑ گئی۔ ایسا معلوم ہونے لگا جیسے ابر رحمت نے برس کر فتنہ وفساد کے سارے شعلوں‘ سارے انگاروں کو بجھا دیا ہے۔
ضیاء الحق حق کی ضیاء بن کر گیارہ سال ایک ماہ اور بارہ دن تک اپنے ملک پر ضیاپاشیاں کرتا رہا۔ اپنی مسکراہٹیں بکھیرتا رہا۔ اپنی پیاری شخصیت سے دکھی دلوں کو سکون بخشتا رہا۔ بیواوٴں‘ یتیموں اور معذوروں کا آسرا بنا رہا اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دشمنوں کے سامنے فولاد کی دیوار بن کر کھڑا رہا۔ بڑی آزمائشوں نے اس کو اپنے موٴقف سے ہٹانا چاہا لیکن اس نے نہ سرکنا تھا اور نہ سرکا۔ اس کے دل میں روز اول سے اپنی زندگی کے آخری لمحوں تک ایک ہی آرزو تھی اور اس کے دماغ میں ایک ہی سودا تھا کہ پاکستان میں نظامِ مصطفی کا نفاذ ہو۔ اسلام کا بول بالا ہو۔ چنانچہ انہوں نے 11 جولائی 1977ء کو ملک بھر کے مدیرانِ اخبارات وجرائد کے سامنے جو تقریر کی تھی اس میں کھلم کھلا یہ اعلان کیا تھا ”میری وابستگی اگر ہے تو صرف اور صرف اسلام اور پاکستان سے ہے‘ یہ میرا عقیدہ اور ایمان ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف اور صرف اسلام سے وابستہ ہے۔“
ان کے اس عقیدے میں کبھی لچک پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس کے اظہار میں کبھی معذرت خواہانہ طرز عمل اختیار نہیں کیا۔ ان کی نجی محفل ہو یا عام اجتماع‘ ملک میں ہو یا بیرون ملک‘ اسلام سے اپنی وابستگی اور اسلام کی عظمت اور مکمل نظام حیات ہونے پر انہوں نے ہمیشہ بڑے قلندرانہ انداز میں اظہار خیال کیا ہے چنانچہ اپنی اس تاریخی تقریر میں جو انہوں نے 15 جون کو نفاذِ شریعت آرڈیننس کے سلسلے میں کی‘ اس کی ابتداء میں ان کے یہ جملے کتنے یقین افروز اور ایمان پرور ہیں:
”جب میں نے 5 جولائی 1977ء کو عنانِ حکومت سنبھالی تھی‘ میں اس وقت سے آج تک ہر فورم‘ ہر پلیٹ فارم اور ہر موقع پر کہتا چلا آ رہا ہوں کہ نفاذِ شریعت ہی ہماری تخلیق کا جواز ہے۔ نفاذِ شریعت ہی ہمارے وجود کا سہارا اور نفاذِ شریعت ہی ہماری بقا کی ضمانت ہے۔“
”المسلمون“ ایک بین الاقوامی جریدہ ہے جس کی 9 ستمبر 1988ء کی اشاعت میں انہوں نے اس ضیافت کا ذکر کیا ہے جو شہید صدر نے اپنی شہادت سے صرف چند روز پہلے‘ چند حضرات کے اعزاز میں آرمی ہاوٴس میں دی تھی‘ ان مہمانانِ گرامی میں ڈاکٹر عبداللہ عمر النصیف جنرل سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی‘ شیخ عبداللہ بن ہیہ سابق وزیر موریطانیہ‘ ڈاکٹر حامد الرفاعی پروفیسر جامعہ ملک عبدالعزیز شامل تھے۔ پروفیسر حامد الرفاعی کہتے ہیں ”جب ہم آرمی ہاوٴس پہنچے اور صدر صاحب کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھے تو اثنائے گفتگو صدر صاحب نے کہا ’میں اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء کا حق ادا نہیں کر سکتا کہ اس نے مجھے توفیق دی کہ میں اپنی زندگی کی عزیز ترین امنگ کو پورا کر سکا‘ وہ یہ کہ میں نے شریعت اسلامی کے نفاذ کے آرڈیننس کا اعلان کر دیا ہے۔ اب اگر مجھے قتل بھی کر دیا جائے یا میرے خلاف فوجی انقلاب برپا کر کے مجھے اقتدار سے معزول بھی کر دیا جائے تو میرا ضمیر مطمئن اور مسرور ہو گا کہ جس کام کی میرے دل میں تمنا تھی وہ میں نے پورا کر لیا ہے۔“
یہ کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔ گزشتہ حکومتوں نے پاکستان کے عوام کو دین اسلام کی راہ سے ہٹا کر لادینیت کی راہ پر گامزن کر دیا تھا۔ اب پھر اس کو صراطِ مستقیم پر لے آنا کسی ایسے مرد مومن کا ہی کارنامہ ہو سکتا ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے مضبوط کردار اور محکم یقین کی دولت سے مالامال کیا ہو۔ یہ گیارہ سال کا عرصہ پاکستان کے لئے انتہائی آزمائش اور خطرناک امتحانات کا عرصہ تھا۔ اس عرصے میں قوم کی قیادت اگر کسی کمزور دل اور کمزور ایمان والے شخص کے ہاتھ میں ہوتی تو معلوم نہیں پاکستان کا انجام کیا ہوتا۔ مشرق میں بھارت جیسا ملک جو روز اول سے اپنے تمام وسائل جنگی تیاریوں میں جھونک رہا ہے۔ اس کی عوام کو دو وقت کی روٹی نہیں ملتی۔ تن ڈھانکنے کو چیتھڑا میسر نہیں۔ اس کے لاکھوں مکین فٹ پاتھوں پر رات بسر کرتے ہیں لیکن اسے ان لوگوں کی ذرا پروا نہیں۔ اس پر ایک ہی جنون سوار ہے کہ وہ اپنے تمام وسائل کو جنگی تیاریوں میں جھونک دے اور اتنا مضبوط ہو جائے کہ پاکستان کے ساتھ ٹکر لے سکے۔
مغربی سرحد پر افغانستان میں روس کے در آنے سے اور اس اسلامی مملکت پر اپنا غاصبانہ قبضہ جمانے سے پاکستان کی سا لمیت کے لئے جو سنگین خطرہ پیدا ہو گیا تھا‘ وہ محتاج بیان نہیں‘ ہماری چاروں سرحدیں غیرمحفوظ ہو گئیں۔ ہر سرحد پر ہمیں اپنے ایسے دشمنوں کی فوجیں جدید ترین اسلحے سے حملہ کرنے کے لئے تیار نظر آئیں جن کی قوت اور وسائل کی فراوانی کا اندازہ لگانا آسان نہیں۔ ان نازک حالات میں جب ہمارا اپنا وجود اور ہمارے ملک کی اپنی آزدی طرح طرح کے خطروں میں گھری ہوئی تھی۔ چالیس لاکھ افغان مہاجرین کو باعزت رہائش فراہم کرنا اور ایک سپرطاقت کے مقابلے میں جنگ کے لئے ان کی ہر طرح امداد کرنا ایک بندہٴ مومن ہی کی جرأت ہو سکتی ہے۔
اہل نظر سے پوشیدہ نہیں کہ افغان مجاہدین نے روس کی سپرپاور سے جو طویل جنگ لڑی‘ یہ درحقیقت ان کی آزادی کی جنگ اور پاکستان کے دفاع کی جنگ تھی۔ بڑے بڑے ایسے مواقع آئے کہ دشمنوں نے ہمیں مشتعل کرنے کی انتہائی سوقیانہ کوششیں کیں لیکن یہ مجاہد اسلام شہید ملت محمد ضیاء الحق کا حوصلہ تھا جس نے اپنے جذبات کو بے قابو نہیں ہونے دیا اور اپنے اعصاب کی مضبوطی کا ہر موقع پر ایسا مظاہرہ کیا کہ دشمن کو پچھتانے پر اور پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ اگر اس قسم کا لیڈر ہمارا قائد نہ ہوتا تو معلوم نہیں ہمارا ملک کتنی بار جنگ کے خون میں رنگین ہو چکا ہوتا۔ یہ انہی کی جرأت اور حوصلہ تھا جس نے افغان مجاہدین کو استقامت اور ثابت قدمی بخشی اور وہ ناگفتہ بہ حالات میں بھی دشمن کے سامنے سینہ سپر رہے اور صدر پاکستان کی کوششوں سے ان کو ساری آزاد دنیا کی ہمدردی اور عملی امداد حاصل رہی۔ صدر شہید کے اس کارنامے پر پاکستان کا آنے والا مورخ جب صحیح تجزیہ کرے گا اس کی قدر وقیمت کا اہل پاکستان کو تب صحیح احساس ہو گا۔ اہل غرض اب تو شکوک وشبہات کی گرد اڑا کر حقیقت کے رخ زیبا کو غبار آلود کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کئی کم نظر اور ظاہر بین اس کے دام فریب میں پھنس جاتے ہیں لیکن جب شکوک وشبہات کا غبار چھٹ جائے گا خفیہ راز بھی آشکارا ہو جائیں گے اور حقیقت کا رخ زیبا بے نقاب ہو جائے گا تب انہیں پتہ چلے گا کہ اللہ تعالیٰ نے ضیاء الحق کے وجود میں ہم پر کتنی رحمت فرمائی تھی۔
”المسلمون“ سے جو اقتباس میں نے پیش کیا ہے‘ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ صدر شہید کو اس بات کا پورا احساس تھا کہ اسلام کے دشمن اور پاکستان کے بدخواہ ان کی شمع حیات کو گل کرنے کے درپے ہیں لیکن شریعت اسلامیہ کا آرڈیننس نافذ کرنے کے بعد وہ اتنے مطمئن تھے کہ داعی اجل کو ہر وقت بصد مسرت لبیک کہنے کے لئے تیار تھے۔
چنانچہ 17 اگست 88ء کو وہ پاکستانی فوج کی فوجی مشقیں دیکھنے کے لئے بہاولپور گئے۔ سارا دن اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے بعد بہاولپور واپس آئے اور اپنے جہاز پر اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے تو بہت جلد وہ لمحہ آیا جو ہر ذی روح کا مقدر ہے اور جس کا بندہٴ مومن بے تابی سے منتظر رہا کرتا ہے۔ چنانچہ وہ اپنے ساتھیوں سمیت شہادت عظمیٰ کا تاج پہن کر کامران اور سرخرو ہو کر بارگاہِ رب العزت میں فائز المرام ہوئے۔ انہیں تو حیات جاوید نصیب ہو گئی جس کے وہ مستحق تھے لیکن اپنی قوم کو وہ سوگوار اور اشکبار چھوڑ گئے اور قوم نے جس عقیدت‘ جس محبت‘ جس سوز وگداز اور جس بے خودی اور وارفتگی سے اپنے محبوب درویش صفت‘ عادل‘ منکسر المزاج‘ شب زندہ دار‘ غریب پرور‘ یتیم نواز صدر کو الوادع کہی‘ اس کی نظیر دیکھنے کے لئے چشم فلک کو صدیوں انتظار کرنا پڑے گا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
لاکھوں آنکھوں نے آنسووٴں کے دریا بہائے۔ ان گنت دنوں نے درد وسوز کے ارمغان پیش کئے اور بے شمار بندگانِ خدا نے عجز ونیاز سے ڈوب کر اپنے شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے اپنے رحمن ورحیم کی بارگاہِ بے کس پناہ میں سسک سسک کر‘ رو رو کر التجائیں کیں جو یقینا رب کریم نے قبول فرمائی ہوں گی۔
اے شہید ملت! اللہ تعالیٰ تجھ پر ہمیشہ ہمیشہ اپنی رحمتوں کی بارش برساتا رہے۔ اس کی رحمت کے گلستاں میں جتنی خوبصورت کلیاں کھلتی ہیں وہ تیرے مرقد منور پر نچھاور ہوتی رہیں۔
تیرا ملک ( پاکستان )آباد رہے‘ اس میں اسلام کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ ہمیشہ لہراتا رہے۔
اپنے مبارک ہاتھوں سے نظام مصطفی کا جو پودا تو نے اس سرزمین پاک میں لگایا ہے اور جس کو تو نے اپنی دعا ہائے نیم شبی اور نالہ ہائے سحری سے سینچا ہے‘ وہ پھلے پھولے اور قیامت تک سدا بہار رہے۔
تیرا ذکر جاوداں رہے
تیری یاد کا چراغ ہمیشہ روشن رہے
تیری سادگی میں جو عظمیں تھیں‘ تیرے خلوص میں جو رعنائیاں تھیں‘ تیرے ایمان میں جو پختگی تھی‘ تیرے اسلام میں جو تابانی تھی اس کو یہ قوم ہمیشہ سلام کرتی رہے۔
ہم نے بندہٴ مومن کے اوصاف (جس میں فقر وشاہی کے دونوں جلوے نمایاں ہوں) کتابوں میں پڑھے تھے‘ لیکن تیرے پیکر مجازی میں انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔
اے محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے غلام!
اے جمال مصطفوی کے دل باختہ پروانے!
اے اسلام کے جیالے مجاہد!
تجھ پر اور تیرے ساتھیوں پر ان گنت سلام اور ان گنت رحمتیں۔







جنرل محمد ضیاء الحق کا بس ایک ہی خواب تھا
اسی کے لئے وہ روس سے لڑے
اسی کے لئے جونیجو سے جھگڑا ہوا
سید شبیر حسین

بری فوج کے سربراہ جنرل اسلم بیگ نے افغان عوام کے جہاد کو چھوٹی قوموں کی طرف سے مادی وسائل کی کمی کے باوجود اپنی آزادی کے تحفظ کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔ پاک افغان سرحد کے قریب پاک فوج کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گو افغانستان میں بیرونی جارحیت ختم ہو چکی مگر اس کے اثرات ابھی باقی ہیں‘ تاہم افغان عوام آخری فتح تک اپنی جدوجہد کو کامیابی سے جاری رکھیں گے۔ اس یقین کا اظہار ایک سپاہی کی طرف سے سپاہیوں کو خطاب کے دوران ہوا ہے‘ اسے سیاسی نعرہ بازی یا عوام کو اپنے جوش خطابت سے اپنے پیچھے نکالنے کی کوشش سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔
جنرل بیگ کے کئی بیانیات کی طرح یہ بھی اس اندھیرے میں روشنی کی ایک کرن ہے جو پچھلے چھ ماہ سے مجاہدین کے اردگرد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ تاہم جو سوالات افغان مجاہدین اور ہوش مند پاکستانیوں کے ذہنوں میں کچھ عرصے سے ابھر رہے ہیں‘ جنرل بیگ کے بیان سے ان کا خاطرخواہ خواب دستیاب نہیں ہوتا۔ حادثہ یہ ہوا کہ… وزیراعظم محمد خاں جونیجو کی سیاسی قیادت نے افغان عوام کی بے مثل قربانیوں سے پیدا ہونے والے مواقع سے پورا فائدہ اٹھانے سے گریز کیا… انہوں نے جنیوا مذاکرات میں‘ افغان مجاہدین کو نظرانداز کر کے جیتی ہوئی بازی کو ہار میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ جنرل ضیاء الحق اور افغان جہاد میں ان کے دست راست جنرل اختر عبدالرحمن کی شہادت کے بعد پاکستان کی نئی سیاسی حکومت نے باہوش وحواس ایک ایسا پروگرام ترتیب دیا جس کا مقصد نہ صرف مجاہدین کو پاکستان سے پچھلے دس سال سے ملنے والی حمایت سے محروم کرنا اور بے دست وپا کر کے روس کے آگے پھینکنا تھا۔
سب سے پہلے تو ایک سوچی سمجھی سکیم کے تحت آئی ایس آئی کے خلاف ایک مہم شروع کرائی گئی اور پھر اچانک جنرل گل کو اس انتہائی کامیاب اور موثر تنظیم سے الگ کر کے اس کی ہیئت کو یکسر بدل دیا گیا۔ اغلب خیال یہی ہے کہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے یہ سب کچھ کرتے وقت جنرل اسلم بیگ سے کچھ مشورہ نہ کیا اور نہ ہی انہیں پیشگی اطلاع ہونے دی۔ اس طرح جہاد افغانستان کے ایک پشت پناہ ادارے کو اپاہج کر دیا گیا۔ ساتھ ساتھ افواج کے سربراہوں کو بھی اشارہ مل گیا کہ افغان مجاہدین کے متعلق وزیراعظم خود اپنی مرضی سے فیصلہ صادر کیا کریں گی۔ گویا 13 لاکھ جانوں کا میدان جنگ میں نذرانہ پیش کرنے اور پچیس لاکھ کی تعداد میں بے گھر ہونے والی ہمسایہ مسلمان قوم اس قدر بے وقعت ہے کہ اسے پاکستان کی نعرہ باز قیادت جس طرف چاہے موڑ سکتی ہے۔
اسی غلط بینی اور غلط اندیشی کی بناء پر بے نظیر بھٹو صاحبہ نے اپنے امریکہ کے دورے کے دوران عجیب وغریب تجاویز پیش کیں اور اپنے قائدانہ استحکام کے زعم میں افغان مجاہدین کے بارے میں کئی تکلیف دہ ارشادات کئے۔ انہوں نے بظاہر امریکہ کو اس بات پر قائل کیا کہ پاکستان کی وزیراعظم کی حیثیت سے انہیں یہ حق پہنچتا ہے کہ افغانستان کی قسمت کا فیصلہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کریں۔ پھر یاسر عرفات کو بلوایا اور اس کی گلبدین حکمت یار سے ملاقات کے دوران خود موجود رہ کر گلبدین پر دباوٴ ڈالنے کی کوشش کی کہ یاسر عرفات جو کچھ ارشاد فرماتے ہیں اسے مان لیا جائے۔ بعد میں برطانیہ اور بھارت کے وزیراعظم کے ساتھ بات چیت میں بھی مجاہدین کو ایک ڈھب پر لانے کے لئے کچھ فیصلے ہوئے اور گو امریکہ نے جو افغانستان کی اندر کی صورت حال سے آگاہ ہے اپنا نقطہ نگاہ پھر سے تبدیل کر لیا لیکن پاکستان کی حکومت پر افغان مجاہدین کا اعتماد اب اس صورت میں قائم نہیں رہ سکا جیسے جنگ آزادی کے پہلے نو سال تک تھا۔
سب کو علم ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے بھائی مدتوں کابل میں قیام پذیر رہے ہیں اور اس لئے اگر وہ کسی وقت کابل انتظامیہ یا روس کے نقطہ نگاہ کی طرف مائل نظر آتی ہیں تو اس میں کچھ حیرت کی بات نہیں۔ گلبدین حکمت یار نے تو اس سال کے شروع ہی میں ان خدشات کا اظہار کر دیا تھا جب انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ”گو ہمیں پاکستان کی افغان پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا مگر جس جنگ کو پاکستان کی بقاء کی جنگ سمجھا جا رہا تھا‘ اب اسے غیرضروری قرار دیا جا رہا ہے۔“ حال ہی میں افغان اتحاد کی عبوری حکومت کے وزیر یونس نے گلہ کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت ان کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے اور یہ کہ ان پر ایک خاص قسم کی حکومت قبول کرنے کے لئے دباوٴ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے بے نظیر صاحبہ اور مرحوم ضیاء الحق کے درمیان فرق بیان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ضیاء الحق نے ان کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی تھی۔
ان حقائق یا پاکستان کی نئی قیادت کے ان رجحانات کی بناء پر بری فوج کے چیف آف سٹاف کی طرف سے افغان مجاہدین کو پیش کئے گئے خراج تحسین کو کیا حیثیت دی جا سکتی ہے؟ کیا تمام تر حیلہ جوئی کے بعد حکومت پاکستان پھر پرانی افغان پالیسی کو قبول کرنے پر تیار ہے‘ یا جو کچھ جنرل اسلم بیگ نے کہا ہے وہ پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی کے باوجود مسلمان سپاہی کی حیثیت سے ان کا اپنا اندازہ ہے۔ تاریخ عالم میں اکثر ایسا ہوا ہے کہ بظاہر نحیف اور بے وسیلہ قوموں نے بڑی بڑی قاہر اور وسائل سے مالامال قوموں کو پسپا کیا ہے۔ حال ہی میں افغانستان سے روس کا انخلاء اس خدائی قانون کی تازہ ترین مثال ہے مگر ایسا بھی ہوا ہے کہ پشت پناہی کے اچانک رک جانے یا پیچھے سے چھرا گھونپنے کی وجہ سے اتنی بڑی خون کی قربانی سے حاصل کردہ فتح شکست میں تبدیل ہو گئی۔ اس لحاظ سے اگر پاکستان کی نئی قیادت افغانستان کی جنگ آزادی کے متعلق اس قسم کا نرم گوشہ نہیں رکھتی جس کا اظہار جنرل اسلم بیگ نے کیا ہے تو حالات کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں۔
افغانوں کے بالمقابل ایک انتہائی بے رحم‘ سنگ دل‘ عیار اور دروغ گو قوم کھڑی ہے جس کے وسائل بے پناہ ہیں اور پاکستان کی نئی قیادت کو کسی حد تک غلط وعدوں یا دھمکیوں سے متاثر کر لیا ہے۔ ان حالات میں افغانوں کی جدوجہد نئی دشواریوں میں پھنس سکتی ہے۔ اس صورت میں جنرل بیگ کی طرف سے خراج تحسین یا ان کا اپنے اندر کا یقین شاید درست ثابت نہ ہو۔ اگر ایسا ہوا تو افغانستان کے ساتھ پاکستان بھی ایک ہی بھک سے اڑ سکتا ہے‘ یہی وہ خدشے اور خطرات ہیں جو جماعتی دھینگامشتی میں مست پاکستانی قیادت کی نگاہوں سے اوجھل ہیں۔
ایک تلخ بات یہ ہے کہ آمریت اور جمہوریت کی بے ہنگم بحث نے حقائق کو سیاسی رہنماوٴں اور دانشوروں کی آنکھوں سے اوجھل کر دیا ہے۔ وہ صدر ضیاء الحق کی ”آمریت“ سے مخاصمت کی وجہ سے یہ سمجھنے سے عاری ہیں کہ مرحوم نے افغان مجاہدین کی فتح میں نہ صرف پاکستان کے استحکام کا سچا خواب دیکھا تھا بلکہ اس میں عالم اسلام کے اندر نئی قوتوں کے اجراء کے امکانات کو بھی بھانپ لیا تھا۔ خون کے کھیل سے ناآشنا ہمارے چند مصنوعی سیاست دان اور بے دانش محرر اس بلند مقام تک پہنچنے سے قاصر ہیں جہاں سے قوموں کے عروج اور زوال یا فتح و شکست کے اصلی اسباب کا پتہ چلتا ہے۔ جہاں سے یہ اطلاع ملتی ہے کہ تگ ودو کیسے نتیجہ خیز ہوتی ہے؟ اور قوموں کے ٹکراوٴ میں بالآخر کیا شے فیصلہ کن ثابت ہوتی ہے؟ جنرل ضیاء الحق نے ایک سچے سپاہی کی حیثیت سے اس سارے کھیل پر نگاہ ڈالی اور اس میں افغان مجاہدین کو فتح سے ہمکنار کرنے کے لئے آخری بازی لگا دی۔
انہیں ان تمام خطرات کا علم تھا جس سے وہ بالآخر دوچار ہوئے اور موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے مگر افغان عوام کو جدوجہد کے ذریعے مسلم دنیا کے سیاسی اور عسکری احیاء پر یقین نے انہیں ہر شے سے بے نیاز کر دیا تھا۔ اگر پاکستان کی موجودہ خودپرست قیادت کی حیلہ جوئی کے باوجود جنرل اسلم بیگ کا افغان عوام کی کامیابی پر یقین ایک سچے بے خوف اور خداپرست سپاہی کی حیثیت سے ہے تو اس کا درست ہونا لازمی ہے۔ افغانستان میں آزادی کی جنگ جیت لی گئی تو مستقبل کا مورخ جنرل ضیاء الحق کو ایک ایسا مقام دے گا جس کا اندازہ لگانا ہمارے ملک کے کوتاہ بین دانشوروں کی طاقت پرواز سے باہر ہے۔ قوموں کی آویزش کا جمہوریت یا آمریت کے مصنوعی لیبلوں سے کوئی تعلق نہیں جو چیز بالآخر ایک قوم کو دوسری قوم کے مقابلے میں فتح سے ہمکنار کرتی ہے‘ وہ اس کے عوام کی حریت کیشی اور اس کی قیادت کی درست بینی‘ شجاعانہ صلاحیت‘ یقین اور موت کے مقابلے میں بے خوفی ہے۔ وقتی سیاسی ڈھانچوں کا اس سے کچھ تعلق نہیں۔
مجھے اکثر یہ احساس رہا ہے کہ افغان عوام کی فتح جنرل ضیاء الحق کا واحد مقصد حیات تھا‘ اس مقصد کی خاطر وہ سب کچھ کرنے کو تیار تھے‘ اس لئے کہ اس فتح میں انہیں اسلام کے ابتدائی دور کے احیاء کی صورت نظر آ رہی تھی۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد قریباً تمام مسلمان ملکوں کو آزادی نصیب ہوئی مگر حریت کیشی کے جوہر نایاب کا مظاہرہ بہت کم جگہوں پر ہوا ہے اور اگر ہوا بھی تو جو کچھ افغان عوام نے کر دکھایا ہے وہ شاید کسی اور مسلمان قوم کی طاقت سے باہر تھا۔ صدر ضیاء الحق اس جدوجہد میں پاکستان کی طرف سے کسی رکاوٹ کو قبول کرنے کے لئے تیار نہ تھے اور اغلباً کئی دوسری وجوہات کے علاوہ یہ افغانستان پر جونیجو کی پسپائی یا منفی کردار تھا جس نے انہیں مجبور کیا کہ انہیں حکومت سے الگ کر دیا جائے۔
پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران نجی محفلوں میں‘ عام تقریروں میں جس اصرار سے صدر ضیاء نے جونیجو کو جرأت کرنے سے پہلے عبوری حکومت کے قیام پر زور دینے کی تلقین کی‘ اتنی ہی… بے سمجھی سے جو جونیجو صاحب نے اس بات کو سمجھنے سے گریز بلکہ انکار کیا۔ افغانوں اور خود ضیاء الحق کی آٹھ سالہ جدوجہد کو جمہوریت کی خود اختیاری کے شوق میں بے نتیجہ بنانے کی سعی کی گئی۔ جنیوا مذاکرات کے بعد ہونے والا تمام کشت وخون وزیراعظم محمد خان جونیجو کی کورمغزی اور خودبینی کا نتیجہ ہے۔
پاکستان کی نئی قیادت مجاہدین کی اتنی بڑی قربانی اور فتح کو آمریت اور جمہوریت کی بحث کے شور وغوغا میں نظر انداز کر رہی ہے۔ اس قیادت کے نزدیک چونکہ ضیاء الحق آمر تھا اس لئے اس کی افغان پالیسی غلط تھی اور چونکہ بے نظیرمنتخب وزیراعظم ہیں اس لئے انہیں ہر شے کو تہہ وبالا کرنے کا حق ہے۔ ان کے نزدیک اختلاف رائے کرنے والا ہر شخص گردن زدنی ہے کیونکہ مرکز میں اکثریت پیپلزپارٹی کی ہے اور اکثریت کی بناء پر کارفرما اس کہیں زیادہ ظالمانہ ’آمریت‘ کا جواز ضیاء الحق ’آمریت‘ کو برا بھلا کہہ کر پیدا کیا جا رہا ہے۔
جنرل بیگ نے خود پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی افواج کو ان خطرات سے نمٹنے کا اہل قرار دیا ہے۔ خطرات کا سامنا تو پاکستان کو ابتداء سے ہی رہا ہے مگر اب ان کی نوعیت اور وسعت دونوں میں فرق پیدا ہو چکا ہے اور ان سے عہدہ برآ ہونے کے لئے ملکی قیادت کی دانست اور ارادے میں بھی و ہ پختگی نہیں جس کی ضرورت ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اندرونی محاذ آرائی میں کامرانی کی آرزومند موجودہ قیادت ملک کو لاحق بیرونی خطرات سے آنکھیں بند کر چکی ہے۔ محترمہ کو زعم ہے کہ انہوں نے عورت ہونے کے باوجود اسلامی ملک کی وزیراعظم بن کر وہ معرکہ سر کیا ہے کہ پاکستان کا ہر دشمن چشم زدن میں ان کے ملک اور ان کی قیادت کا دوست اور خیرخواہ بن گیا ہے۔
اس لئے جہاں بیرونی تعلقات میں وہ ذہنی پختگی نایاب ہے جس کے بغیر اس انتہائی تیزرفتار‘ سنگدل اور دھوکا باز دنیا میں دوسروں کے ارادوں کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں‘ وہاں اپنی قیادت کے استحکام کے لئے تمام توجہ اندرون ملک خود شروع کردہ کشمکش پر مرکوز ہے۔
یہ مکمل استحکام کی ہوس ہی کا نتیجہ ہے کہ قوم کو اپنی بقاء کے کچھ لوازمات نظر نہیں آتے بلکہ رفتہ رفتہ بقاء کی خواہش اور قوت دونوں کم ہوتے جا رہے ہیں۔ بے نظیر صاحبہ کے پیش نظر صرف اپنی پارٹی کا استحکام ہے اور اس کے لئے انہوں نے حکومت کے مختلف محکموں میں بے پناہ اکھاڑ پچھاڑ جاری رکھی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں پرانے ملازمین کو الگ کر کے بڑی بڑی تنخواہوں پر اپنی پارٹی کے نااہل مگر نعرہ باز افراد کا تقرر کیا جا رہا ہے جن مستقل ملازموں کو نکالنا ممکن نہیں ان کی ترقیاں بند کر دی گئی ہیں ا ور باہر سے آدمی لا لا کر ان کے اوپر بٹھائے جا رہے ہیں۔
محترمہ وزیراعظم کے اپنے صوبے میں سب سے زیادہ لاقانونیت کی موجودگی میں ان کے زبان دراز وزیر اور مشیر‘ پنجاب کو مجرم قرار دے کر اسے پھانسی کے رسے سے لٹکانا چاہتے ہیں۔ ہوس کاری‘ اقتدار پرستی اور قانون شکنی کا وہ مظاہرہ ہو رہا ہے کہ رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ہر بیدار ذہن اندیشوں میں مبتلا ہے کہ جمہوریت کا چوغہ اوڑھ کر کسی آمریت کے جہنم کی طرف جا رہے ہیں۔ غالباً یہی اندرونی آویزش ہے جسے جنرل بیگ نے اندرونی خطرات کا نام دیا ہے۔
جنرل یحییٰ کے دورِ اقتدار میں جب ذوالفقار علی بھٹو اور شیخ مجیب الرحمن باہم نبردآزما تھے اور بھٹو صاحب کے حق اقتدار کو ظالمانہ اکثریت (Brute Majority) قرار دے کر مسترد کر رہے تھے تو پاکستان میں ایک کہرام برپا تھا۔ کچھ پتہ نہیں چلتا تھا کہ کیا ہونے والا ہے۔ یہ اسی ماحول میں تھا کہ پرانے مسلم لیگی رہنما جناب یوسف خٹک نے مجھے ایک نجی ملاقات میں کہا ”صبح اٹھ کر جب میں اخبارات دیکھتا ہوں تو مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ میں کسی جنگ میں درندوں کے درمیان کھڑا بیٹھا ہوں۔“ کیا آج کل بھی یہی صورت حال نہیں؟ جو کچھ کھلے کام اور خفیہ طور پر کیا جا رہا ہے اور عوام الناس ابھی سے محسوس کر رہے ہیں کہ جمہوریت اگر اسی آبرو باختگی‘ ناشائستگی‘ دھاندلی اور نااہل لوگوں کے پارٹی یا صوبے سے تعلق کی بناء پر اچھی اچھی ملازمتوں پر قابض ہونے کا نام ہے‘ تو آمریت میں کم ازکم اتنا ہمہ گیر ظلم اور اندھی بے انصافی تو نہ تھی۔ کیا افواج ان اندرونی خطرات سے عہدہ برآ ہو سکتی ہیں؟
اگر جنرل ضیاء الحق کے عہد میں چند لوگوں پر زیادتیاں ہوئیں تو وہ تو مارشل لاء تھا‘ تاہم ان کا یہ کارنامہ تاریخ کے صفحات میں رقم رہے گا کہ وہ افغان مجاہدین کی امداد پر ڈٹے رہے اور بالآخر اسی مقدس فریضے کی استقلال سے ادائیگی کی وجہ سے انہیں جان کا نذرانہ پیش کرنا پڑا۔ 17 اگست بہتر یہ ہو گا کہ اس دن کو ضیاء الحق کے جہاد افغانستان کا دن بنا دیا جائے۔ افغانستان کی اسلامی سلطنت کا خواب ہی ان کا منشائے حیات تھا اور ان کی زندگی کے پہلو کو جس قدر اجاگر کیا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ صدر ضیاء الحق کی شہادت کو یاد کرنے کے لئے افغانستان میں مجاہدین کی فتح کے حق میں ماحول پیدا کرنے سے زیادہ بہتر طریقہ اور کوئی ہو نہیں سکتا۔ جعفر اور صادق کی روح ہر مقام پر اپنی کارروائی میں لگی رہتی ہے۔ حکیم الامت نے انہی معنوں میں کہا تھ:
ملتے راہر کجا غارت گرے است
اصل اداز صادقے یا جعفرے است
الاماں از روح جعفر الاماں
الاماں از جعفرانِ ایں زماں
(بشکریہ کتاب شہید اسلام )














شہید صدر اور نفاذِ اسلام
تحریر:ڈاکٹر امین اللہ وثیر
نظامِ اسلام کا نفاذ:
جس وقت مسلمانانِ برصغیر نے اپنے لئے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کا مطالبہ کیا اور نظامِ اسلام کے اپنانے کا تہیہ کر لیا تھا انہوں نے یہ عہد کیا تھا کہ جب پاکستان قائم ہو گا تو وہ یہاں اسلام کا عادلانہ نظام حکومت قائم کریں گے اور اپنی زندگیاں اسلامی اصولوں کے مطابق گزاریں گے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے مطالبہ پاکستان کی تائید میں فرمایا تھا:
”مسلمان پاکستان کا مطالبہ کرتے ہیں جہاں وہ اپنے طرززندگی‘ اپنی ثقافت‘ اپنی روایات اور اسلامی قوانین کے مطابق حکومت کر سکیں۔“
گویا قیام پاکستان کا مقصد وحید ایک ایسی ریاست کا معرض وجود میں لانا تھا جہاں اسلامی طرز زندگی اختیار کیا جا سکے۔ تحریک پاکستان کا نعرہ ہم سب کے کانوں میں اب تک گونج رہا ہے ”پاکستان کا مطلب کیا‘ لا الہ الا اللہ۔“
یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کی طرف سے 1949ء میں منظور کی جانے والی قرارداد مقاصد میں اسلام کو مرکزی حیثیت دی گئی لیکن یہ امر قابل افسوس ہے کہ پاکستان فوری طور پر نہ صحیح معنوں میں اسلامی نظام حیات کی برکتوں سے مالامال ہو سکا اور نہ ہی حقیقی معنوں میں ہماری زندگیوں میں اسلامی انقلاب رونما ہوا نتیجتاً تیس سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود صحیح سمت میں کوئی خاص پیش رفت نہ ہو سکی اور مسلمانانِ برصغیر کا اسلامی نظامِ حیات کا خواب بوجوہ شرمندہٴ تعبیر نہ ہو سکا۔ ہمیں یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ نفاذِ اسلام کا سہرا صدر مملکت جنرل محمد ضیاء الحق کی حکومت کے سر ہے جس نے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستانی عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لئے ان کی اصل منزل کی طرف عملی طور پر پیش قدمی کی ہے اور ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جن سے نفاذِ اسلام کی راہیں روشن اور منور ہوتی ہیں۔
پندرہ جون 1988ء کو 8 بجے شب صدر پاکستان نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے شریعت آرڈی ننس کے نفاذ کا خوش آئند اعلان کیا جس کے مطابق شریعت اسلامیہ کو ملک کا بالاتر قانون قرار دیا گیا جس کی بناء پر اعلیٰ عدالتوں میں کسی بھی مروجہ ملکی قانون کو اس بناء پر چیلنج کیا جا سکتا اور نتیجتاً کالعدم قرار دیا جا سکتا تھا کہ وہ اسلامی احکام کے منافی ہے۔ یہ ایک نہایت اہم انقلابی اقدام تھا جو دولت خداداد پاکستان کے قیام کے اعلیٰ مقصد کے حصول میں دوررس نتائج کا حامل تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ملت اسلامیہ پاکستان نے ماسوائے چند مستثنیات کے اس بابرکت اعلان کا خیرمقدم کیا۔
صدر مملکت نے بار بار فرمایا کہ ان کا مقصد وحید ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔ 20 دسمبر 1978ء کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے اس انقلابی تبدیلی کا یوں اعلان کیا تھا۔ یہ بات میرے لئے‘ میری حکومت‘ میرے رفقائے کار اور ساتھیوں کے لئے قابل فخر ہے کہ میں آج کے خصوصی اعلانات اور آج ہی سے شروع کئے جانے والے خصوصی اقدامات کے ساتھ اسلامی نظام کے نفاذ کا یقینی اعلان کر رہا ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہماری کوششوں میں کامیاب فرمائے۔ اس خطاب میں صدر مملکت نے ملک کی سماجی اور اقتصادی زندگی میں بعض انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا اور اس کے بعد رفتہ رفتہ متعدد عملی اقدامات کئے گئے۔ جنہیں یہاں مختصر طور پر بیان کیا جائے گا۔
2 دسمبر 1978ء کو ایک فرمان کے ذریعے ملک میں شرعی عدالتیں قائم کی گئیں۔شہید صدر کا واحد نصب العین شریعت اسلامی کا نفاذ تھا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو:
اسلامی نظریاتی کونسل‘ ابتدائی طور پر اسلامی مشاورتی کونسل کے نام سے 1962ء کے آئین کے تحت وجود میں آئی۔ 1973ء کے آئین کی دفعہ 230 کے تحت اسلامی نظریاتی کونسل کا نام دیا گیا اور پھر صدر محمد ضیاء الحق نے اس کی تشکیل نو کی۔ کونسل کے ذمہ بنیادی کام یہ ہے کہ مسلمانانِ پاکستان کی زندگی قرآن وسنت کے مطابق بسر کرنے کے سلسلے میں وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں کو ضروری سفارشات مہیا کرے۔ صدر مملکت اور صوبائی گورنروں کی جانب سے کئے گئے استفسارات پر اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رائے دے اور بتائے کہ موجودہ قوانین کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لئے کئے گئے اقدامات بروئے کار لائے جا سکتے ہیں۔ یہ کونسل اب تک اسلامی قوانین کے سلسلے میں نہایت مفید تجاویز پیش کر چکی ہے۔ جن میں سے کئی ایک کا نفاذ عمل میں لایا جا چکا ہے اور کئی زیرعمل ہیں۔
شرعی عدالتیں:
ملک میں شرعی قوانین کے نفاذ اور ان پر عملدرآمد کے لئے صدر محترم نے 2 دسمبر 1978ء کو ایک فرمان جاری کیا جس کی رو سے ملک کی اعلیٰ عدالتوں میں شریعت بنچ قائم کئے گئے اور سپریم کورٹ میں ایک شریعت اپیل بنچ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بعدازاں 27 مئی 1980ء کو صوبائی سطح پر شریعت بنچوں کی بجائے ملک میں ایک مکمل وفاقی شرعی عدالت قائم کی گئی جس میں عدلیہ کے معزز ارکان کے علاوہ ایسے ممتاز علمائے دین کا تقرر بھی کیا گیا۔ جو اسلامی قوانین میں اعلیٰ مہارت رکھتے ہیں۔ وفاقی شرعی عدالت کو وسیع اختیارات دیئے گئے ہیں اور اس کے روبرو کوئی بھی شخص اسلامی قوانین کے تحت انصاف حاصل کرنے کے لئے بغیر کسی عدالتی خرچ کے پیش ہو سکتا ہے۔ یہ عدالت ملک کے مروجہ قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کا کام بھی انجام دے رہی ہے اور حدود آرڈی ننس کے تحت نچلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف صرف سپریم کورٹ کے شریعت بنچ میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے اس بنچ میں بھی ملک کے دو ممتاز علماء بطور جج شامل ہیں۔
حدود آرڈیننس:
ابنائے وطن کی جان ومال اور عزت وناموس کے تحفظ کے سلسلے میں ایک اسلامی حکومت کی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے تعمیل اطاعت خداوندی میں 12 ربیع الاول 1399 ھ‘ 10 فروری 1979ء کے مبارک روز پانچ شرعی حدود (جو سرقہ‘ ڈاکہ زنی‘ زنا‘ قذف اور شراب نوشی سے متعلق ہیں) کے نفاذ کا اعلان کیا گیا اور اس طرح اسلامی حدود کا باقاعدہ نفاذ ہوا۔
زکوٰة وعشر آرڈیننس:
حکومت ملکی نظامِ معیشت کو بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے‘ چنانچہ ٹیکسیشن اور مالیاتی نظام میں مناسب اصلاحات کے ساتھ ساتھ 20 جون 1980ء کو صدیوں سے معطل اسلامی نظام زکوٰة کے بحال کرنے کو اقدامات کئے گئے اور اس ضمن میں باقاعدہ طور پر زکوٰة وعشر آرڈیننس کا نفاذ کیا گیا جس کے تحت شرعی نصاب کے مطابق وصول کر کے اسے شریعت اسلامی کی رو سے متعینہ مدات میں صرف کیا جاتا ہے۔ اس اقدام کے نہایت مفید نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ زکوٰة کی مد میں موصولہ رقوم ضرورت مندوں‘ یتیموں‘ بیواوٴں اور محتاجوں میں تقسیم کی جا تی ہیں۔ اس کا انتظام ملک میں اڑتیس ہزار مقامی زکوٰة کمیٹیوں کی وساطت سے نہایت عمدہ طریقے سے روبعمل لایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عشر کا نظام بھی نافذ کر دیا گیا ہے جس سے مستحقین کو کافی امداد حاصل ہوئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زکوٰة کی جو رقم ادا کی جاتی ہے‘ اسی تناسب سے انکم ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے۔
غیرسودی نظام:
موجودہ زمانے میں دنیا کے اقتصادی نظام میں سود ایک اہم عنصر کے طور پر رواج پذیر ہے لیکن اسلامی نقطہ نظر سے یہ ایک ایسی لعنت ہے جو معاشرے کو اندر ہی اندر دیمک کی طرح چاٹ لیتی ہے۔ چنانچہ اسلام نے واضح طور پر سود کو حرام قرار دیا ہے۔ کسی اسلامی مملکت میں سودی کاروبار کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں بینکاری کا جو نظام عرصہ دراز سے چلا آ رہا تھا وہ سراسر سود پر مبنی تھا۔ حکومت نے اس نظام کو بتدریج اصلاح اور غیرسودی نظام کی قیام کے لئے مندرجہ ذیل اقدامات کئے ہیں:
1-یکم جنوری 1981ء میں آغاز کار ہوا اور تمام قومیائے گئے بینکوں میں بلاسود بینکاری نظام شروع کیا گیا جس کا اہل وطن کی طرف سے زبردست خیرمقدم کیا گیا۔
2-ہاوٴس بلڈنگ کے قرضہ جات‘ سود کے بجائے شراکتی بنیاد پر جاری کرنے کا اعلان کیا گیا۔
3-نیشنل انوسٹمنٹ کارپوریشن آف پاکستان جیسے اداروں میں سرمایہ کاری کی بنیاد سود نہیں بلکہ نفع ونقصان میں شراکت قرار دی گئی۔ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ جو ملازمین پراویڈنٹ فنڈ پر سود وصول نہیں کریں گے اگر وہ سرکاری مد سے تعمیر مکان کے لئے قرضہ لیں گے تو اس پر سود نہیں لیا جائے گا۔
4-سرکاری ملازمین کو دیئے جانے والے سائیکل ایڈوانس پر سود ختم کر دیا گیا۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی:
نفاذ شریعت کے تقاضوں اور شرعی عدالتوں کی ضروریات کے پیش نظر‘ شرعی قوانین کے تعلیم کے لئے 8 اکتوبر 1979ء کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک شریعت فیکلٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جسے بعد میں اسلامی علوم کی ترویج واشاعت‘ نیز امت مسلمہ کو درپیش آمدہ مسائل ومشکلات کے اسلامی حل کے لئے تحقیقی کام کے آغاز وفروغ اور اس ضمن میں علمی وعلمی تربیت کے لئے‘ نومبر 1980ء میں قائم کردہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا ایک اہم شعبہ قرار دیا گیا۔
اسلامی یونیورسٹی:
اقتصادیات کا انسٹی ٹیوٹ اور دعوت و ارشاد کا ادارہ ہیں۔ علاوہ ازیں ادارہ تحقیقات اسلامی بھی قابل ذکر ہے جو اسلامی قانون کے بارے میں نہایت اہم کتب شائع کر رہا ہے۔ حکومت نے نفاذ اسلام کے بارے میں دیگر کئی ایسے اقدامات بھی کئے جو ایک طرف اگر اصلاح معاشرہ میں بڑے مفید اور موثر ثابت ہو رہے ہیں تو دوسری جانب احیائے دین اور نفاذ شریعت کے لئے حکومت کی تحقیقی لگن اور سچے جذبے کا بین ثبوت تھے مثلاً…
1-    حکومت نے اقامت صلوٰة کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔ بالخصوص تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں ظہر کی نماز باجماعت ادا کرنے کے احکامات صادر کئے اور اس کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے۔
2-    ماہ رمضان ے تقدس کے لئے احترام رمضان آرڈی ننس جاری کیا۔
3-    آئین میں باقاعدہ ترمیم کے ذریعے مسلم اور غیرمسلم کی تعریف واضح طور پر کی گئی تاکہ اکثریت واقلیت ہر دو کے حقوق کا تحفظ سہل ہو۔
4-    حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘ اہل بیت اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی اور شعائر اسلام سے استہزاء کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا۔
5-    مخلوط تعلیم کو ختم کرنے کے لئے علیحدہ خواتین یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔
6-    تمام تعلیمی پیشہ ورانہ اور تربیتی اداروں میں دینیات کی تدریس اور میٹرک تک تمام طالب علموں کے لئے ناظرہ قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار دی گئی۔
7-    دینی مدارس کے اعلیٰ اساتذہ کو ایم اے عربی اسلامیات کے مساوی درجہ دیا گیا۔
8-    تمام مجسٹریٹوں اور عدالتی امور سے منسلک دیگر افراد کو اسلامی فقہ کی تعلیم دینے کے لئے اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔
9-    احتساب کا محکمہ قائم کیا اور وفاقی محتسب کی تقرری عمل میں لائی گئی۔
10-    تمام تقریبات بالخصوص سرکاری تقریبات منانے کے سلسلے میں لباس اور دیگر امور میں سادگی کو ملحوظ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
11-    پندرہویں صدی ہجری کے یوم آغاز پر ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے اعلیٰ عدالتوں کے جج صاحبان کے لباس اور ان کو خطاب کرنے کے پرانے نوآبادیاتی طریق کار تبدیل کر کے قومی لباس پہننے اور اسلامی روایات کے مطابق طریقہ خطاب کا اجراء کیا گیا۔
12-    ریڈیو‘ ٹی وی اور دیگر ذرائع ابلاغ کی اصلاح کا عمل اسلامی نقطہ نظر سے شروع کیا گیا۔
اگست 1980ء میں اسلام آباد میں پہلا پروقار اور بے مثل علماء کنونشن منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے 116 مشائخ وعلماء شریک ہوئے۔ بہت سے حضرات نے کانفرنس سے خطاب بھی فرمایا۔
ان دونوں غیرمعمولی اور تاریخی اجتماعات میں شرعی قوانین اور خصوصاً زکوٰة وعشر کے نظام کو موثر بنانے کی تدابیر زیربحث آئیں۔ شرکاء نے موضوع کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے گہرے غور وفکر کے بعد ایسی مثبت تجاویز اور عملی اقدامات پر اتفاق کیا جن کے ذریعے پاکستان میں اسلامی قوانین کے نفاذ کو زیادہ موثر بنایا جا سکے اور اسلامی اقدار واخلاق کا فروغ ہو۔ ان دونوں اجتماعات کی مکمل رو داد چھپ چکی ہے اور شرکاء کرام کے تجویز کردہ اقدامات کے مفید اثرات رونما ہوئے ہیں۔ 82ء میں اسلام آباد میں دوسرا علماء کنونشن منعقد ہوا جس میں دو سو کے قریب علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس اجتماع میں نفاذ شریعت‘ اتحاد امت اسلامیہ‘ عشر کی آمدنی کے مفید استعمال اور دورحاضر کے مسائل کا اسلامی نقطہ نظر سے حل جیسے اہم موضوعات کو زیربحث لایا گیا اور ہر موضوع پر الگ الگ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں تقریباً تمام شرکاء مجلس نے اظہار خیال کیا۔ بعد میں ان کمیٹیوں کی سفارشات کو کنونشن کے کھلے اجلاس میں پیش کیا گیا اور اس پر عام بحث ہوئی۔ اس کنونشن کے بھی دوررس نتائج مرتب ہوئے۔ اس کے بعد بھی علماء مشائخ کے کئی عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے‘ حج کانفرنس کا انعقاد بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان اجتماعات کو یہ امتیازی خصوصیت حاصل رہی ہے کہ صدر مملکت جناب محمد ضیاء الحق مرحوم بنفس نفیس ان میں پورا وقت شریک رہے۔ اس طرح ان اجتماعات کو غیرمعمولی اہمیت حاصل رہی اور محترم ومعزز شرکاء کو اپنے تاثرات‘ تجاویز اور سفارشات براہ راست صدر گرامی کی خدمت میں پیش کرنے کا موقع ملا۔ ان اجتماعات سے یہ بات بھی واضح ہوئی کہ ہمارے معاشرے کے اس قابل احترام طبقے کے سرکردہ حضرات نے دین کی اساس پر حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ گویا اسلامی نظام کے نفاذ اور اسلامی معاشرے کے قیام کے سلسلے میں ملک کے کم از کم نوے فیصد عوام کے اعتماد وتعاون کا مظاہرہ تھا۔















سرکار دو عالم ﷺ کی طرف سے سلام اور پیغام
(مولانا عبدالرحمن اشرفی سے انٹرویو لینے کا فریضہ ممتاز صحافی تنویر قیصر شاہد نے انجام دیا)

جنرل ضیاء الحق صاحب کے بہنوئی سردار محمد پہلے گورنمنٹ کالج میں پروفیسر تھے۔ پھر ان کی پروموشن ہوئی تو وہ شیخوپورہ کے گورنمنٹ کالج میں پرنسپل ہو گئے۔ اس سے پہلے میرے والد مفتی محمد حسن نے انہیں جامعہ اشرفیہ‘ نیلا گنبد میں‘ ناظم مالیات لگایا ہوا تھا۔ وہ بڑے متقی اور پرہیزگار تھے۔ شریعت کے بڑے پابند۔ پہلی نظر میں کوئی پروفیسر صاحب کو دیکھتا تو یوں لگتا جیسے وہ کسی مسجد کے امام ہیں۔ نورانی چہرے والے! انہیں دیکھ کر بڑی فرحت محسوس ہوتی تھی۔ ان کا طرز زندگی اسلامی اصولوں کے عین مطابق تھا۔ علماء کے انداز کا لباس زیب تن کرتے تھے۔ چونکہ وہ ہمارے ہاں ناظم مالیات تھے‘ اس لئے والد مرحوم نے ان کو جامعہ اشرفیہ کے اندر ہی ایک حصے میں رہائش کے لئے مکان دے رکھا تھا۔ اس میں تقریباً اٹھارہ انیس سال رہے۔ بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد بھی ان کے گھر والے وہاں خاصا عرصہ رہے۔ یوں کہنا چاہئے کہ جنرل صاحب کی ہمشیرہ جامعہ اشرفیہ نیلا گنبد میں اکیس بائیس سال رہیں۔ ابھی چند سال پہلے تقریباً تین سال کہہ لیں‘ جنرل صاحب کی اسی ہمشیرہ نے ریواز گارڈن میں ایک مکان بنوایا‘ درمیانے درجے کا اور پھر وہاں منتقل ہو گئیں۔ اتنے طویل عرصے کے دوران میں جنرل صاحب بار بار ہمشیرہ اور اپنے بہنوئی پروفیسر سردار محمد کو ملنے کے لئے آتے رہے‘ جمعہ بھی یہاں پڑھتے اور راتیں بھی یہیں گزارتے تو اس دوران میں ان سے خاصی واقفیت اور بے تکلفی ہو گئی تھی۔
غالباً ضیاء صاحب ان دنوں میجر تھے۔ ابھی ان کا نکاح نہیں ہوا تھا۔ شادی ہونے لگی تو انہوں نے اپنے بہنوئی پروفیسر سردار محمد سے کہا کہ میرا نکاح مفتی حسن صاحب پڑھائیں گے۔ غالباً ان کی بارات ماڈل ٹاوٴن لاہور کی طرف آئی تھی۔ نکاح کے بارے میں ضیاء صاحب نے اپنے بہنوئی سے کہا تو سردار محمد صاحب نے کہا کہ بھئی مفتی صاحب تو عام طور پر باہر نہیں جاتے‘ ٹانگ کی وجہ سے معذور بھی ہیں‘ باہر جا کر نکاح پڑھانا تو درکنار… لیکن ضیاء صاحب نے پروفیسر صاحب سے کہا کہ مفتی محمد حسن صاحب میرا نکاح نہیں پڑھیں گے تو میں نکاح ہی نہیں کروں گا۔ یہ شاید 51ء کی بات ہے۔ پروفیسر صاحب‘ والد مرحوم کے پاس آئے اور ان سے کہا کہ ضیاء تو یوں کہتا ہے اور میں نے اسے کہہ دیا ہے کہ مفتی صاحب تو عام طور باہر نہیں جاتے نکاح پڑھانے۔ اس پر والد صاحب نے محبت کے رنگ میں بڑے جوش سے کہا ”ضیاء کا نکاح تو میں ضرور پڑھاوٴں گا‘ کسی اور کے نکاح میں جاوٴں یا نہ جاوٴں‘ لیکن ضیاء کے نکاح کے لئے ضرور جاوٴں گا۔“ پھر والد صاحب نے بڑی محبت کے ساتھ ضیاء صاحب کا نکاح پڑھایا۔
نکاح ہو گیا تو جنرل صاحب نے والد صاحب سے کہا کہ حضرت! میرا دل چاہتا ہے کہ آپ نکاح کے بارے میں بھی کچھ بیان فرمائیں تو والد صاحب نے اس موقع پر نکاح کے بارے میں جو کچھ بیان فرمایا‘ بڑا تاریخی اور علمی خطاب تھا۔ میں یہاں اس کا خلاصہ بیان کرتا ہوں:
”اصل میں نکاح جو ہے اگر اس میں غور کرو تو قرآن پاک میں اکیسویں پارے کے چھٹے رکوع کی جو آیت آتی ہے جس کا ترجمہ ہے‘ ارشاد خداوندی ہوا ”یہ میری قدرت کی نشانیاں ہیں کہ میں نے تمہارے لئے بیویاں بنائیں تاکہ تم سکون حاصل کرو۔“ اور اس کے بعد اللہ کی کاریگری یہ ہے کہ نکاح کے بعد‘ حالانکہ اس سے قبل مرد اور عورت الگ اور اجنبی تھے‘ ایک دوسرے کے لئے‘ اللہ ان کے درمیان مودت اور محبت پیدا کر دیتا ہے۔ آگے یہ آیت آتی ہے : ”اس مسئلہ نکاح میں اگر تم غور کرو تو میری قدرت کی تمہیں بڑی نشانیاں معلوم ہوں گی‘ لیکن اس قوم کے لئے جو فکر اور سوچ سے کام لے‘ وہ اس نکاح سے مجھ تک پہنچ سکتی ہے۔“اس جملے کی والد صاحب نے یوں تشریح کی کہ نکاح کے ذریعے اللہ تک کیسے پہنچا جا سکتا ہے۔ اس میں کیسے غور کریں؟ والد صاحب نے کہا کہ نکاح کی حقیقت دیکھو کیا ہے کہ دو لفظوں سے نکاح بن گیا۔ ایک نے کہہ دیا میں نے تم سے نکاح کیا اور دوسرے نے کہا کہ میں نے قبول کیا‘ اتنے مہر کے بدلے! اب ظاہر بات ہے کہ دو لفظوں پر نکاح کی عمارت تیار ہو گئی۔ گواہوں کا ہونا شرط ہے نکاح کے لئے‘ یہ شطر نہیں یعنی اس کی حقیقت میں داخل نہیں۔ جس طرح وضو نماز کے لئے شرط تو ہے کہ بغیر وضو کے نماز نہیں ہوتی‘ لیکن نماز الگ حقیقت رکھتی ہے اور وضو ایک الگ حقیقت رکھتا ہے‘ تو جو چیز باہر ہو کر ضرور ہو‘ اسے شرط کہتے ہیں‘ جو اندر رہ کر ضرور ہو‘ اسے شطر کہتے ہیں۔ تو گویا شطر صرف دو چیزیں ہیں‘ ایک ایجاب اور ایک قبول۔ اب نکاح ہو گیا۔ دو لفظوں پر نکاح کی عمارت قائم ہو گئی‘ اور اتنی کمزور ہے یہ عمارت کہ ایک لفظ سے ٹوٹ جائے۔ جب کہا طلاق! تو یہ عمارت ٹوٹ گئی۔ دیکھو‘ یہ عمارت کتنی بودی ہے کہ دو لفظوں پر قائم اور ایک لفظ سے ٹوٹ گئی تو اللہ کہتے ہیں کہ غور کرو ان دو لفظوں پر جو عمارت قائم ہے‘ ان کی وجہ سے تم ایک دوسرے پر قربان ہو رہے ہو۔ خاوند بیوی پر نثار ہو رہا ہے اور بیوی خاوند پر اپنی جان نچھاور کر رہی ہے تو میری ذات سے تمہارا کتنا گہرا تعلق ہے کہ تمہارا خالق بھی میں اور مالک بھی میں‘ تمہارے روئیں روئیں کا‘ ذرے ذرے کا جاننے والا۔ میں ہر آن تمہاری تربیت کرنے والا‘ اور صرف یہی نہیں کہ تمہیں پیدا کر کے چھوڑ دیا۔ نہیں‘ بلکہ بعداز تخلیق تمہیں نعمتیں بھی دیں تو جب میرا تمہارے ساتھ اتنا گہرا تعلق ہے تو میرے اوپر تمہیں کس طرح قربان ہونا چاہئے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تو پھر تم میری طرف توجہ کیوں نہیں کرتے؟ تو یہ ہے مسئلہ نکاح کی حقیقت کہ آدمی اس پر غور وفکر کر کے کس طرح اللہ تک پہنچ سکتا ہے! والد صاحب قبلہ مفتی محمد حسن نے جب یہ خطبہ ضیاء صاحب کے نکاح میں پڑھا تو پورے خطبے کے دوران میں ضیاء صاحب پر ایک رقت کی سی کیفیت طاری رہی۔“
جنرل صاحب جن دنوں میجر تھے‘ اس زمانے سے ہم انہیں قریب سے دیکھتے چلے آ رہے تھے۔ اس زمانے کے ہم نے انہیں غازی اور بڑا ہی دیندارپایا۔ جب یہ سیالکوٹ میں تھے‘ ان دنوں شاید کرنل تھے۔ رمضان آیا تو انہوں نے والد صاحب سے کہا کہ حضرت! آپ ہم پر ایک مہربانی فرمائیں‘ وہ اس طرح کہ آپ جامعہ اشرفیہ کے علماء کو باقاعدگی سے میری یونٹ میں بھیجیں تاکہ ہمارے فوجی رمضان کی برکتوں سے صحیح طور پر استفادہ کر سکیں۔ والد صاحب مان گئے‘ ایک دفعہ میں بھی والد مرحوم کے کہنے پر جنرل صاحب کی یونٹ میں گیا۔ ایک مرتبہ میرے تایا زاد بھائی بھی ان کے پاس یونٹ میں اسی غرض سے گئے۔ وہ بڑی خوشی خوشی علماء کا استقبال کرتے تھے۔ بڑا خیال رکھتے تھے۔ بڑی محبت سے مدعو عالم کی تقریر کا انتظام کرتے۔ جہاں تروایح اور تقریر کا انتظام ہوتا‘ خود شریک ہو کر جھنڈیوں سے اس جگہ کو سجاتے اور سنوارتے۔ معلوم ہوتا تھا اس شخص کے رگ وپے میں اسلام رچ بس گیا ہے۔ بڑے ذوق وشوق سے سارا انتظام کرتے۔
چونکہ ان کی ہمشیرہ ایک عرصے تک جامعہ اشرفیہ میں رہیں‘ اس کی وجہ سے ہم ایک ہی گھر میں اکٹھے رہے۔ جامعہ اشرفیہ میں داخل ہوں تو پہلے حصے میں ہم لوگ رہتے تھے اور اس کے سامنے جو صحن ہے‘ اس سے گزر کر جو پورشن آتا ہے‘ اس میں جنرل صاحب کی ہمشیرہ رہتی تھیں۔ اب ہم اکٹھے رہے تو اس کی وجہ سے ہمارے درمیان آپس میں رشتے داریاں بھی ہو گئیں۔ رشتے داریاں اس طرح کہ جنرل ضیاء الحق کی سگی دو بھانجیاں میرے دو بھتیجوں کے نکاح میں ہیں اور میری دو بھتیجیاں جنرل صاحب کے دو بھانجوں کے نکاح میں ہیں۔ اس قرابت اور رشتے داریوں کی وجہ سے آپس میں تعلق اور گہرا ہو گیا۔ خاندان کی ان تقریبات میں جنرل صاحب بڑی محنت سے شرکت کرتے‘ اس لئے ہم نے انہیں بڑے قریب سے دیکھا۔ان کی خارجی اور داخلی زندگی کا نزدیک سے مطالعہ کرنے کے کئی مواقع میسر آئے۔ وہ شروع ہی سے بڑے نمازی اور شرم وحیا والے تھے۔ بڑوں کی عزت وتکریم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتے۔ بڑے عجیب انداز میں اللہ تعالیٰ نے ان کو دین کی محبت اور لگاوٴ عطا فرمایا تھا‘ اس لئے اگر میں یہ کہوں کہ ہم سے زیادہ ان کی شخصیت کو اور کوئی نہیں جان سکتے تو شاید بے جا نہ ہو۔
ان کی شہادت سے پہلے قاضی حسین احمد صاحب اور ڈاکٹر اسرار احمد صاحب نے مجھ سے جنرل ضیاء صاحب کے بارے میں کچھ باتیں کیں اور پوچھا کہ آپ ہی بتلایئے کچھ ان کے بارے میں اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہمیں تو یہ شخص ایسا لگ رہا ہے یعنی انہوں نے جنرل صاحب کا ذکر کچھ اچھے کلمات میں نہیں کیا۔ تو میں نے ان سے کہا کہ چونکہ آپ انہیں قریب سے نہیں جانتے‘ لیکن ہم انہیں بہت پہلے سے‘ ان کے میجری کے زمانے سے جانتے ہیں اور ہم علی الاعلان کہہ سکتے ہیں کہ یہ ایسا شخص ہے جس نے کبھی تہجد کی نماز قضا کرنا گوارا نہیں کیا اور اب یہ جو آپ کہتے ہیں کہ اس نے اتنا زمانہ پایا اور اسلام کو نافذ نہ کر سکا تو میں نے کہا میں آپ کو سچ کہتا ہوں کہ ایک مرتبہ جنرل صاحب تنہائی میں بات کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ مولانا! اس ملک میں ہر ازم لانا آسان ہے‘ لیکن اسلام لانا مشکل ہے۔ یہ جملہ کہتے ہوئے ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس جملے سے معلوم ہوا کہ انہیں اسلام کے نفاذ میں کتنی دلچسپی تھی اور اس راہ میں انہیں کتنی رکاوٹیں درپیش تھیں۔ ان کے اردگرد جو ماحول تھا‘ اس نے ان کی تمام کوششوں کی راہ میں بار بار رکاوٹیں ڈالیں۔ اکیلا انسان بے چارہ کبھی اس طرح‘ دوسروں کو نظرانداز کر کے اور ان سے مشورہ لئے بغیر نہیں چل سکتا۔ اس راہ میں انہیں بڑی دقتوں کا سامنا تھا۔ تفصیل سے تو انہوں نے نہیں بتلائیں لیکن عنوانات سے معلوم ہوتا تھا کہ وہ بڑے مشکل حالات سے گزر رہے تھے۔ اس معاملے میں‘ نظام اسلام کے نفاذ میں وہ بڑے مخلص تھے۔ اس کا اندازہ لگانا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں۔ میں علی الاعلان کہتا ہوں کہ ان کے اخلاص پر شک نہیں کیا جا سکتا لیکن ان کے جو ساتھی تھے‘ انہوں نے جو انداز اختیار کئے۔ ان کی وجہ سے انہیں اس معاملے میں آگے بڑھنے میں دقت ہو رہی تھی۔ بار بار‘ ہر ہر مرحلے پر۔ اس کا ایک عملی مظاہرہ میں نے خود دیکھا جو اس بات کا مظہر ہے کہ ان کے ساتھ چلنے والے کیسے تھے۔ ہوا یوں کہ میاں طفیل محمد صاحب‘ سابق امیر جماعت اسلامی‘ کی بیٹی کا نکاح تھا۔ جنرل صاحب بھی وہاں تشریف فرما تھے۔ مغرب کی نماز کا وقت ہو گیا۔ اذان ہوئی تو نماز ادا کرنے کے لئے جنرل صاحب اکیلے یا پھر ان کا سیکرٹری تھا ان کے ساتھ‘ تو یہ تین چار آدمی نماز پڑھنے کے لئے گئے‘ لیکن ان کے ساتھ آئے ہوئے‘ دوسرے ساتھیوں میں سے کوئی بھی نہ اٹھا نماز کی ادائیگی کے لئے اور یہ اللہ کا بندہ خود ہی‘ اکیلا ہی‘ نماز پڑھ کر آ گیا۔ اس وقت میں نے دل میں کہا کہ یا اللہ‘ تو نے جنرل صاحب کو کیسے ساتھی دیئے ہیں‘ کم ازکم کچھ اور نہیں تو آدمی شرم وحیاء کی وجہ سے چلا جاتا کہ ہمارا افسر گیا ہے تو ہم بھی ساتھ چلتے ہیں‘ دیکھا دیکھی ہی نماز پڑھ لیتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں توفیق نہ ہوئی۔
تو اس ماحول میں شہید جنرل محمد ضیاء الحق رہ رہے تھے۔ انہی ساتھیوں کو ساتھ لے کر انہیں اسلام کا نفاذ کرنا تھا۔ اب آپ اندازہ لگایئے کہ انہیں اس راہ میں کتنی رکاوٹیں تھیں! اسی لئے میں نے قاضی حسین احمد صاحب اور ڈاکٹر اسرار احمد صاحب سے عرض کیا تھا کہ آپ بدگمانیاں نہ کریں۔ یہ شخص بڑا ہی سچا اور مخلص ہے۔ اس معاملے میں ہم لوگوں کو ان کی ہر طرح سے مدد کرنی چاہئے۔ جو اٹھتے بیٹھتے اسلام کے نفاذ کا ذکر کرتے رہتے ہیں‘ علماء کا طبقہ ہی تو اس معاملے میں ان کی مدد کر سکتا ہے لیکن اس طبقے کی طرف سے بھی انہیں کوئی اعانت نہ ملی۔ یہ کتنی بڑی بدقسمتی تھی کہ… وہ طبقہ جو اسلام کے نفاذ کے لئے کوشاں نہیں اور نہ ہی اس میں مطلق دلچسپی رکھتا ہے‘ جنرل ضیاء کی مخالفت کرتا ہی تھا‘ علماء کا خاصا طبقہ بھی ان کا مخالف ہو گیا۔ سب لوگوں نے خواہ وہ ہم ہوں خواہ دیوبندی ہوں‘ خواہ بریلوی‘ خواہ اہل حدیث‘ سب نے ان کی مخالفت میں کمر کسی ہوئی تھی‘ کوئی مدد ان لوگوں کی طرف سے انہیں نہ پہنچ سکی۔ ان پر عجیب عجیب طرح کی تہمتیں لگائی گئیں اور آوازے کسے گئے۔ انہیں قادیانی تک کہا گیا۔ جب یہ لفظ ان تک پہنچا تو انہوں نے مجھے ڈبڈبائی آنکھوں کے ساتھ بڑے صدمے سے کہا:
”مولانا! اس سے بڑا حملہ میری ذات پر اور کیا ہو سکتا ہے کہ مجھے اب قادیانی کہا جا رہا ہے۔ کیا یہ علماء کا طبقہ احتیاط نہیں کر سکتا؟ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے انہوں نے کیا سیکھا ہے؟ کیا ان لوگوں نے قرآن میں نہیں پڑھا کہ خدا نے فرمایا ”بدگمانیاں نہ کیا کرو‘ اس سے بچو… اور اب یہ مجھے قادیانی کہہ رہے ہیں۔“
بات کرتے کرتے ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے‘ جو وہ خاصی دیر سے ضبط کئے بیٹھے تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ بڑا ہی صابر حکمران تھا۔ وہ اللہ کا ولی تھا۔ ایک بات جو میں خصوصیت سے آپ سے کہنا چاہتا ہوں‘ وہ یہ ہے کہ جنرل صاحب کو سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے کئی دفعہ سلام پہنچے اور پیغامات آئے۔ ہمارے والد محترم کے ایک پیر بھائی ہیں مولانا فقیر محمد صاحب وہ مولانا اشرف علی تھانوی کے خلیفہ ہیں‘ ابھی حیات ہیں۔ پشاور میں رہتے ہیں۔ بڑے پرہیزگار اور متقی ہیں۔ اللہ نے انہیں بڑا مقام عطا کیا ہے۔ سعودی عرب کی نیشنلٹی بھی انہیں ملی ہوئی ہے۔ یہ پانچ چھ مہینے سعودیہ میں رہتے ہیں اور پانچ چھ مہینے یہاں پاکستان میں! ابھی حال ہی میں انہوں نے پشاور میں کینٹ ایریا میں عیسائیوں کے گرجے کے سامنے ایک عظیم الشان مسجد بنائی ہے جو بارہ کنال پر مشتمل ہے۔ اس کی صرف تعمیر پر تین کروڑ روپیہ خرچ آیا ہے۔
 یہ مولانا فقیر محمد صاحب مدینہ شریف میں حضور کے روضہٴ اقدس پر حاضر ہوئے۔ حاضری کے دوران میں وہ روضہٴ مبارک پر مراقب ہوئے۔ اللہ نے اپنے ولیوں پر بعض عنایتیں فرمائی ہیں۔ حضور ﷺ تو اپنی قبر شریف کے اندر زندہ ہیں۔ ہمارا تو یہ عقیدہ ہے۔ حدیث میں آتا ہے‘ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص میری قبر پر آ کر صلوٰة وسلام پڑھتا ہے تو میں خود اس کو سنتا ہوں اور جو دور سے مجھ پر سلام پڑھتا ہے وہ سلام ملائکہ مجھ تک پہنچاتے ہیں۔ ہاں تو جب مولانا فقیر محمد مدینہ تشریف لے گئے تو وہاں انہوں نے مراقبہ کیا۔ اس مراقبے میں حضور ﷺ کے ساتھ ان کا مکالمہ ہوا۔ حضو ر ﷺ نے ان سے ارشاد فرمایا کہ مولانا! جنرل ضیاء الحق کو میرا سلام پہنچا دو اور ان سے یہ بھی کہہ دو کہ اسلامی نظام کے نفاذ میں دیر نہ کریں۔
سعودی عرب سے واپسی پر مولانا فقیر محمد صاحب نے کہا کہ میرے پاس جنرل ضیاء کے لئے حضور ﷺ کا ایک پیغام ہے اور میں یہ پیغام جلد ازجلد جنرل صاحب کو پہنچانا چاہتا ہوں‘ اس لئے ان سے میری ملاقات کا جلدازجلد بندوبست کیا جائے۔ ہم نے اس ملاقات کا بندوبست کیا اور یہ پیغام جب مولانا فقیر محمد صاحب نے ضیاء صاحب کو پہنچایا تو کتنی ہی دیر تک ان کی آنکھوں سے آنسووٴں کی جھڑی لگی رہی۔ اسی وجہ سے جنرل صاحب بڑی تیزی میں تھے کہ حضور ﷺ کا یہ جو حکم آیا ہے‘ اس میں دیر نہ ہو اور اس پر میں جلد ازجلد عمل کر لوں۔ یہ واقعہ جنرل صاحب کی شہادت سے سات آٹھ ماہ پہلے کا ہے۔ اس کے بعد وہ اس کام میں اور تیزی کے ساتھ لگ گئے کہ نفاذ اسلام کی طرف سے میں فارغ ہو جاوٴں۔
مجھے حال ہی میں مدینہ شریف سے ایک عجیب انداز کی چٹھی ملی ہے۔ ہاں یہ چٹھی میری جیب میں ہے۔ میں آپ کو بھی پڑھ کر سناتا ہوں:
”حضرت مولانا عبدالرحمن صاحب!
السلام علیکم! امید ہے آپ اللہ کے فضل وکرم سے‘ محبوب کبریا کے صدقے‘ بالکل خیریت سے ہوں گے۔ گزشتہ ہفتے سے اب تک‘ یہاں مسجد نبوی میں‘ جنرل ضیاء الحق مرحوم کے لئے مسلسل دعائے مغفرت کی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ قبولیت سے نوازے۔ 22-08-1988 بروز جمعتہ المبارک میں صبح کی نماز مسجد نبوی میں پڑھ کر جنت البقیع کے نزدیک مسجد خلیل میں آرام کرنے کے لئے کچھ دیر تک سویا۔ ایک عظیم الشان عجیب خواب نظر آیا جس کا تذکرہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ جس درس گا ہِ عظیم میں قاری رحیم بخش کے پاس میں نے قرآن پاک حفظ کیا تھا‘ وہ عظیم درس گاہ میرے خواب میں آئی۔ بہت سے طلباء قرآن پاک پڑھ رہے ہیں۔ میرے والد اور ضیاء صاحب کے درمیان قرآن مجید رکھنے والی ایک تختی رکھی ہوئی ہے۔ میں نے جنرل صاحب سے حال دریافت کیا کہ آپ کا کیا حال ہے؟ تو جنرل صاحب فرمانے لگے کہ اللہ تعالیٰ کا مجھ پر بہت فضل اور احسان ہوا ہے‘ مرنے کے بعد بہت خوش تھے اور مسکرا رہے تھے۔ پھر میں نے عربی زبان میں خاصی دیر تک ان سے گفتگو کی۔ یہ خواب آدھا گھنٹہ جاری رہا۔ میں نے خواب میں اپنے حالات زندگی اور قرآن پاک حفظ کرنے کا واقعہ انہیں بیان کیا۔ سن کر بہت خوش ہوئے۔ میرے پاس میرا ایک شاگرد کھڑا تھا‘ چھوٹی سی عمر کا۔ وہ تقریباً تیس پارے حفظ کرنے والا تھا۔ ضیاء صاحب نے اس کا امتحان لینا اور اس سے کچھ سننا چاہا۔ پارے کے آخر میں ورقے پلٹنے شروع کئے۔ میں نے کہا ضیاء صاحب! اس سے آخری پارے سے ادھر اذلسما اتشقت یعنی سوہٴ انشقاق سن لیں‘ یہ اس کے قریب والی سورہ ہے۔ بڑے خوش ہوئے۔ کہنے لگے یہی سورہ سنیں گے۔ بچہ اتنا چھوٹا کہ سورہ پڑھ بھی رہا تھا اور سو بھی رہا تھا۔ جنرل صاحب قرآن پاک سن بھی رہے تھے اور خوش بھی ہو رہے تھے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔ میں نے بیدار ہوتے ہی فوراً یہ خواب لکھ لیا۔ میری ساری گفتگو عربی زبان میں ہوئی‘ کیونکہ جنت کی زبان عربی ہے۔ اللہ تعالیٰ جنرل صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اگر آپ اس خواب کو جامعہ اشرفیہ میں جمعہ کی تقریر میں بیان کر دیں تو بالکل صحیح ہے۔ یہ خواب مدینہ منورہ سے لکھ رہا ہوں۔
قاری عطاء الرحمن غلام رسول‘ فاضل جمعہ اشرفیہ“
22-08-1988‘ بروز جمعتہ المبارک
یہ طالب علم جامعہ اشرفیہ کا فارغ التحصیل ہے‘ فاضل مدینہ یونیورسٹی بھی ہے۔ یہ خواب بہت بڑی بشارت ہے۔ یہ خط کل ہی مجھے ملا ہے اور آج آپ انٹرویو کے لئے آ گئے۔ کل رات ہی میری بچی نے مجھے کہا ابا جی آپ کا ایک خط آیا ہوا ہے۔ کھولا تو یہ نکلا۔ مطلب کہنے کا یہ ہے کہ اسلام کے لئے‘ دین کے لئے‘ اللہ نے بڑا ہی درد دیا تھا اپنے اس بندے کو۔ بعض لوگوں نے کہا‘ اکثر لوگوں نے ان کو سمجھنے میں غلطی سے کام لیا‘ میں نے گزشتہ دو جمعوں میں بھی یہی کہا کہ اللہ کی طرف سے یہ ایک نعمت تھی جس کی ہم نے قدر نہ کی۔ حضور ﷺ نے ایک روز اپنے صحابہ سے فرمایا کہ تم شہید کسے کہتے ہو؟ صحابہ نے عرض کیا‘ اے اللہ کے نبی! جو شخص اللہ کی راہ میں قتل ہو جائے‘ مارا جائے‘ اسے ہم شہید کہتے ہیں۔ اس پر اللہ کے نبی ﷺنے فرمایا ”نہیں اگر یہی شہید ہوں گے تو میری امت میں شہید تو بہت کم تعداد میں ہوں گے۔ میں نے اپنے اللہ سے دعا کی اور میں نے اللہ سے ایسے لوگوں کو بھی شہادت کے مرتبے میں داخل کروایا‘ حضور ﷺ نے پھر شہادت کے لئے سات قسمیں بیان فرمائیں۔ فرمایا ”جو طاعون کے مرض میں مبتلا ہو گیا اور اسی میں مر گیا تو شہید ہے‘ بلندی سے گر کر مرنے والا شہید ہے‘ اگر کوئی ٹکر سے مر گیا تو شہید ہے۔ پانی میں غرق ہو کر مر گیا تو شہید اور جسے آگ لگ گئی اور وہ اس سے مر گیا تو وہ بھی شہید ہے۔ ہیضے میں مبتلا ہوا اور مر گیا تو شہید ہے۔“ تو اس حدیث رسول کے مطابق اللہ نے جنرل صاحب کو شہادت کا درجہ عطا فرمایا۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک روز‘ غالباً رمضان کا مہینہ تھا‘ صبح کی نماز پڑھ کر منبر پر بیٹھے تو ظہر تک بیان ہی کرتے رہے۔ پھر نماز کے لئے اٹھے‘ نماز پڑھی اور پھر منبر پر بیٹھ گئے اور عصر تک خطبہ ارشاد فرماتے رہے۔ پھر عصر کی نماز کے لئے اٹھے اور نماز ادا فرما کر دوبارہ منبر پر بیٹھ گئے اور مغرب تک لوگوں سے بیان فرماتے رہے۔ حضرت حذیفہ کہتے ہیں ”قیامت تک جتنے بھی بڑے بڑے واقعات آنے والے ہیں‘ سب ایک ہی وعظ میں بیان فرما دیئے‘ تو اسے جس نے یاد رکھا‘ یاد رکھا‘ جو بھول گیا‘ وہ بھول گیا۔ ہم میں سے وہ شخص سب سے بڑا عالم سمجھا جاتا جس نے رسول اللہ ﷺ کا اس روز کا وعظ زیادہ یاد رکھا۔ بعض مرتبہ یوں ہوتا کہ بھولی ہوئی بات ہمیں اچانک یاد آ جاتی اور ہم کہتے ”اوہو! پیغمبر خدا ﷺ نے تو یہ بات بھی فرمائی تھی۔“ ہم نے اس حدیث پر غور کیا او رسوچا کہ ہمارے ملک پاکستان اور ہندوستان کے بارے میں بھی حضو ر ﷺ کا کچھ ارشاد ہے؟ تو بالآخر ڈھونڈنے سے ہمیں ایک حدیث مل گئی۔ مستدرک حاکم کی روایت ہے۔ حضرت ابو ہریرہ کہتے ہیں‘ حضور ﷺنے فرمایا کہ ایک زمانہ آئے گا میری امت والے ہندوستان کے کافروں سے جنگ لڑیں گے۔“ یہ حدیث یوں شروع ہوتی ہے ”قال وعدنا رسول اللہ غزوة الہند…“ فرمایا: اس غزوہ میں جنگ کرنے والوں کا مقام بڑا اونچا ہو گا‘ میری امت میں سے ان کے لئے جو ہندوستان کے کافروں سے جنگ لڑیں گے۔ ابو ہریرہ کہتے ہیں کہ حضور نے امت کے ان مسلمانوں کی بڑی شان بیان فرمائی اور اس کی وجہ سے میرے دل میں یہ خواش پیدا ہوئی کہ اگر میری زندگی میں یہ موقع آیا تو میں اپنا جان ومال سب کچھ اللہ کی راہ میں خرچ کر دوں گا اور اگر اس میں مارا گیا تو صرف شہید نہیں‘ بلکہ افضل ترین شہیدوں میں میرا شمار ہو گا اور اگر جنگ سے زندہ واپس آ گیا‘ غازی بن کر‘ تو جہنم سے آزادی کا پروانہ لے کر آوٴں گا‘ کیونکہ حضور ﷺ نے ہم سے انہی باتوں کا وعدہ فرمایا تھا۔ گویا اگر مارا گیا‘ تب بھی جنتی اور اگر زندہ آ گیا‘ تو پھر جنت ہاتھ میں رہے گی۔ اس حدیث کی مزید تائید حضرت ثوبان کی اس روایت سے ہوتی ہے‘ حضور نے فرمایا ”میری امت کی دو جماعتوں کو اللہ نے جہنم کی آگ سے آزاد کر دیا ہے۔ ایک وہ جماعت جو ہند کے کافروں سے جنگ لڑے گی اور دوسری وہ جو عیسیٰ بن مریم کے آنے پر ان سے مل کر دجال کا مقابلہ کرے گی۔“
اس حدیث مبارکہ کا اگر غور سے مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ نبی کریم ﷺنے کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا‘ جنگ کے لئے ہند کے کافروں کے خلاف! مطلب یہ ہوا کہ ہند کے کافروں سے جنگ کی جب بھی نوبت آئے گی تو انہیں یہ مقام ضرور ملے گا۔ معلوم ہوتا ہے کہ ہند کے کافروں کے مقابلے میں تیاری کرنے والوں اور جنگ لڑنے والوں کا مقام ہی نرالا ہے‘ میں یہاں کہوں گا کہ جنرل ضیاء الحق کی خوش قسمتی کا اندازہ لگائیں کہ بہاولپور گئے‘ فوجی اور جنگی مشقیں دیکھنے کے لئے‘ معائنہ کرنے اور ہدایات دینے کے لئے تشریف لے گئے اور گئے بھی فوجی وردی میں اسی مقدس اور مجاہدانہ انداز کی وردی کے اندر اللہ نے ان کی جان کو قبول فرما لیا۔ اس میں ذرا غور کریں: یہ تیاری‘ یہ معائنہ کس کے لئے تھا؟ اپنے متوقع دشمن کے لئے‘ اور اس صورت میں ذرا متذکرہ بالا دونوں حدیثوں کو بھی سامنے رکھیں تو یہ کہنا پڑے گا کہ جنرل ضیاء الحق صاحب کو اللہ نے شہادت کا عظیم الشان مرتبہ عطا فرمایا‘ افضل ترین شہداء میں ان کا شمار ہوا۔
 حضرت امام احمد بن حنبل فرمایا کرتے تھے کہ میرا مقام تمہیں تب معلوم ہو گا‘ جب میرا انتقال ہو جائے گا۔ میری موت کے بعد تم لوگوں کو معلوم ہو گا کہ احمد بن حنبل کون تھا۔ یہی بات میں یہاں کہوں گا کہ جنرل صاحب کے اصل مرتبے کا اندازہ ہمیں ان کی شہادت کے بعد ہوا۔ ان کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ اللہ کو ان سے کتنی محبت تھی۔ حدیث شریف میں آتا ہے‘ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب مجھے اپنے بندوں میں سے کسی بندے کے ساتھ محبت ہو جاتی ہے تو میں لوگوں کے دلوں میں بھی ان کی محبت بھر دیتا ہوں۔ اللہ نے جنرل صاحب کو نواز دیا تھا‘ ہر نعمت سے! وہ تو فی الحقیقت اللہ کی بہت بڑی نعمت تھی‘ ہمارے لئے۔ اللہ نے اب اسے ہم سے چھین لیا‘ شاید ہم اس کی صحیح انداز میں قدر نہ کر سکے تھے۔ میں اپنے دوستوں سے بھی کہوں گا‘ جنہوں نے اس نعمت کی قدر نہ کی‘ کہ وہ اللہ سے معافی مانگیں کہ یا اللہ‘ ہمیں معاف فرما دے کہ ہم نے اتنے بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
جنرل صاحب جب زندہ تھے‘ تو اس وقت بھی میں نے کھل کر ان کی حمایت کی۔ پھر اس حمایت کی وجہ سے نوبت یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ میرے احباب میں چند لوگ مجھے کہنے لگے کہ مولانا! اتنا ذکر نہ کیا کریں جنرل صاحب کا‘ لوگ پسند نہیں کرتے اور آپ کے بارے میں بھی کہنے لگے ہیں کہ یہ جنرل صاحب کا فلاں ہے‘ فلاں ہے… وہی بے جا الفاظ‘ گھسے پٹے الفاظ جو لوگ استعمال کرتے ہیں اپنے خبث باطن کے اظہار کے لئے! لیکن میں نے کہا کہ میں وہ بات تو ہر حالت میں کہوں گا جسے میں حق سمجھتا ہوں۔ میرا اس معاملے میں قلب کلی طور پر مطمئن ہے لیکن جب جنرل صاحب کی شہادت واقع ہوئی تو وہی لوگ جو جنرل صاحب کی مخالفت کرتے تھے‘ ان کو عجیب عجیب الفاظ سے نوازتے تھے اور مجھے بھی مطعون کرتے تھے‘ وہی لوگ مجھ سے لپٹ لپٹ کر زار زار روئے اور کہا مولانا‘ آپ نے واقعتا جنرل صاحب کو صحیح انداز میں سمجھا تھا۔ ہمیں خدارا معاف کر دیں۔
جنرل صاحب میں جو عاجزی تھی‘ جو انکسار تھا‘ حلم تھا‘ بردباری تھی‘ اللہ اکبر! اس کی مثال اس سے پہلے تو مجھے کبھی نہیں ملی‘ پاکستان کے کسی حکمران میں۔ اسلام آباد میں علماء کنونشن ہوا تو وہ اللہ کا بندہ اٹھارہ گھنٹے ان کے درمیان رہا‘ صرف نماز اور کھانے کے لئے اٹھا۔ اس کنونشن کے دوران میں علماء نے انہیں سخت برا بھلا کہا‘ یہاں تک کہ تمہارا گریبان ہو گا‘ ہمارے ہاتھ ہوں گے‘ یہ ہو گا‘ وہ ہو گا لیکن خدا کے اس بردبار بندے نے نہایت تحمل کے ساتھ‘ انکسار سے‘ ان جلی کٹی باتوں کو سنا اور اف تک نہ کی‘ ذرہ برابر بھی ناگواری کا اظہار نہ کیا۔ دوسرے دن جب انہوں نے علماء کے سوالات کا جواب دیا تو اس میں کھل کر ان سے کہا کہ آپ میرے مشیر بنیں‘ آپ جو کچھ کہیں گے میں کرتا چلا جاوٴں گا‘ لیکن میں سچ کہتا ہوں کہ علماء نے بھی ان کی اس معاملے میں کوئی مدد اور قدر نہ کی۔ اللہ تعالیٰ ہماری اس غفلت کو‘ جو ایک قسم کا گناہ ہی تو ہے‘ معاف فرمائے۔
ایک مرتبہ ہم جنرل صاحب کے گھر گئے۔ اللہ اکبر! عاجزی میں تو وہ شخص بے نظیر تھا۔ میرے ساتھ میرے چھوٹے بھائی مولانا فضل الرحیم بھی تھے۔ وہی گاڑی چلا رہے تھے۔ مولانا فضل الرحیم صاحب جامعہ اشرفیہ نیلا گنبد کے مہتمم ہیں۔ نئے جامعہ اشرفیہ میں یہ جو نئی تعمیر ہو رہی ہے‘ یہ دراصل ہوسٹل ہے جس میں چینی طلباء رہیں گے۔ اس کی تعمیر کا سلسلہ جنرل صاحب کے مشورے سے طے پا رہا تھا۔ جنرل صاحب کی یہ بہت بڑی خواہش تھی کہ چینی طلباء یہاں آرام سے رہیں‘ یہاں سے اسلامی علوم حاصل کر کے جب چین جائیں تو وہاں ایک عظیم الشان اسلامی انقلاب آئے۔ اسلام کو وہاں زیادہ سے زیادہ فروغ ملے۔ پہلی مرتبہ جنرل ضیاء صاحب نے یہاں پچاس چینی طلباء کو بھیجا تو ساتھ یہ بھی کہا کہ ان طلباء کو یوں سمجھیں جیسے یہ میرے اپنے بچے ہیں‘ انہیں بڑی محنت اور توجہ سے تعلیم ملنی چاہئے۔ یہ الفاظ خاص طور کہہ کر انہیں یہاں جامعہ اشرفیہ بھیجا تھا۔ جنرل صاحب نے ہی اس ہوسٹل کا افتتاح کیا تھا۔ گورنر پنجاب بھی ساتھ آئے تھے۔ ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ میں اور میرے چھوٹے بھائی مولانا فضل الرحیم‘ جنرل صاحب کے پاس گئے راولپنڈی کے آرمی ہاوٴس میں۔ آرمی ہاوٴس کے دو بڑے دروازے ہیں۔ ایک سامنے گیٹ ہے اور ایک پچھلی جانب! ہم پچھلے دروازے سے اندر گئے۔ متعلقہ مسئلے پر ان سے بات چیت کی‘ خاصی دیر تک گفتگو ہوتی رہی۔ پھر ہم ان سے اجازت لے کر باہر نکل آئے۔ وہ بھی ہمیں باہر کے دروازے تک چھوڑنے آئے۔ آپ یقین کریں کہ ان سے مصافحہ کر کے چلے آئے۔ گاڑی تھوڑی دور کھڑی تھی۔ ہم دونوں بھائی پیدل وہاں تک گئے۔ گاڑی سٹارٹ کر کے واپس آئے۔ اس کام میں تین منٹ سے بھی زائد وقت لگ گیا ہو گا لیکن ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ وہ اللہ کا بندہ ہمیں الوداع کہنے کے لئے ابھی تک گھر کے دروازے پر کھڑا ہے۔
مجھے وہ واقعہ بھی بخوبی یاد ہے‘ میاں شریف (میاں نواز شریف کے والد) نے جب اتفاق ہسپتال کا افتتاح جنرل صاحب سے کروایا تو میں بھی ان کی دعوت پر وہاں‘ اس تقریب میں مدعو تھا۔ بہت بڑی اور پرشکوہ تقریب تھی۔ اس دعوت میں میں جنرل صاحب سے تھوڑی دور بیٹھا تھا۔ مجھ پر ایک اچانک جو نظر پڑی تو بڑی محبت سے اپنی نشست سے اٹھے‘ میرے قریب آئے‘ مجھے گلے لگایا اور حال احوال پوچھ کر دوبارہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔ میاں شریف راوی ہیں کہ جب جنرل صاحب اپنی نشست پر بیٹھ گئے تو گورنر پنجاب‘ جنرل صاحب سے پوچھنے لگے کہ سر‘ یہ کون مولوی صاحب تھے‘ جنہیں آپ اتنی محبت اور تپاک سے ملے؟ جنرل صاحب نے بڑے پیار سے جواب دیا کہ یہ وہ آدمی ہیں جن کے ابا محترم نے میرا نکاح پڑھایا تھا‘ اس لئے میں ان کا بڑا احترام کرتا ہوں۔ جنرل صاحب کے پہلے پیر مولانا خیر محمد جالندھر والے تھے۔ ان کے ساتھ والد صاحب کا بھی بڑا تعلق تھا۔ جب (جنرل صاحب) ادھر سے لاہور آئے تو انہوں نے یہاں والد صاحب کے ہاتھ پر بیعت کر لی۔ اس لحاظ سے والد صاحب مفتی محمد حسن‘ جنرل صاحب کے پیر ثانی بھی تھے اور ان کا نکاح پڑھنے والے بھی۔
جس روز ان کی شہادت کا سانحہ رونما ہوا‘ خبر سن کر مجھے یوں لگا جیسے میرے جسم سے کسی نے ساری توانائی ہی سلب کر لی ہے۔ وجود بالکل بے جان اور بے حس معلوم ہوتا تھا۔ کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ اچانک یہ کیسے اور کیونکر ہو گیا۔ سارا جسم سن سا ہو کر رہ گیا تھا۔ بالکل یہ کیفیت میری اس وقت ہوئی تھی جب میرے والد صاحب کا انتقال ہوا تھا۔ میری حالت ان کی وفات پر اتنی خراب تھی کہ مولانا مودودی کے دلاسے دینے کے باوجود سنبھال نہ رہی تھی۔ جنرل ضیاء الحق کی شہادت پر بھی میرے دل کو ویسا ہی دھچکا لگا جیسا والد مرحوم کی وفات پر لگا تھا۔






 افغانستان میں خوست کے محاذ پر
راوی:ملک احمد سرور

11 مارچ 1989ء کو میں افغانستان کے صوبہ پکتیا میں خوست کی طرف جا رہا تھا۔ میرے ساتھ گاڑی میں پکتیا ہی کا ایک مجاہد بیٹھا ہوا تھا۔ ہم ایک پہاڑ کے دامن سے گزر رہے تھے۔ شہید صدر ضیاء الحق کا ذکر چھڑا تو مجاہد کی زبان سے بے اختیار نکلا ”ضیاء الحق شہید بھی یہاں آئے تھے۔“
میں چونک اٹھا‘ کیونکہ میرے لئے یہ ایک اہم انکشاف تھا۔ میں نے مجاہد سے مزید تفصیل پوچھنا چاہی تو اس نے گھبرا کر کہا ”یہ دورہ انتہائی خفیہ تھا‘ مجاہد کمانڈروں تک کو اس کا علم نہ تھا۔ اعلیٰ کمانڈر نے بڑی سختی سے کہا تھا کہ ضیاء الحق کے اس دورے کے بارے میں بھی کسی کو مت بتانا مگر آج میری زبان سے غیرارادی طور پر یہ بات نکل گئی ہے۔ میری درخواست ہے کہ کمانڈر صاحب سے ملاقات ہو تو اس کا ذکر نہ کرنا۔“
میں نے اسے تسلی دی کہ میں کمانڈر صاحب کو تمہارا نام بتاوٴں گا نہ اس بات کا تذکرہ کروں گا۔ مجھ سے وعدہ لینے کے بعد وہ بتانے لگا ’ ’87ء کی بات ہے جب ضیاء الحق صاحب خوست کے محاذ پر آئے۔ وہ سادہ کپڑوں میں تھے۔ سر پر خاکستری رنگ کی افغانی ٹوپی پہنی ہوئی تھی۔ ان کے ساتھ چند اور فوجی افسر اور افغانستان کے دو نامور کمانڈر بھی تھے“(اس نے ان کمانڈروں کے نام بھی بتائے)
”ضیاء الحق صاحب مجاہدین کی گاڑی میں سوار تھے۔ راستہ بہت خراب تھا اور گاڑی زیادہ دور تک نہیں آ سکتی تھی لہٰذا وہ گاڑی سے اترے اور گھوڑے پر سوار ہوئے۔ یژا کی طرف رغ بیلی کے پہاڑ کے قریب پہنچ کر وہ گھوڑے سے اترے اور پہاڑ پر پیدل چڑھے۔ پہاڑ پر اگے ہوئے جھاڑی نما درختوں پر سبز رنگ کا جال پھیلا کر انہیں کیموفلاج کر دیا گیا تھا۔ ضیاء الحق صاحب نے ان درختوں کے نیچے کھڑے ہو کر دوربین سے خوست کا نظارہ کیا اور کمانڈروں سے تبادلہ خیال کیا۔ مجھے یہ معلوم نہیں کہ ہمارے کمانڈروں سے ان کی کیا گفتگو ہوئی‘ کیونکہ مجھے چائے بنانے کے لئے بھیج دیا گیا تھا۔“
مجاہد نے مزید بتایا ”ضیاء الحق شہید نہایت ملنسار اور بہادر انسان تھے۔ انہوں نے مجھ سے ہاتھ ملایا اور حال پوچھا۔ میں ان کی جرأت اور بہادری کی داد دیئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ جس راستے سے گزر کر وہ رغ بیلی کے پہاڑ تک پہنچے تھے‘ وہ انتہائی خطرناک راستہ تھا۔ دشمن نے اس علاقے میں بہت بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھائی ہوئی تھیں۔ صفائی کے باوجود یہ سرنگیں دبی رہ جاتی ہیں اور حادثات کا سبب بنتی ہیں۔ دشمن کے ایجنٹ تازہ بارودی سرنگیں بھی رات کو بچھا جاتے ہیں اور بعض اوقات چھپ کر حملہ بھی کر دیتے ہیں۔ اس کے بعد ضیاء الحق صاحب کے چہرے پر کسی قسم کی پریشانی نہ تھی اور وہ ایک نڈر مجاہد کی طرح یہاں سے گزرے۔ وہ خدائے واحد پر کامل یقین رکھنے والے اور موت سے نہ ڈرنے والے جنرل تھے۔ مجاہدین سے انہیں اپنی جان سے بھی زیادہ محبت تھی‘ اس لئے اللہ تعالیٰ نے انہیں شہادت جیسے عظیم اعزاز سے نوازا…“


دَورِ ضیاء اور دَورِ مابعد
پروفیسر مرزا محمد منور

مشہور فیلسوف اور ماہر نفسیات ولیم جیمز لکھتے ہیں کہ بعض اشخاص‘ شخص تو ہوتے ہیں مگر ان کو شخصیت میسر ہی نہیں آتی۔ وہ عمر بھر ازروئے شخصیت صفر رہتے ہیں۔ ان کا ہونا نہ ہونا برابر‘ وہ پیدا ہوئے تو کیا! وہ رحلت کر گئے تو کیا۔ اکثر اشخاص وہ ہوتے ہیں جو بہرحال اپنی کسی نہ کسی طرح کی شخصیت کے مالک ہوتے ہیں مگر عمر بھر ان کی شخصیت ایک شخصیت سے آگے نہیں بڑھتی۔ مراد ہے ایک شخص اور ایک ہی شخصیت‘ گنتی میں بھی ایک وہ بھی‘ جیا تو ایک شخص جیا‘ مرا تو ایک شخص مرا۔ اس کے مقابل بے شمار اشخاص ایسے ہوتے ہیں کہ ازروئے وجود تو ایک شخص ہوں مگر شخصیت کی نسبت سے وہ پورے کنبے کے برابر ہوں۔ جب وہ مریں تو یوں محسوس ہو جیسے ایک شخص نہیں مرا ایک کنبہ فنا ہو گیا ہے۔ اس کا معنی یہ ہوا کہ وہ شخص اپنی شخصیت کو اس حد تک پھیلانے میں کامیاب ہو گیا کہ اس کا وجود ایک شخص کے بجائے بہت سے اشخاص کا وجود بن گیا‘ وہ ایک ہستی کے بجائے بہت سی ہستیوں کا مجموعہ بن گیا۔ اسی تناسب سے کچھ لوگ وہ ہوتے کہ ایک پورے معاشرے کی روحوں میں آباد ہو جاتے ہیں۔ بعض ایسے بھی ہوتے ہیں کہ ان کی شخصیت پھیل کر کئی کئی معاشروں کو محیط ہو جاتی ہے۔ اس طرح کا وجودِ محیط جب عالم ظاہر سے رخصت ہو تو احساس ہوتا ہے کہ فقط اشخاص نہیں‘ کنبے قبیلے بھی نہیں‘ بلکہ معاشروں کے معاشرے متزلزل ہو کر رہ گئے ہیں‘ یہی نہیں بعض اوقات متزلزل سے بڑھ کر انہدام کی صورت پیدا ہو جاتی ہے۔ گویا ایک شخص کی شخصیت اس طرح پھیلی ہے کہ لاکھوں بلکہ کروڑوں شخصیتوں کی روح رواں بن گئی۔
ہمیں یاد ہے کہ حضرت قائداعظم کی زندگی کے لئے لوگ دعا مانگتے مانگتے اس طرح پرگذاز ہو جاتے تھے کہ بے اختیار کہہ اٹھتے مولا ہماری اور ہمارے بال بچے کی زندگی بھی قائداعظم کو عطا کر دے تاکہ امت مسلمہ برعظیم پاک وہند جیتی رہے۔
ایک عرب شاعر نے ٹھیک ہی تو کہا تھا:
وما کان قیس ھلکہ ھلک واحد!
ولکنہ بنیان قوم تھدما!!
قیس کی موت ایک شخص کی موت نہیں۔ حق یہ ہے کہ ایک پوری کی پوری قوم کا شبستان وجود زمین بوس ہو گیا ہے۔
نیز یہ بھی ٹھیک ہے کہ کسی شخصیت کی اہمیت کے جیتے جی بعض اوقات یا شاید اکثر اوقات اس بھرپور انداز میں اپنے آپ کو محسوس نہیں کراتی جس بھرپور انداز میں رحلت کر چکنے کے بعد محسوس کراتی ہے… یہ بھی بجا کہ ہر کنبہ‘ ہر قبیلہ ایسی توسیع یاب ہستی کے ناپید ہو جانے کو رشتے‘ قرابت‘ نسل اور قرب منفعت کے سبب سے اپنا زیاں جانتا ہے‘ اس سے آگے معاشرے جب اس زیاں کا دکھ محسوس کریں تو اس میں اجتماعی‘ معنوی اور روحانی کرب کو حاوی حیثیت حاصل ہوتی ہے اس میں اشتراک عقیدہ کو بھی دخل ہوتا ہے‘ اس میں ماضی کے مشترک افتخار کو بھی دخل ہوتا ہے‘ اس میں زمانہٴ آئندہ کی مشترک حسین امیدوں اور جاں پرور متوقع کامرانیوں کا بھی دخل ہوتا ہے۔ ایسے حادثے کے باعث ماضی وحال کا جو حال ہوا وہ تو اپنی جگہ‘ لیکن دورِ آئندہ کی روشنیاں اچانک ماند پڑتی دکھائی دینے لگتی ہیں۔ کئی خوشیاں جو دسترس میں ہوں دور بھاگتی نظر آتی ہیں اور کئی بلندیاں جو طے ہو چکی ہوتی ہیں اور ہر لب بام دوچار گام ہی رہ گیا ہوتا ہے اچانک فتح کی کمند وسائل ٹوٹ جانے سے دوبارہ ناقابل تسخیر نظر آنے لگتی ہیں۔
جنرل ضیاء الحق کی شہادت کے بعد پاکستان کی آبادی کے حاوی عنصر نے بھرپور زیان وزوال محسوس کیا‘ آناً فاناً دھچکا سا لگا‘ ان لوگوں کو بھی جو زندگی میں اس شہید کے قدردان تو تھے مگر اس کے وجود کو اس قدر مسعود نہیں جانتے تھے جس قدر اس کی شہادت کے بعد جاننے لگے۔ وہ بھی تھے جو اس شہید کو بعض اپنے ذاتی مقاصد واغراض کے باعث پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھتے تھے مگر وہ اس کی شہادت کے بعد ایک ندامت مآب خاموشی سادھ کر بیٹھ گئے۔ تاہم وطن کی اکثریت کثیرہ نے اس امر کا اقرار ضرور کیا کہ شہید نے بڑی کوشش کی کہ جو کچھ بھٹو صاحب کے ہاتھوں بگڑا تھا وہ سنواریں‘ افراتفری کو دور کرنے کے باب میں شہید ضیاء نے سرتوڑ کوشش صرف کی۔ تجارت ڈوب رہی تھی‘ سرمایہ شرمایا ہوا تھا۔ مقامی اور ملکی تجارت سے ملکی اور مقامی سرمایہ دار آنکھیں چراتا تھا‘ کارخانے یکے بعد دیگرے رکتے چلے جا رہے تھے۔ اس شہید نے تجار اور اہل سرمایہ کا اعتماد بڑی حد تک بحال کیا جو کارخانے رکے ہوئے تھے وہ چلنے لگے‘ نئے کارخانے تعمیر ہونے لگے۔ بے پناہ نئے صنعتی منصوبے عمل میں آئے‘ اربوں روپے کی مشینری درآمد ہونے لگی‘ رفتہ رفتہ برآمد میں بھی ترقی شروع ہوئی‘ روپیہ تیزی کے ساتھ گردش کرنے لگا‘ اسی ترتیب سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا‘ہم غلے کے معاملے میں تقریباً خودکفیل ہو گئے‘ اجناس کی قیمتیں بڑھیں‘ محنت کار کی محنت کا معاوضہ اسی رفتار سے بڑھ گیا‘ اہل زراعت بھی نسبتاً زیادہ آسودہ حال اور اہل حرفہ بھی۔ مزدوری کی شرح بہت معقول ہو گئی تھی۔ کسان ہل چلاتا تھا اور ہل کے ساتھ ٹرانزسسٹر ریڈیو باندھ رکھا ہوتا تھا۔ ابھی تک اس خوشحالی کا سایہ باقی بھی ہو گا۔ اسی طرح مزدور اپنا ٹرانزسسٹر ساتھ رکھتا تھا۔ کسان نے گھڑی باندھ رکھی ہوئی تھی اور مزدور نے بھی۔ یہ گزشتہ چار پانچ سال تو بڑی ہی فارغ البالی کے سال تھے۔ میں اپنے عزیزوں اور اہل حلقہ سے کہا کرتا تھا کہ یہ خوشحالی بڑی حوصلہ افزا ہے‘ اسے دشمنوں کی نظربد نہ لگ جائے اور پھر دشمنوں کی نظربد لگ گئی‘ مختلف الانواع اور مختلف المقاصد دشمنوں کی نظربند! لہٰذا ساری خوشیوں اور برکتوں کا محور جو ایک وجود تھا وہ اللہ نے عطا کیا تھا‘ اسی نے ہماری ناشکرگزاری کی ہمیں سزا دینے کے لئے‘ ہم سے چھین لیا۔
چند سال ہوئے ایک خالصہ جی دلی سے تشریف لائے۔ وہ وہاں ایک اہم سرکاری عہدے پر فائز تھے۔ شاید اب بھی ہوں۔ انہیں حضرت علامہ اقبال سے بڑی عقیدت تھی۔ شاید اب تک ہو۔ باتوں باتوں میں میں نے سردار صاحب سے! پوچھا سردار صاحب آپ اتنے دنوں سے پاکستان میں ہیں‘ آپ نے بتایا ہے کہ آپ اپنے بعض پرانے دوستوں سے ملنے کی خاطر کوئٹہ بھی گئے‘ پشاور بھی‘ راولپنڈی بھی گئے اور فیصل آباد بھی… یہ فرمایئے آپ کو کوئی ایسا شخص بھی نظر آیا جس کے کپڑے پھٹے ہوئے ہوں۔ سردار صاحب جن کا آبائی شہر راولپنڈی ہے‘ بڑے اداس ہو کر لمبی سانس کھینچ کر کہنے لگے پاکستان والوں کو دیکھ دیکھ کر ہندوستان والے نگاہ میں گھومتے رہے۔ پروفیسر صاحب کوئی مقابلہ ہی نہیں۔ پاکستان کے لوگ بھارتی باشندوں کے مقابل بڑے ہی خوش قسمت ہیں۔
میں نے عرض کیا سردار جی شریمتی اندرا گاندھی کہتی ہیں کہ پاکستان نے سکھوں کو گمراہ کرنے کے لئے تربیتی کیمپ کھول رکھے ہیں۔ لہٰذا خالصے جب پاکستان سے لوٹتے ہیں تو ان کی ایک اچھی خاصی تعداد بھارت کی دشمن ہو چکی ہوتی ہے۔ اس کے جواب میں ہمارے دوست پروفیسر محمد سلیم صاحب نے ”نوائے وقت“ میں لکھا تھا کہ درحقیقت پاکستان میں بھارت کے مقابل اس قدر زیادہ فارغ البالی ہے کہ ہمارے سکھ متر جب پاکستان کا یہ رنگ دیکھتے ہیں تو ان کے کلیجے کے زخم ہرے ہو جاتے ہیں۔ وہ سوچنے لگتے ہیں کہ اگر ان کا بھی اپنا آزاد وطن ہوتا تو ان کے ”بھرابھائی“ بھی اسی طرح خوشحال ہوتے۔ پھر انہیں دور تقسیم برعظیم کے اپنے قائدین پر غصہ آنے لگتا ہے جنہوں نے آئندہ نسلوں کو ڈبو دیا۔ ساتھ ہی انہیں ہندو قائدین پر بھی غصہ آ جاتا جنہوں نے ان کے لیڈروں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرنے سے گریزاں رہے۔ پروفیسر سلیم صاحب نے وضاحت کی کہ شریمتی اندرا جی اللہ کے کرم سے سارا پاکستان خوشحال ہے‘ پاکستان میں جہاں بھی کوئی خالصہ جی بقائمی ہوش وحواس جائیں گے ایسے ہی مناظر دیکھیں گے جو انہیں بھارتی حکومت پر غصہ دلائیں گے۔ لہٰذا ضروری نہیں کہ پاکستان خالصوں کو ”بہکانے“ اور طیش دلانے کے لئے خصوصی تربیتی کیمپ کھولے۔ اللہ کا فضل ہے سارا پاکستان بھارتی سکھوں کو ان کے قومی زیاں کا احساس دلاتا رہتا ہے۔ اس لئے یہ سارے کا سارا ملک تربیتی کیمپ ہے۔
مگر حق یہ ہے کہ شہید جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت سے قبل اہل پاکستان کو کبھی ایسی آسودگی نصیب ہی نہ ہوئی تھی۔ یہ بجا ہے کہ فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے آخری چند سالوں میں صنعتی ترقی بڑی نمایاں تھی‘ لہٰذا آسودگی محسوس سی ہونے لگی تھی۔ عین اس وقت وہ لیڈر مشرقی اور مغربی پاکستان میں جلوہ گر ہو پڑے جنہوں نے کمیونسٹانہ اصطلاحات میں گفتگو شروع کر دی‘ اور گفتار بڑھتے بڑھتے پھیپھڑا پھوڑ تقریروں کا روپ دھار گئی۔ انہیں کن لوگوں کی تھپکی حاصل تھی؟ اظہر من الشمس ہے۔ مومن خان مومن نے خوب کہا تھا:
جانے کیا کیا پڑھا دیا اس کو
دشمنوں کے پڑھائے لوگوں نے
بھٹو نے نومبر 1967ء میں پیپلزپارٹی بنائی تھی‘ 1968ء کے اواخر تک وہ ایک زوردار بلکہ ”شوردار“ پارٹی بن چکی تھی۔ بھٹو صاحب اور ان کے نمایاں ساتھیوں نے جن میں ایک قابل لحاظ گروپ کمیونسٹوں کا بھی تھا‘ کارخانہ داروں‘ زمینداروں اور سرمایہ داروں کے خلاف دھواں دھار تقاریر شروع کر دیں۔ کسی کارخانے کے پاس سے بھٹو صاحب گزرتے اور ساتھ ہی غریب کو دیکھتے‘ خواہ وہ مزدور ہوتا یا ریڑھی والا تو کہتے وہ دیکھتے ہو کارخانہ‘ جب اقتدار مجھے مل جائے گا تو یہ کارخانہ تمہارا ہو گا۔ شیخوپورہ کے نواح میں ایک بڑھیا کی کٹیا کے دروازے پر رکے‘ شاید اس کی چنگیر سے دو لقمے بھی کسی چیز کے کھائے اور کہا اماں یہ فیکٹری جو تمہارے سامنے ہے یہ تمہیں دے دوں گا۔ بس مجھے اقتدار مل جانے دو۔ بھٹو صاحب کی ان باتوں کا نتیجہ واضح تھا اور بھٹو صاحب بھی جانتے تھے کہ سرمایہ دار اپنا روپیہ کھینچ لیں گے۔ مزید روپیہ صنعت وتجارت میں نہیں لگائیں گے اور پاکستان میں جو خوشحالی کی لہر آئی ہوئی ہے ختم ہو جائے گی۔ افسوس یہ ہے کہ وہ یہ سب کچھ بظاہر غریب کی خاطر کرتے رہے اور بھولے بھالے عوام یہی سمجھ بھی رہے تھے‘ رہی سہی کسر بھٹو صاحب نے اقتدار حاصل کرلینے کے بعد بہت سی بھاری صنعتوں کو قومیا کر پوری کر دی۔ ہمارے صنعت کار بھی سچے تھے ان احوال میں کیا کرتے۔ اکثر وبیشتر پٹ گئے‘ بعض اہل ہمت بھٹو صاحب کے جانے کے بعد سنبھل بھی گئے‘ مگر ان کی تعداد بہت تھوڑی تھی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ عہد بھٹو میں پاکستان کے مزدور اور اہل حرفہ بیکار ہو گئے اور انہوں نے بیرونی ممالک میں بیش از بیش تلاش معاش کے لئے تگ ودو شروع کر دی۔ میں آج بھی یہ سوچتا ہوں کہ اگر ایوب خان کے دور کی صنعتی توسیع میں خلل نہ آتا تو اس وقت تک ہمارے ملک میں مزدوری کی اسامیاں اتنی زیادہ ہوتیں کہ ہم کوریا‘ تھائی لینڈ‘ سری لنکا اور دیگر کئی ایشیائی ممالک سے مزدور اور اہل حرفہ کو اپنے یہاں ملازمتیں دے رہے ہوتے‘ چہ جائیکہ ہمارے افراد غیرممالک میں در در کی ٹھوکریں کھاتے پھرتے مگر چونکہ بھٹو صاحب کی نیت نیک نہ تھی اس لئے ایک زور دار جھٹکا لگا کہ ہماری صنعت کی چولیں ہلا دیں۔
بہرحال شہید جنرل ضیاء الحق نے بڑے اعتدال کے ساتھ اور نرمی نرمی سے کام شروع کیا اور اللہ نے برکت اور حوش خالی میں رفتہ رفتہ پھر اضافہ فرمایا۔ ہم نے گلستان سعدی میں پڑھا تھا کہ دوران شکار میں بادشاہ نوشیروان اپنے ساتھیوں سے بچھڑ گیا۔ پیاس محسوس ہوئی تو ایک باغ میں داخل ہوا۔ وہاں کسی دوشیزہ سے جو شاید باغ کے مالک کی بیٹی تھی کہا کہ مجھے پیاس لگی ہے‘ کچھ پینے کو دو۔ لڑکی نے ایک انار توڑا‘ نچوڑا‘ پیالہ بھر گیا۔ اب نوشیروان انار کا شربت پی رہا ہے اور یہ بھی سوچ رہا ہے کہ اس باغ پر تو خصوصی ٹیکس لگنا چاہئے جس کے ایک انار سے ایک پیالہ رس نکل آتا ہے۔ ظاہر ہے کہ لڑکی کو کیا پتہ کہ یہ شکاری رئیس خود اس کا بادشاہ تھا‘ نوشیروان نے پیالہ ختم کیا اور اس لڑکی سے فرمائش کی کہ ایک پیالہ اس کا اور بنا دے۔ چنانچہ لڑکی نے دوسرا پیالہ بنانا شروع کیا۔ ایک انار نچوڑا‘ دوسرا انار نچوڑا‘ تیسرا اور پھر چوتھا۔ پہلے ایک ہی انار سے پیالے کے برابر رس نکل آیا تھا اور اب چار اناروں سے نکلا۔ نوشیروان نے تعجب سے پوچھا آناً فاناً انار کے رس میں کمی کیسے وارد ہو گئی؟ اس بھولی بھالی دوشیزہ نے جواب دیا شاید بادشاہ کی نیت میں کوئی خلل آ گیا ہے۔ چنانچہ بھٹو صاحب کی بدنیتی نے خوش حالی کو بدحالی میں تبدیل کر دیا۔
پھر جب شہید جنرل ضیاء الحق نے زمام اقتدار اپنے ہاتھ میں لی تو ان کی نیت کو خوبی نے برکات بے پایاں کی راہ کھول دی۔ حالانکہ پیپلزپارٹی کے لاکھوں حامی عملاً برسرعداوت تھے ظاہراً بھی اور باطناً بھی۔ بھٹو صاحب کے خلاف مقدمہ قتل چل رہا تھا۔ اس نے بھی ایک تناوٴ کی سی کیفیت پیدا کر رکھی تھی۔ اس طرح عوام اور اوپر کی کرسی کے مابین آڑھت کرنے والے یعنی سیاست دان بھی مضطرب ہونے لگے۔ پھر بھٹو صاحب کی پھانسی کے بعد الذوالفقار نے سر نکالا اور براہ راست ضیاء الحق کے سر کو تاکنا شروع کیا۔ 17 اگست 1988ء والا حملہ جس نے بھی کیا یہ تو آخری تھا۔ شاید درجن بھر حملے اس سے قبل بھی ہو چکے تھے۔ علاوہ ازیں افغانستان کی جنگ کا دھندا سہنا پڑا۔ اپریل 1979ء میں بھٹو صاحب کو باعث ومعاون قتل کے طو پر سپریم کورٹ نے موت کی سزا دی۔ یہ کیس جس ضابطے اور قاعدے کے ساتھ سنایا گیا تھا اس کے بارے میں خود بھٹو صاحب نے سپریم کورٹ میں اپنی آخری حاضری کے موقع پر بھرپور الفاظ میں اقرار کیا تھا کہ وہ مطمئن ہیں‘ آگے فیصلہ کیا ہو گا وہ عدالت عظمیٰ کے ججوں پر منحصر ہے۔ بہرحال حسب تقاضائے مقدمہ پھانسی کی سزا دی گئی اور پھر فوراً ہی الذوالفقار کا وجود عمل میں آ گیا… لہٰذا یہاں وہاں بم پھٹنے لگے۔ ہوائی جہازوں کو اغوا کرنے کی کوششیں شروع ہوئیں۔ ایک ہوائی جہاز اغوا بھی ہوا جو کابل اور دمشق کے مابین رسوا ہوتا رہا اور جس میں سوار طارق کو شہید کر کے اس کی لاش کو زمین پر پھینک دیا گیا۔ کراچی کے ہوائی اڈے پر کھڑے کھڑے اپنے قیمتی ہوائی جہاز کو بم سے اڑا دیا گیا۔ ظہور الحسن بھوپالی اور چوہدری ظہور الٰہی کو شہید کر دیا گیا۔ دیگر تخریبی کارروائیوں کا شمار نہیں اور یہ سب تخریبی کارروائیاں الذوالفقار کے زیرہدایت عمل میں آئیں۔ اس لئے کہ اس تخریبی تنظیم نے خود ان جملہ امور وحادثات کی بصد فخر ذمہ داری قبول کر لی تھی‘ خود ضیاء الحق کی اپنی جان پر جو حملے ہوئے ان کا مسئلہ جدا ہے اس لئے کہ ان کی تفصیل تو فقط ضیاء الحق خود یا ان کے ساتھ مستقلاً مربوط مختلف شعبوں کا سٹاف ہی جانتا ہے۔ مگر ضیاء صاحب تھے کہ بڑے سکون کے ساتھ اور کسی بھی مزاجی بے سکونی کے بغیر کام کئے جا رہے تھے۔
عین اس عالم میں کہ ذوالفقار کی کارروائیوں کا یہ تباہ کن کھیل جاری تھا دسمبر 1979ء کے اواخر میں کابل میں روس نے اپنی فوجیں اتار دیں۔ سبب اس کا کچھ بھی ہو۔ یوں بھی کہا جاتا ہے کہ ایران میں امریکہ کی جو درگت بنی تھی اس کا جواب امریکہ سے متوقع تھا‘ ممکن تھا امریکہ ایران میں گھس بیٹھتا‘ لہٰذا روس نے امریکی استعمار کی چال کے برابر چال چلنے کے لئے افغانستان پر قبضہ جما لیا۔ چلو یوں ہی سہی۔ مگر جب امریکہ نے ایران کے خلاف کوئی بڑی کارروائی نہ کی تو روس کو چاہئے تھا کہ اپنی فوجوں کی واپسی کا اعلان کر دیتا اور رفتہ رفتہ انہیں ہٹا لیتا۔ تاہم ایسا نہ ہوا۔ الٹا روس نے یہ دعویٰ بار بار نشر فرمایا کہ افغانستان کی دوست حکومت نے دعوت دی تھی کہ ہم انہیں بیرونی فوجوں کی متوقع یلغار سے بچائیں۔ وہ بیرونی فوجیں پاکستان کی ہو سکتی تھیں اور کوئی انصاف پسند فرمائے کہ اس مرحلے پر پاکستان کی فوجیں افغانستان میں کب تھیں۔ رہا افغانستان کی طرف سے روس کو دعوت ملنا کہ تشریف لایئے اور ہمیں اپنا غلام بنا لیجئے اور ازراہ کرم دیگر مسلمان روسی ریاستوں کی طرح غلام جمہوری ریاستوں کی برادری میں ہمیں بھی شامل کر لیجئے‘ تو حال یہ تھا کہ حفیظ اللہ امین کو روسیوں نے قتل کروا دیا تھا اور اس کا جانشین جس شخص کو بنایا تھا یا بعد میں یہ سوچا کہ اسے حفیظ اللہ کا جانشین بنا دیا جائے یعنی ببرک کارمل تو وہ اس وقت مشرقی یورپ میں تھا۔ ظاہر ہے کہ روس کی استعمار پسندی نے ہوس کا ایک قدم آگے بڑھایا تھا اور ایک اور مسلم ملک دبا لیا تھا۔
اب پاکستان براہ راست روس کا ہم دیوار ہمسایہ بن گیا۔ کسی چھوٹے کے لئے بڑے کا ہمسایہ ہونا اور وہ بھی جب بڑا ہمسایہ بدنیت بھی ہو اور ظالم بھی‘ انتہائی وحشت ناک صورت حال سے دوچار ہونا ہوتا ہے۔ پاکستان کی بھی جو اضطرابی کیفیت ہونی چاہئے تھی وہ عیاں ہے‘ لیکن شہید جنرل ضیاء الحق نے انتہائی پامردی کے ساتھ اس ساری صورت حال کا مقابلہ کیا۔ کوئی اظہار پریشانی نہ کیا‘ رفتہ رفتہ عالم یہ ہو گیا کہ روس نے براہ راست ہم کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں کہ ”افغان باغیوں“ کی مدد سے دست کش ہو جاوٴ ورنہ سخت سزا دی جائے گی۔ شہید جنرل ضیاء الحق نے پرکاہ کے برابر پروا نہ کی۔ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ آغا شاہی صاحب نے ایک تقریب میں یہ تصدیق فرمائی ہے کہ ضیاء الحق صاحب نے خدا پر بھروسا کیا اور ثابت قدمی کے ساتھ جو کچھ بس میں تھا کرتے رہے تاکہ ہمسایہ مسلمان ملک افغانستان ازسرنو اپنی تقدیر کا مالک خود بن جائے اور روس جیسی ایک قوت فائقہ (Super Power) کی ہمسائیگی کے عذاب سے ہماری جان چھوٹے۔
برزنیف نے جس کے دور حکومت میں روس نے افغانستان پر یورش کی تھی ایک بار نہیں بار بار کہا تھا کہ اگر افغانستان میں سوشلسٹ حکومت نہیں بنتی اور قائم نہیں رہتی تو روس کے نازک جنوبی حصے محفوظ نہیں رکھے جا سکتے۔ ”پیٹ“ کے اس نازک حصے کو ذرا بھی تیز زخم لگے تو انتڑیاں باہر جا پڑیں گی۔ یہی حال روس کا تھا۔ لہٰذا روس نے ظاہر شاہ کے خلاف سازش کرائی تھی۔ داوٴد خان کو لایا تھا‘ پھر ترکئی اور پھر حفیظ اللہ امین کو‘ کوشش یہی رہی کہ افغانستان کی روح اسلام کو نابود کر کے اسے سوشلزم کا گڑھ بنا دیا جائے تاکہ یہ گڑھ روس کے اندر مسلمانوں کے علاقوں میں جبراً قائم کردہ اشتراکی گڑھیوں کے لئے حفاظتی دیوار وبرج کا کام دے۔ لیکن روس کو معلوم نہیں تھا کہ بازی الٹی پڑ سکتی ہے اور حقیقت میں ایسا ہی ہوا ۔



 جنرل ضیاء الحق کی افغان پالیسی…
صدر ضیاء کی شہادت 13لاکھ افغانوں کے جانی نذرانے کا نقطہٴ عروج تھی
                                بشکریہ ہفت روزہ تکبیر کراچی
اب یہ بات بلا کسی ہچکچاہٹ کے کہی جا سکتی ہے کہ پاکستان نے نیازمندی‘ فرمان برداری کی انتہاوٴں کو چھوتے ہوئے اپنی افغان پالیسی‘ اس درخواست کے ساتھ کلیتاً امریکی قدموں پر ڈھیر کر دی ہے کہ
سپر دم بتو مایہٴ خویش را
تو دانی حسابِ کم و بیش را
افغان مسئلہ سے متعلق… امریکی اثر ورسوخ اور بڑھتے دباوٴ کو بلا چون وچرا ماننے والی پاکستانی حکومت کے بعض عہدیداران اور خصوصاً وزیراعظم پاکستان کے بینات عجب عذر ہائے لنگ تراشتے پھرتے ہیں۔ خود وزیراعظم پاکستان اس مسئلہ کے بارے میں دو مختلف موٴقف رکھتی ہیں۔ بیرونی ممالک کے دوروں میں غیرملکی اخبارات وذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے وقت وہ قطعی مختلف موڈ میں نظر آتی ہیں‘ جب کہ اندرون پاکستان‘ مسئلہ افغانستان پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا‘ کچھ اور ہوتا ہے۔ ملک سے باہر وہ افغانستان میں جاری جنگ کو داخلی خانہ جنگی سمجھنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتیں اور مخلوط حکومت کے قیام پر اثبات میں سر ہلا دیتی ہیں۔ پاکستان میں‘ اس مسئلے پر اظہار رائے کرتے وقت وہ افغان عوام کے حقیقی نمائندوں (مجاہدین) پر مشتمل حکومت کو قیام امن کا ذریعہ قرار دیتی ہیں لیکن یہ مسئلہ صرف محترمہ وزیراعظم کے بیانات تک محدود نہیں۔ پانی سر سے کچھ اوپر ہی سے گزر رہا ہے اور یہ سب کچھ ایسے عالم میں ہو رہا ہے کہ جب پاکستانی عوام میں افغان مجاہدین کی حمایت میں حیرت انگیز اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ گیلپ پاکستان کے ایک تازہ ترین سروے کے مطابق‘ جو چند روزقبل ہی کیا گیا‘ افغان مجاہدین کی حمایت ان علاقوں میں بھی خاصی بڑھی ہے جہاں مخصوص سیاسی حالات کے پیش نظر‘ اس نوعیت کی توقعات قدرے مشکل تھیں۔ مثلاً اندرون سندھ‘ بلوچستان کے علاقے۔افغان حوالے سے شہید صدر ضیاء الحق کا نپا تلا موٴقف دو سیدھے سادھے اور منطقی دلائل پر مشتمل تھا۔
1- روسیوں کو ہر حال میں افغانستان سے واپس لوٹنا چاہئے‘ خواہ اس کے لئے پاکستان کو کچھ ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔
2- افغانستان میں ایک نمائندہ اسلامی حکومت قائم ہونی چاہئے جو افغان عوام کے جذبات کی عکاس ہو۔
اپنے قیام سے لے کر اب تک پہلی بار پاکستان کو یہ موقع نصیب ہوا تھا کہ وہ روس کی جانب سے شکارگاہ سمجھ کر افغانستان سے داخل ہوئے اور منہ مارتے ہوئے آگے بڑھنے کے عمل کو افغان عوام اور مجاہدین کی مدد سے نہ صرف گھیرے میں لے کر روک سکتا ہے بلکہ انہونی سرزمین پر انہونے واقعات تخلیق کروا سکتا ہے… یہ کوششیں اگر کامیاب ہو جاتیں تو اس صدی کا معجزہ کہلاتیں اور ناکام ہو جاتیں تو بھی پاکستان کی جرأت مندی واستقامت کے سبب روس اگلا قدم بڑھانے کی ہمت بہت سوچ سمجھ کر کرتا۔ روسی جارحیت نے امریکیوں کو خدا واسطے کا موقع فراہم کیا۔
لگتا ہے ویتنام کے بعد روسیوں کو گندا کرنے کی امریکی خواہش ان کے قومی ترانے کے ان کہے بول کی صورت اختیار کر گئی تھی کہ وہ کسی بھی قیمت پر روسیوں کو رسوا ہوتا دیکھنا چاہتے تھے‘ اس بے تابی کے ناسور بننے سے پیشتر ہی افغانستان میں روسی جارحیت کے فوراً بعد محدود امریکی امداد اور حمایت کی پیش کش بعض حلقوں کے نزدیک پاکستان اور عالم اسلام کے تالاب میں ردعمل کی لہریں ابھارنے والا پتھر تھی اغلباً امریکی سوچ یہ تھی کہ کہیں ان کی کھلم کھلا اور وافر امداد کے اعلانات‘ اس کے خلاف روسیوں کے پروپیگنڈے کو مضبوط بنیاد فراہم نہ کر دیں۔ نیز یہ کہ اسلام کے حوالے سے چلنے والی افغان تحریک جہاد کا رویہ اس امداد کے بارے میں کیا ہو گا؟ وہ یہ بھی دیکھنا چاہتے تھے کہ خود پاکستان امریکی نفوذ کی بڑھتی علامات کو برداشت کرنے میں کس حد تک لچک کا مظاہرہ کر سکتا ہے؟ صدر ضیاء الحق کی جانب سے جمی کارٹر کی امداد کو ”مونگ پھلی“ قرار دے کر مسترد کر دینا امریکی خدشات کا جواب تھا جس نے واضح کیا کہ
1- امداد قبول ہے لیکن علامتی نہیں بلکہ حقیقی۔
2- پاکستان اس مسئلہ میں ایک مضبوط اور صبرآزما راستہ اختیار کرنے کی ٹھان چکا ہے‘ خواہ امریکی ساتھ ہوں یا نہ ہوں۔
3- امریکی امداد کے باوجود پاکستان ہی اس مسئلے میں کلیدی رول ادا کرے گا۔
صدر ضیاء الحق نے جو روسیوں کے خلاف ایک طویل جنگ کی منصوبہ بندی جزئیات تک طے کر چکے تھے‘ اپنی حکمت عملی نہایت فنکارانہ مہارت سے تشکیل دی۔ انہوں نے افغان محاذ کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ عسکری اور سیاسی وسفارتی۔
عسکری محاذ بجائے خود دو حصوں میں منقسم تھا۔ پہلا۔ اندرون افغانستان لڑنے والے بے شمار گروہوں کو مختلف تنظیموں میں ضم کرتے ہوئے ان کی تعداد گھٹانا‘ انہیں منظم کروانا۔ ان کی رسد اور سپلائی کے لئے ایک وسیع وپیچیدہ نظام تشکیل دینا‘ اسلحہ کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانا‘ لڑنے والے مجاہدین کو پاکستان میں پناہ لینے والے افغان مہاجرین سے مسلسل مربوط ومنسلک رکھتے ہوئے خیمہ بستوں کو مجاہدین کے بیس کیمپوں میں تبدیل کرنا۔
یہ ساری کارروائی براہ راست صدر کی نگرانی میں آئی ایس آئی انجام دیتی رہی جسے صدر نے خصوصی طور پر اس کام کے لئے مقرر کیا تھا۔ آئی ایس آئی کے اضافی کاموں میں مختلف دوست ممالک کی جانب سے بھجوائے گئے‘ اسلحہ کی وصولیابی‘ کہیں کہیں سے خریداری اور اس کے پاکستان ترسیل اور خاد‘ را اور کے جی بی کے منصوبوں کو جوابی جاسوسی کے نظام کی ہدایت قبل از بھانپنا اور انہیں کاوٴنٹر کرنا بھی شامل تھا۔
سیاسی محاذ پر صدر ضیاء الحق نے اسلامی ممالک کے تعاون سے عالمی سفارتی مہم کا آغاز کیا اور جلد ہی تیسری دنیا کے بیشتر ممالک‘ افریقی اتحاد کی تنظیم‘ غیرجانبدار ممالک کی تنظیم اور اقوام متحدہ میں باوجود روس بھارت کوششوں کے‘ کامیابی حاصل کرنی۔ اس تناظر میں افغان مسئلہ کو زندہ رکھنے کی دو وجوہات ایسے چبھتے ہوئے کانٹے تھے جنہوں نے عالمی رائے عامہ کو کبھی چین سے بیٹھنے نہیں دیا۔ ان میں پہلا‘ افغانستان کی کل آبادی کے ایک تہائی کا ملک سے ہجرت کر جانا اور پاکستان وایران میں پناہ لے لینا اور دوسرا افغان مجاہدین کی عظیم جدوجہد اور آزادی کے حصول کے لئے مستقل جنگ آزمائی وقربانیاں تھیں۔ صدر ضیاء الحق نے اپنی تمام تر کوششوں کی بنیاد انہی دو عوامل پر رکھی اور ان ہی کی مدد سے 4 بنیادی نکات پر اپنی افغان پالیسی کو استوار کیا۔
1- روسی افواج کا بلا شرط انخلاء۔
2- افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی۔
3- افغانستان کے غیرجانبدارانہ اور اسلامی تشخص کی بحالی۔
4- افغان عوام کی حقیقی امنگوں کی عکاس نمائندہ حکومت کا قیام۔
اگرچہ اس پالیسی کو چلانے میں خود صدر ضیاء الحق کو اپنے قریبی ساتھیوں اور حکومتی اداروں کا خاطرخواہ تعاون نہیں مل سکا بلکہ بعض مقامات پر تو اس پوری سٹریٹجی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ مثلاً باخبر حلقے جانتے ہیں کہ محکمہ خارجہ ابتدا ہی سے افغان مسئلہ کو اسلامی یا انسانی بنیادوں پر حل کرنے کے خلاف تھا۔ وہ اسے محا است و جنوں سے عبارت سمجھتا اور ایک سپر طاقت سے مرعوبیت بلکہ اس سے بھی بڑھ کر خوف میں مبتلا تھا۔ اکثر وزارت خارجہ کے ذمہ داران اسے ایک ایسا کھیل سمجھتے تھے جس میں پاکستان کو سر تا سر نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔ وہ اپنے دلائل کی عمارت روسیوں کی ہیبت‘ وسعت‘ قوت اور لامحدود وسائل پر اٹھاتے تھے۔ خود پاکستان کی افواج سے متعلق بعض ذمہ داران بھی اس بارے میں مکمل طو رپر یکسو نہ تھے۔ اگرچہ ان لوگوں کا کچھ قصور بھی نہ تھا کہ ان کی تعلیم وتربیت مغربی طور طریقوں اور خطوط پر استوار تھی۔ ان کی فکری نہج میں نظریہ‘ جذبہ اور تڑپ اضافی قدریں ضرور تھیں لیکن مستقل اور باعتبار ستون میں خود سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو ایک طویل اور صبرآزما جدوجہد کے ثمرات خود اور جلد سمیٹنے‘ صدر ضیاء کو کوئی کریڈٹ نہ جانے دینے اور اپنی اختیاراتی حیثیت تسلیم کروانے کے شوق میں محکمہ خارجہ سمیت ان کی رائے پر یقین کرتے چلے گئے جن کے نزدیک ایک اسلامی افغانستان کا تصور ہی خوف زدہ کر دینے والا تھا۔ جنیوا مذاکرات کی صورت میں انہوں نے کھویا تو بہت کچھ پایا کچھ نہیں‘ کہ روسی افواج کی واپسی کا فیصلہ قبل از جنیوا بھی ہو چکا تھا جس کا اعلان روسی وزیر خارجہ نے قبل ازوقت ہی کر کے‘ اپنا واحد ٹرمپ کارڈ ضائع کر دیا۔ یہ موقع پاکستان کے لئے نہایت زریں تھا کہ ذرا سے صبر اور سفارتی مہارت سے مجاہدین کی حکومت کا قیام بھی منوایا جا سکتا تھا لیکن افسوس کہ ایسا نہ ہو سکا اور روسی جنیوا کی چھتری تلے‘ اپنی افواج باحفاظت واپس لیتے چلے گئے کہ یہی وہ دبی گوٹ تھی جسے نکلوانے کے لئے روسی بڑی دور تک لے جائے جا سکتے تھے۔
ادھر ضیاء الحق نے افغانوں کی نفسیات کا ان کے ماضی کی روشنی میں نہایت درست تجزیہ کیا‘ وہ چاہتے تھے کہ اگر انہیں ایسی موثر قیادت مہیا ہو جائے جو انہیں واضح نظریات پر مطمئن کر سکے تو ان سے بہتر جنگجو ملنا محال ہے‘ چنانچہ انہوں نے افغانوں کی حقیقی اور موثر ترین قیادت جو اسلام پسند تنظیموں پر مشتمل اور تمام افغانستان پر گرفت رکھتی تھی‘ کو افغان تحریک جہاد کا قائد تسلیم کرتے ہوئے ان کی طرف دست تعاون دراز کیا۔
روسی افغانستان سے نکل گئے۔ صدی کا معجزہ وجود میں آ گیا لیکن اس کے عوض صدر ضیاء کو جان کی قربانی دینی پڑی کہ بڑے مقاصد کے حصول کے لئے قربانیاں بھی بڑی دینی ہوتی ہیں۔ صدر ضیاء کی شہادت 13 لاکھ افغانوں کی قربانیوں کا نقطہ عروج تھی۔
پیش منظر سے صدر ضیاء کے ہٹنے سے روسیوں کے ساتھ ساتھ امریکیوں نے بھی چین کا سانس لیا۔
حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی امریکیوں نے سب سے پہلا ہاتھ آئی ایس آئی پر ڈالا جو حکومت کی تبدیلی کے باوجود افغان پالیسی کو پاکستان کے مفاد میں چلانے کی خواہش مند تھی۔ روسی افواج کے انخلاء نے مجاہدین کی صفوں میں اتحاد کے منظم اظہار کی ضرورت کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنا دیا تھا۔ امریکیوں‘ روسیوں اور خود نئی پاکستانی قیادت کے نزدیک‘ مجاہدین کا مشترک ومتحد ہو کر حکومت بنا لینا امر محال تھا۔ وارنسٹوف نے ایک موقع پر اپنے دورہٴ اسلام آباد میں پاکستانی عمائدین سے یہ بات کہی کہ ”ہمارے نکلتے ہی مجاہدین منتشر ہو جائیں گے‘ یہ کبھی مل کر حکومت نہیں بنا سکتے۔“ بعینہ یہی رائے پاکستان حکومت کی بھی تھی… لیکن ایک طویل اور جانگسل دورانئے کے بعد مجاہدین نے آئی ایس آئی کے تعاون سے یہ معجزہ بھی کر دکھایا اور 24 فروری کو مجاہدین کی عبوری حکومت کی تشکیل کا اعلان کر دیا گیا۔ یہ اعلان مغرب کے لئے خصوصاً ایک دھماکے سے کم نہ تھا۔ ان کے تمام تجزیے‘ تبصرے اور جائزے اس کے خلاف جاتے تھے۔ ان کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ حزب اسلامی اور جمعیت اسلامی‘ محض اتحاد برقرار رکھنے کی غرض سے نسبتاً کمتر عہدے قبول کرنے پر آمادہ ہو جائیں گی لیکن یہ ہو چکا تھا۔ یوں 24 فروری ہی دراصل وہ نقطہ ماسکہ تھا جو عبوری حکومت کے اعلان کے بعد آئی ایس آئی اور خصوصاً جنرل حمید گل کی ذات پر مرتکز کر دیا گیا کہ اب افغانستان میں ایک اسلامی حکومت کے قیام کے بڑھتے امکانات‘ حقیقی روپ دھارنے لگے تھے۔ اس عمل کو روکنے کے لئے اس شخصیت کی رخصتی لازمی قرار پائی جو صدر ضیاء کے بعد افغانوں کا متفق علیہ تھی۔ جس پر مجاہدین اعتماد کرتے تھے اور جس کی بات کو اہمیت دیتے تھے۔ حمید گل نے یہ اعتماد برسوں کی صبرآزما اور مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں حاصل کیا تھا‘ کہ افغان نہ تو کسی پر جلد اعتماد کرتے ہیں اور نہ کسی کو اپنے معاملا ت میں دخیل ہونے کی اجازت اتنی آسانی سے دیتے ہیں۔ کجا یہ کہ کوئی ان سب کو جمع کر کے کسی ایک رائے پر متفق ہونے پر مجبور کر سکے۔ صدر ضیاء کے بعد یہ مقام حمید گل کو حاصل تھا کہ وہ تمام افغان رہنماوٴں سے ذاتی تعلقات اور دوستی رکھنے کے سبب ان کے بااعتماد گردانتے جاتے تھے۔
حمید گل کی رخصتی امریکیوں اور نئی پاکستانی حکومت کا پہلا ہدف تھی‘ جسے پانے کے لئے جلال آباد آپریشن کو بہانہ بنایا گیا۔
پاکستان کی افغان پالیسی کو بدلنے کا اگلا امریکی قدم۔ مجاہدین کو امداد کی بندش کی صورت میں ظاہر ہوا جسے امریکیوں نے ”وسائل کی کمی“ کے طور پر باور کروایا۔ وسائل کی بندش دراصل آئی ایس آئی اور اسلام پسند مجاہدین کی مشترکہ قوت کو توڑنے والی شدید ضرب تھی‘ وہ جانتے تھے کہ آمدہ وسائل کی تقسیم آئی ایس آئی کے سپرد تھی اور اس کا بیشتر حصہ اسلام پسند تنظیمیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کرتی تھیں۔ یہ سلسلہ امریکیوں کو کبھی ایک آنکھ نہ بھایا تھا۔ ان کی کوشش ہمیشہ سے یہ رہی کہ وہ یا تو وسائل کی تقسیم خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں یا وصول کنندگان کا انتخاب اور انہیں دی جانے والی مقدار کا تعین اپنی مرضی وپسند سے کریں۔ پیشتر ازاں ضیاء حکومت اور آئی ایس آئی ان دونوں خواہشات کے آڑے آتی اور امریکیوں کی ایک نہ چلنے دیتی رہی لیکن حکومت کی تبدیلی نے دریاوٴں کا رخ بھی بدل دیا اور پھر ہر معاملہ میں امریکیوں کی ہدایات کے احترام کی تاکید کا تازیانہ سرپر کوڑے کی مانند برسنے لگا۔ چند ہفتے پیشتر امریکیوں کی جانب سے مجاہدین کے سرکاری خبررساں ادارے افغان نیوز ایجنسی کی تحلیل کی مسلسل ہدایات ملنے پر آئی ایس آئی کے ایک ذمہ دار فرد کا تنگ آ کر متعلقہ امریکی عہدیدار سے طنزاً یہ کہنا کہ ”ANA‘ کو اس طرح تو ختم نہیں کیا جا سکتا‘ بہتر ہے کہ آپ کچھ گیس بم لا دیں تاکہ ANA کے دفتر پر یہ بم پھینک کر سب کو ختم کر دیا جائے۔“ اس صورت حال کی سنگینی کی علامت ہے اور متعلقہ پاکستانی ادارے کی بے بسی اور بے اختیاری کا سگنل بھی۔
افغان مسئلہ کے حوالے سے بے نظیر حکومت کی پہلا چوائس ابتدا ہی سے ظاہر شاہ رہا ہے۔ اس ضمن میں بے نظیر کے مشیر خصوصی نصیر اللہ بابر کلیدی رول ادا کر رہے ہیں۔ وہ یا تو آج سے 50 برس پہلے کے افغانستان کی فضا میں سانس لے رہے ہیں اور انہیں علم ہی نہیں کہ کتنا بڑا انقلاب‘ پورے افغان معاشرے میں‘ کتنا تغیر لا چکا ہے اور لوگوں کے افکار وخیالات بدل گئے ہیں یا پھر وہ افغانستان میں کئی اور اسلامی انقلابی تبدیلیوں کو بھی گیارہ سالہ مارشل لاء سے بریکٹ سمجھتے ہوئے کہتے ہیں۔ باخبر حلقوں کے مطابق نصیر اللہ بابر جو فی الوقت بے نظیر حکومت کی افغان پالیسی کا بنیادی پتھر ہیں‘ ظاہر شاہ کی آمد کو ہی افغان مسئلہ کا حل قرار دیتے ہیں لیکن ان کی‘ ان کی وزیراعظم اور ان سب کے مربی امریکہ کی مشکل یہ ہے کہ یہ سب ظاہر شاہ کو لانے اور کابل میں بٹھانے پر قادر نہیں۔
ہم اس سے پہلے بیان کرتے رہے ہیں کہ مسئلہ افغانستان قصہٴ زمین ہے‘ جو برسر زمین طے ہو گا۔ برسرزمین اصل وقت اور نفری اسلام پسند مجاہدین کے ہاتھوں میں ہے۔ وہ ظاہر شاہ کو کسی صورت برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔ اسی نکتہ پر امریکیوں کا پانی مرتا اور موجودہ پاکستانی پالیسی کو کوردبتی ہے‘ کیونکہ وہ ان تنظیموں کو اپنے اب تک کے رویہ کی بناء پر پہلے ہی متنفر کر چکے ہیں پھر وہ ان تنظیموں کے مجاہدین اور ان کے کمانڈروں پر یہ قدرت بھی نہیں رکھتے کہ انہیں بالا بالا ظاہر شاہ کی قیادت قبول کرنے پر آمادہ کر سکیں لہٰذا ان حالات میں ایک مسلح جنگجو اور مخالف قوم کے درمیان ظاہر شاہ کو لانے سے یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ایک ہی گولی معاملہ کا فیصلہ کر دے۔
بس اک ضرب شمشیر افسانہ کوتاہ
پاکستانی پالیسی میں تبدیلی کی ایک اور علامت موجودہ پاکستانی موٴقف کی نئی تشریح ہے جس میں سے افغانستان کے اسلامی تشخص کی بحالی اور وہاں عوامی خواہشات کے مطابق ایک غیرجانبدار حکومت کے قیام کی تجویز پر مبنی نکات خارج کر دیئے گئے ہیں اور یہ ایک نکاتی موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک ”وسیع البنیاد“ اور مخلوط حکومت کے قیام کا ڈول ڈالا جائے۔ وسیع البنیاد کا مفہوم لفظ ”مخلوط“ کی اس تعریف سے بہ آسانی سمجھ میں آ جاتا ہے‘ جس میں افغانستان کے تمام طبقات اور پارٹیوں کی نمائندگی کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ خیال محترمہ وزیراعظم نے چند ہفتہ قبل ایک بیرونی جریدہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ظاہر کیا تھا۔
انتہائی بعض باخبر ذرائع کے مطابق موجودہ پاکستانی حکومت اس بات پر آمادہ ہو چکی ہے کہ مجاہدین کو نجیب انتظامیہ سے براہ راست مذاکرات پر مجبور کیا جائے اور اگر سب نہیں‘ تو ان میں سے کچھ گروہوں کی جو امریکی خطوط کے مطابق کام کرنے پر تیار ہو جائیں‘ نجیب انتظامیہ سے بات چیت‘ کا ڈول ڈالا جائے۔ باخبر حلقے اس ضمن میں ماہ ستمبر اور بلفراد کا نام لیتے ہیں۔
دوسری جانب سبھی اسلام پسند تنظیموں کی مسلسل کوشش یہ ہے کہ کسی نئے شوشہ کے اٹھنے سے پیشتر ہی کابل پر قبضہ کو یقینی بنا لیا جائے… انجینئر حکمت یار کا حالیہ دورہٴ افغانستان اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا جس کے دوسرے سرے پر کابل انتظامیہ کے وزیر دفاع جنرل شاہنواز جن کی جانب سے نجیب کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش اور پھر اڑھائی سو افراد سمیت گرفتاری جیسا واقعہ جڑا نظر آتا ہے۔ یہ کوشش جو نائب وزیراعظم اسلم وطن جار کی وجہ سے ناکام ہوئی۔ اگر کامیاب ہو جاتی تو شاید آج کا افغانستان کل سے مختلف ہوتا اور یقینا کل کا افغانستان آج سے مختلف ہی ہو گا۔
(بشکریہ: ہفت روزہ تکبیر‘ 24 اگست 1989ء)








 جنرل محمد ضیاء الحق کا جنرل اسمبلی سے ولولہ انگیز خطاب
پینتیسواں اجلاس‘ نیویارک‘ یکم اکتوبر‘ 1980ء
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ رب العالمین والصلوٰة والسلام علی خاتم النّبیین
جناب صدر!
دنیائے اسلام کی شاندار اور اہم واقعات سے لبریز تاریخ کی پندرہویں صدی کا آغاز ہونے ہی والا ہے۔ چالیس روز کے بعد نئی اسلامی صدی شروع ہو جائے گی۔ ساری دنیا کے مسلمان ایک بے مثال واقعے کی چودہ سو سالہ یادگار منانے والے ہیں جسے اسلام کے خلیفہ دوم حضرت عمر بن الخطاب نے اسلامی ہجری سنہ کا نقطہ آغاز قرار دیا تھا۔ ہجری سن پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش کی یادگار ہے نہ اس دن کی یادگار جب قرآن حکیم نازل ہونا شروع ہوا تھا۔ یہ ایک واقعہ کی یادگار ہے جو اسلام کے ارتقاء میں ایک موڑ ثابت ہوا۔ واقعہ یہ تھا کہ اس روز نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے مٹھی بھر جانثار ساتھیوں کے ساتھ اپنے مولد مکہ معظمہ سے ہجرت کر کے مدینہ منورہ تشریف لے گئے تھے جو مکہ سے چار سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ہجرت مدینہ کو اسلامی سنہ کے نقطہ کا آغاز قرار دیا گیا کیونکہ اس کے ساتھ ہی اسلامی معاشرے کی بنیاد قائم ہوئی تھی۔
مکہ میں اسلام ایک اخلاقی قوت بن کر ابھرا لیکن مدینہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ خود پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رہنمائی میں پہلی اسلامی ریاست کا گہوارہ بنا۔ یہ ریاست قرآن مجید میں بتائے ہوئے ان اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر قائم ہوئی تھی جو پوری دنیا میں قابل عمل ہیں۔ پہلا اسلامی معاشرہ مدینہ کے شہریوں یعنی انصار اور مکہ کے مہاجرین کے میل ملاپ سے قائم ہوا تھا۔ اس طرح ایک بڑا اہم اتحاد قائم ہوا تھا۔ اتحاد اسلامی امہ یا عظیم اسلامی برادری کی ابتداء تھا۔ اس اتحاد میں جو تصور کارفرما تھا وہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ بن گیا۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے مکہ کو جو ان کے اسلاف کا وطن تھا اور اپنے قرابت داروں کو جن کے ساتھ انہیں بڑی محبت تھی‘ خیرباد کہنا بڑا تکلیف دہ تھا۔آپ کی دیانت داری (ہر شخص آپ کو امین کے لقب سے پکارتا تھا) نرم مزاجی اور اعلیٰ اخلاق نے ہر شخص کو آپ ﷺ کا گرویدہ بنا لیا۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس پیغام کی تبلیغ سے باز رہتے جس کا اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا تھا تو آپ ایک سربرآوردہ ہاشمی خاندان کے باعزت فرد کی حیثیت سے مکہ میں قیام کر سکتے تھے‘ لیکن جب آپ نے اس پیغام کی تبلیغ جاری رکھی تو اہل مکہ کا غصہ ایک غضب ناک طوفان بن گیا۔
انسانی تاریخ کا عہد آفرین واقعہ:
اس طرح مدینہ میں پہلی اسلامی ریاست کے قیام کے ساتھ ساتھ ایک طرف تعصب‘ تنگ نظری‘ ظلم وتعدی اور اخلاقی پستی کے گھٹے ہوئے ماحول کو ترک کر دیا گیا اور دوسری طرف نوزائیدہ اسلامی معاشرے نے مفاہمت‘ رواداری‘ اخوت اور حریت کے اصولوں کو اپنانے کا عہد کیا۔ اس کے بعد چشم فلک نے مدینہ میں یکے بعد دیگرے رونما ہونے والے ایسے بہت سے واقعات دیکھے ہیں جنہیں انسانیت کی تاریخ میں بڑی یادگار حیثیت حاصل ہے۔
جناب صدر! میرے اور میرے ملک کے لئے یہ بات بڑی عزت کا باعث ہے کہ انسانیت کی تاریخ کے اس عہد آفریں واقعے کی یاد منائے جانے کے موقع پر مجھے نوے کروڑ مسلمان بھائیوں کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پینتیسویں اجلاس سے خطاب کرنے کا موقع عنایت کیا گیا ہے۔ میں اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کی گیارہویں کانفرنس کے ارشاد کی تعمیل میں جس کی میزبانی کا شرف گزشتہ مئی میں پاکستان کو حاصل ہوا تھا‘ انتہائی انکسار کے ساتھ جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہا ہوں۔
جناب صدر! آپ نے میرا خیرمقدم کرتے ہوئے جو کچھ فرمایا ہے‘ اس پر آپ کا شکرگزار ہوں۔ میں اس موقع پر جنرل اسمبلی کے پینتیسویں اجلاس کا صدر منتخب ہونے پر اپنی طرف سے اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
جناب سیکرٹری جنرل! آپ بڑی خوبیوں کے مالک ہیں اور بڑا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ہم آپ کی خوبیوں اور تجربہ کہ استحسان کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ آپ دو مرتبہ اس عہدے پر فائز ہوئے۔ اس عرصے میں یہ عالمی ادارہ بعض بڑے مشکل مسائل سے دوچار ہوا جن سے آپ کو نپٹنا پڑا۔ آپ نے اپنی ذمے داریاں بڑی خوش اسلوبی سے پوری کیں اور ہماری دعا ہے کہ آپ آئندہ بھی اسی طرح کامیاب رہیں۔
اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے:
ایک معمولی مسلمان کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے مجھے ان اسلامی احکام کا شدت سے احساس ہے کہ رنگ‘ نسل اور عقیدے کے فرق سے بالاتر ہو کر تمام انسانوں کو ایک عالمی برادری کے افراد سمجھا جائے۔ اسلام کی تعریف ہی یہ ہے کہ وہ امن کا مذہب ہے اور رضائے الٰہی کے سامنے سر تسلیم خم کر دینے کا نام ہے۔ اسلام کا اپنے پیروکروں سے یہ تقاضا ہے کہ وہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ایسا معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کریں جس کی بنیاد عدل ومساوات ہو۔
ایسے ممتاز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جو پوری دنیا کی نمائندگی کرتا ہے‘ میرے لئے یہ انتہائی مناسب ہو گا کہ میں رواداری اور صلہ رحمی کی ان اسلامی صفات کا تذکرہ کروں جن کی بدولت مختلف تہذیبوں کی خوبیاں یکجا ہوئیں اور مختلف مذاہب اور عقائد رکھنے والی قوموں میں متوازن امتزاج پیدا ہوا۔ اسلام تنگ نظری پرمبنی قوم پرستی‘ علاقائیت اور نسلی امتیاز کا مخالف ہے۔ اسلام نے اپنے عروج کے ایک ہزار سال سے زیادہ طویل دور میں مختلف فرقوں اور گروہوں کے درمیان صلح وآشتی کا جو نمونہ پیش کیا وہ موجودہ دور میں نسلی برتری کے بے جا دعوے‘ تعصب اور ظلم سے بالکل مختلف تھا جس کا مظاہرہ دنیا کے بعض حصوں میں آج بھی ہو رہا ہے۔ اسلامی عروج کے دور کے بیشتر حصے میں امن و سکون کا جو دور دورہ تھا اس کی بنیاد اسلامی اوصاف تھے۔ ان میں عالمی اخوت‘ رواداری اور زندگی میں حرمت خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ قرآن میں فرمایا گیا ہے:
”جس نے کسی انسان کو خون کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے سوا کسی اور وجہ سے قتل کیا گویا اس نے سب لوگوں کو قتل کیا اور جو کسی کی زندگان کا موجب ہوا تو گویا اس نے تمام لوگوں کو زندگانی دی۔“ (القرآن‘ 32:5)
اسلام میں جارحانہ جنگ کی خاص طور پر ممانعت ہے اور صرف اپنے دفاع کے لئے ہتھیار اٹھانے کی اجازت ہے۔
قرآن مجید میں فرمایا گیا ہے:
”اور اللہ کی راہ میں لڑو ان لوگوں سے جو تم سے لڑتے ہیں اور زیادتی نہ کرو۔ بے شک اللہ تعالیٰ زیادتی کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔“
اسلام میں جہاد کا وہی تصور ہے جو ان قرآنی آیات میں بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ جہاد میں جہد کا عنصر شامل ہے۔ مسلسل جدوجہد‘ پوری زندگی قرآن کے احکام اور سیرت نبوی کے مطابق بسر کرنے کی مستقل جدوجہد۔
انسانیت کے لئے مہلک ہتھیاروں کی دوڑ:
عالمی اخوت‘ امن اور مساوات کا اسلامی پیغام ابدی ہے اور ہمیشہ کی طرح آج کی دنیا کے حالات پر بھی صادق آتا ہے۔ جب سے یہ دنیا قائم ہوئی ہے‘ انسان مشکلات اور مصائب سے دوچار رہا ہے۔ ماضی میں مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان جو تصادم ہوئے ان کے نتیجے میں نسل انسانی نیست ونابود نہیں ہوئی کیونکہ خوش قسمتی سے بڑے پیمانے پر تباہی کے ذرئع محدود تھے۔ آج ہم ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جس میں انسانیت کے ہاتھ ایسے مہلک ہتھیار آ گئے ہیں جن سے پوری انسانیت کو کئی بار صفحہ ہستی سے مٹایا جا سکتا ہے۔ اب دنیا تصادم اور جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انسانیت کو امن کی ضرورت ہے۔
ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کے علاوہ تصادم کی ایک اور بھی شکل ہے جس سے انسانی بقاء خطرے میں ہے۔ یہ انسان کی خودغرضی اور فطرت کا تصادم ہے۔ وہ اپنی روزافزوں مادی آسائشوں کی خاطر قدرتی ماحول کو اندھادھند تباہ کئے جا رہا ہے۔ آج یہ کرہٴ ارض خاص طور پر صنعتی اعتبار سے انتہائی ترقی یافتہ قوموں کے ہاتھوں ماحول کی تباہی کے اس مرحلے پر پہنچ گیا ہے جہاں کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ انسان نے جو آگ خود روشن کی تھی‘ اس میں اس نے اپنے ہاتھ تو نہیں جلا لئے؟ دنیاوی ترجیحات میں وہ توازن کے احساس سے محروم تو نہیں ہو گیا؟ وہ یہ بات نہیں سمجھتا کہ یہ دنیا اس کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی طر ف سے جو اس کا خالق ہے‘ ایک امانت ہے‘ جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد ہوا ہے:
”بے شک آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے میں اور رات اور دن کے بدلنے میں اور کشتیوں میں جو دریا میں لوگوں کے فائدے کے لئے چلتی ہیں اور پانی میں جو اللہ تعالیٰ آسمان سے برساتا ہے اور اس سے زمین کو مرنے کے بعد زندہ کر دیتا ہے اور زمین پر ہر قسم کے جانور پھیلا دیتا ہے اور ہواوٴں کے چلانے میں اور بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں‘ عقل مندوں کے لئے نشانیاں ہیں۔“ (164:2)
آج کی دنیا اس سمجھ بوجھ سے کام لے کر وہ توازن پھر حاصل کر سکتی ہے جس سے بظاہر محروم ہو چکی ہے۔ اسلام کے پیروکاروں کا یہ عقیدہ ہے کہ ان کا دین اس پیغام الٰہی کی تکمیل ہے جو مختلف پیغمبروں (علیہم السلام) کے ذریعے انسانوں کو بھیجا جاتا رہا ہے۔ مسلمانوں کو یہ حکم ہے کہ وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے آنے والے نبیوں پر بھی ایمان لائیں۔ قرآن پاک میں ارشاد ہوا ہے:
”بے شک جو لوگ ایمان والے ہیں یا یہود یا نصاریٰ یا صابی‘ ان میں جو بھی اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لائے گا اور نیک عمل کرے گا تو ایسے ہی لوگوں کے لئے ان کے رب کے پاس اجر ہے۔“ (62:2)
خود پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے (جس کا اقرار ہر مسلمان کرتا ہے)
”میں ایمان لایا اللہ پر اور اس کے فرشتوں پر اور اس کی کتابوں پر اور اس کے رسولوں پر اور یوم آخرت پر۔“
یہ بات قابل غور ہے کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی تمام اتاری ہوئی کتابوں کا ذکر فرمایا ہے‘ محض ایک کتاب کا نہیں۔ اسی طرح آپ نے اللہ کا پیغام لانے والے تمام پیغمبروں کا ذکر فرمایا ہے‘ صرف ایک پیغمبر کا نہیں جو وہ خود تھے۔ ہم مسلمانوں کے ایمان کا تقاضا ہے کہ ہم حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تک جو آخری نبی ہیں اور تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لائیں۔
مسلم امہ کی دولت مشترکہ:
آج مسلمان مشرق میں انڈونیشیا سے لے کر مغرب میں سنیگال تک بڑے وسیع جغرافیائی خطے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ مسلمان مختلف آب وہوا میں رہتے ہیں۔ ان کی رسوم اور سیاسی نظام بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ وہ مختلف زبانیں ا ور بولیاں بولتے ہیں پھر بھی ان میں اسلامی یگانگت کا قوی احساس پایا جاتا ہے۔ تنوع میں یہ اتحاد ہی مسلم امہ یا مسلم اقوام کی دولت مشترکہ کا طرہٴ امتیاز ہے۔ اسلامی کانفرنس جس کے موجودہ چیئرمین ہونے کا مجھے اعزاز حاصل ہے‘ مسلم امہ کی اس امنگ کا ٹھوس اظہار ہے کہ وہ امن وترقی کے ایک عنصر کی حیثیت سے اپنا تاریخی کردار بحال کرے اور پوری دنیا میں پھیلی ہوئی مسلم اقوام میں پھر اتحاد پیدا کرے۔
اس وقت جب کہ پندرہویں صدی ہجری کا آغاز ہونے والا ہے‘ ہم فخر کے ساتھ اس حقیقت پر نظر ڈال سکتے ہیں کہ اسلامی ملکوں نے سیاسی آزادی پھر حاصل کر لی ہے اور اب وہ دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کرنے کے لئے مل جل کر کام کر رہے ہیں۔ ان کے اتحاد کی خواہش کا اظہار بیالیس ممبروں کی اسلامی کانفرنس سے ہوتا ہے جس نے بین الاقوامی تنظیموں میں نمایاں حیثیت حاصل کر لی ہے اور جس کے فیصلے بین الاقوامی برادری میں روزافزوں اہمیت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔
مسلمان حکماء اور سائنس دانوں کا ورثہ:
اسلام پھیلنے سے عرب کے قرون اولیٰ کے مسلمانوں کا فارس‘ یونان‘ مصر اور ہندوستان کی بڑی بڑی تہذیبوں سے سامنا ہوا جس کے نتیجے میں انسان کی اختراعی قابلیت کے وہ جوہر نمایاں ہوئے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔ تخلیقی سرگرمیوں کا یہ عظیم عہد جو دوسری صدی ہجری میں شروع ہوا کئی سو سال تک جاری رہا۔ اسلام کے مرکز میں جو براہ راست خلفاء کے زیرنگیں رہا اور ہسپانیہ‘ ہندوستان‘ وسطی ایشیا‘ ایشیائے کوچک‘ افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا جیسے دوردراز علاقوں میں شاندار اسلامی ثقافتوں نے جنم لیا۔ ان ثقافتوں میں روح انسانی جسے اسلام نے جلا بخشی تھی‘ علوم فنون کے میدانوں میں نمایاں ترقی کی شکل میں ظاہر ہوئی۔ یہ وہ عہد تھا جس میں جدید علوم اور سائنس کی بنیاد پڑی۔
مجھے یہ حقیقت یاد دلاتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے کہ انسانی ترقی پر قرون اولیٰ کے ان مسلمان دانش مندوں‘ فلسفیوں‘ سائنس دانوں اور طبیبوں کا بڑا احسان ہے جنہوں نے اپنے اپنے میدان میں بڑا قیمتی سرمایہ چھوڑا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے قدیم یونانی ورومی تہذیب کے قیمتی سرمائے کو نیست ونابود ہونے سے بچا لیا اور بعد میں یہ سرمایہ مغرب کے حوالے کر دیا۔ ابن رشد‘ ابن الہیثم‘ ابن خلدون‘ البیرونی اور عمر خیام جیسی جاوداں ہستیوں کو کون فراموش کر سکتا ہے۔
ان مسلم ناموروں میں سے جنہوں نے علم کا دائرہ وسیع کیا اور انسانی تجربات کو مالامال کیا‘ یہ چند نام ہیں۔ انہوں نے بڑی روشن خیالی کے ساتھ علم حاصل کیا۔ ان ذرائع میں یونانی‘ رومی‘ چینی‘ اہل فارس‘ ہندو‘ بودھی اور دوسرے شامل تھے۔ ان کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی حکم تھا۔ مجھے بہت سی احادیث نبوی میں سے صرف چار احادیث نقل کرنے کی اجازت دیجئے:
#    ”علم حاصل کرو مہد سے لحد تک۔“
#    ”جس نے اجتہاد کیا اور صحیح کیا تو اس کے لئے دو اجر ہیں‘ اور جس نے غلطی کی تو اس کے لئے ایک اجر ہے۔“
#    ”حصول علم میں ایک گھڑی رات بھر کے قیام سے افضل ہے۔“
#    ”علماء کی روشنائی شہدا کے خون سے افضل ہے۔“
ان احادیث میں نہ صرف تعلیم حاصل کرنے بلکہ دوسروں تک پہنچانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ پوری انسانیت ترقی کرے۔ اس میں موجودہ دنیا کے لئے سبق ہے جہاں نہایت مفید علم تک رسائی کسی کسی کو حاصل ہے اور چند خوش قسمت بہت سے بدنصیبوں کو جنہیں اس کی بڑی ضرورت ہے اس علم سے محروم رکھتے ہیں۔
یورپ پر عالم اسلام کا عظیم احسان:
دنیائے اسلام نہ صرف پہلے ذہنی سرگرمیوں کا سبب بنی جن کی بدولت یورپ کی نشاة ثانیہ کے لئے میدان ہموار ہوا بلکہ یہی دنیائے اسلام منگولوں کی یلغار کے خلاف‘ جو آفت سماوی سے کم نہیں تھی‘ مغربی تہذیب کے دفاع کے لئے ایک پشت پناہ ثابت ہوئی۔ دنیائے اسلامی نے منگولوں کی بڑی یلغار کا سامنا کیا۔ اگر مسلمان نہ ہوتے تو یورپ ساتویں صدی ہجری یعنی تیرہویں صدی عیسوی میں مغلوب ہو جاتا۔ یہ تقدیر کی ستم ظریفی ہے کہ ان ہی لوگوں نے جنہیں مسلمانوں نے بچا لیا تھا‘ پلٹ کر مسلمانوں کے علاقوں پر قبضہ کر کے وہاں لوٹ مار مچائی اور ان علاقوں کو اپنی آبادی بنا لیا۔
اسلامی تاریخ کا یہ اندوہناک دور قصہٴ پارینہ بن چکا ہے لیکن ابھی اس کے مضر عواقب ختم نہیں ہوئے۔ مسلم ممالک نے سیاسی آزادی تو حاصل کر لی لیکن ابھی ان پر اقتصادی استحصال کی گرفت جو نوآبادیاتی نظام کے ساتھ لازم وملزوم ہے‘ ڈھیلی نہیں ہوئی۔ یہ ملک ابھی تک صنعتی طور پر ترقی یافتہ ملکوں کے دست نگر ہیں جس کی وجہ سے ان کی حالت پہلے سے بدتر ہے۔ ان کا محل وقوع جنگی حکمت عملی کے نقطہ نظر سے بڑا اہم ہے‘ اس لئے وہ طاقتیں جو دوسروں پر اپنا تسلط جمانا چاہتی ہیں‘ ان پر ناقابل برداشت حد تک دباوٴ ڈال رہی ہیں اور ان کے اہم قدرتی وسائل کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہی ہیں۔
آج دنیا کے بیشتر علاقوں میں عدم تحفظ کا جو احساس پایا جاتا ہے‘ اس کی سب سے بڑی وجہ یہی رجحان ہے کہ محدود وسائل پر قابو پانے اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لئے طاقت استعمال کی جائے اور دباوٴ ڈالا جائے۔ اس کی وجہ سے جو بے چینی پیدا ہو گئی ہے وہ استحصال کرنے والوں اور استحصال کا شکار ہونے والوں دونوں کے چہروں سے عیاں ہے۔ اس کا کیا نتیجہ نکلے گا؟ قرآن مجید میں اس رجحان کے خلاف ان الفاظ میں خبردار کیا گیا ہے:
”اور جس نے بخل کیا اور بے پروا بنا رہا اور نیک بات کو جھوٹ سمجھا اسے ہم جلد سختی پہنچائیں گے۔“ (1:8)
ایران عراق تصادم کیوں؟
جناب صدر! حرص اور لالچ نے جو کشاکش پیدا کر دی ہے اس کا تذکرہ کرتے ہوئے مجھے اجازت دیجئے کہ میں اس معزز اسمبلی کو بتاوٴں کہ دنیا میں کشیدگی کے بعض اہم علاقوں کے بارے میں ہمارے کیا احساسات ہیں۔
دو اسلامی ملکوں ایران اور عراق کا افسوس ناک تنازع پوری دنیا کے لئے گہری تشویش کا باعث ہے۔ اس سے خاص طور پر دنیائے اسلام کو بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ دو برادر اسلامی ملکوں کے درمیان مسلح تصادم ان غیرمستقل حالات کا نتیجہ ہے جو ایک اہم علاقے میں بڑی طاقتوں کی آویزش کے دباوٴ اور جوابی دباوٴ کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ ہماری دلی دعا ہے کہ ان دو ہمسایہ ملکوں میں جلد امن قائم ہو جائے۔ بین الاقوامی برادری خاص طور پر دنیائے اسلام اور غیروابستہ دنیا کا یہ فرض ہے کہ وہ ایران اور عراق کے اختلافات دور کرانے میں مثبت کردار ادا کریں۔ ان دونوں ملکوں میں امن کی بحالی کی ضروری شرط یہ ہے کہ بیرونی طاقتیں بالکل غیرجانبدار رہیں اور ان ملکوں کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہ کریں۔
جناب صدر! جیسا کہ آپ کو معلوم ہے میں ان دونوں ملکوں کے دارالحکومتوں سے ہو کر سیدھا نیویارک آیا ہوں۔ وہاں صدر بنی صدر اور صدر صدام حسین نے اسلامی اخوت کے جذبے کے تحت گرمجوشی سے میرا خیرمقدم کیا۔ میں اسلامی کانفرنس کی ہدایت پر تہران اور بغداد گیا تھا۔ اس دورے کا اصل مقصد حالات معلوم کرنا اور خیرسگالی تھا۔ ہم نے باہمی اعتماد کے ماحول میں کئی ملاقاتوں میں اپنے دونوں بھائیوں کے خیالات معلوم کئے۔ میں نے جنگ ختم کرنے کے بارے میں ایک بھائی کے خیالات اور موٴقف سے بے کم وکاست دوسرے بھائی کو آگاہ کر دیا ہے۔ مجھے پختہ امید ہے اور میری دلی دعا بھی یہی ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان افسوس ناک تنازع ختم کرانے کی کوششیں جاری رہیں گی اور یہ کہ انصاف اور ایک دوسرے کے حقوق کے احترام کی بنیاد پر اور اسلامی اتحاد او ر اخوت کی بنیاد پر ان کے اختلافات کا پرامن حل تلاش کر لیا جائے گا۔
اسرائیل کی غاصبانہ پالیسی کبھی کامیاب نہ ہو گی:
شرق اوسط میں عدم استحکام پیدا کرنے والا سب سے بڑا عنصر اسرائیل ہے۔ اس حقیقت سے کون انکار کر سکتا ہے کہ فلسطینی حق پر ہیں۔ وہ چودہ سو سال کے بیشتر عرصے میں جس وطن میں آباد تھے وہاں سے انہیں بڑی بے دردی کے ساتھ نکال دیا گیا ہے۔ وہ صہیونیت کے ہاتھوں ناقابل بیان ظلم وتشدد اور دہشت گردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
فلسطین کے مسئلے سے امن عالم کو جو خطرہ درپیش ہے وہ سب پر عیاں ہے۔ صورت حال کسی وقت بھی قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں دنیا میں ایسی تباہی مچے گی کہ اس کی نظیر ملنی مشکل ہو گی۔ ظلم سے جذبات مشتعل ہوتے ہیں۔ یہ جذبات طاقت کے استعمال‘ تشدد یا سختی سے کچلے نہیں جا سکتے۔ اسرائیل ماضی کے حوالے دینے کو تیار رہتا ہے۔ اسے تاریخ کا بار بار دہرایا ہوا یہ سبق نہیں بھولنا چاہئے کہ اس نے دوسروں کی زمین ہتھیانے اور دوسروں کہ مغلوب رکھنے کی جو پالیسی اختیار کر رکھی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ اسرائیل کے ان زبانی دعووٴں کے باوجود کہ وہ شرق اوسط کی صورت حال کے پیش نظر فلسطین کے مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے‘ یہ حقیقت ہے کہ اسرائیل عالمی برادری کے فیصلے کو نظرانداز کر رہا ہے۔ عالمی برادری جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل متعدد مواقع پر اپنے فیصلے کا اظہار کر چکی ہے۔ اسرائیل عربوں اور فلسطینیوں کے علاقوں پر طاقت کے بل پر بدستور قابض ہے۔ اس نے القدس شریف کی حیثیت تبدیل کرنے کے لئے قانون بنا کر پوری دنیا کے قریب قریب متفقہ فیصلے کو نظرانداز کر دیا ہے۔ سلامتی کونسل نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان تمام ملکوں سے جن کے سفارتی دفاتر بیت المقدس میں تھے‘ اپیل کی کہ یہ دفاتر وہاں سے منتقل کر دیئے جائیں۔
میں اس موقع پر ان تیرہ کے تیرہ ملکوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وہ ملک یہ ہیں: بولیویا‘ چلی‘ کولمبیا‘ کوسٹاریکا‘ ڈومینیکن ری پبلک‘ ایکویڈور‘ السالویڈور‘ گوئٹے مالا‘ ہیٹی‘ نیدر لینڈ‘ پانامہ‘ یوروگوئے اور وینزویلا۔ ان ملکوں نے اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور رائے عامہ کو نظرانداز کرنے پر ناراضگی ظاہر کرنے کے لئے بیت المقدس سے اپنے سفارتی دفتر منتقل کر لئے ہیں۔ ہم انہیں ان کے بااصول فیصلے پر سلام کرتے ہیں۔ کیا فلسطین کے مسئلے کے بارے میں وہ شرائط پوری کرانے کے لئے جنہیں عام طور پر عالمی رائے اور خاص طور پر اسلامی کانفرنس اس لئے ضروری سمجھتی ہے کہ شرق اوسط میں امن قائم ہو‘ عالمی برادری کی طرف سے مزید اقدام کا وقت ابھی نہیں آیا‘ اس غلط فہمی میں مبتلا نہیں رہنا چاہئے کہ فلسطینیوں کو جو زخم لگائے گئے ہیں وہ وقت کے ساتھ ساتھ مندمل ہو جائیں گے۔ اقدام کا یہی وقت ہے ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔
امریکہ کا دعویٰ ہے کہ شرق اوسط اور شمالی افریقہ سے جو عربوں ہی کا وطن نہیں بلکہ یورپ کے لئے جنگی حکمت عملی کی سرحد بھی ہے‘ اس کے اہم معاشی اور جنگی حکمت عملی کے مفادات وابستہ ہیں پھر بھی امریکہ ایسی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس نے دنیائے عرب کو اپنا دشمن بنا لیا ہے۔ وہ اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت کرتا ہے اور اس حمایت کے بل پر اسرائیل عالمی رائے عامہ کو ٹھکرا کر جارحانہ پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ اس بڑی طاقت کے بل پر اسرائیل کو بین الاقوامی برادری کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے اور اہل فلسطین کے جائز حقوق غضب کرنے کی جرأت ہوئی ہے۔
فلسطین کے عوام اپنی جائز اور واحد نمائندہ جماعت تنظیم آزادیٴ فلسطین کی قیادت میں اپنی مقدس سرزمین کو صہیونیوں کی حکمرانی اور قبضے سے آزاد کرنے کے لئے جو منصفانہ جدوجہد کر رہے ہیں‘ عالم اسلام اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ عالم اسلام یہ سمجھتا ہے کہ شرق اوسط کے معاملے میں فلسطین کے مسئلے کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ یکے بعد دیگرے منعقد ہونے والی اسلامی کانفرنسوں نے مطالبہ کیا ہے کہ
1-    تمام اسرائیلی فوجیں سارے مقبوضہ عرب علاقوں سے‘ جن میں القدس الشریف بھی شامل ہے‘ نکل جائیں۔
2-    اہل فلسطین کو اپنے قومی حقوق استعمال کرنے کا موقع دیا جائے۔ ان میں تنظیم آزادی فلسطین کی قیادت میں اپنے وطن میں اپنی خودمختار مملکت قائم کرنے کا حق بھی شامل ہے۔
3-    مقبوضہ عرب علاقوں میں تمام نام نہاد بستیاں مسار کر دی جائیں۔
جب تک یہ جائز مطالبات مکمل طور پر پورے نہیں ہوتے شرق اوسط میں حقیقی اور دیرپا امن قائم نہیں ہو گا اور دنیا کے سر پر بڑے پیمانے پر جنگ وجدل کا خطرہ منڈلاتا رہے گا۔ ایسی صورت میں اسرائیل کو تحفظ دینے والوں کے مفادات کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا۔
افغانستان میں روسی جارحیت:
جناب صدر! افغانستان میں جو سانحہ پیش آیا ہے دنیائے اسلام اس کے بارے میں بھی بہت فکرمند ہے۔ اس چھوٹے سے آزاد غیروابستہ مسلم ملک میں افغان عوام کے قومی حقوق اور غیروابستگی کے مقدس اصول اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر فوجی مداخلت کی گئی ہے۔
افغانستان کے لوگوں نے اپنی صدیوں پرانی قومی روایت اور آزادی کے ناقابل تسخیر جذبے سے کام لیتے ہوئے یہ چیلنج قبول کر لیا ہے اور بے خوف وخطر ملک کے طول وعرض میں تحریک مزاحمت شروع کر دی ہے۔ ان کی تحریک بھی الجزائر کے عوام اور زمبابوے کے عوام کی تحریک بلکہ غیرملکی تسلط کے خلاف کہیں بھی اور کسی وقت بھی چلائی جانے والی ہر تحریک کی طرح مقدس اور اس لائق ہے کہ اس کا احترام کیا جائے اور اس کی حمایت کی جائے۔
اس جارحانہ کارروائی کے خلاف بین الاقوامی برادری خاص طور پر دنیائے اسلام کے شدید غصے کا اظہار واضح طور پر اس مطالبے کی شکل میں کیا گیا ہے کہ تمام سوویت فوجیں فوری طور پر اور کسی شرط کے بغیر افغانستان سے نکل جائیں۔ گزشتہ مئی میں اسلام آباد میں اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کی جو کانفرنس ہوئی‘ اس نے افغانستان کے بحران کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ اور اسلامی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل پر مشتمل ایک مجلس قائمہ کی تشکیل کی گئی تاکہ مندرجہ ذیل اصولوں کی بنیاد پر تصفیے کے لئے تمام فریقوں سے صلاح مشورہ کیا جائے:
1-    افغانستان سے سوویت یونین کی تمام فوجوں کا فوری‘ غیرمشروط اور مکمل انخلاء۔
2-    افغانستان کی آزاد اور غیروابستہ حیثیت کی بحالی۔
3-    افغانستان کے لوگوں کے اس حق کا احترام کہ وہ اپنی قسمت کا خود فیصلہ کریں اور اپنی خواہش کے مطابق بیرونی مداخلت کے بغیر اپنی مرضی کا طرزحکومت اختیار کریں۔
4-    ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ افغان پناہ گزین عزت اور خیریت کے ساتھ اپنے وطن واپس جا سکیں۔
اس اثناء میں دس لاکھ سے زیادہ افغان پناہ گزین چودہ سو میل لمبی سرحد پار کر کے پاکستان آ گئے اور بہت سوں نے ایران میں پناہ لے لی۔ مردوں‘ عورتوں اور بچوں پر مشتمل خاندان کے خاندان اور گاوٴں کے گاوٴں لڑائی کی شدت کی وجہ سے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو کر برابر پاکستان آ رہے ہیں۔ میرا ملک اسلامی دوستی کے جذبے اور اسلامی اخوت کی روایت سے کام لیتے ہوئے انہیں پناہ دے رہا ہے۔ پاکستان کے ذرائع محدود ہیں اور یہ ذمے داری بہت بڑی ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں برادر اسلامی ملکوں اور دوسری دوست قوموں‘ اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین اور مختلف بین الاقوامی ایجنسیوں اور انسان دوست اداروں کی طرف سے جن میں ہلال احمر (ریڈ کریسنٹ) اور ریڈ کراس سوسائٹیاں شامل ہیں‘ جو امداد ملی ہے اس پر ہم ان سب کے شکرگزار ہیں۔
جناب صدر! لوگ جب تک مجبور نہ ہو جائیں اپنے گھر بار سے آسائشیں ترک کرنے اور جلاوطن ہو کر صعوبتیں برداشت کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ جو افغان پناہ گزین ہمارے ملک میں آئے ہیں وہ اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے کیونکہ ان کی زندگی دوبھر کر دی گئی تھی۔ سوچی سمجھی پراپیگنڈا مہم جس کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندرونی معالات میں مداخلت کا الزام عائد کیا جا رہا ہے‘ دنیا کو دھوکا نہیں دے سکتی۔ پروپیگنڈے سے اس حقیقت پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا کہ افغانستان میں مزاحمت کی تحریک‘ ایک غیور قوم کے جذبہ حب الوطنی کا اظہار ہے جس نے کبھی بیرونی تسلط برداشت نہیں کیا۔ میں ایک بار پھر اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دینے کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور اس الزام کی پرزور تردید کرتا ہوں کہ افغانستان میں مزاحمت کی جو تحریک چل رہی ہے اس میں کسی طرح کا پاکستان کا ہاتھ ہے۔
جناب صدر! یہ بڑی دلچسپ بات ہے کہ مزاحمت کی یہ تحریک خاص طور افغانستان کے اندرونی علاقوں میں چلائی جا رہی ہے جہاں بہادر مرد اور خواتین‘ بہادر لڑکے اور لڑکیاں اور بہادر کسان اور مزدور اپنے آپ کو غیرملکی فوجوں کے جبری قبضے سے آزاد کرانے کے لئے جنگ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بڑی طاقتوں کا رویہ حیرت انگیز ہے۔ ایک بڑی طاقت نے دوسری بڑی طاقت پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس کا گلا گھونٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یقینا بحرہند کے جزیروں میں ایک ملک کی فوجوں کی موجودگی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اسے حیلہ بنا کر دوسرا ملک جبری طور پر ایک آزاد مسلم اور غیروابستہ ملک پر قبضہ کر لے۔
کمپوچیا میں افغانستان جیسی صورت حال پائی جاتی ہے۔ وہاں بھی غیرملکی قابض فوجوں نے ایک کٹھ پتلی حکومت کو اقتدار کی کرسی پر بٹھا دیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ کمپوچیا کے لوگ بڑی تعداد میں ترک وطن کرنے اور بڑے مصائب برداشت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ دونوں جگہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
ہم عزت کے ساتھ امن چاہتے ہیں:
جناب صدر! دنیائے اسلام یہ نہیں سمجھتی کہ جب تک دہشت کا غیرمستحکم توازن قائم ہے اور اسلحہ کی دوڑ جاری ہے اس وقت تک صحیح معنوں میں بین الاقوامی تحفظ قائم ہو سکتا ہے۔ دو بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے ماضی میں جو اقدامات کئے گئے ہیں‘ ہم نے ہمیشہ ان کا خیرمقدم کیاہے۔ ہم اب بھی مہلک ایٹمی ہتھیاروں کی تخفیف کے لئے ان کی کوششوں کی تہہ دل سے حمایت کرتے ہیں۔ مسلم ممالک حقیقی مفاہمت کی حمایت کرتے ہیں لیکن ایسی مفاہمت کی حمایت نہیں کرتے جس کا مقصد یہ ہے کہ دو بڑی طاقتیں دنیا کو اپنے اپنے دائرہ اثر میں بانٹ لیں کیونکہ اس سے اسلامی اور غیروابستہ دنیا کو نقصان پہنچے گا۔ ہم ایسی مفاہمت کے حامی نہیں ہیں جس کے تحت کرہٴ ارض کے بعض علاقوں کو کشیدگی سے پاک رکھا جائے اور دوسرے علاقوں کو مختلف حصوں میں تھوڑ پھوڑ اور جارحیت کا شکار بننے دیا جائے۔ ہم امن کے خواستگار ہیں۔ ہم عزت کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ ہم وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ امن ناقابل تقسیم ہے اور یہ پوری دنیا پر محیط ہونا چاہئے۔ امن کو کسی علاقے یا طرز نفاذ تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔
دنیائے اسلام اصولی معاملے کے طور پر اقوام کی خودارادیت اور آزادی کے حق کی حمایت میں ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ ہم سب کے لئے یہ بات بڑی اطمینان بخش ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد قریب قریب ایک سو اقوام نے آزادی حاصل کر لی ہے۔ افریقی اقوام کی دلیرانہ جدوجہد کی کامیابی آزادی کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔ ہم آزادی کی عظیم تحریکوں کے ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور خاص طور پر ان شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی عظیم قربانیوں کی بدولت یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
افریقہ میں آزادی:
آج ہمارے درمیان اقوام متحدہ کے مکمل ممبر کی حیثیت سے زمبابوے کی موجودگی براعظم افریقہ کی شاندار کامیابیوں کی علامت ہے اور یہ نمیبیا اور جنوبی افریقہ کے لوگوں کے لئے جو نوآبادیاتی نظام اور نسلی اقلیت کی حکمرانی کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں امید کی نئی کرن ہے۔ ہماری دعائیں اور تمام اخلاقی اور مادی حمایت ہمیشہ جنوبی افریقہ کے حریت پسندوں کے ساتھ ہو گی۔ ان کے مسائل ہمارے مسائل اور ان کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں۔ وقت ان کے ساتھ ہے‘ وہ ضرور کامیاب ہوں گے‘ کیونکہ وہ حق پر ہیں۔
جناب صدر! جس طرح گزری ہوئی کل واپس نہیں آ سکتی اسی طرح آزادی کی رو کو پلٹا نہیں جا سکتا۔ جدید تاریخ یہی ثابت کرتی ہے کہ لوگوں کو غلام اور ملکوں کو نوآبادی بنائے رکھنے کی تمام کوششوں کے لئے ناکامی مقدر ہو چکی ہے۔
جنوبی افریقہ نسلی امتیاز‘ مختلف نسل کے لوگوں کو ایک دوسرے سے الگ رکھنے اور اکثریت پر اقلیت کی حکمرانی کی جن پالیسیوں پر کاربند ہے وہ اسلام اور بین الاقوامی اخلاقیات کی روح کے مطابق ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ جو بھی نسلی امتیاز برتے گا یا رنگ کی بنیاد پر ایک انسان کو دوسرے سے برتر سمجھے گا‘ اسے اس کی سزا ضرور ملے گی۔
پریٹوریا کی حکومت کو اس بات پر مجبور کیا جانا چاہئے کہ وہ نمیبیا پر اپنا ناجائز قبضہ اور اس علاقے میں ور خود جنوبی افریقہ میں ظلم وتشدد کے اقدامات اور پالیسیاں ترک کر دے۔ نمیبیا کے عوام کو اس بات کی اجازت ہونی چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کے زیرنگرانی غیرجانبدار انتخابات کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔ بظاہر خواہ کتنی ہی مشکلات درپیش ہوں‘ ہمیں یقین ہے کہ آخرکار نمیبیا کے عوام سواپو کی قیادت میں اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔
مسلم اقلیتوں کے مصائب:
امتیازی سلوک کی ایک اور شکل ہے جو آج دنیائے اسلام کے لئے گہری تشویش کا باعث ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں بسنے والی مسلم اقلیتوں کی مجموعی تعداد قریب قریب تیس کروڑ ہے۔ مذہبی تعصب کی وجہ سے اکثر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے اور انہیں ناقابل بیان اذیتوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کچھ ملکوں میں انہیں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غلاموں کی حیثیت دی جا رہی ہے۔ دوسرے ملکوں میں انہیں ان کے گھر بار سے نکال کر ایسے علاقوں میں بھیجا جا رہا ہے جہاں ان کا جینا دشوار ہو۔ ان پر خود قانون کے محافظ ظلم ڈھا رہے ہیں اور انہیں ختم کرنے کے درپے ہیں۔ یہ دنیا کے ضمیر کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے جس کا مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہئے۔ یہ انسانی حقوق کے لئے بھی چیلنج ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضمیر اور مذہب کی آزادی ہرشخص کا حق ہے۔ کیا دنیا ان کروڑوں انسانوں کی طرف سے آنکھیں بند کر سکتی ہے جو محض اس وجہ سے شدید مصائب کا شکار ہیں کہ وہ کسی خاص مذہب کے پیروکار ہیں؟ اسلامی تعلیمات کے مطابق ہمیں نہ صرف ان مسلمان اقلیتوں سے ہمدردی ہے جنہیں جانبداری اور ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ ان تمام اقلیتوں کی زبوں حالی پر انسان دوستی کے جذبے کے تحت تشویش کے اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ کسی ملک کے اندرونی معاملوں میں مداخلت کی جا رہی ہے۔ عالمی برادری کو اخلاقی طور پر ایسے حالات کے خلاف ضرور غصے کا اظہار کرنا چاہئے کیونکہ بیشتر حالات میں ظالم پر دباوٴ ڈالنے کا یہی واحد طریقہ رہ جاتا ہے۔
اگر ہمیں انسانی تکلیفوں کا احساس نہ رہے یا افلاس اور بھوک کا منظر ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ نہ سکے تو بنی نوع انسان کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”وہ مومن نہیں جو پیٹ بھر کر کھا لے اور اس کا ہمسایہ بھوکا رہے۔“ (حدیث نبوی)
”جو اپنے مسلمان بھائی کی حاجت روائی کرے گا اللہ تعالیٰ اس کی حاجت پوری کرے گا۔“ (حدیث نبوی)
یہ بات افراد کی طرح اقوام پر بھی صادق آتی ہے۔
ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں میں تفاوت:
جناب صدر! ہم مسلم اقوام اور تیسری دنیا سے تعلق رکھنے والے ہمارے بھائی نوآبادیاتی نظام کے تحت سختیوں کا شکار رہے ہیں۔ ہم نے اپنی آزادی کے حصول کے لئے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے۔ آزادی کے بعد ہم نے ایک ہی جیسی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ ہمیں ایک ہی جیسے مسائل ورثے میں ملے ہیں۔ ہمیں ایک ہی جیسے چیلنج کا سامنا ہے۔ ہمیں یکساں طور پر اس مایوسی کا سامنا ہے کہ ہمارے عوام کی روزافزوں امنگیں ا ور توقعات پوری نہیں ہو سکتیں۔
ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں کے درمیان موجودہ اقتصادی تعلقات عدل وانصاف کے اصول یا یوں کہنا چاہئے کہ اس اصول کے فقدان کی بنیاد پر قائم ہیں۔ ترقی پذیر قومیں خام مال فراہم کرتی ہیں۔ وہ اس کی بہت زیادہ قیمت مانگتی ہیں جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ہم تیسری دنیا کی قومیں بین الاقوامی منڈی کے رحم وکرم پر ہیں۔ اس منڈی کو معدودے چند صنعتی ملک اپنے اشاروں پر چلاتے ہیں۔ ترقی یافتہ ملکوں کا مفاد اسی میں ہے کہ وہ یہ محسوس کریں کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے صرف مختصر مدت تک فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ہم ایک دوسرے پر انحصار کے دور میں داخل ہو چکے ہیں اور کوئی ایک ایسی تدابیر اختیار کر کے جن سے دوسرے ملکوں اور دوسری قوموں کے جائز مفادات کو نقصان پہنچتا ہو اپنی خوشحالی کی ضمانت حاصل نہیں کر سکتے۔ ترقی پذیر ملکوں کے خلاف استحصالی اور جانبدارانہ حربے اقتصادی اور سیاسی عدم استحکام کا باعث ہیں۔ یہ صورت حال دنیا کے امن اور تحفظ کے لئے خطرہ ہے۔ یقینا وقت آ گیا ہے کہ ایک نیا اقتصادی نظام قائم کیا جائے جو پائیدار ہو۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہو سکتا ہے کہ یہ نظام انصاف پر مبنی ہو۔
77 ملکوں کا گروپ جو تیسری دنیا کی نمائندگی کرتا ہے‘ 1964ء سے یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ ایک ایسا اقتصادی نظام قائم کیا جائے جس کے تحت پوری دنیا کی معیشت بہتر ہو جس سے تمام ملکوں کو فائدہ پہنچے۔ شمالی ملکوں اور جنوبی ملکوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ قریب قریب دس سال سے جاری ہے اور کوئی نتیجہ ظاہر نہیں ہوا۔ اس اثناء میں نصف سے زیادہ دنیا میں افلاس اور محرومی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس سے دنیا میں استحکام کو پہلے سے زیادہ خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ترقی پذیر ملکوں کو یہ امید نہیں ہے کہ ترقی یافتہ ملک ضروری وسائل اور ٹیکنالوجی تک رسائی میں خطرناک عدم توازن کی اصلاح کے لئے کوئی ذمے دارانہ اور تعمیری اقدام کریں گے۔
اس اثناء میں دنیائے اسلام نے مربوط اقدامات کے ذریعے اپنے وسائل کو یکجا کرنے کی ابتدا کی ہے اور اس مقصد کے لئے مالی اور بینکاری کے ادارے قائم کئے ہیں۔ مناسب وقت پر ان اداروں کی مدد سے مسلمانوں میں اقتصادی میدان میں خوداعتمادی پیدا ہو جائے گی۔ صحیح اسلامی روایات کے مطابق تیل پیدا کرنے والے مسلم ممالک نے نہ صرف برادر مسلم ملکوں بلکہ تیسری دنیا کے ملکوں کی مشکلات دور کرنے کے لئے بھی امداد وتعاون کے رویے سے کام لیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مسلم ممالک ستتر کے گروپ کے مقاصد حاصل کرنے کی پوری کوشش کرتے رہیں گے۔ ان کی آواز شمالی اور جنوبی ملکوں کے مذاکرات میں بھی واضح طور پر سنی جائے گی۔ مسلم ممالک دولت مند ملکوں پر زور دیں گے کہ وہ تیسری دنیا کے لئے اپنی سرکاری ترقیاتی امداد اپنی مجموعی پیداوار کے 7 فیصد کی حد بڑھا دیں جس پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ کیا فراخ دلی کا یہی معیار رہ گیا ہے؟
ایک طرف تو افلاس اور پسماندگی کے مسائل حل کرنے کے لئے جس پر مستقبل میں دنیا کے استحکام کا انحصار ہے‘ اتنی کم امداد دی جا رہی ہے اور دوسری طرف مہلک ہتھیاروں کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل کام میں لائے جا رہے ہیں۔ ایک اور سانحہ یہ ہے کہ ان ملکوں کو بھی جو اپنے قیمتی وسائل اپنے عوام کی بہبود کو نظرانداز کر کے اسلحے کے حصول پر خرچ کر رہے ہیں‘ بڑے پیمانے پر مہلک ہتھیار دیئے جا رہے ہیں۔ دنیا کے تحفظ کو غریب عوام کی بنیادی ضروریات نظرانداز کرنے سے جتنا بڑا خطرہ درپیش ہے‘ اتنا ہی بڑا خطرہ وسائل کو اسلحے کی دوڑ پر اندھادھند خرچ کرنے سے بھی لاحق ہے۔ ان دونوں کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔ اسلحے کی تخفیف بین الاقوامی کشیدگی ہی دور کرنے کے لئے نہیں بلکہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ انسانی ترقی کے لئے وسائل کو بہتر طریقے سے کام میں لایا جا سکے۔ تخفیف اسلحہ عالمی برادری کی فوری توجہ کی مستحق ہے اور یہ ضروری ہے کہ عالمی اور علاقائی سطحوں پر اس سے نمٹا جائے۔
کشمیر کے متعلق اقوام متحدہ کا وعدہ:
جناب صدر! امن اور انصاف کی بنیاد پر عالمی نظام قائم کرنے کے سلسلے میں اقوام متحدہ اب بھی ہماری امیدوں اور امنگوں کا مرکز ہے۔ ان مقاصد کے تحت جو اقوام متحدہ کے منشور میں بتائے گئے ہیں یہ عالمی ادارہ ایسا نظام قائم کرنے کا پابند ہے۔ اقوام متحدہ کوقائم ہوئے پینتیس سال ہو چکے ہیں۔ اس عرصے میں اس ادارے کو بین الاقوامی امن اور ترقی کی قوت کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ گاہے گاہے اقوام متحدہ اپنے وعدوں کو عملی شکل نہیں دے سکی لیکن اس سے ہماری حوصلہ شکنی نہیں ہوئی۔ ہمیں ان حالات کا احساس ہے جن کی وجہ سے عالمی ادارہ اپنا یہ وعدہ بھی پورا نہیں کر سکا کہ جموں وکشمیر کے باشندوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنا مستقبل آپ طے کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
چونکہ ریاست جموں وکشمیر کے تذکرے کا پاکستان اور بھارت کے تعلقات سے واسطہ ہے‘ اس لئے میں یہ کہنا چاہوں گا‘ جیسا کہ ہماری مستقل پالیسی ہے کہ ہم 1972ء کے شملہ سمجھوتے کے تحت بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو اور زیادہ معمول پر لانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان مواصلات‘ سفر اور تجارت بڑھانے کے سلسلے میں گزشتہ برسوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اگر جموں وکشمیر کا تنازع پرامن طریقے سے طے ہو جائے تو اس سلسلے میں اور زیادہ پیش رفت ہو سکتی ہے بلکہ ضرور پیش رفت ہو گی۔ اس معاملے میں پاکستان کا موٴقف پوری دنیا میں تسلیم شدہ اصولوں پر مبنی ہے۔
دنیائے اسلام اقوام متحدہ کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس کے بنیادی مقاصد کے حصول کی کوشش کرتی رہے گی۔ اسلام کا پیغام امن‘ انسانی مساوات‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی ہے۔ اقوام متحدہ کے بنیادی اصول بھی یہی ہیں۔ اس مذہب کے پیروکاروں کی حیثیت سے جس میں یہ پیغام شامل ہے‘ مسلمانوں پر اقوام متحدہ کے نصب العین سے وابستہ ہونے کی دہری ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جو شخص ہر روز ترقی کی طرف بڑھتا رہتا ہے وہ بھی کمال سے بہت دور ہے۔“ (حدیث نبوی)
اس لئے اگر اقوام متحدہ کے مقاصد پورے ہوتے نظر نہیں آتے‘ اگر بین الاقوامی سطح پر جارحیت‘ زور اور زبردستی کا دوردورہ ہے‘ اگر طاقتور کے ہاتھوں کمزور کی سلامتی اور خودمختاری خطرے میں ہے‘ اگر آج بھی حق کا دوسرا نام طاقت ہے‘ تب بھی ہم مایوس نہیں ہیں۔ ہم اب بھی پرامید ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنے نصب العین تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
یہی وہ یقین اور عزم ہے جس کے ساتھ دنیائے اسلام پندرہویں صدی ہجری میں داخل ہونے کو ہے۔اس کا شاندار ماضی اس کی تقویت کا باعث ہے۔ اسے حال کے مسائل اور مواقع دونوں کا احساس ہے۔ اسے یہ بھی احساس ہے کہ اس کی روحانی‘ ثقافتی اور سیاسی زندگی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ اس کی قوت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسے اپنے مستقبل پر اعتماد ہے۔ آج اس کی قوت کا سرچشمہ فکر وعمل میں اتحاد کی تڑپ ہے۔ مسلم ممالک جن کی تعداد چالیس سے زیادہ ہے عام طور پر اس بات پر متفق ہیں کہ ان پر اثرانداز ہونے والے معاملات اور دوسرے عالمی مسائل کے بارے میں انہیں متحدہ اور اجتماعی موٴقف اختیار کرنا چاہئے۔ اس انداز فکر نے اس تصور کو جنم دیا ہے کہ مسلم ممالک اپنے قدرتی وسائل‘ اپنی کثیر افرادی طاقت اور موجودہ مہارتوں کو یکجا کر کے اپنی سلامتی کو مستحکم کریں۔ اس قریبی تعاون سے خوداعتمادی پیدا ہو گی اور بیرونی عوامل پر جو غیریقینی اور اکثر تکلیف دہ ہیں‘ انحصار کم ہو جائے گا۔ اسلامی ملکوں کی سلامتی کے اس تصور کا یہ مقصد نہیں کہ طاقت کے کسی گروپ میں شامل ہوا جائے یا بہت سے ملکوں کے ساتھ دفاعی معاہدے کئے جائیں۔ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پوری امت مسلمہ کے مفاد میں اجماع کے ذریعے جو مقاصد متعین کر دیئے گئے ہیں ان کے حصول کے لئے مسلم ممالک کی انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے۔
تمام مسائل روزافزوں مادہ پرستی‘ اخلاقی انحطاط اور ایمان کی کمی کا نتیجہ ہیں:
جناب صدر! آج کی دنیا میں اگر انسان یہ سوچنے لگے کہ اس کا مستقبل تاریک ہے اور پھر مایوسی کے ماحول میں وہ اپنی راہ سے بھٹک جائے تو یہ تعجب کی بات نہ ہو گی۔ لوگ مایوسی اور احساس محرومی کا شکار ہیں۔ انہیں ہر طرف خطرات اور مصائب دکھائی دیتے ہیں۔ مختلف گروہوں کے درمیان معاشرتی ناانصافی اور قوموں کے درمیان اقتصادی عدم مساوات پایا جاتا ہے۔ مجھے کہنے دیجئے کہ یہ کچھ حد سے بڑھی ہوئی مادہ پرستی‘ اخلاقی قدروں کے انحطاط اور ایمان کی کمی کا نتیجہ ہے۔ ہماری نجات اسی میں ہے کہ ہم اپنا ایمان مستحکم کریں اور خالق او ر اس کی مخلوق پر بھروسا کرنا سیکھیں۔ میں ایک مسلمان کی حیثیت سے بات کر رہا ہوں۔ مجھے اس بات کا شدید احساس ہے کہ مسلمانوں کو اپنے مذہب کے بارے میں بے جا ادعا کی ممانعت ہے۔ اسلام کا حکم ہے کہ مسلمان اپنے مذہب کے بارے میں بے جا فخر ومباہات کا اظہار نہ کریں لہٰذا میں بڑی عاجزی کے ساتھ یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے نزدیک آج کی دنیا جن مسائل سے دوچار ہے‘ اسلام ان کے حل میں مدد دے سکتا ہے۔ وہ عالمی اخوت اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کی بنیاد پر بین الاقوامی بھائی چارے کا مضبوط ڈھانچہ قائم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اسلام دوسرے مذہب کی طرح محض مذہب نہیں بلکہ ہمہ جہت عمارت ہے۔ یہ قانون کا ایک بے مثال اور جامع نظام ہے۔ یہ ایک ممتاز ثقافت ہے‘ ایک دلکش تہذیب ہے۔ یہ انسان کی تسکین اور نجات کے لئے اعلیٰ ترین مابعد الطبیعاتی اصول ہے۔
اسلام نے چودہ سو سال میں جو خدمات انجام دی ہیں ان سے سب واقف ہیں۔
خطبہ حجتہ الوداع صلح وآشتی کا منشور ہے:
مسلمان اقوام عالم کے درمیان صلح وآشتی کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کی نشاندہی کوہ عرفات پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبہ حجتہ الوداع سے ہوتی ہے جس میں انسانی حقوق اور فرائض کی وضاحت کر دی گئی ہے۔ یہ خطبہ آج بھی ایسا ہی برمحل ہے جیسا چودہ سو سال پہلے تھا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
#    اے لوگو! میری بات غور سے سنو! کسی عرب کو عجمی پر اور کسی عجمی کو کسی عربی پر کوئی برتری نہیں۔
#    تم سب حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہو اور حضرت آدم علیہ السلام مٹی سے بنے تھے۔
#    زمانہ جاہلیت میں خون کا بدلہ لینے کا رواج تھا وہ اب ختم کیا جاتا ہے۔
#    خاندانی دشمنیوں کا سلسلہ بھی ختم کیا جاتا ہے۔
#    تم ایک دوسرے کی جان‘ مال اور عزت کو قیامت کے دن تک اپنے اوپر حرام سمجھو۔
#    عورتوں کے ساتھ معاملات میں اللہ کو یاد رکھو‘ ان پر تمہارے حقوق ہیں۔ تم پر بھی ان کے کچھ حقوق ہیں۔
#    ہر شخص اپے اعمال کا ذمہ دار ہے۔ بیٹا باپ کے جرم کا ذمے دار نہیں۔ باپ بھی اپنے بیٹے کے اعمال کا ذمے دار نہیں ہے۔ جس کے پاس کوئی امانت ہے وہ اس کے مالک کو واپس کر دے۔
#    سود ختم کیا جاتا ہے لیکن تم سرمایہ رکھ سکتے ہو۔ تم کسی پر ظلم نہ کرو‘ تم پر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
#    تم ایک برادری ہو۔ ایک شخص کا مال اس کے بھائی کے لئے جائز نہیں تاوقتیکہ یہ مال خوشی سے نہ دے دیا گیا ہو۔ خیال رکھو تم کسی پر ظلم نہ کرو۔ یقینا تم اپنے رب سے ملاقات کرو گے اور وہ تمہارے اعمال کی پرسش کرے گا۔
اگر پیغام یہ ہے تو کیا اسلام کا احیاء اور دنیا کے مسلمانوں کی بیداری ایسی صورت حال نہیں ہے جس کا خیرمقدم کیا جانا چاہئے؟ اسلام کا ایسی قوت کی حیثیت سے خیرمقدم کرنا چاہئے جو کشاکش سے تھکی ہوئی دنیا میں امن قائم کر سکتی ہے اور مایوس انسانیت کے دل میں امید کی شمع روشن کر سکتی ہے۔ یہ ایسا مذہب نہیں ہے جو اپنے آپ کو دوسروں پر مسلط کرتا ہے۔
قرآن مجید ہمیں واضح طور پر یاد دلاتا ہے کہ
”دین میں زبردستی نہیں ہے۔“ (القرآن‘ 265:2)
اسلام کسی جبر کے بغیر محسوس طریقے سے عالمی برادری کا ضمیر بیدار کر سکتا ہے۔ دین اسلام اس دنیا کی زندگی بہترین طریقے سے بسر کرنے میں اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کرتا ہے۔
مسلمانوں کی دعا یہ ہے:
یہ زندگی آخرت کی تیاری ہے۔ ہمیں یہ زندگی بھرپور طریقے سے دیانتداری کے ساتھ اور پورے عزم کے ساتھ بسر کرنی ہے۔ یہ زندگی اللہ کے لئے اس کے پاک نام پر اس کے احکام کی پیروی کرتے ہوئے بسر کرنی ہے۔
جناب صدر! دنیائے اسلام کو یقین ہے کہ خالص مادہ پرستی کا دور ہمیشہ کے لئے ختم ہو چکا ہے۔ شہنشاہیت نوآبادیاتی نظام اور ہر طرح کی بے انصافیاں اسی مادہ پرستی کی پیداوار تھیں۔ اب مادہ پرستی کو واپس نہیں لایا جا سکتا۔ اس وقت مسلمان پندرہویں صدی ہجری میں داخل ہونے کو ہیں۔ اب وہ اپنے مذہب‘ اپنی عظیم ثقافت اور بے مثال معاشرتی اور معاشی اداروں پر فخر کرنا سیکھ گئے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ اس صدی کا آغاز ایک نئے عہد کی ابتداء ثابت ہو گا جس میں وہ امن وانصاف‘ انسانی مساوات اور کائنات کے بارے میں اپنے شعور کی بدولت بنی نوع انسان کی بھلائی کے لئے قابل قدر کام انجام دینے کے قابل ہو جائیں گے۔
اقوام عالم عہد کریں:
میں اپنی تقریر ختم کرنے سے پہلے دنیا کے تمام مسلمانوں کی طرف سے دلی امید ظاہر کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ 154 اقوام جو یہاں جمع ہیں صدق دل سے عہد کریں کہ
1-    پندرہویں صدی ہجری اور اکیسویں صدی عیسوی کے ساتھ ایسے عہد کی ابتداء ہو گی جس میں بین الاقوامی تعلقات مختلف طاقتوں کی گروہ بندی کے بجائے اعلیٰ اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر قائم کئے جائیں گے۔
2-    عالمی اخوت کی بنیاد پر تمام تعصبات ختم کر دیئے جائیں گے۔
3-    نسل‘ رنگ‘ عقیدے اور جنس کی بنیاد پر تمام تعصبات ختم کر دیئے جائیں گے۔
4-    دنیا میں ظلم اور ناانصافی ے بچے کھچے آثار مٹا دیئے جائیں گے۔
5-    طاقتور قومیں کمزور قوموں کو نہیں ستائیں گی اور دولت مند غریبوں پر دھونس نہیں جمائیں گی۔
6-    سائنسی علوم اور قدرتی وسائل کو اسلحہ کے حصول اور جنگ کی دوسری تیاریوں پر ضائع کرنے کے بجائے پوری نسل انسانی کی بھلائی کے لئے منصفانہ بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا۔
7-    اس کرہٴ ارض کے ماحول کو خراب نہیں کیا جائے گا تاکہ آنے والی نسلیں ایسی دنیا کی وارث بنیں جو حسین بھی ہو اور جس پر اچھی زندگی بسر کی جا سکے‘ جیسا کہ خالق نے اسے ہمارے لئے بنایا تھا۔
8-    سب سے بڑھ کر یہ کہ قوموں کے درمیان امن کا دوردورہ ہو گا اور لوگ بھائی چارے کے ساتھ رہیں گے تاکہ بنی نوع انسان ہماری قیمتی تہذیب کو محفوظ رکھ سکے جس میں ہر نسل کا حصہ ہے اور اقتصادی اور معاشرتی انصاف کی بنیاد پر ایسی عمدہ زندگی بسر کریں جس کی ہم سب کو تمنا ہے لیکن جس تک ابھی ہماری رسائی نہیں ہے۔
جناب صدر! اس معزز اسمبلی سے خطاب کرنے کا موقع دینے پر میں ایک بار پھر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔



جنرل محمد ضیا ء الحق کا پارلیمنٹ سے آخری خطاب
( اپریل 1988ء)

افغانستان کے متعلق آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ آج سے آٹھ سال قبل جب روس نے ایک اسلامی‘ غیرجانبدار اور چھوٹے سے ملک افغانستان پر فوج کشی کی تو اس وقت پاکستان کے سامنے دو راستے تھے۔ ایک راستہ چشم پوشی‘ پہلو تہی‘ کنارہ کشی اور مصلحت کوشی کا تھا‘ یعنی ہم افغانستان کی صورت حال سے خود کو لاتعلق رکھتے اور یہ موٴقف اختیار کرتے کہ افغانستان جانے اور اس کا مقدر ۔ہمیں کیا پڑی ہے پرائی آگ میں کودنے کی‘ ہم اپنے گھر میں محفوظ ہیں۔ ہمیں روس کی فوج کشی پر خاموش رہنا چاہئے جیسا کہ اس علاقے کے بعض ممالک خاموش رہے۔
ہمارے سامنے دوسرا راستہ یہ تھا کہ شتر مرغ کی طرح اپنے پروں میں سر چھپا کر حقیقت حال سے چشم پوشی کرنے کے بجائے صورت حال کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیں اور دیکھیں کہ افغانستان میں روس کی فوج کشی سے پاکستان کی سلامتی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ہم پاکستان کے مفادات کی نگہبانی اور تحفظ کے لئے کیا کر سکتے ہیں۔ ہم نے سوچا کہ بیسویں صدی عیسوی کے آخر میں‘ جب انسان تسخیر کائنات کے تجربات کر رہا ہے‘ اگر ہم نے جنگل کا یہ قانون تسلیم کر لیا کہ جو ملک جس وقت چاہے کسی چھوٹے یا کمزور ملک پر چڑھائی کر دے تو اس کرہ ارضی پر چھوٹے ممالک کا زندہ رہنا ناممکن ہو جائے گا اور اگر آج افغانستان پر فوج کشی ہو سکتی ہے تو کل پاکستان کی باری بھی آ سکتی ہے۔ پھر ہماری شمال مغربی سرحدوں کے ساتھ لاکھ ڈیڑھ لاکھ روسی فوجوں کی موجودگی اور افغانستان سے آنے والے تیس لاکھ مہاجرین کی پاکستان میں آمد‘ اس بات کے واضح ثبوت تھے کہ پاکستان سرحد پار بھڑکنے والی آگ کی تپش سے اپنا دامن نہیں بچا سکتا چنانچہ ہم نے خوب سوچ سمجھ کر ایک اصولی موٴقف اپنایا۔ مسلمہ بین الاقوامی اصولوں کی پامالی کا واویلا کیا‘ اسلامی کانفرنس کے وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلوایا‘ غیرجانبدار تحریک میں آواز اٹھائی‘ اقوام متحدہ کے دروازے پر دستک دی‘ دوست ممالک کو پکارا‘ اخباری انٹرویو دیئے‘ ہر پلیٹ فارم سے تقریریں کیں اور بالآخر پاکستانی عوام کی تائید اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم اپنا موٴقف واضح کرنے اور بین الاقوامی سطح پر اسے منظور کروانے میں کامیاب ہو گئے جس کا واضح ثبوت اسلامی کانفرنس‘ غیرجانبدار تحریک اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادیں ہیں۔ یہ ساری دستاویزات جہاں انسان دوستی اور مظلوم کے حق میں صدائے احتجاج کا درجہ رکھتی ہیں وہاں پاکستانی قوم کی اصول پرستی‘ عزم وحوصلے اور استقامت پسندی کی بھی واضح دلیل ہیں۔
بیسویں صدی کا معجزہ رونما ہونے والا ہے:
ہم سے بڑھ کر اگر کسی نے عزم وحوصلے اور استقامت پسندی کا ثبوت دیا ہے تو وہ افغان مجاہدین ہیں جنہوں نے نہایت بے سر وسامانی کی حالت میں جہاد آزادی کا آغاز کیا۔ اس وقت ان کے پاس ٹینک شکن اسلحہ نہ تھا‘ جدید ہتھیار نہ تھے‘ سٹنگر میزائل نہ تھے مگر حوصلہ تھا‘ عزم تھا‘ دین اسلام کی لگن تھی اور جہاد کا ارادہ تھا‘ آزادی کی تڑپ تھی اور جذبہ ایثار تھا‘ چنانچہ وہ ڈٹ گئے اور کٹ مرے۔ انہوں نے گھر بار کی قربانی دی‘ بال بچوں کی قربانی دی‘ اپنے اعزہ کی قربانی دی حتیٰ کہ بارہ لاکھ جانوں کی قربانی دی۔ یہ ان کے ایثار‘ ان کے عزم اور ان کے جوش کا کرشمہ ہے کہ بیسویں صدی کا معجزہ انشاء اللہ رونما ہونے والا ہے۔
#####




 روسی فوجیوں کااعلان بغاوت
امریکہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے روسیوں کا بیان
                            رپورٹ : ہفت روزہ تکبیر کراچی   
جنگ ویت نام کے آخری ایام میں امریکی فوجیوں کا جو حال تھا‘ آج کل ویسی ہی کیفیت ان روسی سپاہیوں کی ہے جو افغانستان کی بے مقصد جنگ میں جھونکے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ افغانستان میں متعین روسی افواج کے چار فوجیوں نے امریکہ میں پناہ لینے کے بعد بتایا کہ سوویت فوج کا حوصلہ پست ہو چکا ہے۔ وہ شدید پریشان حالی اور افراتفری کا شکار نظر آتے ہیں۔ ان میں مختلف قسم کی بیماریاں عام ہیں اور نشہ آور اشیاء کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے۔
ماسکو کے شہری 20 سالہ سارجنٹ الیکسی پیرزلینی نے کہا کہ افغانستان میں متعین روسی سپاہی عملاً حشیش کا عادی ہے‘ وہ روٹی کشمش اور خمیر سے الکحل تیار کرتے ہیں۔ ان کی ہمت بڑھانے کے لئے یہ اشیاء ضروری ہیں۔ ان کے بغیر وہ لڑ ہی نہیں سکتے۔
20 سالہ سارجنٹ نکولاٹی موفکان نے بتایا کہ ایک بار میں گارڈ ڈیوٹی پر تھا کہ ایک افسر میرے قریب آیا۔ اس نے ایک چھوٹے سے گاوٴں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہمارے 50 دشمن رہتے ہیں لیکن جب میں نے اس طرف دیکھا تو مجھے اس دیہات کے لوگ بڑے سیدھے سادھے نظر آئے‘ معاً میرے ذہن میں خیال آیا کہ ہمارے بڑے ملک نے اس چھوٹے سے ملک کے سادہ لوح انسانوں پر فوج کشی کی ہے اس لئے وہ ہمارے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
روسی افواج سے منحرف ان چار سپاہیوں نے جن میں مذکورہ بالا دو کے علاوہ 20 سالہ سرگائی ژیگالین اور 19 سالہ یوری شپوفالنکو بھی شامل ہیں‘ روسی افسروں کی فرعونیت اور ان کے غیرانسانی سلوک کا حال تفصیل سے بیان کیا۔ پیرزلینی نے بتایا کہ مجھے چار پائیوں پر لیٹے ہوئے اپنے افسروں کے پیر دھونے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
اب تک روسی فوج کے 17 سپاہی فرار ہو کر مغربی ممالک میں پناہ لے چکے ہیں۔ ان میں سے چھ امریکہ میں‘ دو برطانیہ میں اور 9 سوئٹزرلینڈ میں مقیم ہیں۔ امریکہ میں پناہ لینے والے چھ روسی سپاہیوں میں سے دو واشنگٹن میں رہائش پذیر ہیں۔ ان سب کو پناہ گزینوں کی حیثیت سے امریکہ میں رہنے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ وہ امریکہ میں کام کر سکتے ہیں اور انہیں سوشل سکیورٹی کے کارڈ بھی جاری کر دیئے گئے۔ اگر وہ چاہیں تو انہیں امریکی شہریت بھی مل سکتی ہے۔
روسی فوج کے منحرف سپاہیوں کو امریکہ میں انگریزی سکھانے اور کام دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نیویارک میں مقیم چار روسی فوجیوں کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے روسی سفارت خانے کے ایک پریس آفیسر نے کہا کہ ہم انہیں باغی تصور کرتے ہیں۔ وہ اپنے ان محسنوں کی خوشنودی کے لئے جو انہیں خوراک‘ لباس اور رقم مہیا کر رہے ہیں‘ ہر طرح کا جھوٹ بولنے پر آمادہ ہیں۔ ہم ایسے افراد کے لئے اظہار نفرت کے سوا اور کیا کر سکتے ہیں جو ایک نیلی جین کی خاطر اپنے ملک کے وقار کا سودا کر رہے ہیں۔
روسی ترکستان‘ ازبکستان اور تازکستان سے افغانستان بھیجے جانے والے سپاہیوں میں بہت سے مسلمان تھے اور ان کی وجہ سے روسی افسروں کو بہت سے مسائل کا سامنا تھا لہٰذا حالیہ برسوں میں ان کے بجائے روسی یورپ سے سپاہی بھیجے گئے ہیں تاہم وہ بھی اکثر ایسے نغمے اور گیت گنگناتے رہتے ہیں جن میں جنگ سے بیزاری اور نفرت کا اظہار پایا جاتا ہے۔ ان کی گفتگو کا بیشتر موضوع یہی ہوتا ہے کہ ہم نے کتنے ہی بے گناہوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پیرزلینی نے بتایا کہ اس نے روسی افسروں کے نام آنے والے بہت سی ماوٴں کے خط دیکھے ہیں جن میں شکایت کی گئی ہے کہ ان کے بیٹے بے مقصد جنگ کی آگ میں جھونک دیئے گئے ہیں۔ دسمبر 1979ء میں جب سے روس نے افغانستان پر فوج کشی کی ہے تقریباً 5 ہزار روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
چاروں سپاہیوں نے بتایا کہ افغانستان میں متعین روسی فوجی مختلف اقسام کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ان میں جگر کی خرابی اور معیادی بخار عام ہے۔ پیرزلینی نے بتایا کہ میری بیٹری کے 42 افراد میں سے آدھے لوگ بیمار تھے۔
منحرف روسی سپاہیوں نے بتایا کہ انہیں اپنی فوج کو چھوڑ کر افغان باشندوں کے درمیان پناہ لینے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ موفکان نے کہا کہ میں اپنے کیمپ کو چھوڑ کر ایک سرنگ کے ذریعہ ایک چھوٹے سے گاوٴں میں پہنچ گیا۔ روسی ہیلی کاپٹر مجھے غائب پا کر میری تلاش میں نکلے تو دیہاتیوں نے مجھے اپنا لباس پہنا کر ایک بوڑھے افغان کے گھر میں چھپا دیا۔
افغانستان پر روسی قبضہ کے مخالف روسی فوجیوں کا خیال ہے کہ منحرف روسی سپاہیوں کی مغربی ممالک میں تشہیر کی جائے تو دیگر فوجیوں کے حوصلے بڑھیں گے اور وہ بھی راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کریں گے۔ سفارتی اور ریڈکراس کے ذرائع کا اندازہ ہے کہ افغانستان میں متعین روسی افواج کے 200 تا 300 سپاہی فرار ہو چکے ہیں۔ خیال ہے کہ روس کے ایک لاکھ پانچ ہزار فوجی افغانستان میں برسرپیکار ہیں۔ ان ذرائع نے فوجیوں کے فرار کی تفصیلات نہیں بتائیں کہ وہ کس طرح دشوار گزار راستے طے کر کے دنیا کے مختلف ممالک میں پناہ لینے کے لئے پہنچ گئے۔ ان کا خیال ہے کہ اگر فوجیوں کے فرار کا طریقہ عام کر دیا جائے تو روسی افواج کو حفاظتی انتظامات کرنے میں آسانی ہو گی اور پھر مزید فوجیوں کا وہاں سے بھاگنا مشکل ہو جائے گا۔
(بشکریہ ہفت روزہ تکبیر‘ 7 تا 2 ستمبر 1984ء)






 افغان مجاہدین ہی اصل فریق ہیں
                    روسیوں کا اعتراف

اور… بالآخر روسیوں نے افغانستان میں اپنی جارحیت کے 8 برس 11 ماہ ایک دن اور 9 گھنٹوں بعد اس تند وتلخ حقیقت کا اعتراف کر ہی لیا جس سے نگاہیں چرانا ان کی نظریاتی‘ سیاسی اور عسکری پالیسی کی اساس بن چکا تھا۔ یہ تلخ حقیقت افغان مجاہدین کو سرگرم فریق تسلیم کرنا اور ان سے براہ راست بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا تھی۔
اس رابطے کا پس منظر کیا تھا‘ یہ بات کب کب اور کہاں کہاں شروع ہوئی‘ اس دوران کیا کیا معاملات زیربحث رہے‘ ان رابطوں کے نتیجے میں دونوں فریقوں نے کیا کھویا کیا پایا؟ اور مستقبل کے افغانستان پر ان کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ ان تمام موضوعات کا احاطہ زیرنظر مضمون میں کیا جائے گا۔
دسمبر 88ء کے اوائل میں مجاہدین کے نمائندوں اور روسی نائب وزیر خارجہ کے درمیان براہ راست مذاکرات کی خبر بہت سے لوگوں کے لئے دھماکے سے کم نہیں تھی۔ چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے اور روسی یا بھارتی سفارت خانوں میں بڑی فراخدلی سے شراب کے جام چڑھا کر پاکستان وافغان مجاہدین کے خلاف زہر اگلنے والے دانشوروں اور سیاست دانوں کے بلند بانگ دعووٴں کے برعکس یہ ایسا ناقابل یقین واقعہ تھا جس کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا ‘ لیکن افغان مسئلے کے اتار چڑھاوٴ‘ حقیقت پسندانہ نظر رکھنے اور روسیوں کے تاریخی پس منظر‘ حکمت عملیوں اور نفسیات کے بارے میں علم رکھنے‘ نیز افغانستان میں روسی پالیسیوں سے واقف افراد کے لئے یہ کوئی اچانک اور ڈرامائی تبدیلی نہیں تھی۔
افغانستان کی فوجی مداخلت کو سیاسی غلطی سے تعبیر کرنے کا اولین اعتراف (کہ تمام جنگیں سیاسی فیصلوں ہی کی مرہون منت ہوتی ہیں) گورباچوف نے 1985ء میں کیا۔ گویا عسکری اعتراف سے سیاسی اعتراف کا یہ سفر 5 برسوں میں طے ہوا‘ افغانستان کو ”رستا زخم“ پکارنا اس بات کا اعلان تھا کہ اب کریملن سے ہارڈ لائنرز کا غلبہ ختم ہوا چاہتا ہے لیکن رستے ”ناسور“ کو گہرا کرنے کا عمل مزید 3 برس جاری رہا تاآنکہ جنیوا معاہدے کے اختتامی دور کے حوالے سے روسی افواج کے انخلاء کا اعلان وآغاز ہو گیا۔ اس 3 برس کے وقفے میں جہاں افغان جنگ‘ جنگی اور سیاسی اعتبار سے اپنے عروج پر رہی‘ وہاں جنگ کے شعلے مزید بھڑکانے کے ساتھ ساتھ سیاسی محاذ پر بھی روسی کابل انتظامیہ نے پے درپے کئی بازیاں کھیلیں۔ ”لوئے جرگے کا انعقاد“ ظاہر شاہ کی حمایت‘ قومی مصالحتی پالیسی کا اعلان‘ ایک طرفہ جنگ بندی کا پروپیگنڈا‘ مجاہدین کو کابل حکومت میں شمولیت کی پیش کش وغیرہ۔ یہ تمام چالیں اگر ایک طرف مجاہدین کو سیاسی مات دینے کی خواہش کا اظہار تھیں‘ تو دوسری طرف ان کے بڑھتے دباوٴ کے آگے روسی کابل افواج کی بے بسی کا بھی اعتراف تھیں۔ ان تمام پیشکشوں کے جواب میں مجاہدین کا ایک نکاتی موٴقف عالمی رائے عامہ کے لئے بڑا پرکشش رہا۔ ”روسی افواج واپس چلی جائیں اور روس اس قضیے کے حل کے لئے براہ راست مجاہدین سے بات چیت کرے۔“
لیکن مجاہدین کو کابل حکومت میں شمولیت کی دعوت دینے اور ان سے ایک طرفہ جنگ بندی کا احترام کرنے کی درخواست کرنے خیال است ومحال است وجنون سے عبارت تھا۔ ایسا واقعہ جس نے گزرتے وقت پر ان کے مربیوں اور آقاوٴں کی گرفت والے روسیوں کا سیاسی موٴقف اچنبھے میں مبتلا کر دینے والا تھا‘ وہ مجاہدین کو براہ راست فریق تسلیم کرنے سے ہی انکاری تھے۔ کہا ں یہ کہ ان سے گفتگو کے ذریعے انہیں مستقبل کا افغانستان سونپنے پر آمادہ ہوتے۔ کابل میں براجمان PDPA کی بقاء وارسا ممالک میں اپنی قوت کا بھرم‘ تیسری دنیا کی تحریکوں اور ممالک کے سامنے اپنے ناقابل تسخیر ہونے کے تصور سے دستبرداری‘ ان کے لئے ”ڈلے افتاد مشکل ہا“ کی صورت اختیار کر گئے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی مشکلات بڑھتی گئیں۔ یہاں تک کہ گوربا چوف کو قبولنا پڑا کہ انہوں نے ”بین الاقوامی معاملات اور جھگڑوں میں اپنی شمولیت اتنی بڑھائی ہے کہ خود اندرونِ روس نظریاتی اور اقتصادی جھلی باریک (THIN) ہوتی جا رہی ہے۔ اس مسئلے کو روکنے کا واحل حل یہی ہے کہ خارجی امور سے اپنی توجہ ہٹا کر داخلی استحکام اور معاشی ترقی پر مرکوز کی جائے اور یوں سوویت روس کو ایک مثالی‘ فلاحی اور نظریاتی مملکت بنانے کی کوشش کی جائے۔
روسی وزارت خارجہ میں افغان امور کے ماہر ڈوبرنین کی قضیہ افغانستان سے علیحدگی‘ جنیوا کے بعد مسئلے کے حل سے دلچسپی کی طرف ایک اور نیا اشارہ تھی۔ 25 برس سے افغان امور کے رمز آشنا کابل میں رونما ہونے والی اکثر تبدیلیوں اور ظاہر ہونے والی بیشتر پالیسیوں کے خالق ڈوبرنین‘ مجاہدین سے نسبتاً سخت رویہ اختیار کرنے کے حامی تھے‘ لیکن قومی مصالحتی پالیسی اور لوئے جرگے کے انعقاد کی ناکامی نے ان کی قسمت پر مہر ثبت کر دی۔ وہ منظرعام سے ہٹا دیئے گئے اور ان کی جگہ روسی نائب وزیر خارجہ یونی وارنٹسوف کو مسئلہ افغانستان کے حل کے لئے اعلیٰ اختیاراتی گشتی سفیر مقرر کیا گیا۔ وہ صرف گورباچوف کو جواب دہ ہیں۔
طائف مذاکرات سے چند دن قبل وارنٹسوف نے کابل میں معزز شہریوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شکایت کی کہ ”افغانوں کی آپس کی جنگ میں ہمارے آدمی خوامخواہ مارے جا رہے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ افغان عوام کے جذبات کا احترام کیا ہے۔ آپ نجیب کو چاہتے تھے‘ تو ہم اسے لے آئے۔ اب اگر حکمت یار یاربانی کو چاہیں گے تو ہم اس خواہش کا بھی احترام کریں گے۔ اس اجتماع میں شریک مجاہدین کے ایک خفیہ نمائندے کے بقول جواباً شہریوں نے کھل کر مطالبہ کیا کہ آپ افغانستان سے رخصت ہو جائیں‘ اپنے حکمرانوں کا فیصلہ خود افغان عوام کو کرنے دیں۔
اس بات کے بھی شواہد ملے ہیں کہ طائف مذاکرات سے قبل روسیوں نے نجیب کی رخصتی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ تخت کابل پر نسبتاً نئے چہرے کے آ جانے سے روسیوں کے انخلاء کے پروگرام اور کسی معاہدے پر تیار ہونے کے موٴقف کو مزید تقویت ملتی ہے اور یہ تقویت مجاہدین سے گفتگو سے قبل سازگار فضا کی تشکیل میں مدد ومعاون ثابت ہوتی‘ لیکن صدر ضیاء الحق کی شہادت نے افغان مسئلے کا سیناریو تبدیل کر دیا‘ اب اس نئی صورت حال میں نجیب کی تبدیلی کچھ زیادہ سودمند ثابت نہیں رہتی۔ مجاہدین کی جانب سے روسیوں سے براہ راست بات چیت کا تقاضا کئی برسوں سے جاری تھا‘ لیکن مجاہدین سے رابطہ کرنے کی روسی خواہش کا اظہار طائف مذاکرات سے چند ماہ پہلے ہوا۔ یہ مذاکرات ایک مکمل پس منظر کے حامل ہیں۔ ہم ان رابطوں کی کہانی ابتداء سے بیان کرتے ہیں۔
روسیوں کی جانب سے سب سے پہلا رسمی رابطہ 21 فروری 1988ء کو اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں‘ سرخ افواج کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریب میں شمولیت کے لئے حزب اسلامی افغانستان کے اسلام آباد میں نمائندے ڈاکٹر غیرت بہیر کو دعوت نامہ ارسال کرنے پر سامنے آیا۔ یہ دعوت نامہ ایک روسی سفارت کار بنفس نفیس لے کر آیا تھا۔ اس دعوت نامے کی اطلاع مجاہدین نے پریس کو دی‘ جس پر اگلے روز روسی سفارت خانے کی جانب سے ایک تردیدی بیان جاری کیا گیا۔ غالباً ابھی وہ اس سگنل کو خفیہ رکھنا چاہتے تھے۔
کچھ عرصے تعطل کے بعد بعض دوست ممالک کے سفارت خانوں کی وساطت سے روسیوں کی خواہش پر مغربی جرمنی کے دارالحکومت بون میں مجاہدین کے اتحاد کے نمائندوں اور روسیوں کے مابین جنگی قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں ابتدائی بات چیت ہوئی۔ اس بات چیت میں روسیوں نے پہلی بار یہ خواہش ظاہر کی کہ انہیں مجاہدین کی قید میں موجود روسی سپاہیوں کے مکمل کوائف (تعداد‘ نام‘ عہدے‘ کہاں سے گرفتار ہوئے‘ کتنے عرصے سے قید ہیں وغیرہ وغیرہ) مطلوب ہیں۔ اس کے بعد ہی وہ تبادلے کے مسئلے پر بات چیت کر سکیں گے۔ مجاہدین نے اس مطالبے کو قطعی طور پر مسترد کر دیا اور ان پر واضح کیا کہ پہلے تبادلے کی شرائط طے ہوں‘ پھر تفصیلات پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ ایک طویل بحث کے بعد مجاہدین کا مطالبہ مان لیا گیا اور تبادلے کی گفتگو کا آغاز ہوا۔ مجاہدین نے تجویز پیش کی کہ وہ تمام روسی سپاہی اور افسران چھوڑنے کے لئے تیار ہیں‘ اگر روسی ان کے بدلے افغانستان کی جیلوں سے تمام قیدیوں کو رہا کر دیں۔ (واضح رہے کہ تقریباً 35 ہزار افراد کے بارے میں گمان کیا جاتا ہے کہ وہ روسیوں کی قید میں ہیں)۔ روسیوں نے یہ تجویز ماننے سے انکار کیا اور ایک روسی سپاہی کے بدلے 4 تا 6 افغان قیدی چھوڑنے کی پیش کش کی۔ مجاہدین کے انکار پر یہ تعداد بڑھتی رہی اور بالآخر ایک روسی کے بدلے 25 مجاہدین کو رہا کرنے کی پیش کش کی گئی۔ مجاہدین کے نمائندوں نے اس تجویز کو اپنے بڑوں تک پہنچانے اور شوریٰ میں غور کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور یوں بات چیت کا پہلا دور اپنے اختتام کو پہنچا۔
بدلتے ہوئے حالات کے معروضی تقاضوں کے پیش نظر روسیوں نے خاصے طویل وقفے تک دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔ بالآخر روسیوں نے اکتوبر کے اختتام پر پاکستانی وزارت خارجہ کے توسط سے مجاہدین کے نمائندوں سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ 7 جماعتی اتحاد کی شوریٰ نے حزب اسلامی افغان اور جمعیت اسلامی افغانستان کو یہ اختیار دیا کہ وہ اپنا ایک ایک نمائندہ نامزد کریں‘ جو روسیوں سے بات چیت کے دوران اتحاد کی نمائندگی کریں گے۔ اتحاد کا یہ دو رکنی وفد حزب کی سیاسی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ تعلقات اور اسلام آباد میں نمائندے غیرت بہیر اور جمعیت اسلامی کے اسلام آباد میں متعین نمائندے اور اپنی تنظیم کے پختہ سفارت کار انجینئر عبدالرحیم پر مشتمل تھا۔ 28 نومبر کی سہ پہر ٹھیک 3 بجے وزارت خارجہ کے مرکزی دفتر کے ایک کشادہ کمرے میں اس تاریخی لمحے کا آغاز ہوا جب روسیوں نے افغانستان کے مستقبل کے حکمرانوں سے براہ راست بات چیت کا آغاز کیا۔
روسیوں کی جانب سے اس بات چیت میں ان کے فرسٹ سیکرٹری‘ پولیٹیکل قونصلر‘ ملٹری سیکرٹری اور ایک مترجم شریک تھے۔ کشادہ مستطیل میز کے ایک جانب روسی اور دوسری جانب مجاہدین کے نمائندے بیٹھے تھے۔ یہ ساری بات چیت براہ راست دونوں فریقین کے درمیان ہوئی۔ پاکستانی وزارت خارجہ کا کوئی افسر یا نمائندہ کمرے میں موجود نہ تھا۔ روسیوں نے اس تاریخی بات چیت کو ریکارڈ کرنے کی خاطر ایک عدد ٹیپ ریکارڈر میز پر رکھ دیا جس کی اجازت وہ پہلے ہی پاکستانی فارن آفس سے لے چکے تھے۔ انہیں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کر کے ”بڑوں“ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
گفتگو کا آغاز روسیوں نے کیا۔ انہوں نے ابتداء میں ہی واضح کیا کہ وہ سب سے پہلے اپنے قیدیوں کے بارے میں معلومات کے حصول میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں روسی جنگی قیدیوں کی درست تعداد‘ ان کے نام‘ حالت قید کی تفاصیل اور ان کی رہائی کی شرائط سے آگاہ کر دیا جائے کیونکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسے ہر قسم کے اختلافات اور کشیدگی سے بالاتر ہو کر حل کرنا چاہئے۔
جواباً مجاہدین کی جانب سے ڈاکٹر غیرت نے گفتگو کا آغاز کیا۔ انہوں نے ایک چھوٹے سے کاغذ پر کچھ نوٹس لے رکھے تھے اور وہ کاغذ ان کے سامنے میز پر رکھا تھا۔ ڈاکٹر غیرت کا کہنا تھا کہ ”افغانستان کا مسئلہ صرف جنگی قیدیوں کے تبادلے اور رہائی تک محدود نہیں ہے‘ یہ ایک ایسا ہمہ پہلو اور کثیرالجہتی مسئلہ ہے جس کا کوئی تانا بانا علیحدہ وجود نہیں رکھتا چنانچہ قیدیوں کی رہائی یا تبادلہ اس پورے مسئلے کے حل سے مربوط ہے۔ اسے ایک مسئلے سے علیحدہ کر کے نہیں دیکھنا چاہئے۔ جب اس مسئلے کے جامع حل کی جانب پیش رفت ہو گی‘ تو قیدیوں کی رہائی کا معاملہ بھی لایخل نہیں رہے گا۔ روسیوں کی غلطیوں اور نادانیوں کے سبب ہمارا ملک تباہ وبرباد ہو گیا ہے۔ وہ منظم افواج‘ جدید ہتھیاروں اور لامحدود وسائل کے باوجود افغان عوام کے جذبہٴ آزادی کو کچلنے اور ان پر قابو پانے میں ناکام رہے اور اسی ناکامی نے انہیں مذاکرات کی میز تک آنے پر مجبور کیا ہے۔
جہاں تک قیدیوں کا معاملہ ہے تو یہ مسئلہ ایک طرف نہیں‘ ہمارے بھی 35 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں ہمیں گمان ہے کہ وہ آپ کی قید میں ہیں۔ آپ کے قیدیوں کی رہائی کا معاملہ ہمارے اپنے لوگوں کی رہائی سے مشروط ہے۔ باقی رہا افغانستان کے مستقبل کا سوال تو اس بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف افغان ملت کو ہے جس کی نمائندگی 7 جماعتی اتحاد کرتا ہے البتہ ہم اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ اگر افغانستان سے انخلاء کے بعد روس نے ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کی‘ تو افغانستان‘ پرامن‘ آزاد اور غیرجانبدار ہونے کے ساتھ ساتھ روس کے خلاف (غیرت نے Hostile) کا لفظ استعمال کیا) جارحانہ عزائم نہ رکھنے والا ملک ہو گا۔“
اب انجینئر عبدالرحیم کی باری تھی۔ انہوں نے سلسلہ کلام کا آغاز کچھ یوں کیا ”ہم اس تاریخی ملاقات کو مسئلہ افغانستان کے حل کی سمت ایک سنجیدہ پیش رفت سمجھتے ہیں۔ آپ نے افغان ملت کے اصل نمائندوں سے براہ راست بات چیت کا آغاز کر کے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے۔
قیدیوں کے حوالے سے میں یہ واضح کر دوں کہ ہم اخلاقی اعتبار سے آپ سے بہت بہتر ہیں۔ آپ کے قیدی بہترین حالت اور عمدہ ماحول میں ہیں۔ ہم انہیں آپ کی طرح جیل کی سلاخوں کے پیچھے‘ گندی‘ تاریک اور بدبودار کوٹھری میں نہیں رکھتے‘ بلکہ وہ مجاہدین کے ساتھ کھلے اور آزادانہ ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہیں وہی کچھ کھانے اور پینے کو دیا جاتا ہے جو مجاہدین خود اپنے لئے استعمال کرتے ہیں۔ قیدیوں کا مسئلہ اس سے قبل ICRC (انٹرنیشنل ریڈکراس کمیٹی) کے حوالے سے بھی سامنے آیا تھا اور گزشتہ برسوں میں ہم نے کچھ روسی قیدی ICRC کے حوالے بھی کئے تھے جنہیں ان کی مخصوص مدت قید کے بعد‘ آپ کے حوالے بھی کر دیا گیا تھا۔ ہم نے دنیا کے کئی اداروں اور جرنلسٹوں کو بھی روسی قیدیوں سے ملوایا ہے لیکن یہ سب کچھ یکطرفہ رہا۔ آپ نے نہ صرف یہ پل چرخی جیل اور دوسری جگہوں پر قید لوگوں کے بارے میں ریڈ کراس والوں کو کوئی اطلاع نہیں دی بلکہ خیرسگالی کے اظہار کے یک طرفہ مظاہرے کا خاموشی سے نظارہ کرتے رہے۔ آپ نے اسے انسانی مسئلہ قرار دیا ہے‘ انسانیت کے بارے میں ہم آپ سے زیادہ جانتے ہیں۔ کیا افغانستان کے لاکھوں مرنے‘ معذور ہونے اور لاپتہ ہونے والے لوگ انسان نہیں تھے؟ اور کیا افغان عوام سے روا رکھے گئے سلوک کے حوالے سے آپ کو انسانیت یاد نہیں آتی؟“
روسی قیدی اچھی حالت میں ہیں‘ وہ ہمارے ان لوگوں سے کئی گنا بہتر ماحول میں ہیں‘ جو آپ کی قید میں ہیں‘ ویسے ان قیدیوں کی رہائی کی چابی اب آپ کے پاس ہے۔
ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ تم لوگ جو کچھ کہتے ہو‘ کرتے ہمیشہ اس کے برعکس ہو‘ تم نے امن کی پکار کی تھی۔ جنگ مسلط کر دی‘ تم نے افغانستان سے اپنی واپسی اور امن کے قیام کا شور مچایا لیکن اسکڈ میزائل اور مگ 29 بمبار طیارے لے آئے۔ تم قول وفعل کے تضاد کا شکار ہو اور معاملات کو طے کرنے والی فطری ایمانداری تم میں بالکل نہیں ہے۔ اس ملاقات کا نتیجہ اب تم پر ہے تم جس طرح چاہو گے۔ ہم جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔














 ناکام فوجی بغاوت کی کہانی… تہمینہ درانی کی زبانی
    ( یہ کہانی تہمینہ درانی کی کتاب "مائی فیوڈل لارڈ " سے اخذ کی گئی ہے جس کا ترجمہ تنویر قیصر شاہد نے کیا)

فوج کو کمزور کرنے‘ ضیاء الحق کو راستے سے ہٹانے اور پاکستان میں اپنی پسند کا ”انقلاب“ برپا کرنے کے لئے مصطفےٰ کھر کا بھارت سے رابطہ مضبوط تر ہوتا جا رہا تھا۔ ادھر مصطفےٰ کو اپنے مقاصد کے جال میں زیادہ سے زیادہ پھنسانے کے لئے بھارت نے لندن میں اپنے ہائی کمیشن کے ایک اعلیٰ انٹیلی جنس افسر کو مصطفےٰ سے تمام معاملات طے کرنے کے لئے مقرر کیا۔ اس افسر کا نام جوشی تھا۔ رابطے مستحکم ہو گئے تو دونوں نے ایک دوسرے کو کوڈ ناموں سے بلانا شروع کر دیا۔ مصطفےٰ‘ جوشی کو ”آصف علی“ اور جوشی‘ مصطفےٰ کو ”دلیپ“ کے نام سے پکارتے۔ مصطفےٰ کھر نے دلیپ بن کر نہ صرف نظریہ پاکستان کی بلکہ اپنے مذہب کی بھی تکذیب کر دی لیکن اسے ان نظریاتی باتوں کی کوئی پروا نہیں تھی۔ اس نے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ایک خاص طرز زندگی اپنا لیا تھا‘ اور اسے اس ڈگر سے ہٹانا کسی کے لئے ممکن نہ تھا۔ کسی خاص جگہ ملنے سے پہلے مصطفےٰ اور جوشی ٹیلی فون پر رابطے کرتے اور پھر وقت بھی طے کر لیا جاتا۔ یہ ملاقاتیں اکثر لندن کے قلب میں ایک شراب خانے ”ومپی بارز“ (Wimpy Bars)میں ہوتیں۔ فرانسیسی کھانوں اور سرخ شراب کے جاموں کے درمیان آئندہ کے لئے منصوبہ طے پاتے۔ مصطفےٰ بڑی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیتے‘ آگے بڑھ رہا تھا۔ جب بھی وہ جوشی سے لندن میں ملنے کے لئے جاتا‘ میں بھی اکثر اوقات اس کے ہمراہ ہوتی۔ دونوں کی مخصوص گفتگو شروع ہونے لگتی تو ایک (مخصوص) اشارہ پا کر میں وہاں سے اٹھ آتی اور قریب ہی واقع ایک بک سٹال پر چلی جاتی اور ان رسالوں کی ورق گردانی شروع کر دیتی جن کا مطالعہ کرنے کے لئے مصطفےٰ نے مجھ پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی تھی۔
بھارتی انٹیلی جنس افسر اور مصطفےٰ کے درمیان ملاقاتوں کے وقفے میں کمی آنے لگی۔ اب کال پہلے مسٹر جوشی کی طرف سے آتی۔ ایک ہفتے میں دو بار ملاقاتیں ہونے لگیں۔ انہی دنوں ایک عجیب واقعہ رونما ہوا۔ مصطفےٰ اور میں سیر کے لئے شارجہ گئے‘ دوران پرواز مصطفےٰ نے مجھے یہ بتا کر حیران ہی تو کر دیا کہ ہم شارجہ سے بھارت بھی جائیں گے اور وہاں ایک بہت بڑی سیاسی شخصیت سے ملاقات بھی کریں گے۔ یہ سیاسی شخصیت راجیو گاندھی کی تھی۔ ان دنوں اندرا گاندھی کا سیاست دان بیٹا سنجے گاندھی ہوائی حادثے میں مر چکا تھا اور اندرا گاندھی کا سیاسی بیٹا راجیو گاندھی سیاست کے اسباق ازبر کرنے کے لئے بڑی تگ ودو کر رہا تھا۔ راجیو گاندھی سے اس ملاقات کا بندوبست ہماری ایک (خاتون) دوست نے کیا تھا جو شارجہ میں مقیم تھی اور جس کے گاندھی خاندان سے گہرے روابط تھے۔ شارجہ میں ہم سلمان تاثیر اور اس کی دوست تولین سنگھ (”انڈیا ٹائمز“ کی معروف کالم نگار)کے ہاں ٹھہرے ہوئے تھے۔ شارجہ میں قیام کا مقصد یہ تھا کہ راجیو گاندھی سے ملاقات کا دن اور وقت طے ہو جائے تو بھارت روانہ ہوا جائے۔ جس روز ہمیں دہلی روانہ ہونا تھا‘ مصطفےٰ سے ایک غلطی ہو گئی۔ سلمان تاثیر ضد کرنے لگا کہ وہ بھی ہمارے ساتھ بھارت جائے گا… مگر وقت اتنا قلیل تھا کہ بھارتی ویزا حاصل کرنا ممکن ہی نہیں تھا لیکن مصطفےٰ نے شوخی میں آ کر سلمان سے کہا ”تم ہمارے ساتھ چلو‘ میں سارا بندوبست کر لوں گا۔“ چنانچہ دوسری صبح میں‘ مصطفےٰ کھر‘ سلمان تاثیر اور تولین سنگھ دہلی کے لئے پرواز کر گئے۔
دہلی ایئرپورٹ پر انٹیلی جنس افسروں کی ایک فوج نے ہمارا خوب ”کھلے دلوں“ سے استقبال کیا مگر سلمان تاثیر کو وہیں روک لیا گیا۔ اب مصطفےٰ اسے بھی ساتھ لے جانے پر اصرار کر رہا تھا اور وہ لوگ ویزا نہ ہونے کے سبب سلمان تاثیر کو باہر نہیں نکلنے دے رہے تھے۔ تولین سنگھ اس منظر کو بڑی غور سے دیکھ رہی تھی اور دال میں کچھ کچھ کالا ہونے پر اس کا شبہ یقین میں بدل رہا تھا۔ مزید کسی بدمزگی سے بچنے کا یہی طریقہ ڈھونڈا گیا کہ سلمان تاثیر بھی ہمارے ساتھ ہی روانہ ہو جائے۔ مصطفےٰ کے چہرے پر راز افشا ہو جانے کے ڈر سے ہوائیاں سی اڑ رہی تھیں۔ اس نے اپنے ساتھیوں کو بتایا ہی نہ تھا کہ وہ راجیو سے ملاقات کرنے کی غرض سے بھارت جا رہا ہے۔ بہرحال ہم ایک مخصوص مقام پر ٹھہرائے گئے۔ مصطفےٰ‘ راجیو سے ملاقات کا انتظار کرتا رہا‘ کرتا رہا… مگر ادھر سے کوئی مثبت اشارہ ہی نہیں مل رہا تھا۔ بالآخر مصطفےٰ کو اطلاع دی گئی کہ اس بار راجیو اس سے نہیں ملے گا۔ صحافیہ تولین سنگھ کی موجودگی کسی بھی بڑے اخباری سکینڈل کو جنم دے سکتی ہے‘ اسی لئے راجیو نے مناسب سمجھا کہ اس بار مصطفےٰ سے ملاقات نہ ہو۔ ساتھ ہی اسے پیغام بھیجا ”آئندہ احتیاط کریں۔ یہ کام ایسا نہیں کہ اس میں آدمی بے دھیان اور لاپروا ہو جائے۔“ بعدازاں ہم ”اوبرائے ہوٹل“ میں چلے آئے جہاں ہم نے اوبرائے کی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا۔ اوبرائے کے میری سہیلی فریدہ منیر کے ساتھ بڑے قریبی اور دوستانہ تعلقات تھے۔
ڈیڑھ ماہ بعد مصطفےٰ کی راجیو کے ساتھ باقاعدہ ملاقات ہوئی۔ اس بار مسٹر جوشی اسے اپنے ساتھ لے کر گیا تھا۔ مصطفےٰ نے مجھے بتایا ”راجیو میں بڑا اعتماد ہے۔ اس نے میری باتوں کو بغور اور تحمل کے ساتھ سنا۔ گفتگو کے آخر میں اس نے میرے منصوبوں کی تکمیل میں ہر طرح کی مدد کا وعدہ کیا ہے۔“ راجیو کی طرف سے اس وعدے اور رضامندی نے مصطفےٰ کو پہلے سے کہیں زیادہ پراعتماد اور پرجوش بنا دیا۔ اس جوش میں مسٹر جوشی کی ملاقاتیں مزید جوش پیدا کر رہی تھیں۔ یہ واقعہ ہے کہ بھارت کی آشیرباد نے مصطفےٰ کھر کو اور بھی زیادہ شیر بنا دیا تھا… اور یہ اس کی خوش قسمتی تھی کہ اسے پاکستانی فوج میں جونیئر فوجی افسروں کا ایک ایسا گروہ مل گیا جو اس کے منصوبوں (یعنی ضیاء الحق کو راستے سے ہٹانا) کی تکمیل میں معاون ثابت ہو سکتا تھا۔ فوجی افسروں کا یہ گروہ ضیاء الحق سے سخت ناراض تھا۔ ان لوگوں کا خیال تھا کہ ضیاء الحق کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ برسراقتدار رہیں اور جمہوریت کی قبر پر اپنی آمرانہ حکومت کا جھنڈا لہراتے پھریں۔ سب مسائل کا حل‘ ان لوگوں کے نزدیک‘ فقط ایک تھا کہ ضیاء الحق کا قلع قمع کر دیا جائے۔ جمہوریت کی بحالی کا یہی راستہ باقی بچ گیا تھا۔ مصطفےٰ کا ان لوگوں کے ساتھ مل جانا فوجی افسروں کے لئے اس لئے بھی باعث اطمینان تھا کہ پنجاب سے انہیں مصطفےٰ ایسے ہی موثر اور معروف سیاست دان کی ضرورت تھی۔ دونوں فریق ایک دوسرے کے محتاج تھے اور دونوں ایک دوسرے کو استعمال کرنے کی کوششوں میں مبتلا! اول اول دونوں فریق ایک دوسرے کو شک کی نظر سے دیکھ رہے تھے۔ دونوں کے باہمی اعتماد کا امتحان ہو رہا تھا۔ کھلی اور پراعتماد گفتگو‘پہلی بار‘ لندن میں موجود ایک مشترکہ دوست کے فلیٹ پر ہوئی۔ فریقین نے کھل کر اپنے اپنے منصوبوں پر اظہار خیال کیا۔ اس تفصیلی ملاقات کے بعد مصطفےٰ کا ردعمل یہ تھا کہ اب ضیاء الحق کو راستے سے ہٹانا چنداں مشکل نہیں رہا کہ اب تو ان کے ہم پیشہ فوجی افسر ان کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کو تیار ہو گئے تھے! مصطفےٰ کے خوابوں کی تعبیر آہستہ آہستہ عملی جامہ پہن رہی تھی۔
اور ایک خطرناک منصوبہ بالآخر طے پا گیا ”ضیاء الحق اپنے جرنیلوں کے ساتھ‘ انہی دنوں‘ ایک اہم میٹنگ کرنے والے تھے۔ پروگرام کے مطابق‘ میٹنگ روم میں ایک ٹائم بم نصب کیا جائے گا جو ایک خاص وقت پر پھٹ جائے گا۔ دوسرے مسائل سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے تمام ریڈیو اور ٹیلی ویژن سٹیشنوں پر حملہ کر کے قبضہ کر لیا جائے گا۔ کسی دوسرے فوجی گروہ کو اقتدار پر قبضہ جمانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ اس کا علاج یہ ڈھونڈا گیا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما کو فی الفور وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھا دیا جائے گا۔ مصطفےٰ‘ نئے وزیراعظم کا نمبر ٹو شمار ہو گا۔ ضیاء اور ان کے ساتھیوں کی موت ملک میں انارکی اور ابتری کی کیفیت پیدا کرے گی۔ ان حالات سے نمٹنے کے لئے غیرممالک میں جلاوطنی کی زندگی بسر کرنے والے تمام ارکان پیپلزپارٹی کو پاکستان بلایا جائے گا جو ملک کی باگ ڈور سنبھال لیں گے۔ بعدازں 1977ء کے فوجی انقلاب میں مدد فراہم کرنے والے اہم فوجی افسروں پر مقدمہ چلایا جائے گا اور انہیں مقدمہ ثابت ہونے پر پھانسی کی سزائیں دی جائیں گی۔
منصوبے پر عمل درآمد کے لئے اسلحے کی ضرورت تھی۔ ”لڑکوں“ (منصوبے کے مرکزی کردار فوجی افسروں کو اسی کوڈ نام سے بلایا جاتا تھا) نے اسلحے کی فہرست دے دی۔ مصطفےٰ نے مجھے یہ فہرست محفوظ کرنے کے لئے دے دی۔ میں نے اس کی ایک ایک آئٹم کو بغور پڑھا اور یہ دیکھ کر ششدر رہ گئی کہ اسلحے کے تمام مندرجات انتہائی مہنگے تھے اور وہ دنیا کے انتہائی جدید ترین دستی اسلحے میں شمار ہوتے تھے۔ مصطفےٰ کے ذمے یہ کام تھا کہ وہ اس اسلحے کا بندوبست کرے گا۔ یہ ذمہ بھی اسی کے سر تھا کہ اسلحے کے حصول کے بعد اسے کس طرح اور کن ذرائع سے پاکستان میں اپنے ”لڑکوں“ کے پاس پہنچانا ہے۔ اسلحے کی خریداری کے لئے ایک بار پھر مسٹر جوشی کی ”خدمات“ حاصل کی گئیں۔ اخراجات پورے کرنے کے لئے مصطفےٰ نے علی محمود سے رابطہ کیا جو ابوظہبی میں تعمیرات کے ٹھیکوں سے بے انتہا دولت اکٹھی کر چکا تھا۔ علی محمود اور ان کی اہلیہ بلو‘ مصطفےٰ کھر کے سیاسی اتحادی بن گئے تھے۔ ان دنوں ہم علی محمود کے مکان پر آ گئے تھے جو ویلن گارڈن سٹی میں واقع تھا۔ حالات وواقعات بڑی تیزی کے ساتھ گزر رہے تھے۔ ضیاء الحق سے شدید نفرت نے مصطفےٰ کھر کو اندھا کر دیا تھا۔ وہ ضیاء سے جلد ازجلد چھٹکارا حاصل کر کے اقتدار کو ایک بار پھر اپنی مٹھی میں لینے کا متمنی تھا۔
اسلحہ اکٹھا کرنا‘ اور وہ بھی انتہائی جدید ترین‘ ایک کار دشوار تھا مگر اس منزل کو بھی مسٹر جوشی نے بالآخر سر کر ہی لیا۔ اس نے اسلحہ حاصل کر کے پاکستانی سرحد کے نزدیک ایک بھارتی گاوٴں میں محفوظ کر دیا تھا۔ ہر قسم کے ان ترقی یافتہ آتشیں ہتھیاروں کو لکڑی کے کریٹوں میں بند کیا گیا تھا جن پر سیریل کے مخصوص نشان بھی ثبت تھے مگر اس اسلحے کو پاکستان کے اندر لے کر جائے کون؟ کون اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر یہ خطرناک کام مول لے سکتا تھا؟ سرحد پر قائم جگہ بہ جگہ چوکیاں اور ان پر مسلح پاکستانی دستے! یہ راہ کیسے عبور کی جا سکتی ہے؟ اس منزل کو کون سر کر سکتا تھا؟ اس کے لئے بڑے پراسرار طریقے سے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی۔ اسلحے کو ٹھیک مقام تک‘ پاکستان میں‘ پہنچانے اور اس یقین کے لئے کہ وہ محفوظ ہاتھوں تک پہنچ گیا ہے‘ ایک انوکھی ترکیب استعمال کی گئی۔ ایک روپے کے نوٹ کو پھاڑ کر اس کے دو ٹکڑے کئے گئے۔ ایک ٹکڑا اس بھارتی ایجنٹ کو دیا گیا جس کے پاس اسلحہ محفوظ تھا اور نوٹ کا دوسرا حصہ اس کے حوالے کیا جانا تھا جو یہ اسلحہ وصول کرنے والا تھا۔ اور جو آدمی اسلحہ بھارتی ایجنٹ سے وصول کر کے پاکستان کے اندر ”لڑکوں“ کے گروہ تک پہنچائے گا وہ ان دونوں ٹکڑوں کو یک جا کر کے مصطفےٰ کو پیش کرے گا۔ یوں یقین کر لیا جائے گا کہ اسلحہ محفوظ ہاتھوں تک بخیریت پہنچ گیا ہے۔ مگر بھارتی علاقے سے اسلحہ پاکستان کے اندر کون لے کر جائے؟ یہ ایک مشکل مہم تھی اور اس مہم کو سر کرنے کے لئے مصطفےٰ نے اپنے ایک پرانے دوست تصویر شاہ سے رابطہ کیا۔ تصویر شاہ بڑا زبردست شکار ی تھا اور تمام و ہ سرحدی علاقے اچھی طرح دیکھ چکا تھا جہاں سے اسلحہ بھارت سے پاکستان لانا تھا۔ مصطفےٰ نے تصویر شاہ کو لندن بلایا اور اسے کہا کہ چند کریٹ ہیں جنہیں بھارت سے پاکستان لے جانا ہے۔ تصویر شاہ بخوشی راضی ہو گیا مگر ابتدائی احتیاط کے طور پر اسے یہ نہیں بتایا کہ ان کریٹوں میں ہے کیا؟ مصطفےٰ نے اس کے اعصاب اور اعتماد کا امتحان لیا اور کئی بار لیا جس کے آخر میں اس نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ تصویر شاہ اس نازک اور خطرناک کام کے لئے موزوں آدمی نہیں ہے… تو پھر یہ اسلحہ کون پاکستان پہنچائے گا؟ مصطفےٰ کی نظر سیٹھ عابد پر پڑی۔
مصطفےٰ کی سیٹھ عابد کے ساتھ پرانی اور گہری دعا سلام تھی۔ ہم جب دونوں میاں بیوی ضیاء کے فوجی انقلاب کے بعد پاکستان سے انگلینڈ آئے تو سیٹھ عابد نے نہ صرف ہماری مالی مدد کی بلکہ ہمیں رہنے کے لئے پرانڈز بری پرک میں اپنا خوبصورت بنگلہ بھی دیا۔ اس کی طرف سے آنے والی مالی امداد خاصا عرصہ تک ہماری کفالت کرتی رہی۔ ہم سب جانتے تھے کہ سیٹھ عابد کے جناب محمود ہارون سے بڑے دوستانہ مراسم ہیں۔ محمود ہارون اس وقت ضیاء الحق کی کابینہ کے سینئر وزیر تھے۔ یہ وہی سیٹھ عابد تو تھے جن کے برادر نسبتی مسعود محمود کی گواہیوں نے ذوالفقار علی بھٹو پر عائد کردہ قتل کے الزام کو ثابت کر کے انہیں تختہ دار تک پہنچایا اور یہ وہی سیٹھ عابد تو تھے جن کے بارے میں ان دنوں یہ کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے ایک یورپی ملک سے نیوکلیائی پرزے خرید کر نہایت پراسرا اور جرأت کے انداز میں پاکستانی حکومت کے حوالے کئے ہیں۔ پاکستانی سرحد سے ملحقہ بھارتی گاوٴں سے اسلحہ لے کر پاکستانی ”لڑکوں“ تک پہنچانے کا انتہائی اہم ترین اور خطرناک کام صرف اور صرف سیٹھ عابد ہی انجام دے سکتے تھے۔ لیکن ان سے رابطہ کرنا نہ صرف انتہائی مشکل تھا بلکہ رسک لینے کے بھی مترادف تھا اور مصطفےٰ یہ جوا کھیلنے پر بھی تیار ہو گیا۔ نہ جانے اسے کیوں یہ یقین تھا کہ اس کڑے وقت میں سیٹھ عابد ہی اس کی دست گیری کر سکتا ہے…لیکن ان سے بات کرے کون؟ پہلے تو علی محمود کو تیار کیا گیا مگر وہ نااہل ثابت ہوا۔ مصطفےٰ بذات خود سیٹھ صاحب سے بات کرنے سے دانستہ احتراز کر رہا تھا۔ اسے یقین کامل تھا کہ پاکستان میں اس کا فون ٹیپ ہو گا۔ بالآخر سیٹھ عابد سے بات کرنے کا قرعہ فال میرے نام نکلا۔ میری اس وقت ذہنی کیفیت کیا تھی‘ اس کا اندازہ میرے علاوہ اور کوئی نہیں لگا سکتا۔ میں چکی کے دو پاٹوں میں پس رہی تھی مگر مصطفےٰ کا کہا ٹالا بھی تو نہیں جا سکتا تھا… اور آخرکار سیٹھ عابد ایسے منفرد قطع کے آدمی سے بات کرنے کو تیار ہو گئی۔ مصطفےٰ نے تو میری شلوار (تہمینہ نے یہاں Skirt کا لفظ استعمال کیا ہے) کے پیچھے پناہ لی ہوئی تھی۔
مجھے سیٹھ عابد کا مخصوص فون نمبر دے دیا گیا۔ دوسرے ہی لمحے میں یہ نمبر ڈائل کر رہی تھی جبکہ مصطفےٰ‘ علی محمود اور بلو میرے سامنے بیٹھے تھے۔ فون کی گھنٹی بجلی اور بجتی ہی چلی گئی مگر فون کسی نے بھی نہ اٹھایا۔ دوبارہ فون کیا تو چند گھنٹیوں کے بعد فون کسی نے اٹھا ہی لیا۔ وہ خود سیٹھ عابد تھے۔ میں نے اپنا تعارف کروایا۔ انہوں نے خوش دلی سے جواب دیا۔ پھر وقت ضائع کئے بغیر میں نے مطلب کی بات کہہ دی ”سیٹھ صاحب‘ ایک انتہائی ضروری کام کی وجہ سے ہم آپ سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ میرے شوہر کی خواہش ہے کہ آپ اگر فی الفور لندن آ جائیں تو بڑی مہربانی ہو گی‘ ایک اہم کام پڑ گیا ہے آپ سے… اور اس مسئلے کے حل کی کنجی صرف آپ کے پاس ہے… مگر پرابلم یہ ہے کہ اس کام کی نوعیت آپ کو فون پر نہیں بتا سکتی۔“ مگر سیٹھ صاحب نے جب جواب دیا تو ان کی زبان اور گفتگو میں وہ دلکشی اور روانی نہیں تھی جو فون پر ابتدا میں مجھے سنائی دی گئی تھی۔ وہ کہہ رہے تھے ”میرا نہیں خیال کہ مجھے اس (کھر) سے بات کرنی چاہئے۔ میں پاکستان میں رہ رہا ہوں۔ پلیز‘ مجھے خاندان کے بارے میں سوچنے‘ مجھے سمجھنے کی کوشش کیجئے۔“ اور پھر فون پر موت کا سناٹا چھا گیا۔ سیٹھ ایک طویل وقفے کے بعد رکے رکے لہجے میں بولے ”سنئے‘ مجھے دوبارہ فون کیجئے‘ اسی نمبر پر! نصب گھنٹے کے بعد کیجئے۔“ انہوں نے فون بند کر دیا اور میں نے حیرت زد ہ اور کچھ کچھ شہے میں مصطفےٰ‘ علی محمود اور اس کی اہلیہ بلو سے کہا کہ سیٹھ صاحب شاید ہماری مدد نہ کر سکیں‘ شاید ہمارا فون ٹیپ ہو گیا ہے… مگر مصطفےٰ کی ایک گھر کی نے میرے تمام شبہات کی آگ پر پانی پھینک دیا۔
نصف گھنٹے بعد میں نے وعدے کے مطابق دوبارہ سیٹھ عابد سے فون پر رابطہ کیا۔ پہلی ہی گھنٹی پر انہوں نے فون اٹھا لیا۔ اس بار ان کا لہجہ صاف تھا اور خوشگوار بھی تھا! میں نے کہا ”سیٹھ صاحب! مصطفےٰ آپ سے جلد ازجلد ملاقات کرنا چاہتا ہے۔“ جواب آیا ”مصطفےٰ کھر مجھ سے ملنا چاہتا ہے؟ ضروری کام کے لئے؟“ میں نے جواب دیا ”بہت ضروری کام ہے!“۔ سیٹھ عابد نے جواب دیا ”کیا کسی سیاسی مسئلے پر بات چیت کرنی ہے؟“ میں نے کہا ”آپ بس جلد آ جایئے۔ فون پر تفصیلی بات چیت نہیں ہو سکتی‘ میں مجبور ہوں۔“ سیٹھ عابد کی لہکتی ہوئی آواز آئی ”ٹھیک ہے اگر ایسا معاملہ ہے تو میں آ جاوٴں گا۔ بس یوں سمجھ لیجئے میں چند دن ہی میں آپ کے پاس ہوں گا۔“
نصف گھنٹے ہی میں ان کی آواز میں جو لہک اور تمکنت آ گئی تھی اس سے میرے دل میں شبہ پیدا ہو گیا کہ ہو نہ ہو سیٹھ صاحب میرا فون ریکارڈ کر رہے تھے۔ میں نے اپنے شبہات کا تذکرہ مصطفےٰ‘ بلو اور علی محمود سے کیا تو مصطفےٰ نے یہ کہہ کر مجھے جھڑک دیا ”یہ تمہارے الجھے ہوئے ذہن کا شاخسانہ ہے۔“
سیٹھ عابد کا تعلق سماج کے اس گروہ سے ہے جو ”ادھر کا مال ادھر اور ادھر کا مال ادھر“ کرنے کے استاد مانے جاتے ہیں‘ دنیا بھر میں! اس کاروبار کو تجارت کی وہ وکھری ٹائپ قرار دیتے ہیں جہاں خطرات بھی زیادہ ہیں اور منافع بھی بے حساب! یہ اس دنیا سے متعلق ہیں جہاں تجارت کے لین دین کا اندراج کاغذات پر نہیں ہوتا‘ جہاں سارے کام طاقت اور زبانی انداز میں چلتے ہیں۔ ان کے الفاظ ہی دراصل ”قانونی ٹینڈر“ کا درجہ رکھتے ہیں۔ بہرحال سیٹھ عابد اپنے وعدے کے عین مطابق چند ہی روز بعد لندن میں ہمارے پاس موجود تھے۔ ان کی آمد سے مصطفےٰ کی تو باچھیں کھلی جا رہی تھیں‘ اور اس کی خوشی کا کوئی حساب ہی نہ تھا۔ سب نے سیٹھ صاحب کا استقبال پرجوش انداز میں کیا۔ ”ضروری“ اور ”ارجنٹ“ کام کی بات چھڑی تو مصطفےٰ کھر نے بغیر کسی لگی لپٹی کے سیٹھ عابد کو اسلحے اور اس کے استعمال کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔ ساری کٹھا سن کر سیٹھ عابد نے حیرت میں مبتلا کر دینے والے اعتماد سے مصطفےٰ کھر سے مخاطب ہو کر کہا ”دوست تمہارا اسلحہ اور کریٹ اور ان میں جو کچھ بھی ہے‘ مقررہ مدت میں‘ مقررہ وقت پر‘ مقررہ جگہ پر پہنچ جائے گا۔ یہ عابد سیٹھ کا وعدہ ہے۔“ اسلحہ پہنچنے کی مقررہ جگہ لاہور تھی جہاں سے اسے آگے روانہ کیا جانا تھا۔ میرے پاس ایک روپے کے نوٹ کا دوسرا ٹکڑا اور کوڈ نمبر موجود تھے۔ وہ میں نے احتیاط سے سیٹھ عابد کے حوالے کر دیئے۔ کچھ دن پہلے مصطفےٰ کے ایک دوست اور پاکستانی لیفٹ ونگ کے وکیل رضا کاظم کو بھی لندن بلا کر‘ بھارتی رابطے کا ذکر کئے بغیر‘ اسے اپنے انقلابی منصوبے سے آگاہ کر چکا تھا۔ لندن سے ساری منصوبہ سازی کا علم حاصل کر کے اسے پاکستان بھیجا جا چکا تھا تاکہ وہ وہاں ”لڑکوں“ سے رابطہ رکھے… لیکن پاکستان سے اس طرح کی شکایات موصول ہونے لگیں کہ رضا کاظم‘ مصطفےٰ کی ہدایات پر پوری طرح عمل کرنے کے بجائے لڑکوں پر بے جا رعب ڈالنے کے مرض میں مبتلا ہو چکا ہے۔ دراصل رضا انقلاب میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فوجی افسر جنہیں ہم ”لڑکوں“ کے نام سے یاد کر رہے ہیں‘ کے سامنے اپنے آپ کو ”لینن“ کے انداز میں پیش کر رہا تھا لیکن ”لڑکے“ اسے کسی طرح بھی ”لینن“ ماننے پر تیار نہیں تھے… سوائے مصطفےٰ کے!
ضیاء الحق اور ان کے ساتھیوں کا صفایا کرنے کے اس منصوبے میں قدم قدم پر روپے کی ضرورت پڑ رہی تھی۔ جوشی نے یہ مسئلہ بھی حل کر دیا۔ جوشی دراصل سرچشمہ تھا‘ رضا کاظم اس میں ایک نل کا کردار ادا کر رہا تھا جس میں سے دولت گزر کر ”لڑکوں“ کے ہاتھوں کے برتن میں گر رہی تھی۔ اس منظر میں غلام مصطفےٰ جتوئی کا چہرہ بھی ابھرتا ہے۔ مصطفےٰ نے انہیں جزوی اعتماد میں لیا۔ انہیں نہ تو انقلاب کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا‘ نہ ہی انہیں اس منصوبے میں بھارتی ہاتھ سے آگاہ کیا گیا لیکن ”لڑکوں“ تک رقم جتوئی کے ذریعے پہنچی۔ مصطفےٰ نے یہ رقم بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر مسٹر جوشی سے وصول کی جسے مصطفےٰ نے جتوئی صاحب کے حوالے کر دیا۔ جتوئی صاحب نے اس رقم کو رضا کاظم کے سپرد کر دیا اور پھر یہ سلسلہ آگے چلتا گیا۔ واقعہ یہ ہے کہ جتوئی صاحب‘ مصطفےٰ کے سب سے زیادہ باوفا دوست ثابت ہوئے۔ انہیں مصطفےٰ پر اندھا اعتماد تھا۔
یہ فکر انقلاب برپا کرنے کے اصل منصوبہ سازوں کے لئے بڑی چنتا کا سبب بن رہی تھی کہ ابھی تک پاکستانی فوج کے اندر کسی بڑے رینک کے حامل افسر کو ساتھ نہیں ملایا جا سکا ہے۔ اس ضمن میں (شاید کوئی نرم گوشہ پا کر) جنرل رفیع عالم سے رابطہ کیا گیا۔ وہ لندن آئے اور ہم لوگوں سے ملے مگر مصطفےٰ نے انہیں اپنے ڈھب کا آدمی نہ پا کر مسترد کر دیا۔ جنرل رفیع عالم کو اس منصوبے کی ہوا تک بھی لگنے نہ دی۔ اور پھر آخری وار کے طور پر جنرل کلو سے رابطہ کیا گیا۔ علی محمود کی اہلیہ بلو کو ان کے پاس پاکستان بھیجا گیا۔ بلو‘ جنرل کلو سے ملی اور جب وہ واپس انگلینڈ پہنچی تو وہ اس ملاقات کے حوالے سے بڑی پرامید اور پرجوش تھی۔ اس نے محمود علی اور مصطفےٰ کو اپنی اس ملاقات کی تمام جزئیات سے آگاہ کیا۔ اس رات مصطفےٰ نے مجھے بتایا ”کلو‘ مسٹر بھٹو کے بڑی شیدائی رہے ہیں۔ انہیں فوج میں بھی پیپلزپارٹی کا جرنیل کہا جاتا تھا۔ میرا خیال ہے کہ اگر کلو صاحب کی بھرپور حمایت اور مدد ہمیں مل گئی تو بہت سے مسائل جنہوں نے میری نیندیں اچاٹ کر رکھی ہیں حل ہو جائیں گے۔ ہمیں آرمی میں کلو ایسے ہی کسی بڑے جرنیل کی ضرورت تھی۔ اب ہمارے انقلاب کی راہ مزید ہموار ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔“ اور جب مسٹر جوشی کو جنرل کلو سے رابطے کے بارے میں بتایا گیا تو اس کی خوشی قابل دید تھی۔ اسے اندازہ ہی نہیں تھا کہ افواج پاکستان میں اس حد تک بھی نقب لگائی جا سکتی ہے‘ اس حد تک اندر گھسا جا سکتا ہے! اسی حوالے سے وہ بذات خود جنرل کلو سے ملنے کا بڑا متمنی تھا۔ وہ روبرو ہو کر جرنیل کے تاثرات کا اندازہ لگانا چاہتا تھا۔ اس نے مصطفےٰ سے کئی بار جنرل کلو سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا اور جب جنرل کلو لندن آئے تو مصطفےٰ نے مسٹر جوشی سے وعدہ کیا کہ وہ ضرور اس کی ملاقات جنرل صاحب سے کروائے گا۔ میں نہیں جانتی کہ یہ ملاقات ہوئی یا نہیں۔ یہ ملاقات ہو ئی ہو گی تو اسے اپنی نوعیت کی انتہائی منفرد‘ یادگار اور تاریخی ملاقات قرار دیا جانا چاہئے کہ بہت بعد میں دونوں حضرات اپنے اپنے ممالک کی اعلیٰ اور حساس ترین انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ بنے۔ مسٹر جوشی ”را“ کا سربراہ بنا اور کلو صاحب بے نظیر بھٹو کے دور اقتدار میں ”آئی ایس آئی“ کے سربراہ بنائے گئے۔
انقلاب کا دن (D-Day) قریب آ پہنچا تھا۔ سیٹھ عابد نے اطلاع دی کہ ”پارسل“ (وہ اسلحہ جو بھارت سے پاکستان آنا تھا) لاہور کے ایک محفوظ مکان میں پہنچا د یئے گئے ہیں۔ یہ ایک حیرت انگیز خبر تھی‘ خاص طور پر میرے لئے۔ اس اطلاع پر مصطفےٰ کھر بہت خوش تھا۔ سب سے مشکل مرحلہ طے ہو گیا تھا اور وہ سیٹھ عابد پر نثار ہو رہا تھا۔ ان دنوں سیٹھ عابد ہمیشہ کسی دوسرے فون سے ہمارے ساتھ گفتگو کرتے تھے۔ ”لڑکوں“ کو مطلع کیا گیا کہ اسلحہ کے حصول کے لئے وہ فلاں تاریخ کو اپرمال روڈ لاہور پر واقع انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل کے بالمقابل ایک مخصوص جگہ پر پہنچ جائیں جہاں ایک شخص ان کا منتظر ہو گا جس کے ہاتھ میں کاغذ کی ایک سلپ ہو گی۔ اس سلپ پر سمن آباد(لاہور) میں واقع اس مکان کا پتہ درج ہو گا جہاں اسلحہ رکھا گیا تھا۔ ”لڑکوں“ کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ چٹ حاصل کرنے کے بعد وہ اپنی پہلی گاڑی تبدیل کر لیں گے اور شام ساڑھے سات بجے انہیں ہر حالت میں سمن آباد کے مکان پر پہنچ جانا تھا… وہ مکان جہاں انقلاب کی کامیابی کی کنجیاں (اسلحہ) ان کی منتظر تھیں۔ ان کنجیوں سے پاکستان میں جمہوریت کا دروازہ کھلنے والا تھا۔ اسلحہ حاصل کر کے اور اسے اپنے ٹھکانے پر پہنچا کر ”لڑکوں“ کو رات 9 بجے فون پر ہمیں اطلاع دینی تھی… رات کے ساڑھے دس بج گئے تھے مگر ہمیں کوئی اطلاع نہ ملی۔ ہم اس روز بلو کے فلیٹ واٹرز گارڈن میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ فون نہ آنے سے ہم سب پریشان تھے۔ سب سراسیمگی کی حالت میں خاموش بیٹھے تھے۔ مصطفےٰ کا عندیہ پا کر میں نے ”لڑکوں“ کے گھروں پر فون کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنی ذاتی ڈائری کھولی اور میجر آفتاب(موصوف انقلابی لڑکوں کے سرخیل تھے) کے گھر فون کیا۔ اس کی بیوی نے پہلی گھنٹی پر فون اٹھا لیا۔ اس کی آواز سرد تھی اور لرزش کو بخوبی محسوس کیا جا سکتا تھا۔ اس نے کہا ”وہ (میجر آفتاب) گھر پر نہیں ہیں۔ مہربانی کر کے آپ دوبارہ ہمیں فون نہ کیجئے“ اور فون بند کر دیا۔ میرے ہاتھوں میں ننھی سی فون کی ڈائری کانپنے لگی۔ کیا سازش بے نقاب ہو چکی ہے؟ ”لڑکوں“ کا کیا حال ہو گا؟ اصل صورت حال کیا ہو گی؟ خیالات وسوالات کے سنپولئے ذہن میں رینگنے لگے۔ میں نے اور بھی کئی جگہ فون کئے مگر کسی نے اٹھایا ہی نہیں۔ میں فون پر لوگوں سے رابطے کرنے کی مسلسل کوشش کرتی رہی بالآخر ایک اور فون مل گیا۔ یہ سکواڈرن لیڈر طاہر کی اہلیہ تھی جو فون پر برابر روئے جا رہی تھی۔ اس نے سرگوشی میں کہا ”گھر میں فوجیوں نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔ ہر طرف وردی پوش افراد نظر آ رہے ہیں۔ وہ میرے سسر اور دیوروں کو بھی گرفتار کر کے لے جا چکے ہیں‘ میرے بھائی بھی حراست میں لئے جا چکے ہیں۔ گھر کو تلاشی کے دوران میں تباہ کر دیا گیا ہے۔ میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا کہ میں کیا کروں؟“
سمجھ میں میری بھی کچھ نہیں آ رہا تھا۔ انقلاب برپا کرنے کی کوششیں ناکامی کے کھڈ میں جا گری تھیں۔ کمرے میں موجود مصطفےٰ‘ علی محمود‘ بلو اور دوسرے ساتھیوں کی نظریں فرش پر گڑی تھیں‘ سرعالم پریشانی میں جھک گئے تھے اور کمرے میں گہرا سناٹا تھا۔ پریشانی کے باوجود‘ معلومات حاصل کرنے کے لئے میں مزید نمبر ملانے کی کوشش کرتی رہی۔ میں نے میجر بخاری کے گھر فون کیا تو اس کی بیوی نے اٹھایا۔ اس نے دہشت زدہ آواز میں کہا ”میں اس وقت آپ کو کچھ نہیں بتا سکتی۔ گھر میں ہر طرف فوجی ہیں اور ہم سب محصور!“ فون کلک کر کے بند ہو گیا۔ بہت سی دوسری جگہوں پر بھی فون کئے گئے۔ سب جگہوں سے ایک ہی طرح کی کہانیاں موصول ہو رہی تھیں۔ واٹرز گارڈن کا فلیٹ مایوسی‘ ناکامی اور خوف کی فضا میں ڈوب گیا تھا۔ میرے ذہن میں بار بار سیٹھ عابد کا چہرہ گھوم رہا تھا۔ انہوں نے تو کہیں غداری نہیں کر دی؟ یہ بھانڈا انہوں نے تو نہیں پھوڑا؟ موت ایسی خاموشی میں رات گئے فون کی گھنٹی چیخ اٹھی۔ میں نے فون اٹھایا۔ دوسری طرف سیٹھ عابد بول رہے تھے ”بھابی…“ بس اتنا ہی کہا اور وہ پھوٹ پھوٹ کر فون پر ہی رو دیئے۔ سسکیاں تھمیں تو بولے ”میں نے نو بجے کے خبرنامے میں خبر سنی ہے۔ انہوں نے سمن آباد کے مکان پر چھاپہ مارا اور سارا سونا برآمد کر لیا۔ میں تو تباہ ہو گیا ہوں۔ میرے بال بچوں کا کیا ہو گا؟ فوج مجھے بھی اس معاملے میں گھسیٹے گی!“ میں نے حیرانی سے سیٹھ صاحب سے پوچھا ”یہ آپ سونے کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں؟ کیا مطلب ہے اس کا؟ اور وہ اسلحہ کہاں گیا؟“۔ سیٹھ عابد نے جواب دیا ”فوج یہ قطعی نہیں بتانا چاہتی کہ اس چھاپے میں اسلحہ کی ایک بھاری تعداد بھی پکڑی گئی ہے۔ نہ ہی وہ یہ انکشاف کرنا چاہتے ہیں کہ فوج کے افسر اس سازش میں شریک ہیں‘ نہ ہی اس اعلان میں وہ کوئی مثبت پہلو دیکھتے ہیں کہ فوج کے جوانوں کے ملوث ہونے کے بارے میں بتایا جائے۔ اس سب کے بجائے انہوں نے سونے کے سمگلروں کا ذکر کر کے سازش کے گڑھ پر حملہ کیا اور سب کچھ عین موقع پر پکڑ لیا۔ مجھے نہیں معلوم یہ سب کچھ ہوا کیسے؟ یہ سونے کی کہانی دراصل سموک سکرین ہے… لیکن میرا کیا بنے گا؟ کیا میں سرحد پار کرکے بھارت چلا جاوٴں؟ مصطفےٰ میرے لئے کوئی بندوبست کر دے گا؟“سیٹھ عابد کے لہجے سے نہ جانے مجھے کیوں بار بار یہ خیال آ رہا تھا کہ وہ دروغ گوئی سے کام لے رہے ہیں۔ بعدازاں جب محمود ہارون نے سیٹھ عابد کا وہ سمگل شدہ سونا جو برسوں پہلے حکومت پاکستان نے ضبط کر لیا تھا‘ دوبارہ سیٹھ عابد کے سپرد کیا تو میرے سارے شبہات حقیقت کا لباس پہن کر میرے سامنے آ کھڑے ہوئے۔ کیا انہیں اس حب الوطنی کا صلہ دیا گیا تھا؟ تھرا دینے والے اس سانحہ میں سب سے زیادہ حیرت انگیز ردعمل مصطفےٰ کھر کا تھا۔ اسے اس بات کی رتی بھر پروا نہیں تھی کہ کون گرفتار ہوا ہے اور کون اب تفتیش کی چکی میں سے گزر رہا ہے اور اس کے ”انقلابی لڑکوں“ پر کیا بیت رہی ہے… اسے تو بس یہ فکر کھائے جا رہی تھی کہ وہ بھارت سرکارا ور اپنے محسن مسٹر جوشی کو کیا منہ دکھائے گا؟
(بشکریہ ہفت روزہ زندگی‘ لاہور‘ ترجمہ: تنویر قیصر شاہد‘ 25 تا 31 مئی 1991ء)


















بھارتی فوج  پاکستانی فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتی!
بھارتی دانشوروں کی رائے میں ہم ابھی تک پاکستان کو شکست نہیں دے سکے
ضیا الاسلام انصاری
روس میں گورباچوف کی حکومت کے خلاف 19 اگست کی ناکام بغاوت سے صرف ایک ہفتہ پہلے 12 اگست کو روس اور بھارت کی حکومتوں نے دوستی اور امن کے اس معاہدے میں 20 سال کے لئے توسیع کا اعلان کر دیا تھا جو مشرقی پاکستان میں فوجی کارروائی سے قبل بھارت نے اگست 1971ء میں روس کے ساتھ کیا تھا۔ معاہدے میں توسیع کے اس علان سے قبل بھارتی اخبارات میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ معاہدے میں مزید پانچ یا دس سال کے لئے توسیع کی جائے گی لیکن 20 سالہ معاہدے کی معیاد ختم ہونے پر جب دونوں حکومتوں نے مزید 20 سال کے لئے توسیع کا اعلان کیا تو اس پر کسی جانب سے بھی حیرت کا اظہار نہیں کیا گیا۔ اس اقدام سے بلاشبہ مستقبل میں بھارت کے سیاسی‘ اقتصادی اور دفاعی منصوبوں کے بارے میں ممتاز بھارتی مبصرین اور پالیسی ساز اداروں کے ارکان کے ذہنوں میں یک گو نہ اطمینان ضرور پیدا ہوا ہو گا جو پچھلے کچھ عرصہ سے بدلے ہوئے حالات میں روس پر بھارت کے انحصار کی وجہ سے طرح طرح کے خدشات محسوس کر رہے تھے۔ نئی دہلی کے انگریزی ہفت روزہ ”پٹریاٹ“ میں مسٹر وی ڈی چوپڑہ نے ”بھارت روس تعلقات“ پر اپنے تبصرے میں لکھا تھا کہ بھارت میں ایسے دانش وروں اور ماہرین کی کمی نہیں جو یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ بھارت کے دفاعی استحکام اور جدید فوجی ساز وسامان کی ضرورت کی تکمیل کے سلسلہ میں بھارت اور روس کے تعاون اور اشتراک کا سلسلہ اب ایسی انتہا کو پہنچ چکا ہے جس کے بعد بھارت کو اب مزید کوئی تقویت حاصل نہیں ہو سکتی۔ فنی لحاظ سے ان کی رائے خلیج کی جنگ میں امریکی اسلحہ کی برتری ثابت ہو جانے پر مبنی ہے حالانکہ وہ اس بات کو نظرانداز کرتے ہیں کہ عراق کے پاس روس کے فراہم کردہ جو ٹی 72 یا مگ 19 طیارے تھے ان کو تو استعمال ہی نہیں کیا گیا۔ اس لئے امریکی اسلحہ کی برتری کا تاثر کسی مقابلے کی بنیاد پر قائم نہیں۔
مسٹر چوپڑہ نے لکھا یہ مبصرین اس حقیقت کو بہرحال نظرانداز کر رہے ہیں کہ اگست 1971ء کے روس بھارت دوستی کے معاہدے نے بھارت کے دفاع اور استحکام کے معاملے میں بنیادی اور انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور فوجی ساز وسامان کی فراہمی سے قطع نظر آج بھی دفاعی ساز وسامان اور بعض صنعتی منصوبوں پر خام مال اور پٹرول کی ضروریات کی تکمیل کا بڑا انحصار‘ روس کے تعاون پر ہے جس میں یہ رعایت بھی شامل ہے کہ بھارت سوویت یونین سے خریدے جانے والے تیل اور دیگر اشیاء کی قیمت بھارتی کرنسی میں یا مال کے بدلے مال کے اصول پر ادا کر سکتا ہے جبکہ سوویت یونین پر اس وقت جو اقتصادی دباوٴ ہے اس کے نتیجہ میں یہ ہو سکتا ہے کہ روس یہی اشیاء دنیا کے دوسرے ممالک کو یورپی اور امریکی کرنسی کے حصول کے لئے فروخت کرنا چاہے گا۔ جس کی وجہ سے بھارت کو اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
روس بھارت تعلقات کے اس پہلو کا احساس بھارت میں آج کل بہت شدت کے ساتھ ظاہر ہو رہا ہے اور مختلف تجزیہ نگار اور مبصر برابر اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ بھارت کو اب امریکہ کے ساتھ بہتر دوستانہ تعلقات اور وسیع تر اشتراک وتعاون کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ ”ہندوستان ٹائمز“ نے 29 جولائی کو… ”بھارت کے لئے امریکہ کے ساتھ دوستی کے سوا کوئی چارہ نہیں“ کے عنوان سے ایک مضمون شائع کیا۔ مضمون نگار نے ایک برطانوی ادارے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ایک ماہر نکولس پروٹونو ٹاریوس کے حوالہ سے لکھا کہ حالات میں جو تبدیلیاں آ چکی ہیں ان کے پیش نظر بھارت کے لئے اب صرف یہی راستہ باقی رہ گیا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول اور اپنی ضروریات کی تکمیل کے لئے امریکہ اور یورپی ممالک کی طرف جتنا جلد ہو سکے توجہ دے۔
برطانوی تجزیہ نگار نکولس نے البتہ اس ضمن میں یہ انتباہ کیا کہ بھارت کے اس طرح امداد کے لئے امریکہ کی طرف آگے بڑھنے سے پاکستان خود کو شدید خطرات کی زد میں محسوس کرنے لگے گا اور اس کا نتیجہ یہ نکل سکتا ہے کہ وہ اپنی ضروریات کے لئے چین کے ساتھ زیادہ وسیع بنیادوں پر اشتراک وتعاون کے لئے پیش رفت کرے۔ اگرچہ ”بھارت امریکہ تعاون“ کے مقابلہ میں ”پاکستان چین اتحاد“ کوئی فوری طور پر رونما ہونے والی خطرناک تحریک کی شکل میں موجود نظر نہیں آتی لیکن اسے خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نکولس کا تجزیہ اور بھارت کے لئے امریکہ کے ساتھ بہتر دوستانہ تعلقات میں جلد پیش رفت کا مشورہ بھی ان ہی اسباب اور عوامل پر مبنی ہے جن کا ذکر پہلے پٹریاٹ کے مضمون نگار مسٹر وی ڈی چوپڑہ کے تبصرے میں آ چکا ہے یعنی یہ کہ بدلتے ہوئے حالات میں بھارت کو روس سے ان تمام مراعات کی توقع نہیں رکھنی چاہئے جو گزشتہ بیس سال میں اسے حاصل رہی ہیں۔ روس جدید ترین فوجی ساز وسامان بھارت کے ہاتھ فروخت کرنے کے لئے اب ڈالر اور دوسری یارڈ کرنسی کا مطالبہ کرے گا۔ قیمتوں میں غیرمعمولی رعایت دینے کی سکت اب خود روس میں موجود نہیں رہے گی۔ دوسری طرف خود بھارت کی اپنی اقتصادی مشکلات اور عالمی بینک سے قرضہ حاصل کرنے کی شرائط کو پورا کرنے کی صورت میں روس کی توقعات پوری کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ بھارت بھی اب کھلی اقتصادیات کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے افراط زر میں اضافہ‘ خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور درآمد کئے جانے والے پٹرول کے لئے زائد سرمایہ کی ضرورت ہو گی۔ ان تمام عوامل سے بھارت کے لئے اپنی دفاعی ضروریات کو پورا کرنا ایک مشکل مسئلہ بن جائے گا۔
نکولس کے بقول‘ پاکستان اگرچہ موجودہ صورت میں بھارت کے لئے کوئی بہت بڑا خطرہ نہیں ہے لیکن پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات میں بالآخر امریکی اثر ورسوخ کے خلاف ایک مستقل اتحاد کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ مستقبل کی صورت حال بالکل مختلف ہو سکتی ہے۔ خلیج کی جنگ اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات میں پاکستانی قوم کے اندر امریکہ کے خلاف جو جذبات موجود ہیں ان میں اضافہ ہو سکتا ہے اور یہی جذبات پاکستان چین اتحاد کی صورت اختیار کرنے کا باعث بن سکتے ہیں اور بالکل یہی معاملات ہیں جن کی وجہ سے آج امریکہ میں بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور بھارت کو نزدیک تر لانے کا احساس بڑھ رہا ہے۔
پٹریاٹ میں 31 جولائی کو مسٹر پدما راوٴ اور مسٹر دیپک گوسین کی مشترکہ کاوش سے مرتب کئے گئے ایک جائزے میں اس تصور کو زیادہ واضح انداز میں اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ… روس اور امریکہ کے درمیان حریفانہ صورت حال کے خاتمے کے بعد اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے اب بھارت کے لئے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ بہتر طور پر استوار کرنے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔
اس تجزیہ کے مطابق سوویت یونین اور امریکہ کے درمیان سرد جنگ کے دور میں پاکستان کو ایشیا میں امریکی حکمت عملی کے نقطہ نظر سے جو اہمیت حاصل ہو گئی تھی اب وہ ختم ہو چکی ہے۔ اس کے مقابلہ میں بھارت اور روس کے تعلقات کی وجہ سے امریکہ میں بھارت کو مخالف کیمپ کارکن سمجھا جاتا تھا‘ یہ دشواری بھی اب رفع ہو چکی ہے۔ اس لئے اب یہ مناسب ترین وقت ہے کہ بھارت اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکہ کی طرف دوستی اور تعاون کے لئے آگے بڑھے۔ پاکستان اور امریکہ کی دوستی کے دور میں امریکہ نے کشمیر میں پاکستان کی طرف سے درپردہ مداخلت کے رویہ کو نظرانداز کیا ہوا تھا لیکن اب امریکہ اس معاملے میں اپنی روش تبدیل کر چکا ہے اور اب واشنگٹن کی واضح پالیسی یہ ہے جس کا بار بار اعلان کیا جا چکا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ‘ پاکستان اور بھارت کو شملہ معاہدے کے مطابق باہمی مذاکرات کے ذریعے طے کرنا چاہئے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ اب پاکستان کو کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کرنے کے معاملہ میں امریکی حمایت حاصل نہیں ہو گی۔ خاص طور پر یہ بات نئی صورت حال کو تقویت پہنچاتی ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکی صدر نے کانگریس کو مطلوبہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اب پاکستان کے لئے امریکی اقتصادی اور فوجی امداد معطل ہو چکی ہے… جس سے ظاہر ہے کہ اب جنوبی ایشیا کے بارے میں امریکی حکمت عملی اور ترجیحات واضح طور پر تبدیل ہو چکی ہیں۔
بھارت کے ایک اور بااثر انگریزی اخبار سٹیٹسمین نے ”بھارت کے نئے دفاعی تقاضوں“ کے عنوان سے بھارت اور پاکستان کی دفاعی قوت اور علاقے کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک طرف افغانستان کی جنگ ختم ہو جانے کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت امریکہ کی نظر میں کم ہو گئی ہے۔ دوسری طرف خلیج کی جنگ نے مشرق وسطیٰ کے ان تمام ممالک کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جن کو دفاعی لحاظ سے بوقت ضرورت طاقت فراہم کرنے کے مفروضہ پر پاکستان اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کر رہا تھا اور اس کے لئے ان ممالک سے کسی نہ کسی شکل میں پاکستان کو امداد مہیا ہو رہی تھی۔ اس لحاظ سے اب بھارت کے لئے پاکستان سے کوئی خطرہ نہیں ہے‘ اگرچہ ابھی تک وہ کشمیر اور پنجاب میں تخریب کاروں اور علیحدگی پسندوں کی درپردہ امداد کے ذریعہ بھارت کے خلاف ایک طرح کی نفسیاتی اور بالواسطہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
روزنامہ سٹیٹس مین کے اس تجزیہ کے مطابق بھارت کو اب اپنی دفاعی حکمت عملی اور مسلح افواج کی تنظیم میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ بھارتی مسلح افواج کا موجودہ تنظیمی ڈھانچہ اور دفاعی حکمت عملی 1962ء میں نیفا کے علاقے میں چین کے ساتھ ہونے والے تصادم کے افسوس ناک نتائج اور پھر پاکستان کے ساتھ 1965ء کی جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات پر مبنی ہے۔ اگرچہ اس حکمت عملی کے تحت بھارت نے دنیا کی چوتھی بڑی زمینی فوج‘ دنیا کی پانچویں بڑی فضائیہ اور چھٹی بڑی بحریہ تیار کر لی ہے لیکن عملاً صورت حال یہ ہے کہ ہم اپنے ایک ایسے پڑوسی ملک پاکستان کو جو جغرافیائی وجود‘ آبادی اور دوسرے عوامل کے اعتبار سے ہمارے مقابلہ میں پانچواں حصہ ہے ابھی تک یقینی طور پر حدود کے اندر رہنے پر مجبور کرنے کے قابل نہیں ہو سکے‘ 1965ء کی جنگ بھی بے نتیجہ ثابت ہوئی۔ پاکستان اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکا لیکن ہم ابھی اس کے عزائم کے اعتبار سے اسے شکست نہیں دے سکے اور نتیجہ یہ ہے کہ آج تک وہ کشمیر اور پنجاب میں ہمارے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے جن پر قابو پانے کے لئے ہمیں چار ڈویژن فوج استعمال کرنا پڑتی ہے حالانکہ اس دوران میں 1971ء میں پاکستان کو ایک ذلت آمیز پسپائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس صورت حال کا سبب کیا ہے؟
بھارتی تجزیہ نگار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی طور پر بھارت کے دفاعی نظام میں کچھ سنگین خامیاں موجود ہیں۔ بھارتی فوج اپنے وجود کے اعتبار سے اتنی زیادہ ہے کہ جنگ کی صورت میں اور خاص طور پر پاکستان کے ساتھ جنگ کی صورت میں صحیح طور پر اس کی نقل وحرکت کی راہ میں خود اس کا اپنا بھاری بھرکم وجود سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔ اس کے مقابلہ میں پاکستانی فوج اپنے دفاعی تقاضوں کے مطابق بہتر نقل وحرکت کی پوزیشن میں ہے۔ اب بھارت کے پالیسی سازوں اور دفاعی ماہرین کو اس پہلو پر توجہ دینی چاہئے اور بھارتی فوج کی تعداد اور ساز وسامان کی کثرت کو کم کر کے جدید اور فنی لحاظ سے زیادہ موثر اسلحہ حاصل کرنے کی ضرورت کو محسوس کرنا چاہئے۔ یہی صورت حال بھارتی فضائیہ کی بھی ہے۔ پاکستانی فضائیہ طیاروں اور دوسرے الیکٹرانک ساز وسامان کے اعتبار سے بھارتی فضائیہ پر واضح برتری کی حامل ہے۔ وائرلیس کے ذریعہ مواصلاتی رابطوں میں پاک فضائیہ کی اپنی کارکردگی کی صلاحیت کے علاوہ دشمن کے مواصلاتی رابطوں کو جام کرنے کے آلات بھی زیادہ موثر اور قابل اعتماد ہیں اور اب مستقبل میں یہ مسئلہ اور زیادہ سنگین ہونے والا ہے کیونکہ اب بھارت کو اپنی فضائیہ کے لئے روس سے جدید ساز وسامان پہلے کی طرح رعایتی قیمتوں پر ملنے کا امکان نہیں۔
سٹیٹسمین کے دفاعی تجزیز نگار نے بھارتی فوجی ہائی کمان کو اسی تجزیہ کی بنیاد پر مشورہ دیا ہے کہ بھارتی فوج کے تینوں شعبوں میں اب تک توسیع کا جو مقابلہ جاری ہے اسے ختم کر کے اب بھارتی دفاعی طاقت کو اس بنیاد پر نئے سرے سے منظم کیا جائے کہ بھارت کو سمندر کی طرف سے کبھی کسی حملے کا خطرہ نہیں ہے لہٰذا بحریہ کی توسیع پر سرمایہ ضائع کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ بری فوج کو پاکستان سے ملحقہ سرحدوں کے اعتبار سے اس طرح منظم کیا جائے کہ جنگ کی صورت میں آسانی کے ساتھ ایک محاذ سے دوسرے محاذ پر فوجوں کی نقل وحرکت اور کمک پہنچانا آسان ہو اور فضائیہ میں پاکستان کو الیکٹرانک اور دوسرے جدید تکنیکی معاملات میں جو برتری حاصل ہے اس کا مقابلہ کیا جائے۔ تجزیہ نگار نے کہا ہے کہ بھارت کی فوجی طاقت اس وقت ایسے تین گھوڑوں کی بگھی ہے جسے تینوں گھوڑے مختلف سمت میں کھینچنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور اس کا نتیجہ ہے کہ فوج پر ضرورت سے زیادہ اخراجات ہو رہے ہیں اور بڑھتے جا رہے ہیں جس کا یہ ملک اقتصادی طور پر متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس صورت حال کا ازالہ صرف اس طرح ہو سکتا ہے کہ ایک اعلیٰ اختیاراتی صدارتی کمیشن قائم کیا جائے جو بھارت کے پورے دفاعی نظام کو ازسرنو مرتب کرنے کے لئے تدابیر اور منصوبے کابینہ کے سامنے پیش کرے۔
جہاں تک بھارتی فضائیہ کی ضروریات پوری کرنے کا تعلق ہے ”سنڈے انڈیا“ میں اندر ملہوترا نے (10 اگست) کو اپنے تجزیہ میں بھارتی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اب روس پر انحصار کی بجائے متبادل وسائل کی طرف توجہ دے۔ 20 سال تک سوویت یونین بھارت کو انتہائی ارزاں قیمتوں پر فوجی ساز وسامان بالخصوص فضائیہ کی ضرورت کا سامان فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ آسان شرائط پر قرضے اور امداد بھی روس نے مہیا کی۔ اس وقت روس کے قرضوں کی مقدار پانچ ہزار کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ظاہر ہے کہ سوویت یونین ان قرضوں سے دست بردار نہیں ہو گا اور اب بھارتی فضائیہ کو اپنے روسی طیاروں اور دیگر ساز وسامان کے فالتو پرزوں کے حصول کا مسئلہ در پیش ہو گا جو ایک بڑا درد سر بن جائے گا۔ سوویت یونین کے ساتھ ہمارے معاہدوں کے باوجود اب روس کے اسلحہ ساز ادارے اور شعبے ماضی کی طرح بھارتی کرنسی اور مال کے بدلے مال کی بجائے یارڈ کرنسی میں ادائیگی کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ اور ایک نیا مسئلہ حال ہی میں پیدا ہوا ہے کہ بعض اسلحہ فروخت کرنے والے امریکی ادارے بھارت کو روسی ساخت کے فاضل پرزے فراہم کرنے کی پیش کش کر رہے ہیں جنہیں روس نے اپنا ایجنٹ مقرر کر دیا ہے۔ ظاہر ہے کہ ان کے زائد فالتو پرزے خریدنے کی صورت میں ادائیگی ڈالروں کی شکل میں کرنی ہو گی پھر کیوں نہ ہم مستقبل کی ضروریات کے لئے براہ راست امریکہ سے معاملہ کریں اور اپنے دفاعی نظام کو نئے وسائل اور امکانات کے مطابق منظم کیا جائے۔
(بشکریہ ہفت روزہ زندگی‘ لاہور)


 ضیاء ا لحق آزاد دنیا کے محافظ کیسے بنے ؟
                            ترجمہ : اصغر عبداللہ
پاکستان میں ہمیشہ سے فوج کی اعلیٰ قیادت ہی‘ حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرتی ہے لیکن بے نظیر بھٹو کو فوج کے سربراہ جنرل بیگ پر پورا اعتماد تھا۔ فوج‘ جس میں پنجابی افسروں اور جوانوں کی اکثریت ہے‘ جنرل بیگ کا کوئی حقیقی حلقہ نہیں تھا۔ وہ فوج کے تشخص کو بحال کرنے کے آرزومند بھی تھے‘ پھر ضیاء ا لحق کی موت کے بعد‘ جو چار ماہ گزرے‘ ان میں بہت نمایاں تبدیلی آ چکی تھی۔ ابھی چھ ماہ پہلے کی بات تھی جب راولپنڈی میں فوجی افسروں کی ایک جماعت پر دن دہاڑے حملہ ہوا‘ جو یہ ظاہر کرنے کے لئے کافی تھا کہ فوجی لباس کا تقدس بہت کم رہ گیا ہے۔
فوج کا یہ احترام اس لئے کم ہوا کہ ضیاء الحق نے اسے واپس بیرکوں میں بھیجنے سے انکار کر دیا تھا حتیٰ کہ محمد خاں جونیجو… سندھڑی کے ایک غیرمعروف زمیندار جن کے آموں کے باغ تھے اور جو ضیاء الحق کے اپنے منتخب کردہ وزیراعظم تھے… بھی صدر کی فوجی وردی سے خائف نہیں تھے۔ ضیاء الحق اور جونیجو کے درمیان پہلا ٹکراوٴ اس وقت ہوا جب ضیاء الحق نے جنیوا معاہدہ پر دستخط کرنے کی مخالفت کی‘ جس سے روسی فوجوں کی افغانستان سے واپسی کی راہ ہموار ہوتی تھی۔ جونیجو نے اپنا راستہ نکالنے کے لئے سیاست دانوں کی گول میز کانفرنس بلائی جس میں اپوزیشن بھی شریک ہوئی۔ پھر وزیراعظم نے دو جرنیلوں کی تقرری پر اعتراض کیا جن میں سے ایک منگلا میں تعینات پیرداد بھی تھے لیکن اس معاملے میں ضیاء الحق اپنی مرضی کر ڈالنے میں کامیاب ہو گئے۔ اوجڑی کیمپ کے اسلحہ ڈپو کی تباہی اونٹ کی کمر پر آخری تنکا ثابت ہوئی۔ خوفناک دھماکوں کے ساتھ ہزاروں راکٹ اسلام آباد پر بارش کی طرح برستے رہے۔ سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے کی انکوائری رپورٹ میں جنرل اختر عبدالرحمن کو قصوروار ٹھہرایا گیا جو ضیاء الحق کے طاقت ور حلیف تھے۔ یہ افواہیں بھی پھیلنے لگیں کہ اسلحہ ڈپو‘ جو افغان مجاہدین کے لئے امریکی اسلحے کے ذخیرے کے طور پر استعمال ہوتا تھا‘ اس وقت دھماکے سے اڑا دیا گیا جب امریکہ کے محکمہ دفاع کی ایک آڈٹ ٹیم پاکستان میں آنے ہی والی تھی‘ مقصد یہ تھا کہ امریکی آڈٹ ٹیم کو یہ معلوم نہ ہو کہ سٹنگر میزائل خفیہ طور پر ایران کو فروخت کئے گئے ہیں۔
جب ضیاء الحق نے محمد خاں جونیجو کو وزیراعظم نامزد کیا اور 85ء میں ایک سول حکومت قائم کی تو اس سے ملکی نظام میں کچھ بھی تبدیلی نہیں آئی تھی۔ البتہ یہ ہوا کہ ضیاء الحق خوامخواہ اپوزیشن کا نشانہ بن گئے کہ تب بھی اصل طاقت تو فوج کے پاس تھی۔ 29 مئی کو ضیاء الحق نے اچانک اپنے جمہوری تجربے کی بساط خود ہی لپیٹ دی جب جونیجو فلپائن کا سرکاری دورہ کرنے کے بعد وطن واپس لوٹے تھے جہاں انہوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت جڑ پکڑ چکی ہے۔ ضیاء الحق نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ اپنی بنائی ہوئی حکومت کو برخواست کر رہے ہیں۔ اس لئے کہ حکومت بدعنوانی میں ملوث تھی اور اسلام نافذ کرنے میں ناکام رہی تھی حالانکہ مکمل فوجی اختیارات کے باوصف‘ اس معاملے میں وہ خود بھی کچھ نہیں کر سکے تھے۔ جو چند اقدامات کئے وہ بھی سراسر نمائشی تھے۔ ”ضیاء الحق نہ تو انتقال اقتدار کا کوئی ارادہ رکھتے تھے اور نہ ہی اشتراک اقتدار کا۔“ جولائی 88ء میں ضیاء الحق کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر صدیق سالک نے مجھے بتایا‘ جب ہم اس بارے میں گفتگو کر رہے تھے کہ ضیاء الحق کب تک پابہ رکاب اقتدار رہیں گے۔ شاید یہی سبب تھا کہ کوئی یہ یقین کرنے کے لئے تیار نہیں تھا کہ ضیاء الحق جماعتی انتخابات کرائیں گے‘ جو ان کے وعدے کے مطابق 90 روز کے اندر ہونا تھے۔
اور اب‘ بہرحال لوگ ان کی وعدہ خلافی کے بھی عادی ہو گئے تھے۔ انہوں نے 4 جولائی 77ء کو بھی یہی کہا تھا جب ان کی فوجی مداخلت کو وسیع پیمانے پر پذیرائی ملی تھی۔ ”میں یہ بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میرے نہ تو سیاسی عزائم ہیں اور نہ ہی میں فوج کی توجہ اس پیشہ وارانہ فرائض سے ہٹانا چاہتا ہوں۔“ یہ انہوں نے کہا تھا لیکن چھوٹے قد‘ لمبے دانتوں اور پانڈے ایسی آنکھوں والے جنرل نے اپنے وعدے کا جزوی ایفا کیا… بہت بعد میں‘ غیرجماعتی الیکشن کرائے‘ جس سے ایک پارلیمنٹ وجود میں آئی اسے یہ البتہ اجازت تھی کہ وہ پاجامے کے اسلامی اور غیراسلامی ہونے کے بارے میں کھلی بحث کر سکے۔
جونیجو کی برطرفی کے بعد جون میں ہی ضیاء الحق نے جماعتی انتخابات کے بارے میں اپنے وعدے سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا تھا۔ ایوان صدر کے اپنے شاندار ڈرائنگ روم میں انہوں نے بڑی ڈھٹائی سے کہہ دیا کہ الیکشن کچھ ماہ بعد بھی ہو سکتے ہیں اور یہ کہ سیاسی جماعتوں کو اس میں شریک ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پاکستانی صحافیوں نے اس پر کوئی احتجاج نہیں کیا کہ ڈکٹیٹروں کی طرف سے وعدہ خلافی غیرمتوقع نہیں ہوتی لیکن ضیاء ا لحق نے یہ سب کچھ اس مہارت اور خوداعتمادی سے کیا کہ اس ماہ کے گیلپ سروے کے مطابق پاکستان کے 75 فیصد لوگ ضیاء الحق کو اس لئے پسند کرتے تھے کہ وہ ایک دیانت دار رہنما ہیں۔
ضیاء ا لحق کی موت سے چند دن پہلے ایوان صدر میں میری ان سے ملاقات ہوئی۔ ان کے چہرے پر روایتی دلکش مسکراہٹ تھی۔ سکوت‘ پراسرار اور گہرے سکوت میں‘ جس میں پریوں کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ بھی سنائی دینے لگتی ہے‘ ضیاء الحق کی آواز گونجی ”میں نے کبھی نہیں کہا کہ انتخابات جماعتی ہوں گے۔“ میں بے بسی سے احتجاج کرتی رہ گئی کہ میرے پاس ان کی گفتگو کا ٹیپ بھی موجود ہے جس میں انہوں نے جماعتی انتخابات کا وعدہ کیا تھا۔ میرے احتجاج پر وہ مسکرائے۔ انہوں نے ہمدردانہ نظروں سے میری طرف دیکھا اور پیالی میں میرے لئے چائے انڈیلنے لگے۔ پھر ”اکانومسٹ“ کی ایک کاپی نکال کر انہوں نے میرے سامنے رکھ دی اور وضاحت آمیز لہجے میں بولے ”ایک انگریزی سیاسی مفکر نے بھی کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں‘ عوام کی نمائندہ نہیں ہوتیں۔“ ان کے چہرے پر ناپسندیدگی کا تاثر عیاں تھا۔ ”اور یہ تو سیاسی جماعتیں بھی نہیں‘ یہ صرف سیاسی دباوٴ ڈالنے والے گروہ ہیں۔ امور مملکت ان کے حوالے کر دینا جمہوری عمل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔“ ضیاء الحق کے نزدیک سیاسی جماعتیں خلاف اسلام تھیں۔ وہ ایسے صدارتی نظام کے حامی تھے جس میں ان کی حیثیت امیرالمومنین کی ہو لیکن مسئلہ یہ تھا کہ وہ یہ حیثیت کیسے تسلیم کرائیں۔
افغانستان پر روسی قبضے نے ضیاء الحق کو مغربی ملکوں کی آنکھوں میں ایک جلاد سے بدل کر آزاد دنیا کے محافظ کا روپ دے دیا لیکن ملک میں انہیں ڈکٹیٹر ہی سمجھا جاتا تھا۔ بریگیڈیئر سالک کے بقول ”بھٹو کو پھانسی دینا‘ ضیاء الحق کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ بڑے سے بڑے آدمی کی عام موت آپ کو بھول جاتی ہے لیکن ”شہید“ ہمیشہ یاد رہتا ہے اور یاد رکھا جاتا ہے۔“
جب ضیاء الحق نے جونیجو کو برطرف کر دیا جنہوں نے بعد ازاں بالکل سچ کہا کہ ضیاء الحق کو ان کی حکومت سے زیادہ اطاعت گزار حکومت نہیں مل سکتی‘ تب کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ انتخابات ہوں گے۔ یہ خدشہ ہی نہیں تھا کہ بے نظیر بھٹو انتخابات جیت جائیں گی بلکہ بہت بڑا خطرہ تھا۔ اگر ضیاء الیکشن کرانے پر رضامند ہو جاتے تب بھی وہ بے نظیر کی پارٹی کے حصہ لینے پر پابندی عائد کر دیتے اور شاید یہ قانونی حکم بھی حاصل کر لیتے کہ عورت سربراہ مملکت نہیں ہو سکتی جیسا کہ ضیاء الحق نے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی بھی۔ ایسے قوانین کے حصول کے لئے اسلام ہمیشہ ان کے لئے بہت مفید ثابت ہوا۔ ایک پرہیزگار آدمی‘ جو خانہ کعبہ کے غلاف سے لپٹ کر روتا تھا‘ جو ایک ملا کا بیٹا تھا‘ اس نے بزعم خود اپنا یہ حق قرار دے لیا تھا کہ اسے پاکستان میں اسلام نافذ کرنا ہے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ خدا نے انہیں اس لئے حکمران بنایا ہے کہ وہ پاکستان کو ایک سچی اسلامی مملکت بنا دیں۔ اپنے دور اقتدار میں‘ دستوری کتابوں میں انہوں نے بہت سی اسلامی سزائیں متعارف کرائیں۔ مثلاً چوری کے مرتکب کے ہاتھ کاٹنا‘ زنا کے مجرم کو سنگسار کرنا لیکن ان کے مقصد کو قبولیت حاصل نہ ہو سکی۔ اس لئے اگرچہ بہت سے لوگ اسلامی قوانین کے تحت جیلوں میں ڈالے گئے لیکن بہت ہی کم مرتبہ ان سزاوٴں پر عملدرآمد ہوا۔ جب بے نظیر بھٹو اقتدار میں آئیں تو جیلیں‘ چوری میں ملوث ایسے لوگوں سے بھری پڑی تھیں جو کسی ہاتھ کاٹنے والے سرجن کے منتظر تھے۔
یہ 88ء کا سال تھا جب نرم خو ڈکٹیٹر سے پے درپے غلطیاں سرزد ہوئیں۔ اس کے برعکس بے نظیر نے بہت ہی عقل مندی کا ثبوت دیا۔ ضیاء الحق نے بہت سوچ سمجھ کر الیکشن کے لئے نومبر کی تاریخ مقرر کی جس ماہ توقع تھی کہ بے نظیر اپنے پہلے بچے کو جنم دینے والی ہوں گی لیکن بے نظیر کے ڈاکٹروں نے بڑی ہوشیاری سے ان کے میڈیکل سر ٹیفکیٹ کسی دوسرے سے بدل دیئے تاکہ جب انٹیلی جنس ایجنسیاں ریکارڈ بک چیک کریں تو انہیں معلوم ہو کہ بچے کی پیدائش دسمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے حالانکہ یہ ستمبر میں تھی جس کے بعد بے نظیر کے لئے کافی وقت بچ رہتا کہ وہ پوری سرگرمی سے اپنی انتخابی مہم جلد چلا سکتیں۔
لیکن ضیاء الحق جانتے تھے کہ پریس کا صحیح استعمال کیسے ممکن ہے۔ یہ وہی تو تھے جن کو ان کے والد نے اس لئے فوج کا سربرہ بنایا تھا کہ وہ بے ضرر‘ اطاعت گزار اور ”قدرے احمق“ لگتے تھے۔ جون 88ء میں جب ایک پریس کانفرنس میں انہیں یاد دلایا گیا کہ انہوں نے جماعتی انتخابات کرانے کا وعدہ کیا تھا تو انہوں نے قہقہہ لگایا اور کھسیانی ہنسی ہنستے ہوئے مغربی اخبار نویسوں کے روبرو اسے تسلیم کیا اور کہنے لگے ”میرا اس معاملے میں کوئی اچھا ریکارڈ نہیں لیکن میں محسوس کرتا ہوں کہ میں نے اسے کچھ بہتر کر لیا ہے۔“
یوں لگتا تھا ضیاء الحق کے جانشین جنرل بیگ بھی غیرملکی اخبار نویسوں سے گپ شپ لڑانے کی ان ایسی اہلیت رکھتے تھے۔ بے نظیر بھی‘ جو بڑی باقاعدگی سے غیرملکی اخبارات پڑھتی تھیں‘ جنرل بیگ کے بیانات دیکھتی رہتی تھیں۔ بے نظیر کو جنرل بیگ کے بارے میں سوچنے کا بہت وقت مل گیا تھا۔ جس روز ضیاء الحق کا طیارہ تباہ ہوا اسی رات دنیا پاکستان میں ایک اور مارشل لا ایڈمنسٹریٹر کے بوٹوں کی دھمک سن رہی تھی۔ ضیاء الحق کے اتحادی سیاست دان بھی مارشل لاء کی دہائی دے رہے تھے لیکن جنرل بیگ نے انکار کر دیا اور بڑے اصرار کے ساتھ یہ کہا کہ وہ دستور کے مطابق چلیں گے۔ شاید یہ اس وجہ سے بھی تھا کہ فوج میں ان کی حمایت بہت کم تھی۔
یہ خزاں کے دن تھے‘ پاکستان کی بحرانی سیاست کے بے حد نازک دن‘ لیکن جنرل اپنی رائے پر قائم رہے تھے۔ جب خوفناک سیلابوں نے پنجاب میں تباہی مچا دی‘ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے‘ حیدرآباد خون میں نہا گیا اور پورے سندھ میں فسادات پھوٹ پڑے‘ جب اسلام آباد اور لاہور بموں کے دھماکوں سے لرز رہے تھے‘ تب جنرل پر شدید دباوٴ تھا کہ وہ انتخابات ملتوی کر دے لیکن جنرل آمادہ نہ ہوا۔ یہ افواہیں مستقل طور پر گردش کر رہی تھیں کہ مارشل لاء لگنے والا ہے لیکن جنرل کسی تذبذب میں مبتلا نہ ہوا۔ اگرچہ اس نے ایسے فوجی افسروں کی طرف سے بھی آنکھیں بند کئے رکھیں جو اسلامی جمہوری اتحاد کے پلڑے میں اپنا وزن ڈال رے تھے۔
صدر کے ریفرنس پر سپریم کورٹ نے یہ رائے دے دی کہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ ستمبر میں بے نظیر نے بچے کو جنم دیا تو انتخابات کی تاریخ ابھی بہت آگے تھی۔ نومبر کے انتخابی نتائج بہت چونکا دینے والے تھے۔ پیپلزپارٹی نے 93ء نشستیں جیت لی تھیں‘ اسلامی جمہوری اتحاد سے قریباً دو گنا اور اس طرح وہ اکثریتی جماعت بن کر ابھری تھی۔ بے نظیر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے بہت سے حامی‘ شناختی کارڈ کی پابندی کے باعث ووٹ نہیں ڈال سکے اور یہ کہ ان کے حریف نواز شریف انتظامیہ کے ذرائع برت کر دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ یہ چند ماہ بعد ہوا کہ بے نظیر نے اعتراف کیا کہ عوام میں ضیاء الحق کی بھی قابل لحاظ حمایت موجود ہے۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد صدر اسحق نے پندرہ روز تک بے نظیر کو وزیراعظم نامزد کرنے سے گریز کیا۔ یہ پندرہ دن بے نظیر کے لئے بہت اذیت ناک تھے۔ وہ اسلام آباد میں دانتوں کے ایک ڈاکٹر کے گھر بڑی بے چینی سے صدر کے پیغام کا انتظار کرتی رہیں۔ درشت مزاج غلام جیسا کہ پیپلزپارٹی کے اکثر رہنما انہیں کہتے ہیں‘ نے اس عرصے میں تمام سیاسی رہنماوٴں سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے باوجود کہ پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی‘ فوج نے یہ تجویز پیش کی کہ اسلامی جمہوری اتحاد اور پیپلزپارٹی کو ملا کر ایک ”گرینڈ الائنس“ تشکیل دیا جائے۔ بے نظیر اور نواز شریف دونوں یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ حکومت بنا سکتے ہیں… اور بے شک یہ ممکن بھی تھا۔ جسے بھی وزیراعظم نامزد کر دیا جاتا‘ ارکان اسمبلی کی حمایت کا پانی اسی رخ بہنے لگتا۔ بے نظیر مہربان ڈاکٹر نیازی کے گھر منتظر بیٹھی تھیں جو جیل میں ان کے والد کا علاج بھی کرتے رہے تھے۔ اب وہ مہمانوں اور صحافیوں کی میزبانی کرتے‘ پریس کانفرنسوں کا انعقاد کرتے‘ جس میں افغانستان‘ بھارت کے معاملات‘ دفاعی اور معاشی امور کے بارے میں یقین دہانیاں کرائی جاتیں اور بعض اوقات ایسی دھمکیاں بھی دی جاتیں کہ اگر عوامی خواہشات کو رد کر دیا گیا تو کیا نتائج نکلیں گے۔
ایک طویل جدوجہد کے بعد‘ بے نظیر کے لئے اس کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا کہ وہ صدر اسحق اور جنرل بیگ کی وسیع البنیاد حکومت کی تجویز کو قبول کر لیں اور اشتراک اقتدار پر رضامند ہو جائیں۔ پیپلزپارٹی کے چند رہنماوٴں نے بے نظیر کو مشورہ دیا کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھ جائیں لیکن پاکستان کے مارشل لائی پس منظر میں بے نظیر آئندہ انتخابات پر انحصار نہیں کر سکتی تھیں۔ بے نظیر کے نمائندوں نے ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد کو ترغیبات دینی شروع کر دیں۔ رفتہ رفتہ‘ بتدریج ان کے حامیوں کی تعداد 119 تک پہنچ گئی جو واضح اکثریت تھی۔
اور پھر ایک رات بے نظیر بھٹو کے قانونی مشیر اعتزاز احسن نے ڈاکٹر نیازی کے گھر کے ٹیلی فون کا ریسیور نیچے رکھ دیا۔ ایم کیو ایم کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا تھا جو بھارت سے نقل مکانی کر کے آنے والے مہاجروں پر مشتمل جماعت تھی ‘ جو شہری سیاست پر چھا گئی تھی اور جو 14 قیمتی نشستیں جیت کر اسمبلی میں تیسری بڑی جماعت بن گئی تھی۔
52 نکاتی معاہدہ کراچی مطالبات اور چند وزارتوں پر مشتمل تھا۔ ہر چند یہ بہت بڑی قیمت تھی لیکن پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں کی توقع سے کم تھی۔ یہ وعدے بھلائے بھی تو جا سکتے تھے کہ ابھی تو تعداد میں اضافہ ہی بہت بڑی کامیابی تھی۔ اگلے روز ڈاکٹر نیازی کے گھر کے باہر پہرہ دینے والے پیپلزپارٹی کے طلبہ کو وہاں سے ہٹا دیا گیا اور سرکاری محافظوں نے ان کی جگہ لے لی۔ بے نظیر نے طنز کا موقع ضائع کئے بغیر کہا‘ ”جب ہم اپوزیشن میں تھے‘ تب یہ گھر ہمیشہ پولیس کے چھاپوں اور گھیراوٴ کی زد میں رہتا تھا‘ اب بھی ہمارا گھیراوٴ ہوا ہے لیکن اب کی مرتبہ یہ حفاظت کے لئے ہے۔“ بے نظیر نے جنرل بیگ کے ساتھ ڈنر کیا‘ جنرل حمید گل سے ملاقات کی‘ امریکی سفیر کے ساتھ چائے پی اور ہر ایک سے نپی تلی گفتگو کی۔ مغرب نے بھی اپنا دباوٴ ڈالنا شروع کر دیا۔ ممتاز بین الاقوامی جریدے ”ٹائم“ کے سرورق پر بے نظیر کی تصویر چھپی (جس کی ان کے والد کو ہمیشہ حسرت ہی رہی تھی) معروف بین الاقوامی اخباروں نے اداریے لکھے کہ اقتدار بے نظیر کے سپرد کر دیا جائے۔ بالآخر فوج انہیں اقتدار دینے پر رضامند ہو ہی گئی کہ اس کے بغیر چارہ نہیں تھا۔ فوج کو یہ خوف بھی تھا کہ اگر اس مرحلے پر سندھی عوام کے جذبات کی تسکین نہ کی گئی تو ملک کے مزید حصے بخرے ہو سکتے ہیں۔
جس رات صدر نے بے نظیر بھٹو کو وزیراعظم نامزد کیا‘ گلیوں اور بازاروں میں آتش بازی ہوئی لیکن جیسا کہ پنجاب میں بے نظیر کے ایک نائب جہانگیر بدر نے کہا ”مشکل مرحلہ اب شروع ہوا ہے۔“ ہائی جیکنگ کا واقعہ یہ واضح کرنے کے لئے کافی تھا کہ حکومت‘ ان کے لئے ہنی مون ثابت نہیں ہو گی۔ کیا وہ ان کڑی شرائط کے ساتھ حکومت کر سکیں گی جنہیں ماننے پر وہ مجبور ہو گئی تھیں۔ بے نظیر کو ہمیشہ کوری اکینو کے مماثل قرار دیا گیا جس کی فلپائن میں کامیاب جدوجہد نے بے نظیر کو وطن واپسی پر آمادہ کیا۔ کیا وہ بالآخر پرعزم لیکن فیصلہ کرنے میں متذبذب کوری اکینو ایسے حالات سے دوچار ہوں گی جن کی حکومت شدید بدعنوانی میں گھر گئی تھی اور جو جمے جڑے طاقت کے مراکز کو ہلا نہیں سکی تھی۔
”میں جونیجو کی طرح ربڑ سٹمپ نہیں ہوں گی۔“ بے نظیر کا اصرار تھا لیکن نامزدگی سے پہلے انہیں جو انتظار کرنا پڑا تھا اور جو وعدے کرنے پڑے تھے‘ اس نے عوام میں یہ تاثر پختہ کر دیا تھا کہ پاکستان میں حکمران عوامی مقبولیت سے نہیں بنتے بلکہ طاقت ور اداروں کی آشیرباد ہی فیصلہ کن ہوتی تھی حتیٰ کہ بے نظیر کے والد کو بھی‘ جنہوں نے 70ء کے انتخابات میں غالب اکثریت حاصل کی تھی‘ فوج کے کچھ گروہوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں اس وقت عہدہ سنبھالنے کی اجازت ملی جب بھارت سے تیسری مرتبہ شکست کھانے کے بعد‘ جس کے نتیجہ میں بنگلہ دیش بنا تھا‘ فوج کا حوصلہ ٹوٹ چکا تھا۔ چھوٹے افسر‘ اعلیٰ افسروں کے احکامات ماننے سے انکاری تھے‘ جنہوں نے مشرقی پاکستان میں ذلت آمیز طریقہ سے ہتھیار ڈالے تھے۔
بے نظیر بھٹو کو بھی اسی طرح کے ایک بحران کے نتیجہ میں اقتدار ملا جب فوج کی پوری اعلیٰ قیادت ایک پراسرار فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئی تھی لیکن والد کے مقابلے میں انہیں بہت کم آزادی حاصل ہو سکی۔ انہیں امریکہ کو یقین دہانی کرانی پڑی کہ خارجہ پالیسی تبدیل نہیں ہو گی حالانکہ وہ ہمیشہ سے یہ چاہتی تھیں کہ افغانستان میں جنگ ختم ہو اور مہاجرین اپنے گھروں کو واپس جائیں۔ انہیں جنرل بیگ کو تین سال اپنے عہدے پر شاد رہنے کی یقین دہانی کرانی پڑی اور جنرل حمید گل اور صاحبزادہ یعقوب علی خاں کو بھی جب تک افغان مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔
وہ منشیات کے سوداگروں کے خلاف سخت اقدام کرنے کا عزم رکھتی تھیں جن کے ذریعے بہت بڑی مقدار میں ہیروئن سمگل ہو کر مغربی ممالک میں پہنچتی تھی۔ انہیں آئی ایم ایف سے 103ملین کی امداد کے فوری حصول کے لئے ایسی کڑی شرائط پر ایک معاہدہ کرنا پڑا جس سے ان کی سیاست پر بے انداز مضراثرات مرتب ہو سکتے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر محبوب الحق کو وزیر خزانہ کی حیثیت میں لینے سے انکار کر دیا لیکن وسیم جعفری بدستور ان کے اقتصادی مشیر رہے۔ وزیر دفاع کے تقرر میں فوج کی رائے بھی ضروری تھی لیکن بظاہر یہ عہدہ پیپلزپارٹی کو مل گیا لیکن یہ برائے نام ہی تھا۔ اب بھی بجٹ کا ایک بڑا حصہ فوج ہی کی نذر ہو رہا تھا۔ فوجیوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد زمینیں اور وظائف دینے کا سلسلہ برقرار رہا اور انہیں فراغت کے بعد پبلک سیکٹر میں اونچی ملازمتیں بھی بدستور ملتی رہیں۔
پیسہ کہاں تھا‘ جہاں سے آتا رہتا بے نظیر پر یہ انکشاف ہو چکا تھا کہ خزانہ خالی ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ضیاء الحق بھاری شرح سود پر غیرممالک سے قرضے لیتے رہے تھے۔ پی آئی اے کے لاکھوں ڈالر‘ وزارت خارجہ کے ذمے واجب الادا تھے۔ ایک صبح بے نظیر کو مطلع کیا گیا کہ ملک میں گندم کی قلت ہو چکی ہے۔ تب بے نظیر کو ایک خیراتی ادارے کے نمائندے کی طرح غیرملکی سفارت خانوں سے فون پر التجا کرنی پڑی کہ ان کی مدد کریں لیکن ایسی ضرورتوں کے لئے بے نظیر کہاں تک فنڈز فراہم کر سکتی تھیں۔ ہر کوئی کچھ نہ کچھ چاہتا تھا۔ 60 ہزار ملازمت کی درخواستیں ہر روز موصول ہو رہی تھیں۔ سیاسی جلاوطن واپس لوٹ رہے تھے۔ نصرت بھٹو‘ مرتضیٰ بھٹو کو واپس لانا چاہتی تھیں لیکن وہ پاکستان میں ہائی جیکنگ کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ انہوں نے لوگوں سے وزارتوں کے وعدے کئے تھے اور اس کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی تھی۔ ان کے اپنے لوگ ناتجربہ کار تھے۔ پیپلزپارٹی کے پرانے ارکان اور منتظم جنہوں نے ان کے والد کے ساتھ کام کیا تھا‘ پارٹی کو خیرآباد کہہ چکے تھے۔ پارٹی کے اندر گروہ بندی اور لابنگ کی وہ روادار نہیں تھیں اس لئے ایسی سربرآوردہ شخصیات‘ جن کے بارے میں وہ جانتی تھیں کہ وہ انہیں ”نادان لڑکی“ باور کرتے ہیں‘ پیپلزپارٹی سے نکال دی گئیں۔
صوبائی انتخابات کے نتائج بہت غیرمتوقع تھے۔ سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بے نظیر‘ پارٹی کی حکومت بنانے سے معذور تھیں۔ 60 فیصد آبادی کے صوبے پر نواز شریف کی حکومت تھی‘ جو ضیاء الحق کے زیرسرپرستی رہے تھے‘ اور جنہیں یہ مقام حاصل کرنے کے لئے کس طرح کی جدوجہد نہیں کرنی پڑی تھی۔ وہ پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ وہ بے نظیر کی حکومت نہیں بننے دیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان جو معاہدہ ہوا اس سے پارٹی کے اندر سندھی قوم پرستوں کو سخت شکایات پیدا ہو گئیں۔ سینٹ کے ارکان سے سلسلہ جنبانی سے صرف یہ ہوا کہ چند آزاد لوگ کامیاب ہو گئے جیسے جاوید جبار‘ جنہیں بعدازاں وزارتیں دی گئیں۔ بے نظیر کے والد نے کہا تھا کہ ”سیاست میں کامیابی کے لئے بڑی فنکاری اور مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ایسے ہی ہے‘ جیسے کسی کی انگلیاں اتنی نازک اور لچکدار ہوں کہ وہ انڈوں پر بیٹھے پرندوں کے نیچے سے ایک کے بعد ایک انڈہ نکال لیں اور پرندے کو خبر تک نہ ہو۔“ کیا بے نظیر بھٹو ایسی لچک اور مہارت کا مظاہرہ کر سکتی تھیں؟ لیکن جیسے ہی وہ باہر نکلیں اور لوگوں کے ٹھٹھ کے ٹھٹھ لگ گئے۔ جو نعرہ زن تھے ”جئے بھٹو جئے بھٹو“ تب ان کا حوصلہ بڑھ جاتا۔ عوام اس کے ساتھ تھے۔
(ترجمہ: اصغر عبداللہ)










جنرل محمدضیاء الحق شہید کی خارجہ پالیسی
(بیرونی ممالک کی سیاست اور سیاسی نظاموں پر انہیں عبور حاصل تھا)
                                 تحریر : جمشید مارکر
آج کی کثیر الاطراف تعلقات اور انحصار باہمی کی دنیا میں خارجہ پالیسی کو تشکیل دینا اور اسے روبہٴ عمل لانا قیادت اور حکومت کے ہنر کا ایک اہم حصہ ہے لیکن پاکستان کے لئے یہ اس سے بھی کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسے ہمارے قومی وجود کی بقاء کے لئے ایک ناگزیر عنصر کی حیثیت حاصل ہے۔ ہم اپنی دفاعی ضروریات اور استعداد‘ اقتصادی ترقی وتوانائی خوراک‘ مواصلات اور صنعت وحرفت میں خودکفالت حاصل کرنے کی منزل سے ابھی بہت دور ہیں۔ تعلیم اور صحت میں تو بنیاد ضروریات تک کو پورا نہیں کیا جا سکا۔ ان بناء پر ان قومی سرگرمیوں میں سے ہر ایک کا زبردست انحصار ان عناصر ترکیبی پر ہے جن کا حصول صحیح خارجہ پالیسی تشکیل دینے اور اسے روبہ عمل لانے سے ممکن ہے۔ اس حوالے سے دنیا میں پاکستان جیسے شاید ہی کوئی ممالک ایسے ہوں گے جن کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کی حدبندی تاریخی‘ علاقائی سیاست اور علاقائی دفاع کی جہتوں نے کر رکھی ہو۔ پاکستان کے لئے خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ان عناصر کے ساتھ ساتھ اسے روبہ عمل لانے کے لئے انتہائی نفاست اور نزاکت کا اہتمام‘ ایک اہم اور اضافی عنصر کی اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستان کو جغرافیائی محل وقوع سے جو اسے جنوبی ایشیاء‘ وسطی ایشیا اور شرق الاوسط کے ساتھ منسلک کرتا ہے‘ خلیج فارس کے دہانے پر انتہائی اہم اور موثر حیثیت دے دی ہے۔ نیز ایشاء کے تین دیوقامت ممالک روس‘ چین اور ہندوستان کے ساتھ اس کا زمینی اتصال۔ ان سب نے مل کر علاقائی دفاع پر دباوٴ کے ایسے عناصر کا سلسلہ ترتیب دے دیا ہے جن کے ظہور کے مراکز پاکستان کی سرحدوں سے بہت دور واقع ہیں۔ ان میں وہ نظریاتی اور سیاسی عوامل بھی شامل کر لیجئے جو قیام پاکستان پر منتج ہوئے۔ اس ماحول میں اسلامی دنیا کے ساتھ فطری جذبات پر مبنی تعلق بھارت کے ساتھ معاملات طے کرنے کی عملی ضرورت کے تحت عدم توازن کا شکار ہو جاتا ہے۔ جیسا کہ ایران عراق جنگ کے موقع پر سامنے آیا۔ اولین ترجیحات کا انتخاب بھی سنگین غلطیوں کے خطرات سے خالی نہ تھا۔ اس کے علاوہ ایٹمی توانائی کا مسئلہ بھی ہے۔ پاکستان سے جو تین ایٹمی طاقتوں روس‘ چین اور بھارت کے گھیرے میں ہے‘ کیونکر یہ توقع وابستہ کی جا سکتی ہے کہ وہ یکطرفہ طور پر ایٹمی توانائی کے حصول سے دستبردار ہو جائے گا؟ اور پاکستان کیسے اپنی سلامتی کو درپیش حقیقی خطرات کے ہوتے ہوئے‘ ایٹمی توانائی کے معاملے میں اپنے موٴقف کو ترک کئے بغیر‘ طاقت ور مغربی ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط برقرار رکھ سکتا ہے؟ اگرچہ اس نوعیت کے معاملات پر عناصر پیہم موجود رہے ہیں‘ لیکن پاکستان کے سلسلے میں حالات وواقعات نے انہیں اس طرح مجتمع کر دیا کہ صدر ضیاء الحق کے دور حکومت میں ان سے بحرانوں کا ایک سلسلہ وجود میں آ گیا۔ افغانستان پر روس کی یلغار‘ انقلاب ایران اور اس کے بعد ہونے والی ایران عراق جنگ‘ ایٹمی توانائی کے مسئلے پر امریکہ کے ساتھ تنازع اور بھارت کا ”آپریشن براس ٹیک“ ان بہت سے معاملات میں سے چند ایک ہیں‘ جن کا انہیں سامنا کرنا پڑا۔
مجھے اعزاز حاصل ہے کہ 1965ء سے 1989ء تک ایک سفیر کی حیثیت سے مجھے بیرون ملک پاکستان کی لگاتار خدمت انجام دینے کا موقع ملا۔ اس عرصے میں مجھے ان بحرانوں میں محض رسمی شناسائی سے کہیں زیادہ آگاہی ہوئی جن پر مختلف اوقات میں ہماری سفارتی سرگرمیوں کا ارتکاز رہا۔ ان بحرانوں کے قریب ترین رہنے کی وجہ کی بناء پر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ نہایت ٹھنڈے دل اور دماغ کے ساتھ درپیش معاملات کے غایت کا ادراک کرنے اور مملکت چلانے کے لئے انتہائی دوررس نظر رکھنے اور خارجہ پالیسی کی چالیں پوری طرح محکم انداز میں چلنے میں صدر ضیاء الحق غالباً تمام رہنماوٴں اور پیشہ ور ماہرین کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستعد اور چابک دست تھے۔
صدر ضیاء الحق نے جب خارجہ پالیسی کی رہنمائی کا فریضہ سنبھالا تو اس وقت وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے والے دیگر بہت سے اصحاب کی طرح وہ میرے لئے بھی انجان نہ تھے بلکہ ایک حد تک ایک ایسے عنصر کی حیثیت رکھتے تھے‘ جس سے دور رہنا ہی بہتر ہوتا ہے‘ لیکن ہم سب پر بہت جلد یہ واضح ہو گیا کہ یہ شخص نہ صرف اس امر سے آگاہ ہے کہ وہ اس شعبے میں مہارت نہیں رکھتا‘ بلکہ وہ:
#-    سیکھنے پر آمادہ ہے۔
#-    بہت جلد سیکھنا چاہتا ہے اور تجاویز ہمیشہ کھلے ذہن کے ساتھ قبول کرتا ہے۔
#-    کسی فیصلے پر پہنچنے کے لئے تیار ہے۔
اور غلط یا صحیح‘ کسی بھی فیصلے کے نتائج کے لئے اپنے معاونین کو مطعون کرنے کے بجائے‘ ان کی ذمہ داری خود قبول کرتا ہے۔ یہ بنیادی رویہ جس کے ساتھ ان کی طبعی خوش مزاجی اور خوش اطواری کے عناصر پوری فراخدلی کے ساتھ جڑے ہوئے تھے۔ صدر ضیاء الحق کے پورے دور حکومت میں ان کے کردار کا جزو رہا۔ ہم میں سے جو بیرون ملک تعینات تھے‘ ان کے لئے پاکستان کے تشخص کی تشہیر تو کجا‘ یہ جاننا ہی آسان نہ تھا کہ ہمارے اپنے گھر میں کیا ہو رہا ہے۔ کیونکہ یہاں سے جو سیاسی خبریں ہمیں موصول ہوتیں وہ زمان ومکان کی دوری‘ بغض‘ عناد‘ کینہ‘ تعصب‘ افواہ سازی اور خوشامد پرستی کے انعطاف باہمی کی وجہ سے حددرجہ مسخ شدہ ہوتیں۔ اس کے باوجود جلد ہی ہمیں احساس ہو گیا کہ صدر ضیاء الحق نیم ہشیاری کے ساتھ پہلے ہی میکیا ولی کی اس ہدایت پر عمل کر چکے ہیں‘ جو اس نے اپنے شاگرد شہزادے کو برسراقتدار رہنے کے ضمن میں کی تھی۔ جیسے جیسے وقت گزرتا چلا گیا‘ صدر ضیاء الحق نیم ہشیاری کا یہ انداز جو قطعی طور پر فطری محسوس ہوتا تھا برقرار رکھنا اور جیسا کہ میکیاولی نے ہدایت کی تھی وہ اپنے طاقت ور دوستوں اور دشمنوں کی حقیقی صلاحیتوں‘ ان کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لینے میں منہمک رہے۔ ایسا کرتے وقت انہوں نے جذباتی مطابقت یا مخالفت کو راہ میں نہیں آنے دیا۔
اس طرح صدر ضیاء الحق نے انتہائی احتیاط اور جفاکشی کے ساتھ پاکستان میں فن حکمرانی اور ڈپلومیسی کا باضابطہ اور ہنرمندانہ عمل شروع کیا۔ وہ درپیش تمام رکاوٹوں سے عہدہ برآ ہوئے اور یوں انہوں نے ایک سیاسی رہنما کی حیثیت سے اپنے لئے عزت واعتماد کی نہ صرف اندرون ملک پرداخت کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اہم کردار سے آگہی کو پیدا کیا اور اس کی پرورش کی۔ صدر ضیاء الحق بین الاقوامی رہنماوٴں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں ایک ایسی شخصیت کے طور پر سامنے آئے جو دل موہ لینے والی تھی۔ اس میں بے تکلفی اور انکسار بدرجہ اتم موجود تھا‘ جو اپنی بات پراڑنے والوں کے حواس معطل کر دیتا تھا اور ان میں سے زیادہ بردبار رہنماوٴں کو باغ باغ کر دیتا تھا۔ اقوام متحدہ اور غیروابستہ ممالک کی تنظیم (NAM) جیسے کثیرالاقوام اداروں میں صدر ضیاء الحق کی جرأت‘ عزم صمیم اور رموزِ مملکت کو سمجھنے کی بے پناہ صلاحیتوں کے بیک وقت اجتماع نے انہیں پاکستانی وفد کے ایک ایسے مثالی مقرر اور عالم الکلام کے ماہر کی حیثیت دے دی تھی جو مختلف اقوام اور دھڑوں کے درمیان معاہدے طے کرانے اور افہام وتفہیم پیدا کرنے میں مہارت رکھتا تھا… میں نے نسبتاً دھیمے انداز میں اس کا مشاہدہ نیویارک (امریکہ) ہوانا (کیوبا) اور اسلام آباد میں کیا لیکن اس کا ڈرامائی ظہور‘ ناطق اور فیصلہ کن انداز میں اسلامی کانفرنس میں مصر کی دوبارہ شمولیت کے موقع پر اس وقت ہوا جب مراکش میں اسلامی کانفرنس کا اجلاس ہو رہا تھا۔
پاکستان کے لئے صدر ضیاء الحق کی میراث میں‘ افغانستان ایک بڑے حصے کے طور پر شامل ہے۔ اس مسئلے کا حتمی تخمینہ لگانا تاحال قبل از وقت ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کا یہ موقع اور مقام ہے۔ پھر بھی اتنا کہنا کافی ہو گا کہ صدر ضیاء الحق اگر اس آپریشن کے آخری مرحلے میں بھی اسے اس طرح کنٹرول کر رہے ہوتے جیسا کہ اس سے پہلے کے مراحل میں کر رہے تھے تو جو کچھ اس وقت ہمارے سامنے ہو رہا ہے‘ اس کے بجائے اس کھیل کا انجام قطعی طور پر مختلف ہوتا۔ یہ کہنا کہ صدر ضیاء الحق نے افغانستان کی صورت حال کو اپنا دورِ اقتدار طویل کرنے کے لئے استعمال کیا‘ حقائق کو توڑ مروڑ دینے اور ان کی شکل بگاڑ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے ابتدائی دور میں پہلے نور احمد ترکئی اور پھر حفیظ اللہ امین کے ساتھ سفارتی سطح پر افہام وتفہیم پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔ ان ظالمانہ اور شیطانی قوتوں کے باوجود جو انہیں بدنام کرنے والوں نے ان سے منسوب کر رکھی تھیں‘ صدر ضیاء الحق نے افغانستان میں روس کی مداخلت اور یلغار کا راستہ ہموار نہیں کیا تھا‘ لیکن جب ایسا ہو گیا تو سب سے پہلے صدر ضیاء الحق نے ان خطرات کا احساس کیا جو روس کی فوجی توسیع پسندی سے پاکستان کو لاحق ہو سکتے تھے۔ یہ بات ذہن نشین رہنا چاہئے کہ (افغانستان میں) مداخلت 1979ء میں ہو گئی جو برزنیف کے نظریہ کی توسیع کا زمانہ تھا۔ آج 1990ء کے پرسکون ماحول اور گورباچوف کے ”گلاس ناسٹ“ اور پیریسٹرائیکا“ کے دور میں جن کا اندازہ لگانا مشکل ہے‘ روسی حملے کے خلاف صدر ضیاء کا ردعمل اور وہ اعلیٰ منصوبہ بندی جسکے ساتھ انہوں نے بین الاقوامی تائید وحمایت کو پاکستان کے حق میں ہموار کیا‘ بین الاقوامی ڈپلومیسی کا مطالعہ کرنے والوں کے لئے ایک ٹیکسٹ بک کیس سٹڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ بہت سے لوگوں نے صدر ضیاء الحق کے سیاسی اقدامات کی کامیابی کے لئے یا بہت سی مشکلات سے نجات کے لئے خوبی قسمت کا بار بار ذکر کیا ہے۔ یہ ایک ایسا عنصر ہے جس کی مقدار کا تعین نہیں کیا جا سکتا تاہم یہاں جرمنی کے معروف ماہر دفاعی امور‘ گراف ہیلمٹ‘ فان مالٹکے کے ان الفاظ کا اعادہ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ”خوش قسمتی بالآخر‘ انہی کے حصے میں آتی ہے‘ جو باصلاحیت ہوتے ہیں۔“
صدر ضیاء کے دور میں منعقد ہونے والی سفیروں کی کانفرنسیں‘ ان کے پیشرووٴں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بار آور ہوتی تھیں‘ اگرچہ میں ابھی تک صدر ضیاء کی ذات کے لئے ان کے فائدہ مند یا نقصان دہ ہونے کا صحیح جائزہ نہیں لے سکا تاہم وہ جو ان کانفرنسوں میں شریک ہوتے رہے‘ کبھی اس امر پر متذبذب نہیں ہوئے کہ صدر ضیاء پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ذاتی دلچسپی لیتے تھے اور اسے روبہ عمل لانے کے لئے خودسرگرمی سے حصہ لیتے تھے۔ صدر ضیاء الحق تین روزہ اجلاس میں خود موجود رہتے تاہم مباحث میں حصہ لیتے اور کانفرنسوں میں شریک سفیروں کو اختتام پر سیدھی اور صاف ہدایات دیتے۔ کانفرنسوں میں جب انتظامی امور زیرغور آتے تو صدر ضیاء الحق ہر سفیر سے انفرادی ملاقاتیں کرتے اور جس ملک میں وہ تعینات ہوتے اس سے متعلق تمام امور پر تفصیلی بات چیت کرتے۔ اگرچہ سفیروں کی ان کانفرنسوں سے ڈرامائی نتائج یا بڑے بڑے اقدامات سامنے نہیں آئے لیکن یہ تو ان کانفرنسوں کا بھی مقصد نہیں رہا۔ ان کا مقصد حکومت پاکستان کو صحیح اور مفید معلومات مہیا کرنا تھا تاکہ اسے معلوم ہو کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے اور انہیں کیا کرنا چاہئے۔ مزید یہ کہ ان کانفرنسوں سے وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے والوں کا حوصلہ بڑھتا‘ ہیڈکوارٹر یا بیرون ملک موجود اصحاب کے درمیان جاندار بحث وتمحیص سے ان کے احساسِ شرکت میں اضافہ ہوتا اور آنے والے سفیروں کو یہاں معاملات اور حالات کے اندر جھانکنے کا بیش قیمت موقع میسر آتا تھا۔ ایک چینی کہاوت ہے ”ایک نظر‘ ایک ہزار الفاظ سے بہتر ہے۔“
صدر ضیاء الحق نے وقت کے ساتھ ساتھ بہت سے ایسے عالمی رہنماوٴں کے ساتھ ذاتی روابط استوار کر لئے تھے جن کا رویہ ابتداء میں رسمی بے اعتنائی کا تھا اور جو بعدازاں دوستی میں تبدیل ہو گیا۔ ان کے بیرون ملک دورے بڑی احتیاط کے ساتھ ترتیب دیئے جاتے۔ وہ خود نہ صرف ہر دورے کے مقاصد سے آگاہ رہتے بلکہ اس دوران بہت سی میزبان شخصیات کے ذاتی رجحانات سے بھی آگاہی حاصل کرتے۔ خارجہ تعلقات قائم کرنے کے سلسلے میں صدر ضیاء الحق کے اس ادراک کا بے حد دخل تھا‘ جو وہ بہت سے ممالک کی سیاست اور ان کے سیاسی نظاموں کے بارے میں رکھتے تھے۔ یہی ادراک بہت سے اہم معاملات میں ان کے اقدامات کا محرک بھی بنتا تھا۔ وہ فطری طور پر عربوں کے مزاج آشنا تھے اور یقینا بھارتی ذہن کو بھی نہایت خوبی کے ساتھ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے تھے لیکن امریکہ اور فرانس کے تجربہ کار سیاست دان‘ منتظم اور صحافی میرے سامنے ہمیشہ ان الفاظ میں حیرت کا اظہار کرتے تھے کہ ”ضیاء کس خوبی کے ساتھ ہمیں سمجھتے ہیں یا ہمارے نظام میں سے کس خوبی کے ساتھ وہ اپنا مقصد حاصل کر لیتے ہیں۔“
امریکی سفارت کاروں کے سرخیل جارج کیپٹن نے 1964ء میں نیشنل سٹاف کالج کے طلباء کو ایک لیکچر میں بتایا کہ ”آپ کو اندازہ نہیں کہ پس منظر میں موجود ایک خاموش چھوٹی فوج‘ ڈپلومیسی میں کس قدر نرمی اور بشاشت شامل کر دیتی ہے۔“ ضیاء الحق کو دوسر ی اقوام بالخصوص سپرطاقتوں کا مطالعہ کرتے ہوئے ”پس منظر میں موجود ایک فوج“ کی نعمت حاصل نہیں تھی۔ یہ ایک ایسی خامی تھی جس نے انہیں خوش اخلاقی اور بشاشت کو ڈپلومیسی کی ضرورت کے متعلق زیادہ حساس بنا دیا تھا اور جس کو انہوں نے بیشتر عالمی رہنماوٴں کے مقابلے میں زیادہ موثر طور پر پورا کیا۔ ان کی کامیابیوں میں ان کی خاموش حوصلہ مندی(بالخصوص کسی بحرانی صورت حال میں) کا بہت بڑا حصہ ہے۔ انہیں صرف اس لئے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا تھا‘ یا ان سے کچھ ہتھیایا نہیں جا سکتا تھا کہ ان کا ملک مشکلات میں مبتلا ہے۔ آپ ان کے معروف الفاظ ”مونگ پھلی کے دانے“ کو ذہن پر تازہ کریں جس کے ذریعے انہوں نے افغانستان کے لئے امریکی صدر کارٹر کی ابتدائی اور ناکافی امداد کو مسترد کر دیا تھا‘ جس کے نتیجے میں پاکستان امریکہ اتحاد اس کے مقابلے میں کہیں زیادہ مساویانہ شرائط پر قائم کیا گیا۔ افغان مزاحمت کے لئے میدان رزم میں ان کی امداد پر ایک نظر ڈال لیجئے‘ یا پھر ایٹمی توانائی کے مسئلہ پر ان کی مستحکم پالیسی کو دیکھ لیجئے۔
صدر ضیاء الحق کی بہت سی پالیسیوں نے نزاع پید کیا۔ یہ نزاع بیشتر عصر حاضر کے بجائے بحوالہ ماضی پیدا ہوئے۔ ہم جو ان واقعات کے رونما ہونے کے وقت ان کے قریب ترین موجود رہے‘ پائیدار منصفانہ آراء قائم نہیں کر سکتے۔ یہ کام مستقبل کے مورخین کا ہے اور جب وہ ایسا کریں گے تو مجھے یقین ہے کہ وہ صدر ضیاء الحق کی قدر شناسی کا واجب الادا حق ضرور ادا کریں گے جنہوں نے ایک دہائی تک بین الاقوامی میدان عمل میں اپنے ملک کو یوں سربلند رکھا۔ مورخین غالباً اس صدی کے آخری برسوں میں رونما ہونے والے ڈرامائی واقعات پر بھی غور کریں گے‘ جن میں کمیونسٹ نظام کی ناکامی کے ساتھ ساتھ روسی سلطنت کی ٹوٹ پھوٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ سلطنت‘ کمیونزم کا انتہائی طاقت ور قومی مظہر تھی۔ جب وہ اس پر غور کر رہے ہوں گے تو وہ افغانستان کی جنگ اور روس پر اس کے اثرات کا احاطہ بھی کریں گے جس کی نشاندہی گورباچوف نے ”رستے ہوئے ناسور“ کے الفاظ سے کی تھی۔ اور جب وہ روسی سلطنت کے ٹکڑے ہونے کے اثرات کا جائزہ لیں گے تو ان کے سامنے اس سے پیدا ہونے والا ایک بین الاقوامی توازن بھی آئے گا۔ زیادہ گہرائی اور دور تک دیکھنے والے مورخین اس امر کا اندازہ بھی لگائیں گے کہ صدر ضیاء الحق نے افغانوں کی ناقابل شکست مزاحمت کو برقرار رکھنے اور ا س کی ر ہنمائی کرنے میں کس قدر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ فی الحال ہم چرچل کے اس خراج تحسین کا اعادہ کرتے ہیں جو اس نے اپنے سیاسی مخالف نوبل چیمبر لین کو ہاوٴس آف کامنز (1940ء) میں ان الفاظ میں پیش کیا تھا۔ چرچل نے کہا ”تاریخ اپنے ٹمٹماتے ہوئے چراغ کے ساتھ ماضی کے راستوں پر ٹھوکریں کھاتی ہوئی ان مناظر کی دوبارہ تعمیر‘ ان آوازوں کی بازگشت کی تلاش کے ساتھ ساتھ گزرے ہوئے دنوں کو ہلکی ہلکی کرنوں سے چمکانے میں مصروف رہتی ہے۔ اس تمام کا حاصل کیا ہے؟ دراصل اس سے ہمیں انسان کے ضمیر کے اندر جھانکنے کا موقع ملتا ہے جس کے لئے ڈھال اخلاص سے پراعمال اور صلابت رائے سے مہیا ہوتی ہے۔ یہ انتہائی ناعاقبت اندیشی کی بات ہو گی کہ زندگی میں ان کے بغیر داخل ہوا جائے کیونکہ ہمیں انہی امیدوں کے ٹوٹ جانے اور منصوبوں کے تلپٹ ہو جانے سے بار بار تمسخر اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ایک ایسی ڈھال کے ہوتے ہوئے‘ قسمت ہمارے ساتھ کیسا ہی کھیل کیوں نہ کھیلے‘ ہم ہمیشہ باوقار اور سربلند لوگوں کے ساتھ ہم قطار ہی رہتے ہیں۔



















ضیاء ا لحق کو سازش کا علم تھا
مرزا اسلم بیگ معاملہ کی پردہ پوشی کرنے والے اہم ترین فرد ہیں
                             ہارون الرشید
سانحہ بہاولپور کی دوسری برسی تک بنیادی سوال صرف یہ تھا کہ صدر ضیاء الحق‘ جنرل اختر عبدالرحمن اور دوسرے ممتاز فوجی افسروں کا قاتل کون تھا۔ امریکہ؟ بعض فوجی افسر؟ الذوالفقار؟… اب ایک سوال اور بھی ہے اور یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ… قاتلوں کو تحفظ دینے پر کون تلا ہوا ہے؟ کون ہے جس نے پردہ پوشی پر کمر باندھ رکھی ہے اور کون ہیں جنہوں نے مصلحتوں کی بناء پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ان سوالوں کا واضح اور دو ٹوک جواب تلاش کرنے کی کوشش خطرناک ہو سکتی ہے جس کی کم ازکم سزا کردار کشی ہے اور زیادہ سے زیادہ وہی جو اس سانحہ کے شکار‘ رہنماوٴں اور افسروں کی قسمت میں لکھی گئی۔ ملک کی مرکزی حکومت ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو اگر پورے دل سے فیصلہ کرے تو مجرموں کا سراغ لگایا جا سکتا ہے‘ لیکن شجاعت کمیٹی کی تشکیل کے اڑھائی ماہ بعد‘ پورے وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ نہ صرف اس کمیٹی نے تفتیش کے سلسلے میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں کی بلکہ مستقبل قریب میں بھی اس کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔ الا یہ کہ کسی دباوٴ یا فیصلے کی بنیادی تبدیلی کے نتیجے میں پالیسی بدل جائے۔ صدر ضیاء ا لحق کے فرزند‘ وفاقی وزیر اعجاز الحق جو سانحہ کی تیسری برسی کے اجتماع کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے کی غرض سے رابطہ عوام مہم پر ہیں اور جنہیں ہر طرف سے سوالات کی یلغار کا سامنا ہے‘ اب تک کی سرکاری کوششوں پر مایوسی کا اظہار کر چکے ہیں۔ جہاں تک جنرل اختر عبدالرحمن کے خاندان کا تعلق ہے‘ ان سے ابھی تک کمیٹی نے رابطہ تک قائم کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی جبکہ شواہد کے مطابق ان کے پاس نہایت قیمتی معلومات موجود ہیں۔
اس وقت جب یہ سطور لکھی جا رہی ہیں‘ سانحہ بہاولپور کی تیسری برسی میں پورے سات دن باقی ہیں۔ تین سال پہلے صدر اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل محمد ضیاء الحق کی شہادت کے بعد بری فوج کی سربراہی سنبھالنے والے جنرل مرزا اسلم بیگ اور امریکی سفیر مسٹر رابرٹ اوکلے کے اعزاز میں آخری الوداعی دعوتوں کا اہتمام ہو رہا ہے… تاریخ کا ایک باب اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے‘ کوئی بھی شخص جو سانحہ بہاولپور کے بارے میں بنیادی معلومات رکھتا ہے‘ اس سے اختلاف نہیں کر سکتا کہ یہ دو شخصیتیں تفتیش روکنے کے لئے اپنی قوت اور اثر ورسوخ استعمال کرتی رہی ہیں لیکن ایسا کرنے کے لئے اخبارات اور قومی رہنما تو کیا خود شہداء کے وارثوں کی طرف سے بھی ان پر کھل کر نکتہ چینی نہیں کی گئی بلکہ بعض اوقات انہیں بریت کے سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ قیاس ہی کیا جا سکتا ہے کہ اس کے اسباب کیا تھے۔
جنیوا معاہدے پر دستخطوں اور اس معاہدے پر اصرار کرنے والے وزیراعظم جونیجو کی برطرفی کے بعد‘ سیاسی طور پر بحران اور تنہائی کا شکار ہو جانے والے صدر ضیاء الحق 17 اگست 1988ء کی صبح پونے آٹھ بجے‘ جب چکلالہ کے ہوائی اڈے سے بہاولپور کے لئے روانہ ہوئے تو وہ پہاڑ ایسی رکاوٹوں کے باوجود کابل میں ایک پاکستان دوست آزاد اسلامی حکومت کے قیام کی کوششیں جاری رکھے ہوئے تھے اور وہ تمام تر مزاحمت کے باوجود ملک میں ایک ایسی غیرجماعتی اسمبلی اور حکومت کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جو عوام میں احساس شرکت برقرار رکھنے کے علاوہ ان کے اس منصوبے میں مددگار ہو سکے۔
انہوں نے فوج کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ وہ 26 اگست کو ایک عبوری وزیراعظم کی تقرری اور اسی ہفتے انتخابی پروگرام اور قوانین کا اعلان کرنے والے تھے۔ انہوں نے 8 سال تک افغان جہاد کی عسکری قیادت کرنے والے جنرل اختر عبدالرحمن کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا کہ انہیں ایک بار پھر یہ ذمہ داری سنبھالنا ہو گی اور یہ کہ اس مقصد کے لئے ایک علیحدہ افغان سیل تشکیل دے کر آئی ایس آئی سے یہ ذمہ داری واپس لے لی جائے گی۔
صدر کو یقین تھا کہ روس سے مفاہمت کر لینے والا امریکہ کابل میں اپنی پسند کی ایک حکومت مسلط کرنے پر تلا ہوا ہے اور ایران کے تجربے کے بعد بنیاد پرستوں سے نفرت کرنے والے مغربی ممالک کابل میں مجاہدین کی پاکستان دوست حکومت برداشت نہیں کریں گے۔ انہیں فوج میں بعض لوگوں کا رویہ مشکوک نظر آتا تھا۔ جولائی کے آخر میں انہوں نے جنرل اختر سے کہا تھا کہ انہیں گڑبڑ کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ انہیں دنوں جنرل اختر نے انہیں ایک جرنیل کے ساتھ گالف کھیلتے دیکھا اور کہا ”مجھے شبہ ہے‘ میں اس کا ذہن پڑھنے کی کوشش کر رہا ہوں‘ آپ چوکنا رہیں۔“
صدر کے واضح اشارے کے بعد جنرل اختر نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے دفتر میں ایک اجلاس طلب کیا اور حال ہی میں ریٹائر ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل امتیاز اللہ وڑائچ سے‘ جو اس وقت دفتر میں ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے تھے‘ یہ سوال کیا کہ اگر دہشتگرد اس دفتر پر حملہ کر دیں تو اس سے نمٹنے کے کیا انتظامات موجود ہیں؟ ذمہ دار فوجی ذرائع کو یقین ہے کہ صدر 17 اگست کی صبح بہاولپور جاتے ہوئے اس لئے بہت سے ممتاز فوجی افسروں کو ساتھ لے گئے کہ وہ انہیں اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا اور ان کا ذہن پڑھنا چاہتے تھے۔
صدر نے ظہر کی نماز مقررہ مسجد میں نہیں بلکہ آرمی میس کے صحن میں پڑھی اور 3بج کر 46 منٹ پر جب ان کا جہاز بہاولپور سے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوا تو انہوں نے اپنے ملک کے نئے ٹینک کا مظاہرہ دیکھنے کے لئے آئے ہوئے امریکی سفیر اور پاکستان میں امریکی فوجی مشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ہربرٹ واسم کو سی 130 میں اپنے ساتھ چلنے کے لئے کہا۔ کیا یہ صرف چھٹی حس کا کرشمہ تھا یا صدر کو امریکیوں پر شبہ تھا؟ انہوں نے وائس چیف آف آرمی سٹاف جنرل مرزا اسلم بیگ کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی لیکن انہوں نے یہ دعوت قبول نہ کی اور کہا کہ انہیں ملتان میں ایک فوجی اجلاس کے لئے رکنا ہے۔ اڑھائی منٹ کے بعد صدر کا طیارہ فضا میں ہچکولے کھا رہا تھا اور بہاولپور ہوائی اڈے کے ٹریفک کنٹرول کی طرف سے اس سے رابطہ قائم کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔ ٹھیک تین منٹ کے بعد جہاز ناک کے بل زمین پر آ رہا۔ دیہاتی پانی کی بالٹیاں لے کر پہنچ گئے لیکن انہیں آگ بجھانے کے لئے پانی ڈالنے کی اجازت نہ دی گئی۔ مرنے والوں کی لاشیں ہسپتال لے جائی گئیں لیکن واضح اور دو ٹوک احکامات کے تحت پوسٹ مارٹم کی اجازت نہ دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی پردہ پوشی کے لئے ایک وسیع اور ہمہ گیر منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو گیا جس میں جنرل مرزا اسلم بیگ اور امریکی سفیر مسٹر رابرٹ اوکلے نے مرکزی کردار ادا کیا۔
سانحہ کے وقت مسٹر اوکلے امریکہ کے طاقت ور ادارے نیشنل سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی ایڈوائزر تھے۔ اپنی اس حیثیت میں انہوں نے ایک قانون Long Arms Act کی منظوری کے لئے بھاگ دوڑ کی تھی جس کے تحت بیرون ملک کسی امریکی شہری کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات ضروری ہے۔ سانحہ کے فوراً بعد وہ پاکستان میں امریکہ کے سفیر مقرر کر دیئے گئے لیکن انہوں نے اس المیے کی تحقیقات کے لئے جس میں دو ممتاز امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے تھے‘ نہ صرف ایف بی آئی کی ٹیم پاکستان بھجوانے کے لئے کوئی کوشش نہ کی بلکہ معتبر ذرائع کے مطابق اس میں رکاوٹ ڈالتے رہے۔ بعدازاں امریکی کانگریس کی سب کمیٹی برائے تحقیقات جرائم میں جب یہ سوال اٹھا اور جرح کرنے والوں نے جب ان سے پوچھا کہ ایف بی آئی کی ٹیم پاکستان کیوں نہ بھجوائی گئی تو ان کا جواب تھا ”مجھے اس کا خیال ہی نہیں آیا۔“
”It did not occur to me“
پاکستان پہنچنے کے بعد انہوں نے بیگم شفیقہ ضیاء الحق سے ملاقات کی اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ امریکہ اس سانحے کا ذمہ دار نہیں ہے۔ سانحہ بہاولپور کے بعد برسراقتدار آنے والی بے نظیر بھٹو کے علاوہ جنہوں نے گزشتہ ہفتے مسٹر اوکلے کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا اور یہ کہا کہ لوگ انہیں نفرت اور ردعمل سے نہیں محبت سے ”وائسرائے“ کہتے تھے‘ پنجاب کے وزیراعلیٰ نواز شریف سے بھی ان کا قریبی رابطہ رہا۔ اس سے پہلے ایسی کوئی مثال تلاش نہیں کی جا سکتی کہ پاکستان میں کسی اپوزیشن لیڈر یا وزیراعلیٰ سے امریکیوں نے اس قدر گہرا رابطہ رکھنے کی ضرورت محسوس کی ہو۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں میں بعض موثر اور متحرک افراد سے رابطہ رکھا اور انہیں مسلسل قائل کرتے رہے کہ سانحہ بہاولپور سے امریکیوں کا کوئی تعلق نہیں۔ وہ ان میں سے بعض کو قائل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ بعض پاکستانی اور امریکی اخبارات کی نکتہ چینی کے باوجود ایف بی آئی کی ٹیم سانحہ کے دس ماہ بعد تک پاکستان نہ پہنچی اور جب یہ لوگ بے نظیر کی حکومت میں اسلام آباد پہنچے تو انہوں نے بہاولپور تک جانے اور کسی بھی اہم گواہ سے ملنے کی کوشش نہ کی۔ درحقیقت وہ کھنڈرات اور عجائب گھر دیکھنے کے لئے 25 کلو میٹر دور ٹیکسلا جانے کے سوا‘ ایک بار بھی دارالحکومت سے باہر نہ نکلے۔ بعدازاں اس کمیٹی نے جس کے بیشتر ارکان پاکستان اور افغانستان کی سیاست اور سانحہ بہاولپور کے پس منظر سے مکمل طور پر بے بہرہ تھے‘ ایک رپورٹ میں قرار دیا کہ طیارے کی تباہی میں حادثے اور تخریب کاری کے ایک جیسے امکانات ہیں۔ امریکی کانگریس کی ”جوڈیشل سب کمیٹی ان کرائمز“ کی تحقیقات اب تک منظر عام پر نہیں آ سکی جس میں جنرل اختر عبدالرحمن شہید کے فرزند اور غیرسرکاری شخصیات میں شاید سب سے زیادہ معلومات رکھنے والے ہارون اختر نے 5 گھنٹے کی شہادت میں بہت سے حقائق پیش کئے تھے۔ خاندان سے قریبی رابطہ رکھنے والے ایک ذریعے کے مطابق وہ اپنے ساتھ طیارے کے ملبے سے ملنے والے بعض کاغذات اور دوسری چیزیں بھی لے گئے تھے جو امریکیوں کو دی گئیں کہ وہ لیبارٹریوں میں ٹیسٹ کرنے کے بعد حادثے کے اسباب کا سراغ لگانے کی کوشش کریں لیکن مہینوں بعد یہ چیزیں انہیں کچھ بتائے بغیر لوٹا دی گئیں۔
جنرل مرزا اسلم بیگ:
کیا 17 اگست 1988ء کو وائس چیف آف آرمی سٹاف کے منصب پر فائز جنرل مرزا اسلم بیگ اپنے باس صدر ضیاء الحق کے قتل میں ملوث تھے؟ یہ سوال غیرملکی اخبارات اور ملک کے اندر نجی گفتگووٴں میں تین سال سے زیربحث ہے لیکن کھلے عام کسی اخبار یا رہنما کو اس پر سوچنے یا بحث کرنے کی جرأت نہیں ہوئی۔ نجی طور پر تحقیقات کرنے والے بعض ذرائع صدر کی شہادت کے فوراً بعد انہیں ہیرو قرار دیتے لیکن ساتھ ہی پردہ پوشی پر تلے ہوئے جرنیل کے بارے میں شکوک کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ بعض ذمہ دار ذرائع کے شبہات اور اعتراضات دو تھے۔
1- جنرل مرزا اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ جس وقت سی 130 تباہی سے دوچار ہوا‘ ان کا طیارہ فضا میں تھا۔ ان ذرائع کا اصرار تھا کہ یہ درست نہیں اور یہ کہ اس وقت جنرل بیگ کا جہاز بہاولپور کے ہوائی اڈے پر کھڑا تھا۔ شہداء کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بعض افراد بھی یہی دعویٰ کرتے ہیں۔ اس امر کی کوئی واضح اور قابل قبول توجیہ سامنے نہیں آئی کہ جنرل مرزا اسلم بیگ نے یہ بیان کیوں دیا۔
2- شہداء کے خاندانوں کو یقین ہے کہ جنرل مرزا اسلم بیگ نے صدر کی طرف سے طیارے میں سوار ہونے کی دعوت سے معذرت کرتے ہوئے ملتان کے جس اجلاس کا حوالہ دیا تھا اس کا کوئی وجود نہ تھا۔ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کوئی اجلاس ہوتا تو اس کا ایجنڈا اور سرکلر جاری ہونا چاہئے تھا۔
جنرل مرزا اسلم بیگ کا دفاع کرنے والے کہتے ہیں کہ اگر وہ اس منصوبے کا مرکزی کردار تھے تو انہیں اس سے کیا فائدہ پہنچا؟ ایک وائس چیف آف آرمی سٹاف محض چیف آف سٹاف بننے کے لئے اتنا بڑا خطرہ مول نہیں لے سکتا۔ کیا انہوں نے یہ سب کچھ‘ صدر غلام اسحاق خاں محترمہ بے نظیر بھٹو اور امریکہ کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا؟ اپنے طور پر تحقیقات کرنے والی ایک اہم شخصیت سے جب مرزا اسلم بیگ کے کردار پر روشنی ڈالنے کے لئے کہا گیا تو ان کا جواب تھا ”وہ اپنے بارے میں شبہات ختم نہیں کر سکے؟ لیکن یہ تو ظاہر ہے کہ وہ منصوبہ بندی کرنے والے شخص نہیں ہو سکتے۔ اگر ایسا ہوتا تو وہ اقتدار پر فائز ہوتے البتہ یہ عین ممکن ہے کہ انہیں پہلے سے حادثے کے بارے میں اشارہ یا انتباہ کر دیا گیا ہو لہٰذا انہوں نے خطرناک طیارے میں سوار ہونے سے گریز کیا۔ یہ پوری طرح واضح ہے کہ وہ ملک میں پردہ پوشی کرنے والے سب سے اہم کردار تھے۔ انہوں نے پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت نہ دی اور نہ ہی بعدازاں تحقیقات کی۔ صرف وہی ایک شخص تھے جو فوج میں موجود ایسے افسروں کا تحفظ کر سکتے تھے جو ممکنہ طور پر سازش میں شریک تھے۔ صدر ضیاء الحق کی شہادت سے بے نظیر کو اقتدار ملنے تک وہی سب سے طاقت ور شخص تھے۔ ان کی مرضی اور اجازت کے بغیر کچھ نہیں ہو سکتا تھا۔“
ذمہ دار ذرائع کو یقین ہے کہ کم ازکم دو اعلیٰ فوجی افسر سانحہ بہاولپور کی سازش میں شریک تھے۔ نہ صرف سانحہ کی منصوبہ بندی کرنے والے مرکزی دماغ (Master Mind) سے ان کا رابطہ تھا‘ بلکہ یقینی طور پر الذوالفقار کے ان کارندوں سے بھی ان کا براہ راست یا بالواسطہ رابطہ موجود تھا جو 2 اگست سے 17 اگست تک بہاولپور میں موجود رہے جن افسروں پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے‘ وہ اب بھی فوج سے وابستہ ہیں اور شکوک وشبہات کے درمیان اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
الذوالفقار:
سانحے کے بعد مختلف اوقات میں تحقیقات کرنے والی تمام ایجنسیاں اور ذرائع اس پر متفق ہیں کہ 17 اگست کو الذوالفقار کے متعدد ایجنٹ بہاولپور میں موجود تھے۔ ان کی تعداد 25 بتائی جاتی ہے تاہم کم از کم سات افراد ایسے ہیں جن کے نام‘ جائے قیام اور دوسری تفصیلات مستند طور پر معلوم کر لی گئی تھیں۔ ان میں سے کچھ لوگ ہوٹلوں میں اور بعض 1988ء میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے مقامی ایم پی اے کے بھائی کے ہاں ٹھہرے ہوئے تھے جو دہشت گردی کے جرم میں سزا کاٹ چکا تھا۔ آئی ایس آئی کے اپنے طور پر تحقیقات کرنے والے بعض ریٹائرڈ افسروں کو یقین ہے کہ الذوالفقار کے ان ایجنٹوں کے پاس دو متبادل منصوبے تھے۔ ان میں سے ایک کے تحت طیارے کو اترتے وقت میزائل سے تباہ کیا جانا تھا اور دوسرے کے تحت جرنیلوں کو اس وقت قتل کرنے کی کوشش کی جاتی جب وہ مسجد میں ظہر کی نماز پڑھ رہے ہوتے۔ ظہر کی نماز کی جگہ تبدیل کر دی گئی لیکن سوال یہ ہے کہ پہلے منصوبے پر کیوں عمل نہ ہوا؟ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ چونکہ زہریلی گیس کے ذریعے طیارے کے تمام مسافروں کو قتل کرنے کی سازش منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھتی نظر آ رہی تھی لہٰذا اس تجویز کو ترک کر دیا گیا۔ تمام ایجنسیوں کو یقین ہے کہ زہریلی گیس کی یہ ڈبیا الذوالفقار کے کارندوں ہی کے ذریعے بہاولپور پہنچی‘ البتہ اسے جہاز میں نصب کرنے کی ذمہ داری غالباً دوسرے ہاتھوں نے انجام دی۔“ کیا سانحہ کی مرکزی منصوبہ بندی الذوالفقار کے لوگوں نے کی؟ بعض اوقات صدر ضیاء ا لحق شہید کے صاحبزادے اعجاز الحق کے بیانات سے یہ تاثر ابھرتا ہے لیکن باخبر اور معتبر ذرائع کے مطابق حقیقت صرف یہ ہے کہ آخرکار جس منصوبے پر عمل ہوا اس میں الذوالفقار کے کارندوں کا کردار زہریلی گیس کی ڈبیا فراہم کرنے کے سوا کچھ نہ تھا جس سے پائلٹ سمیت طیارے کے تمام مسافر بے ہوش ہو گئے۔
اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ حادثے کی مرکزی منصوبہ بندی کس نے کی؟ ماہرین میں اس پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ یہ ایک طاقت ور خفیہ ایجنسی کے سوا کوئی نہیں ہو سکتا۔ کون سی ایجنسی؟ اس میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ جہاں اکثر ماہرین کا خیال ی ہے کہ یہ امریکہ کی سی آئی اے ہے جس سے افغانستان میں صدر ضیاء الحق نے اپنا راستہ الگ کر لیا تھا‘ شہداء کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کے خیال میں یہ کے جی بی ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں یہ دلیل دی جاتی ہے کہ روسی افغانستان سے پسپائی کے باوجود عملاً افغانستان میں رہنا چاہتے تھے اور 1987ء میں امریکیوں سے مکمل مفاہمت کے بعد جس میں ”بنیاد پرستوں“ کی حکومت روکنے اور ظاہر شاہ کو اقتدار میں لانے کی تجاویز شامل تھیں‘ اب روسیوں کو اس امر کا کوئی اندیشہ نہ تھا کہ امریکی اس سے ناخوش ہوں گے۔ اگر طیارے کی تباہی کا منصوبہ امریکیوں کی بجائے روسیوں نے بنایا تو لازمی طور پر اس کے لئے امریکیوں سے گرین سگنل حاصل کیا گیا۔ یہ نقطہ نظر رکھنے والے ذرائع امریکیوں کے اس مشورے کا حوالہ دیتے ہیں کہ جو حادثے کے فوراً بعد حکومت پاکستان کو دیا گیا کہ ”روسی ریچھ کی دم مروڑنے کی کوشش نہ کی جائے“ اس سازش میں ”را“ کا ملوث ہونا شک وشبہ سے بالاتر ہے۔ الذوالفقار کے ایجنٹ بہاولنگر کی سرحد سے پاکستان میں داخل ہوئے اور کم ازکم دو معتبر ذرائع کو یقین ہے کہ اس تنظیم کا سربراہ مرتضیٰ بھٹو 17 اگست کو دہلی کے اشوکا ہوٹل میں مقیم تھا۔
تحقیقات:
حادثے کے فوراً بعد فضائیہ کا ایک تحقیقاتی بورڈ مقرر کیا گیا جس نے بے نظیر کے اقتدار سنبھالنے سے چند روز پہلے اپنی رپورٹ میں اس المیے کو تخریب کاری کی واردات قرار دیا۔ رپورٹ کے الفاظ یہ تھے ”ایسے تکنیکی اسباب کی عدم موجودگی میں جو حادثے کا سبب بنے ہوں‘ بورڈ کو یقین ہے کہ حادثہ سبوتاژ کی ایک مجرمانہ کارروائی تھی۔“ بورڈ نے مجرموں کا سراغ لگانے کے لئے الگ سے تحقیقات کرانے کی سفارش کی۔ ایک ذمہ دار ذریعہ کو اصرار ہے کہ فضائیہ کے بورڈ نے زہریلی گیس کے استعمال کا سراغ لگا لیا تھا لیکن طاقت ور لوگوں کے دباوٴ پر واضح الفاظ میں یہ نتیجہ بیان کرنے سے گریز کیا گیا۔ اگرچہ بورڈ نے اپنا حتمی نتیجہ اور سفارش تبدیل نہ کی۔ فضائیہ کے بورڈ کی سفارش کی روشنی میں صدر نے فوراً ہی خفیہ ایجنسیوں کے افسروں پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی۔ ایک وفاقی سیکرٹری مسٹر ایف کے بندیال کو رابطہ افسر مقرر کیا گیا۔چند ہفتے بعد ہی عالمی اخبارات نے لکھنا شروع کیا کہ یہ کمیٹی سرے سے تحقیقات نہیں کر رہی۔ ان میں دنیا میں سب سے زیادہ شائع ہونے والا جریدہ ریڈرز ڈائجسٹ بھی شامل تھا۔ اس وقت محترمہ بے نظیر بھٹو اقتدار میں آ چکی تھیں اور یہ سامنے کا نکتہ تھا کہ اس سازش میں الذوالفقار شامل ہے۔ مسٹر ایف کے بندیال نے ریڈرز ڈائجسٹ کے ایڈیٹر کو ایک تفصیلی خط لکھا جس میں ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ تحقیقات شد ومد سے جاری ہے۔ اگلے روز ہی جناب اعجاز الحق نے تردید کر دی۔ آج تک کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر نہیں آ سکی۔
1989ء کے وسط تک یہ بات پوری طرح واضح ہو چکی تھی کہ بے نظیر حکومت نے تحقیقات روک دی ہے جبکہ ضیاء الحق فاوٴنڈیشن کے پلیٹ فارم سے قاتلوں کا پتہ چلانے کا مطالبہ شد ومد سے جاری تھا۔ جولائی 1989ء میں پنجاب کے وزیراعلیٰ اور اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ میاں نواز شریف نے ملتان کے ایس ایس پی احمد نواز خان نیازی کو لاہور طلب کیا اور ان سے حادثے کی تحقیقات شروع کرنے کے لئے کہا‘ جیسا کہ ان کا مزاج ہے۔ انہوں نے پولیس افسر کو پوری حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ آزادی سے کام کرے۔ نیازی چند روز کے اندر یہ معلوم کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ الذوالفقار کے ایجنٹ 2 اگست سے بہاولپور میں موجود تھے۔ اس نے پنجاب پولیس کے توسط سے ایف آئی اے سے اب تک کی تحقیقات کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن ایف آئی اے کے صدر دفتر نے متعلقہ فائلیں فراہم کرنے سے انکار کر دیا‘ جلد ہی نیازی شکایت کرنے لگا کہ اس کے اپنے محکمے کے علاوہ آئی ایس آئی بھی اس کی نگرانی کر رہی ہے جس سے جنرل حمید گل کو الگ کیا جا چکا تھا۔ وہ 17 اگست کو بہاولپور کے ہوائی اڈے پر موجود فوجی افسروں سے پوچھ گچھ کرنا چاہتا تھا۔ اس نے فوجی رجمنٹوں میں اپنے آدمی بھیجے لیکن انہیں ڈانٹ کر بھگا دیا گیا۔ گھبراہٹ کے عالم میں اس نے وزیراعلیٰ سے رابطہ کرنے کی بار بار کوششیں کیں لیکن یہ کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ نومبر کے آخر میں اخبارات کو نیازی کی کوششوں کا پتہ چل گیا۔ 29 نومبر 1989ء کے اخبارات نے یہ خبر شائع کر دی کہ وہ حادثے کے ذمہ دار الذوالفقار کے ایجنٹوں اور بعض فوجی افسروں کے نام معلوم کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اس پر پنجاب کے آئی جی سلمان قریشی نے ایک تردید ی بیان جاری کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس سرے سے کوئی تحقیقات نہیں کر رہی۔ اگلے ہی روز وزیراعلیٰ نواز شریف نے لاہور کے ہائی اڈے پر اخبار نویسوں کو بتایا ”پنجاب پولیس تفتیش کر رہی ہے اور کچھ پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ نے بھی ہم سے اس سلسلے میں رپورٹ مانگی ہے‘ جو ہم پیش کریں گے۔“ 3 دن بعد 4 دسمبر کو آئی جی نے اس وقت ٹیلیکس کے ذریعے بھیجے جانے والے ایک پیغام کے ذریعے ڈی آئی جی ملتان کو تحقیقات روکنے کا حکم دیا‘ جب وزیراعلیٰ عمرہ کرنے روانہ ہو چکے تھے۔ شہداء کے وارثوں نے پریشانی کے عالم میں ان کے بھائی شہباز شریف سے رابطہ کیا۔ 8 دسمبر کو ایک بار پھر آئی جی کا ایک اور تردیدی بیان چھپا اور انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری رہے گی۔ چند روز گزرے تھے کہ احمد نواز خان نیازی کا تبادلہ ملتان سے لاہور کر دیا گیا اور تفتیش ایک دوسرے افسر کو سونپ دی گئی۔ بعد میں کچھ معلوم نہ ہو سکا کہ اس معاملے کا کیا ہوا اور سب کچھ اس طر ح فضا میں تحلیل ہو گیا جیسے بتدریج شفق تحلیل ہو جاتی ہے۔ ضیاء الحق فاوٴنڈیشن سمیت اب اپوزیشن کی تمام قوتوں کی ساری توجہ بے نظیر حکومت کے خاتمے پر مرکوز تھی۔ انہی دنوں ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوئی اور اس کی ظاہری ناکامی کے باوجود حکومت کے خلاف ردعمل آگے بڑھتا گیا۔ اب سانحہ 17 اگست کی تحقیقات کا معاملہ مکمل طور پر پس منظر میں چلا گیا۔
6 اگست کو بے نظیر کی برطرفی اور عبوری حکومت کی تشکیل کے بعد انتخابات کا غلغلہ اٹھا۔ اب تحقیقات کی طرف توجہ دینے اور دلانے کا سوال ہی نہ تھا۔ ہر چیز نئی حکومت کی تشکیل سے وابستہ تھی۔
اکتوبر 1990ء کے آخری ہفتے میں جناب نواز شریف نے قومی اسمبلی کے دو تہائی ارکان کی حمایت سے اقتدار سنبھالا اور جناب اعجاز الحق ان کی کابینہ میں محنت اور سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر بنا دیئے گئے۔ نہ صرف یہ بلکہ ان کے بھائی ڈاکٹر انوار الحق بھی جنہوں نے لاہور سے انتخاب لڑا تھا‘ صدر ضیاء ا لحق شہید کے نام سے چڑنے والے غلام حیدر وائیں کی کابینہ میں صوبائی وزیر بن گئے۔ اب تحقیقات کے راستے میں کون سی رکاوٹ تھی؟ اسلامی جمہوری اتحاد کی حکومت تشکیل پائے چھ ماہ گزر گئے حتیٰ کہ سانحہ 17 اگست کی تیسری برسی کی تیاریوں کا سوال اٹھا۔ اخبار نویسوں اور ضیاء الحق فاوٴنڈیشن کے کارکنوں نے جو ہمایوں‘ اعجاز اختلافات کی افواہوں سے آزردہ تھے‘ کرید کرید کر پوچھنا شروع کیا کہ آغاز کار کیوں نہیں ہو رہا۔ تب یکایک وزیر داخلہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں ایک کمیٹی کے قیام کی خبر آئی لیکن اس کمیٹی کی اب تک کی کارکردگی یہ ہے کہ اس نے بعض شہداء کے خاندانوں تک سے رابطہ نہیں کیا۔
گزشتہ سال جون میں داخلہ کے سابق وفاقی وزیر اور اوجڑی کیمپ کی تحقیقاتی کمیٹی کے سابق رکن جناب اسلم خٹک نے اس نامہ نگار سے کہا تھا کہ اگر کوئی نیک نیتی سے جستجو کرنے پر آمادہ ہو تو ایک خرانٹ تھانیدار دو ہفتے میں مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کر سکتا ہے۔ ایک سال گزرنے کے بعد اب صورت حال کیا ہے؟ یہ سوال نجی طور پر تحقیقات کرنے اور اہم معلومات جمع کرنے والے ایک ذمہ دار ذریعے سے پوچھا گیا‘ ان کا جواب یہ تھا ”چار سے چھ ہفتے کے اندر پلاٹ کا بڑا حصہ سامنے آسکتا ہے لیکن بے دلی سے نہیں‘ مکمل یکسوئی سے کی جانے والی تحقیقات سے۔“ ان کا اندیشہ یہ تھا کہ امریکی ایف بی آئی کی طرح جس نے اخبارات کے دباوٴ کی وجہ سے آخرکار ایک ٹیم پاکستان بھیجی‘ شجاعت کمیٹی بھی ایک گول مول رپورٹ لکھ دے گی‘ جس سے معاملہ سلجھنے کی بجائے کچھ اور الجھ جائے گا یا بندیال والی کمیٹی اور پنجاب پولیس کی طرح معاملے کو لٹکتا ہوا چھوڑ دیا جائے گا۔“ بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ کیا خود شہداء کے وارثوں نے تفتیش کے مطالبے میں کوتاہی نہیں کی۔ کیا ایسا نہیں ہے کہ ایک پورا سال اعجاز الحق نے وزارت کے مزے لوٹنے اور ہمایوں اختر خان نے وزارت کا تعاقب کرتے ہوئے گزار دیا۔ اس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لئے اعجاز الحق اور ہمایوں اختر سے رابطے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اعجاز الحق برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبے کے دورے پر ہیں اور ہمایوں بھی شہر سے باہر تھے‘ لیکن ان کے ایک انتہائی قریبی دوست نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ پہلے بدترین مشکلات میں تحقیق اور دباوٴ جاری رکھنے والے جنرل اختر عبدالرحمن کے صاحبزادوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ”انہوں نے اپنی ذاتی حیثیت میں بہترین کوششیں کر ڈالیں لیکن اب وہ خود کو بے بس پاتے ہیں۔“ کیا ہمایوں اختر کی طرح صدر غلام اسحاق خاں اور وزیراعظم نواز شریف بھی بے بس ہیں؟ کیا ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خاں اور 1971ء میں پاکستان توڑنے والوں کی طرح 1988ء میں افغانستان اور کشمیر کی آزادی کا خواب دیکھنے والوں کے قاتل بھی مصلحت کوشیوں کی وجہ سے محفوظ رہیں گے… کیا اس سرزمین پر کسی مجرم کے لئے کوئی سزا نہیں؟ اور کیا اس کے بعد بھلائی اور نجات کا کوئی راستہ باقی رہ جاتا ہے؟
(بشکریہ: ہفت روزہ تکبیر‘ 22 اگست 1991ء)









آزادیٴ کشمیر کے لئے صدر ضیاء الحق کا اہم منصوبہ
                ( بھارتی اخبار کی رائے میں )
بھارتی اخبار ”انڈین ایکسپریس“ نے اپنی 8 جولائی کی اشاعت میں انڈین ڈیفنس ریویو کے حوالے سے شہید صدر کی یہ تقریر شائع کی۔ اخبار کے مطابق انہوں نے اپریل 1988ء کو یہ تقریر اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کی تھی۔ اخبار لکھتا ہے کہ ”اگست 88ء میں جنرل ضیاء الحق کی حادثاتی موت اور بے نظیر کے برسراقتدار آنے کے باوجود اس منصوبے پر عملدرآمد بہت کم متاثر ہوا۔ اب بھی غالب امکان اس بات کا ہے کہ نئی حکومت کی امکانی پابندیوں کے باوجود یہ تنظیم (آئی ایس آئی) کشمیر میں جنرل ضیاء الحق کے لائحہ عمل پر کام جاری رکھے گی۔“ اخبار نے آزادیٴ کشمیر کے سلسلہ میں صدر ضیاء کے اس منصوبے کو ”آپریشن ٹاپیک“ کا نام دیا ہے۔ اس سلسلہ میں تشویش کی بات یہ ہے کہ صدر ضیاء کی یہ اہم تقریر‘ جو سرکاری فائلوں میں موجود تھی‘ بھارت کے سرکاری دفاعی جریدے کو کن ذرائع نے پہنچائی؟ وزیراعظم کے دورہٴ برطانیہ کے موقع پر بھی‘ اہم قومی رازوں کے افشاء کی تفصیلات اخباروں میں چھپ چکی ہیں۔ یہ صورت حال محب وطن حلقوں کی جانب سے عائد کئے جانے والے اس الزام کو تقویت دیتی ہے کہ آئی ایس آئی کی قیادت میں حالیہ تبدیلی کے بعد‘ رازداری کا نظام کمزور ہو گیا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ اس سوال کا جواب حکمرانوں کے ذمے ہے۔ ہم یہ تقریر معاصر عزیز ”آواز جہاں“ کے شکریے کے ساتھ شائع کر رہے ہیں:
حضرات اس منصوبے پر میں پہلے بھی بات کر چکا ہوں‘ اس لئے میں یہاں تفصیل بیان نہیں کروں گا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ اسلام کی خاطر ہماری توجہ افغانستان پر مرکوز ہے‘ جس کے باعث میں یہ منصوبہ اس سے قبل آپ کے سامنے پیش نہیں کر سکا تاہم اس بات میں کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کہ ہمارا نصب العین‘ آزادیٴ کشمیر‘ بڑا واضح اور پختہ ہے۔ اب ہمارے کشمیری بھائیوں کو بھارت کے زیرتسلط زیادہ دیر نہیں رکھا جاسکتا۔ ماضی میں ہم فوجی حل تلاش کرتے رہے مگر ناکام ہوئے‘ چنانچہ جیسا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اب ہم فوجی راستہ سب سے آخر میں‘ جب اور جہاں ضرورت ہو گی‘ فیصلہ کن وار کے لئے ہی اختیار کریں گے۔ اس وادی میں ہمارے جو کشمیری بھائی ہیں‘ لوگ دل وجان سے ہمارے ساتھ ہیں‘ مگر ہیں بہت سادہ لوح۔ اس لئے غیرملکی تسلط کے خلاف اس قسم کی جنگ نہیں لڑتے جس کے کہ پنجابی یا پٹھان فطری طور پر عادی ہیں۔
تاہم کشمیریوں میں چند ایسی خوبیاں بھی ہیں جنہیں ہم استعمال کر سکتے ہیں۔ پہلی یہ کہ وہ بہت تیز فہم اور ذہین ہوتے ہیں۔ دوسری ان میں دباوٴ برداشت کرنے کی صلاحیت ہے اور تیسری یہ کہ مجھے کہنے دیجئے‘ کہ وہ سیاسی سازش کے ماہر ہیں۔ اگر ہم انہیں یہ صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لئے وسائل مہیا کریں تو وہ کام کر دکھائیں گے۔ کسی بھی صورت ہمیں محض ننگی طاقت ہر قسم کی جنگ میں ضروری نہیں ہوتی‘ خاص طور پر ایسی صورت حال میں جو وادیٴ کشمیر میں ہے۔
یہاں ہمیں ایسے جنگی طریقے بروئے کار لانے ہوں گے جنہیں کشمیری ذہن قبول کر سکے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ فوجی آپریشنوں کے بجائے اخلاقی اور مادی وسائل کا مربوط استعمال‘ جس سے دشمن کے حوصلے ٹوٹ جائیں‘ اس کی سیاسی صلاحیت مفلوج ہو جائے اور وہ دنیا کے سامنے ایک غاصب کی حیثیت سے ننگا ہو جائے‘ حضرات یہ مقصد‘ ابتدائی مراحل ہی میں حاصل ہو جائے گا۔
پہلا مرحلہ ضروری ہوا تو ایک دو سال تک جاری رہ سکتا ہے‘ سیاسی تخریب اور سازش کے ذریعے ریاست کے پاور پوائنٹس پر قبضے کی کوشش میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کا ہاتھ بٹائیں گے۔ میں یہاں یہ واضح کرنا چاہوں گا جیسا کہ بھارتی حکومت کی رضامندی کے بغیر مقبوضہ کشمیر میں کوئی حکومت قائم نہیں رہ سکتی‘ اس لئے یہ سوچنا غلط ہو گا کہ ایم یو ایف یا اور کوئی تنظیم‘ جمہوری یا دیگر ذرائع سے اقتدار حاصل کر سکتی ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر اقتدار ’بظاہر“ انہی کے پاس رہنا چاہئے جنہیں بھارتی آشیرباد حاصل ہے تاہم ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ حکمران طبقے میں سے بعض ”حمایت یافتہ سیاست دان“ ایسے ہوں جو ریاست کے تمام موثر اداروں کو مفلوج کرنے کے کام میں ہمارا ساتھ دے سکیں۔ کشمیر کے لئے ہمارا پہلا منصوبہ ”آپریشن ٹاپیک“ مختصراً یوں ہو گا۔
حکومت کے خلاف نچلی سطح کی بغاوت تاکہ یہ گھر تو جائے مگر گرے نہیں کیونکہ ابھی ہم یہ نہیں چاہیں گے کہ بھارت یہاں مرکزی رائج نافذ کر دے‘ تمام کلیدی پوزیشنوں پر ہم اپنے آدمی پہنچائیں گے‘ جو پولیس فورسز مالی اداروں‘ مواصلاتی نظام اور دیگر اہم اداروں میں تخریبی کارروائیاں کریں گے۔
ہم مذہبی بنیادوں پر طلبہ اور کسانوں میں بھارت دشمنی کے جذبات ابھاریں گے تاکہ فسادات اور حکومت مخالف مظاہروں میں ان کا عملی تعاون حاصل ہو سکے۔
ابتدائی طور پر پیراملٹری فورسز سے نمٹنے کے لئے تخریب کاروں اور مسلح دستوں کو منظم کر کے انہیں تربیت دی جائے۔
جموں وکشمیر کے درمیان اور کشمیر اور لداخ کے اندر مواصلاتی لائنیں چوری چھپے کاٹنے کے طریقے دریافت کئے جائیں تاکہ طاقت استعمال نہ کرنی پڑے۔ زوجیلا سے کارگل تک کی سڑک اور خرونگلا سڑک پر ہماری خصوصی توجہ ہونی چاہئے۔
ایک نازک مرحلے پر کشمیر سے توجہ ہٹانے اور ہندووٴں تک کو حکومت سے بددل کرنے کے لئے سکھ انتہاپسندوں کی مدد سے جموں میں دہشت اور انتشار کی فضا پیدا کی جائے۔
وادیٴ کشمیر کے ان حصوں کا عملی کنٹرول حاصل کیا جائے جہاں بھارتی فوج موجود نہیں ہے۔ جنوبی کشمیر ایسا ہی ایک علاقہ ہو سکتا ہے۔
بھارتی فوج کو اپنے ریزرو وادیٴ کشمیر سے باہر رکھنے پر مجبور کرنے کے لئے سیاچن‘ کارگل اور راجوڑی پونچھ سیکٹروں پر زیادہ سے زیادہ دباوٴ ڈالا جائے۔
ایک مخصوص وقت پر خفیہ کارروائیوں کے ذریعے سری نگر‘ پتن‘ کپواڑہ‘ بارہ مولہ‘ بندی پور اور چوکیوالا میں بیس ڈپو اور ہیڈکوارٹرز حملے کر کے تباہ کر دیئے جائیں۔
کچھ افغان مجاہدین جو اس وقت تک آزاد کشمیر میں آباد ہو چکے ہو ں گے ہمارے زیراثر علاقوں میں توسیع کے نقطہ نظر سے منتخب مقامات تک چھپ چھپا کر پہنچ جائیں گے تاہم اس پہلو پر تفصیلی اور گہری منصوبہ بندی کی ضرورت ہو گی۔ 1965ء کے آپریشن جبرالٹر کی ناکامی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنا ہو گا۔
سپیشل فورسز:
آخر میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ افسروں کی قیادت میں افغانوں پر مشتمل ایک سپیشل فورس فضائی پٹیوں اور ریڈیو سٹیشنوں کو تباہ کرنے اور بانہل سرنگ اور کارگل لہہ شاہراہ کو بند کرنے کے لئے حملہ کونے کو تیار کھڑی ہو گی۔
ان کارروائیوں کے ایک خاص مرحلے پر جموں وکشمیر سے متصل علاقوں اور پنجاب میں ہم جارحانہ انداز اختیار کر کے آخری حد تک داخلی دباوٴ بڑھا دیں گے۔
تیسرا مرحلہ:
”تیسرے مرحلے میں آزادیٴ کشمیر اور ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کے تفصیلی منصوبے شروع ہوں گے۔“
”ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں بھارت میں عام انتخابات کے انعقاد اور سری لنکا میں مصروف بھارتی فوجوں کے فارغ ہونے سے پہلے پہلے ہمیں زیادہ سے زیادہ دباوٴ ڈال دینا چاہئے۔ اگر ہم نے مقبوضہ کشمیر کے دوردراز علاقوں میں ابتدائی طور پر ”آزاد کشمیر“ جیسی صورت بھی پیدا کر لی تو اگلا مرحلہ اتنا مشکل نہیں ہو گا جتنا نظر آ رہا ہے۔ اس وقت ہمیں اس بات کا خیال بھی رکھنا ہو گا کہ بھارت کی فوج خاص طور پر بری فوج شمال مشرقی علاقے کی صورت حال اور حال ہی میں سری لنکا کے اندر اپنی مصروفیات کی بناء پر خاصی تربیت پا چکی ہے تاہم کشمیر کی صورت حال کسی قدر مختلف ہو گی۔ یہ قصبوں میں فلسطینی انتفاضہ اور دیہات میں ٹھوس اہداف پر حملہ کرنے کی مجاہدین کی کارروائیوں سے ملتی جلتی ہو گی۔ ان حالات میں وہاں انتشار کی کیفیت بہت ضروری ہے۔“
”اور ہمارے چینی دوست کیا کریں گے؟“
وہ اس سے زیادہ اور کچھ نہیں کر سکتے کہ ان کے مقابل‘ جو بھارتی فوج موجود ہے‘ اسے ہٹانے کا موقع نہ دیں تاہم اس کی ضرورت ہمیں اپنی کارروائیوں کے آخری یا تیسرے مرحلے میں ہو گی۔ یقینی بات ہے کہ اگر ہم سخت مصیبت میں گھر جائیں تو ہمارے چینی اور دیگر طاقت ور دوست کسی نہ کسی طرح ہمیں بچانے آ جائیں گے۔ وہ اس بات کو یقینی بنا دیں گے کہ اگر ہم جیتیں نہیں تو کم ازکم ہاریں بھی نہیں۔
آخر میں میں آپ کو پھر خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ سوچنا کہ ہم بھارت سے براہ راست نمٹ سکتے ہیں‘ تباہ کن ہو گا اس لئے ہمیں محتاط رہنا ہو گا اور فوجی پہلو‘ اس حد تک غیرنمایاں رکھنا ہو گا کہ بھارت ”کم ازکم“ پہلے اور دوسرے مرحلے کی تکمیل سے قبل اپنی مرضی کے محاذ پر حملہ کرنے میں پہل کا کوئی بہانہ نہ تلاش کر سکے۔ ہمیں ہر مرحلے کے بعد کارروائیوں کا پوری سوچ بچار کے ساتھ جائزہ لینا ہو گا کیونکہ بعض حالات میں ہماری سٹریٹجی اور منصوبہ بندی میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ مجھے اس بات پر زور دینے کی ضرورت نہیں کہ ہر مرحلے پر صورت حال کا پوری گہرائی سے جائزہ لینا ہو گا وگرنہ ایسا تعطل پیدا ہو گا جو پاکستان کے لئے بہتر ثابت نہ ہو گا۔
”پاکستان زندہ باد“
(بشکریہ: ہفت روزہ تکبیر‘ 31 اگست 89ء)


یوم آزادی پر شہید صدر کا آخری پیغام

یوم آزادی پاکستان اور نئے ہجری سال 1409ھ کے آغاز کے موقع پر ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آیئے ہم عہد کریں کہ تحریک پاکستان کے زمانے کی طرح متحد اور متفق رہیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 14 اگست کا مبارک دن قائداعظم محمد علی جناح کی اسی جانفشانی اور سعی مسلسل کی کامیابی کا نقطہ عروج ہے جس سے انہوں نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلانے کے لئے کام کیا تھا۔ قائداعظم جس تحریک آزادی کے قائد تھے‘ اس کی اہمیت اظہرمن الشمس ہے۔ اس تحریک کی بنیاد یہ حقیقت تھی کہ امت مسلمہ ان اسلامی اصولوں اور قوانین کے تحت آج کل بھی زندگی بسر کر سکتی ہے جس پر مسلمانوں نے اپنے ہزار سالہ دور عروج میں عملدرآمد کر کے دکھلا دیا تھا۔ تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم کو ان گنت مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا‘ لیکن اپنے عزم واستقلال اور برصغیر کے گوشے گوشے کے مسلمانوں کے تعاون اور امداد سے انہوں نے تمام مشکلات پر فتح حاصل کی۔ اس تاریخی کامیابی کا راز اس حقیقت میں پوشیدہ تھا کہ ایک طرف قائداعظم جیسا نجات دہندہ تھا اور دوسری جانب قوم نے اپنے اتحاد اور دین سے گہرے شغف کی بناء پر اس صدی کا یہ عظیم معجزہ رونما کر دکھلایا۔ اس لئے یوم استقلال کا یہ تقاضا ہے کہ تحریک پاکستان کے جذبے کو اس طرح اجاگر کیا جائے کہ وہ علاقائی‘ لسانی اور گروہی تعصبات پر غالب آ جائے۔ تحریک پاکستان کے دوران ہمارے اتحاد کی بنیاد اسلام تھا۔ یہ ضروری ہے کہ تعمیر پاکستان میں بھی یہی جذبہ ہمیں متحد اور مستعد رکھے۔ یہ بھی حسن اتفاق ہے کہ اس سال 14 اگست کا دن سال ہجری کا آغاز بھی ہے۔ محرم الحرام کے مہینے میں حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے گراں بہا قربانی دے کر تاریخ اسلام میں ایک درخشاں باب اپنے خون سے رقم کیا لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس عظیم الشان واقعے سے اتحاد واتفاق کا سبق حاصل کرنے کے بجائے مسلمان گروہوں اور فرقوں میں تقسیم ہو گئے۔ آپس میں رواداری‘ تحمل اور مروت کا صحیح جذبہ پیدا کرنے کے لئے میں قائداعظم کے وہ الفاظ دہراوٴں گا جو انہوں نے اس سوال کے جواب میں فرمائے تھے کہ آیا وہ شیعہ ہیں یا سنی؟ قائداعظم نے اس کے جواب میں یہ دریافت فرمایا کہ‘ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا کس فرقے سے تعلق تھا؟ اس جملے کی بلاغت واضح ہے۔ ہم بنیادی طور پر اسلام کے ماننے والے ہیں‘ جو مسلمانوں کو ”رحماء بینہم“ کا درس دیتا ہے۔ یہی جذبہ اس جمہوریت کی روح بھی ہے جسے میں اس طرح پروان چڑھانا چاہتا ہوں کہ وہ ”مشاورت“ کے اسلامی اصول کے عین مطابق ہو اور ہم سب کو ایسے افراد کے انتخاب کی آزادی ہو جو کردار والے ااور اہل ہوں… میرے عزیز ہم وطنو‘ بھائیو اور بہنو! آزادی اور غلامی سے نجات کے اس یوم سعید پر میں آپ سب کو صمیم قلب سے مبارکباد دیتا ہوں۔ آیئے ہم عہد کریں کہ تحریک پاکستان کے زمانے کی طرح ہم متحد اور متفق رہیں گے اور قائداعظم کے زریں اصولوں ”ایمان‘ اتحاد‘ اور تنظیم“ کو ہمیشہ اپنے عمل کی اساس بنائے رکھیں گے۔ اگر ہم تحریک پاکستان کے جذبے سے تھوڑا بہت بھی کام لیں تو یقین مانیے ہمارا پاکستان ایسی طاقت بن کر ابھرے گا‘ جسے دنیا کی کوئی بھی طاقت زیر نہ کر سکے گی۔
(بشکریہ: ہفت روزہ تکبیر‘ 24 اگست 1989ء)



شہید صدر کی ایک غیرمطبوعہ تقریر… تکبیر میں پہلی بار

ادارہ تکبیر اپنے قارئین کی خدمت میں شہید صدر ضیاء الحق کی ایک غیرمطبوعہ تقریر پیش کر رہا ہے جو انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں 19 جون 1987ء دعوہ اکیڈمی کی جانب سے تیسرے لیڈرشپ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں کی تھی۔ اس تقریر کے دوران ایک موقعہ پر شہید صدر ضیاء الحق شہید نے پریس سے متعلق تمام افراد کو ہال سے باہر بھیج دیا اور کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا‘ شدت جذبات سے ان کی آواز رندھ گئی اور آنسو جاری ہو گئے۔ ایسا سماں بندھ گیا کہ حاضرین بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی ہچکیاں بندھ گئیں۔ ہم اسی خصوصی حصے کو من وعن بقایا تقریر کے خلاصے کے ساتھ قارئین کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ نصلی علی رسولہ الکریم
میں مسلمانوں کی ایک جماعت کا بڑا مداح ہوں‘ جو نہ صرف پاکستان میں بہت فعال ہے بلکہ ملک سے باہر بھی کام کر رہی ہے اور کئی ممالک میں ان کا نظم ونسق ہے۔ اگرچہ بدقسمتی سے میں اس جماعت کا جو تبلیغی جماعت کہلاتی ہے‘ کارکن نہیں ہوں‘ لیکن ان کے اخلاص کو دیکھ کر مجھے خیال آیا کہ ایک مخصوص جماعت یا مسلمان کا ایک طبقہ ہی دعوت دین کے کام کا ذمہ دار نہیں ہے بلکہ ایک مسلمان ملک کی حکومت کو بھی لازماً اشاعت اسلام کا کام انجام دینا چاہئے۔ چنانچہ پہلا قدم ہم نے یہ اٹھایا کہ 78ء کے بجٹ میں صرف دعوت کے کام کے لئے ایک کروڑ روپیہ وقف کر دیا جسے ہماری پہلی عاجزانہ کوشش سمجھا جا سکتا ہے۔ 79ء میں بھی ہم نے یہی کیا اور 80ء میں ہم نے رقم بڑھا دو کروڑ کر دی۔ تعجب ہوتا ہے کہ 78ء میں ہم ایک کروڑر وپے کی رقم پوری خرچ کرنے کے قابل نہیں تھے لیکن پھر ایسا وقت آیا کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم اسلامی یونیورسٹی بنانے کے قابل ہو گئے جو 80-81ء سے عمدہ طور پر کام کر رہی ہے۔
ہم نے مختلف افراد سے تبادلہ خیال کے بعد محسوس کیا کہ دعوت وتبلیغ کے کام کا اصل ہتھیار وزارت مذہبی امور نہیں‘ بلکہ ایک اسلامی یونیورسٹی ہے چنانچہ اس طرح پاکستان میں ہم نے دعوت کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اسلامی یونیورسٹی ایک خودمختار ادارہ ہے لیکن اسے حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور حکومت انہیں وسائل فراہم کرتی ہے۔
میں اکثر سوچتا ہوں کہ دعوت وتبلیغ کے لئے کون کون سی شرائط کو پورا ہونا چاہئے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ مجھ سے زیادہ واقف ہیں کیونکہ میں ایک باقاعدہ مبلغ نہیں ہوں لیکن یہ آپ ہیں جو اسلام کا درد رکھتے ہیں اور دعوت کی حکمت سے آگاہ ہیں۔ ہر شخص داعی یا مبلغ نہیں بن سکتا۔ اس سلسلے میں رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی مثال موجود ہے۔ جب آپ ﷺ نے اذان کو متعارف کرایا تو خود اذان نہیں دی بلکہ حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو منتخب کیا جن کی آواز ایسی تھی جو لوگوں کے لئے کشش رکھتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ حبش کے رہنے والے سیاہ فام حضرت بلال عالم اسلام کے پہلے موذن مقرر کئے گئے۔ اس مثال سے معلوم ہوتا ہے کہ دعوت کے لئے صرف ذرائع ووسائل اور علم ہی کافی نہیں ہے۔ داعی کو خود بھی لازمی طور پر دعوت کا نمونہ ہونا چاہئے۔ عوام کو صرف دو طریقے سے متاثر کیا جا سکتا ہے۔ اولاً گفتگو سے اور ثانیاً کردار سے۔ دنیا بھر میں انہی دو طریقوں سے لوگوں کو کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ جبراً بھی دعوت کا کام کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے اثرات دیرپا نہیں ہو سکتے لہٰذا جب آپ ایسے افراد تیار کرنا چاہتے ہوں جو دعوت کے کام کے لئے موزوں ہوں تو ان میں لازمی طور پر یہ دونوں خصوصیات موجود ہونی چاہئیں‘ یہی میری گفتگو کا خلاصہ ہے۔ اگر آپ علم رکھتے ہیں لیکن اس پر عمل پیرا نہیں ہیں تو ایسا علم بے کار ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ دعوہ اکیڈمی اس بات پر بھرپور توجہ دے گی۔
ایک بات جو توجہ کی طالب ہے وہ یہ کہ دین کی تڑپ رکھنے والا کوئی سچا داعی ایسا ہے جس نے کسی ایک شخص کو باعمل مسلمان میں تبدیل کر دیا ہو؟ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو پیغمبر بنا کر بھیجا لہٰذا حضور صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کے لوگوں کے پاس گئے‘ اورقریش کو اسلام قبول کرنے پر آمادہ کرنا چاہا لیکن آپ کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک وقت ایسا آیا کہ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ یا اللہ ابوجہل اور عمر دونوں یا ان دونوں میں سے کسی ایک کے ذریعے میری مدد فرما۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے پیغمبر بنا کر بھیجا تھا۔ آپ کو اللہ کی حمایت ونصرت حاصل تھی لیکن ایک موقع پر جب آپ نے خود کو مجبور تصور کیا تو دعا کی کہ یااللہ ابوجہل اور عمر میں سے کسی ایک کے ذریعے میری مدد فرما اور آپ کو عمر ابن خطاب کی حمایت عطا کی گئی۔ لہٰذا دعوہ اکیڈمی کو ایک عمر تلاش کرنا چاہئے۔ اگرچہ ہم ان کے برابر نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ اصحابِ رسول میں سے تھے۔ ہم تو ان کے پیروں کی خاک کی حیثیت بھی نہیں رکھتے لیکن پھر بھی اس پرآشوب دور میں بھی آپ کو ڈھونڈ سکتے ہیں۔ موجودہ دور کا عمر‘ ایک عمر کو تلاش کیجئے‘ میں یہ بات آپ سے صرف اس لئے کہہ رہا ہوں کہ آپ داعی ہیں‘ دین کے مبلغ ہیں۔ اگر آپ ایک بلال‘ ایک عمر تلاش کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو آپ کے آدھے مسائل حل ہو گئے۔
چند افراد کو اس کام کے لئے منتخب کریں‘ اللہ کے کام کے لئے‘ پھر بہت سے لوگ آپ کے ساتھ ہوں گے۔ آپ کا کردار‘ آپ کا عمل مثالی ہونا چاہئے کیونکہ لوگ آپ کا کردار دیکھتے ہیں‘ اس بات کی بے حد اہمیت ہے کہ آپ کی بات سنے بغیر لوگ آپ کے متعلق کیا محسوس کرتے ہیں‘ اگر ہم مسلمان ہیں تو ہمیں اسلام پر عمل کرنا چاہئے لیکن جب ہم داعی ہیں تو اس کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے لہٰذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے قول وفعل میں مطابقت جو میرے ایک بھائی نے بتایا کہ آپ کو جو تعاون درکا رہے‘ اس میں ایک امام مسجد بھی شامل ہے‘ تو مجھے بہت حیرانی ہوئی۔ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا۔ اسلام ایک ایسا دین ہے جو باعمل مسلمانوں اور پیشہ ور مبلغین کی تخصیص نہیں رکھتا۔ آپ سب کو داعی ہونا چاہئے۔ ہر مسلمان اپنے خاندان کے لئے‘ اپنے بیٹوں کے لئے‘ اپنے بہن بھائیوں کے لئے‘ اپنے قریب کے لوگوں کے لئے داعی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ اسلام رہبانیت کا درس نہیں دیتا۔ اگر آپ رہبانیت پر یقین نہیں رکھتے تو مساجد میں خصوصی آئمہ کے مقرر کئے جانے پر کیوں زور دیتے ہیں‘ کوئی بھی شخص نماز کی امامت کرسکتا ہے۔ ہاں آپ کو مسجد کی صفائی کے لئے کسی خادم کی ضرورت ہو سکتی ہے لیکن موذن اور امام آپ میں سے ہونا چاہئے۔ جو آپ میں سے بہترین ہو‘ وہی امامت کے لئے موزوں ہو سکتا ہے۔ اگر آپ ایک پیشہ ور تنخواہ دار امام رکھتے ہیں تو نماز کی پچاس فیصد روح تو اسی وقت ختم ہو گئی۔
میں ایک عاجزانہ درخواست آپ سے اور کرنا چاہوں گا۔ آپ شیکسپیئر کا انگریزی میں مطالعہ کر سکتے ہیں یا آپ شیکسپیئر کا اردو ترجمہ بھی پڑھ سکتے ہیں مگر میں تجربے کی بناء پر آپ سے کہتا ہوں کہ اگر آپ شیکسپیئر کا صحیح لطف حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو لازماً انگریزی زبان سے واقفیت ہونی چاہئے۔ اس کے بغیر آپ پوری طرح لطف اندوز نہیں ہو سکتے ہاں البتہ ان کے تراجم کے ذریعے آپ اپنی علمیت میں اضافہ کر سکتے ہیں لہٰذا ہمارے درمیان جو لوگ حقیقی داعی بننا چاہتے ہیں انہیں لازمی طور پر عربی زبان سیکھنے کے لئے دو سال لگانے چاہئیں کیونکہ عربی زبان سے واقفیت کے بغیر آپ قرآن کی صحیح اسپرٹ تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ عربی پڑھنے اور عربی سمجھنے میں بہت فرق ہے۔ میں الف سے ی تک پورے قرآن کی تلاوت کر سکتا ہوں لیکن اگر آپ مجھ سے کسی سورہٴ کی تشریح کرنے کے لئے کہیں تو ہو سکتا ہے کہ میں اپنی محدود معلومات کی حد تک کسی سورہ کا مفہوم واضح کر دوں‘ لیکن درحقیقت میں قرآن کی سورتوں کی وضاحت نہیں کر سکتا کیونکہ میری عربی سے واقفیت نہیں ہے لہٰذا آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ عربی زبان لازمی طور پر سیکھیں۔ یہ چند باتیں میرے ذہن میں تھیں جو میں نے آپ کے گوش گزار کرا دی ہیں۔
(اس مرحلے پر شہید صدر جنرل محمد ضیاء الحق نے صحافیوں اور دوسرے غیرمتعلقہ افراد سے معذرت کی کہ وہ باہر تشریف رکھیں‘ بعدازاں انہوں نے فی البدیہہ اپنے خیالات کا اظہار کیا)
انہوں نے کہا کہ میں آپ سے یہ بات کہنا چاہتا ہوں اور وہ یہ کہ آپ وہ لوگ ہیں جو اسلام کے وارث ہیں۔ آپ مجھ سے بہتر ہیں‘ میرے اندر کوئی اچھائی نہیں ہے۔ اگرچہ میرے والد نے ایک مسلمان گھرانے میں میری پرورش کی‘ میرے پاس اللہ تعالیٰ کو پیش کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ معاشرہ‘ وہ مسلمان جنہوں نے یہ ملک حاصل کیا‘ اس میں میرا کوئی حصہ نہیں ہے۔ آپ لوگ مجھ سے زیادہ بہتر ہیں کیونکہ آپ نے اسلام کو اپنی پسند سے‘ اپنے یقین سے سے اختیار کیا ہے۔ آپ میری طرح حادثاتی طور پر یا پیدائشی مسلمان نہیں ہیں۔ میں آپ کے لئے دعا کرتا ہوں اور آپ بھی لازماً پاکستان کے لئے اور ہم سب کے لئے دعا کریں۔ اس دنیا میں کسی کے لئے ایک اچھا مسلمان ہونے سے زیادہ بہتر اور کوئی چیز نہیں۔ اگر ہمار ایقین ہے کہ یہی واحد راستہ ہے اور اس کے بعد اصل زندگی ہے تو ہمیں ضرور اس کے لئے تیاری کرنا چاہئے۔ وہ تمام بہنیں اور بھائی کامیاب ہیں جو اسلام پر ایمان رکھتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اللہ ہمیں اتنی توفیق اور استطاعت دے گا کہ ہم اپنی تمام استعداد کے ساتھ اسلام پر عمل کر سکیں۔ مجھے امید ہے کہ اللہ ہماری کوششوں کو قبول کرے گا۔ میں ڈاکٹر افضل اور برادر انیس کا بے حد شکرگزار ہوں اور آپ سب کا بھی کہ آپ لوگوں نے مجھے اپنے بھائیوں سے ملاقات کا موقع دیا۔ میرے اندر حوصلہ نہیں تھا ورنہ میں کچھ لوگوں سے معلوم کرنا چاہتا تھا کہ کس چیز نے انہیں اسلام قبول کرنے پر آمادہ کیا(اجلاس میں غیرملکی نومسلم مندوبین بھی موجود تھے) لیکن میرے اندر اتنا حوصلہ نہیں ہے کیونکہ آپ لوگ مجھ سے زیادہ بہتر ہیں‘ اسلام کے لئے زیادہ مخلص ہیں۔ مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کہہ رہے ہوں کہ ضیاء الحق آپ ہم سے کیا پوچھ رہے ہیں‘ آپ ہم سے ہمارے ”ایمان“ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں؟ میں انہیں کس طرح بتا سکتا ہوں کہ مجھ جیسے گنہگار شخص کو کوئی بات یہ جاننے کی ترغیب دیتی ہے کہ کس بات نے میرے بھائیوں کو اسلام قبول کرنے پر آمادہ کر لیا‘ ہم سب مل کر انشاء اللہ ضرور اس قابل ہوں گے کہ اسلام کو پھیلا سکیں کیونکہ اسلام ایک ایسا دین ہے جسے اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے پھیلایا ہے لہٰذا ایسا نہیں ہو سکتا‘ ایسا نہیں ہو سکتا کہ یہ دین ہماری خطاوٴں یا میرے جیسے گنہگاروں کی غفلت سے ختم ہو جائے(یہاں صدر کی آواز رندھ گئی اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے) اسے ضرور عروج حاصل ہو گا کیونکہ بہرحال اللہ سبحانہ وتعالیٰ تمام عالم کا رب ہے۔ اس دنیا کا ہر شخص مسلمان ہو سکتا ہے لیکن ہمارا انتظار نہیں کر سکتا‘ ہمیں اس کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ ہمیں امید ہے کہ اللہ ہمیں کوشش کرنے کی توفیق دے گا۔ میں آپ کا بہت شکرگزار ہوں کہ آپ نے مجھے یہ موقع فراہم کیا۔ میں آپ کے لئے دعا کروں گا اور آپ بھی لازماً میرے لئے دعا کریں۔ اس طرح ہم اس دنیا میں بہتر مسلمان بن سکتے ہیں۔ اللہ ہماری عاجزانہ کوششوں کو قبول کرے اور ہمیں اجر عطا فرمائے کیونکہ ہم سب اسی کے کرم کے محتاج ہیں۔“
وآخرودعوانا ان الحمد للہ رب العالمین
(از: محمود احمد خان‘ بشکریہ: ہفت روزہ تکبیر‘ 24 اگست 1989ء)



















سانحہ بہاولپور اور
 شہادت کے

بعد









حادثے کی تحقیقات میں اعلیٰ سطحی رکاوٹیں
                            فاتح کتاب سے اقتباس    
یہ کئی ماہ پہلے کی بات ہے‘ جنرل اختر عبدالرحمن گالف کورس میں جو گنگ کرتے ہوئے اچانک رکے اور انہوں نے اپنے بیٹے ہارون خاں سے دفعتاً کہا ”ہمیں جو کچھ کرنا تھا ہم نے کر ڈالا‘ لیکن وہ اب ہمیں چھوڑیں گے نہیں۔“ اسرار سے بھرا مختصر سا جملہ کہہ کر وہ پھر سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ یہ ان کے لئے سوچ بچار اور سیر کا وقت تھا اور انہوں نے کبھی اسے گفتگو میں ضائع نہیں کیا تھا۔
جنرل اختر صورت حال کے بار ے میں تشویش کا شکار تھے۔ وہ غور فکر جاری رکھے ہوئے تھے۔ 15 اگست کو وہ رات ڈیڑھ بجے تک آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر امتیاز سے صلاح مشورہ کرتے رہے۔ یہ بہت غیرمعمولی بات تھی کیونکہ وہ رات بارہ بجے سو جانے کے عادی تھے۔ ایک ٹینک کی کارکردگی دیکھنے سے انہیں بہت زیادتی دلچسپی نہیں تھی۔ یوں بھی وہ وقت برباد کرنے والی تقریبات سے دور رہتے تھے۔ بریگیڈیئر امتیاز نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بہاولپور جاتے ہوئے ہچکچائیں نہیں‘ فوج کی ساری قیادت وہاں جا رہی ہے۔
خود صدر بھی بہاولپور جانے کے بارے میں تامل کا شکار رہے تھے لیکن میجر جنرل محمود علی درانی کے مسلسل تقاضوں پر وہ آمادہ ہو گئے جو ان کے ملٹری سیکرٹری رہ چکے تھے اور بھروسے کے آدمی تھے۔
جنرل اختر کو کوئی چیز بے قرار کر رہی تھی۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم اپنے بیٹے اکبر خاں‘ کینیڈا میں غازی خاں اور چند دنوں سے ان کے اصرار پر پاکستانی آئے ہوئے ہمایوں اختر خاں اور ہارون خاں سے لاہور میں فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان میں سے کسی سے ان کا رابطہ نہ ہو سکا۔ دو دن پہلے ان کی اہلیہ نے اپنے خواب میں دو کفن پوش روحوں کو اپنے گھر سے آسمان کی طرف پرواز کرتے دیکھا تھا۔ اگرچہ انہوں نے اس خیال کو اپنے ذہن پر مسلط نہ ہونے دیا اور انہیں تسلی وتشفی دی لیکن وہ مکمل طور پر اسے اپنے ذہن سے جھٹک بھی نہ سکے تھے۔
تین بج کر 46 منٹ پر صدر کا جہاز بہاولپور کے رن وے سے اڑا‘ ان کی دعوت پر امریکی سفیر آرنلڈ رافیل اور پاکستان میں امریکی فوجی مشن کے سربراہ ہربرٹ واسم بھی اس جہاز میں آ بیٹھے لیکن جنرل اسلم بیگ نے صدر کی دعوت قبول نہ کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ راستے میں ایک فوجی اجلاس کے لئے رکیں گے۔ صدر نے کہا ”ہاں! آپ کا جہاز کھڑا ہوا ہے۔“ بہاولپور کے ہوائی اڈے سے صدر کا جہاز اڑنے کے لگ بھگ اڑھائی منٹ بعد بہاولپور کے ٹریفک کنٹرولر نے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ چند لمحے بعد فلائٹ لیفٹیننٹ ساجد چودھری کی آواز سنائی دی۔ ”سٹینڈ بائی“ اس کے بعد خاموشی چھا گئی۔ ٹریفک کنٹرولر نے پھر رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر پھر ”سٹینڈ بائی“ کی قدرے بلند تکرار سنائی دی۔ چند لمحوں میں ایک اور کمزور آواز سنائی دی۔ ”مشہود! مشہود“ خیال ہے کہ یہ صدر کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر نجیب احمد کی آواز تھی۔ کیا کاک پٹ میں بیٹھے لوگ بے ہوش ہو چکے تھے؟ تین بج کر 49 منٹ پر جہاز ہوا میں ہچکولے کھاتا دکھائی دیا اور دو منٹ کے اندر ناک کے بل زمین پر آ رہا۔ یہ بہاولپور کے ہوائی اڈے سے 9 کلومیٹر دور دریائے ستلج کے پار بستی لال کمال کا علاقہ تھا‘ چاروں طرف اگی فصلوں کے درمیان یہ ایک چھوٹا سا ویران قطعہ تھا۔
جہاز اب آگ کا گولہ بن چکا تھا۔ کوئی نہیں جانتا کہ اس آگ کو بجھانے کی کوشش کیوں نہ کی گئی‘ جہاں زندگی کی موہوم سی امید ہو سکتی تھی۔ بیگم ضیاء الحق کے بقول ”وہاں وہ کور تھی جس کا انہوں نے معائنہ کیا تھا لیکن کوئی آگ بجھانے نہ آیا‘ انہوں نے رسیاں باندھ کر گھیرا ڈال دیا۔ لوگ پانی کی بالٹیاں لے کر پہنچ گئے۔ لیکن کسی کو جہاز تک جانے کی اجازت نہ دی گئی۔“
20 اگست کو اسلام آباد کی ایوان صدر سے ضیاء الحق کا جنازہ اٹھا۔ ضیاء الحق کی نامقبولیت پر متفق اخبار نویسوں‘ دانشوروں‘ سیاست دانوں اور حکمرانوں کے لئے یہ ایک حیران کر دینے والا دن تھا۔ ششدر اور مبہوت‘ انہوں نے دیکھا کہ گریہ کرنے والوں میں اپاہج‘ کمزور اور مفلس لوگ کتنی بڑی تعداد میں شامل تھے۔ گریہ کرتی بیوہ عورتیں‘ یتیم اور معذور بچے۔ پھر تحسین کا ایک طوفان اٹھا۔ دنیا کے اہل دانش‘ جرنیل‘ مدبر‘ حکمران‘ ادیب اور شعر اس کو روئے‘ جسے گیارہ سال سے گالی دی جا رہی تھی۔ صرف زبگینو برزنسکی ہی نہیں بہت سے دوسرے باخبروں نے بھی دنیا کو بتایا کہ تاریخ کی لوح ابدیت پر اس کا نام لکھا جانے والا ہے۔
شہید صدر کی مرقد پر پھول برسائے جا رہے تھے۔ جنرل مرزا اسلم بیگ نے اعلان کیا کہ آرمی ہاوٴس کو قومی یادگار میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ ٹی وی سے فلمیں دکھائی جانے لگیں۔ شاعروں نے مصرعوں کو سسکیوں اور حسرتوں سے بنا‘ حتیٰ کہ چاہنے والوں کے لئے غم کی ردا نے جیسے چاند ستاروں کو ڈھانپ دیا…ا ور پھر سوال اٹھا کہ وطن اور اسلام کے ان سپاہیوں کا قاتل کون ہے؟
#    فضائیہ کے تحقیقاتی بورڈ نے شواہد سے ثابت نہ ہونے والے نکات کی نفی کرنے کے Process Of Elimination کے ذریعے قرار دیا کہ حادثے کا کوئی امکان نہیں اور یقینی طور پر یہ تخریب کاری کا واقعہ تھا۔ رپورٹ میں یہ الفاظ ہیں ”ایسے تکنیکی اسباب کی عدم موجودگی سے‘ جو حادثے کا ذریعہ بنے ہوں‘ بورڈ کو یقین ہے کہ حادثہ سبوتاژ کی ایک مجرمانہ کارروائی تھی۔“
مسلم لیگ کے ممتاز قائد چودھری ظہور الٰہی کو قتل کرنے والی دہشت گرد تنظیم ”الذوالفقار“ کے 25 سے زیادہ ارکان 2 اگست کے بعد سے بہاولپور سے مقیم تھے۔ ان میں سے کچھ تو پنجاب اسمبلی کے ایک موجودہ ایم پی اے کے بھائی کے ہاں ٹھہرے ہوئے تھے اور کچھ ہوٹلوں میں۔ ایم پی اے کا یہ بھائی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہو رہا ہے۔
#    اس ایم پی اے کا برادر نسبتی جو اب ایک اعلیٰ منصب پر فائز ہے‘ ایک سرکاری افسر کے گھر میں ٹھہرا ہوا تھا اس کا ہم زلف ہے۔
#    یہ افسروہ ہے جو جہاز گرنے کے بعد نگرانی پر مامور تھا‘ جہاز کا ملبہ اس کے کنٹرول میں تھا۔ اس کے حکم پر ملبے کے گرد کندھے جوڑ کر گھیرا ڈالا گیا اور اس پر پانی ڈالنے اور تصویر بنانے کی اجازت نہ دی گئی۔ اسی نے بہاولپور کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں لاشوں کا پوسٹ مارٹم روکنے کا حکم دیا… اور پھر ان لاشوں کو لکڑی کے تابوتوں میں ڈال کر کیلیں ٹھونک کر اس ہدایت کے ساتھ روانہ کیا گیا کہ کسی کو انہیں کھولنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے بعض رشتہ دار ”الذوالفقار“ میں شامل ہیں۔
#    14 اگست 1988ء کو ”الذوالفقار“ کے دو کارندے بہاولپور ڈویژن کی بھارتی سرحد سے پاکستان داخل ہوتے ہوئے گرفتار کئے گئے۔ ستلج رینجرز نے ان دونوں کو ایک خفیہ ایجنسی کے حوالے کیا۔ بعد میں کچھ معلوم نہ ہو سکا کہ یہ دونوں کہاں گئے۔ وہ ذرائع سو فیصد قابل اعتماد ہیں جنہوں نے ان کی گرفتاری اور سپردگی کی اطلاع فراہم کی ہے۔
#    اس وقت جب سی 130 ہوائی اڈے پر کھڑا تھا اس میں زہریلی گیس کی ایک ڈبیا رکھی گئی‘ اسے کاک پٹ کے ایک پرزے کے سائز کے مطابق بنایا گیا تھا۔ اس پرزے کو نکال کر یہ ڈبیا اس کی جگہ لگا دی گئی۔ اس کا رنگ اور ساخت مکمل طور پر اس پرزے کے مطابق تھی۔ یہ کام نچلے درجے کے ایک افسر نے ایک اہلکار کی مدد سے کیا۔ خاموشی سے تحقیقات کرنے والے ماہرین کو یقین ہے کہ یہ ڈبیا جسے بعدازاں غالباً ریموٹ کنٹرول سے پھاڑ دیا گیا‘ کسی طاقتور خفیہ ادارے نے فراہم کی تھی۔ یہ ڈبیا ”الذوالفقار“ کے ذریعے بہاولپور پہنچی اور جہاز میں نصب کرنے والوں کے حوالے کر دی گئی۔
#    منصوبے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی شرکت سو فیصدی یقینی ہے۔ ایک انتہائی قابل اعتماد ذریعے کے مطابق حادثے کے کچھ عرصے بعد ”را“ کے چار ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں سے دو چکلالہ ایئربیس سے (جہاں سے جہاز روانہ ہوا) اور دو بہاولپور سے پکڑے گئے۔ چکلالہ سے پکڑے جانے والوں نے جہاز اڑانے کے بعد وائرلیس پر بہاولپور میں اپنے دونوں ساتھیوں کو منصوبے پر عملدرآمد کا اشارہ دیا۔ گرفتاری کے بعد ان چاروں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ انہیں کسی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ ان کے خلاف نہ کوئی پرچہ درج کیا گیا اور نہ کوئی قانونی کارروائی کی گئی۔ چاروں کا تعلق بھارت کے ایک شہر سے ہے۔ اس کتاب کی تدوین کے دوران دو بار یہ اطلاع موصول ہوئی کہ یہ لوگ قتل کر دیئے گئے ہیں لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ زندہ ہیں۔
#    اگرچہ حادثے میں سی آئی اے کے براہ راست ملوث ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت مہیا نہیں کیا جا سکتا لیکن طیارے کی تباہی کے بعد امریکی حکومت عزم کے ساتھ پردہ پوشی پر تل گئی۔ حادثے میں دو امریکی شہری ہلاک ہوئے تھے لہٰذا امریکی قانون کے تحت خود امریکیوں کو اس کی تحقیقات کرنی چاہئے تھی مگر ایف بی آئی کی ٹیم کو پاکستان آنے سے روک دیا گیا۔
#    بعض امریکی اخبارات اور کانگریس کے دباوٴ پر حادثے کے دس ماہ بعد ایف بی آئی کی ایک ٹیم اسلام آباد پہنچی۔ اس ٹیم کے ارکان حکومت پاکستان کے مہمان تھے۔ وہ صرف ایک بار اسلام آباد سے باہر نکلے‘ جب وہ سرکاری افسروں کی معیت میں ٹیکسلا کے میوزیم اور کھنڈرات دیکھنے گئے۔ صدر ضیاء الحق کے صاحب زادے اعجاز الحق نے جنرل اسلم بیگ کے پائلٹ سمیت کئی گواہوں سے ان کی ملاقات تجویز کی لیکن وہ ان میں سے اکثر سے نہیں ملے۔
#    نیشنل سکیورٹی کے ڈپٹی ایڈوائزر مسٹر رابرٹ اوکلے جنہوں نے 17 اگست کو ایف بی آئی کی ٹیم کو پاکستان آنے سے روکنے میں اہم کردار دا کیا تھا‘ فوراً ہی پاکستان میں سفیر مقرر کر دیئے گئے۔ کانگریس کی ”ہاوٴس جوڈیشل سب کمیٹی ان کرائمز“ کے سامنے شہادت دیتے ہوئے‘ مسٹر رابرٹ اوکلے سے سوال کیا گیا کہ ایف بی آئی کی ٹیم پاکستان کیوں نہ بھیجی گئی تو ان کا جواب تھا ”کہ کسی کو خیال ہی نہیں آیا۔“ جس قانون (Long Arms Act) کے تحت ایف بی آئی کی ٹیم کو پاکستان آنا چاہئے تھا‘ اس کے نفاذ میں مسٹر اوکلے بہت سرگرم رہے تھے۔ ایک دوسرے موقع پر انہوں نے کہا ”پاکستانی فوج ہی وہ واحد ادارہ تھا جو حادثے کے بعد ملک کو سنبھال سکتا تھا اور ہم اسے عدم استحکام کا شکار کرنا نہیں چاہتے تھے۔“
#    13 اگست کو بہاولپور میں مقیم ایک امریکی راہبہ (نن) کو پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا۔ قاتل کا تعلق ”الذالفقار“ سے تھا جس کے ارکان اس شہر میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ قتل کے اس سنگین واقعہ میں امریکیوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی اور اسے ڈکیتی کی کوشش قرار دے کر معاملہ دفن کر دیا گیا۔
#    ستمبر 1979ء میں جنرل اختر کے صاحبزادے ہارون اختر امریکہ گئے‘ انہوں نے کانگریس کی سب کمیٹی برائے تحقیقات جرائم کے سامنے 5 گھنٹے تک کی شہادت پیش کی۔ انہوں نے جرم کے بعض واضح نشانات سے ارکانِ کانگریس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس معاملے میں بظاہر بڑی دلچسپی ظاہر کی‘ بعد میں کچھ معلوم نہ ہو سکا کہ امریکیوں نے ان شواہد کی بنیاد پر کیا کارروائی کی۔
کیا بریگیڈیئر امتیاز سانحے کے ذمے دار افراد کی فہرست میں شامل ہیں؟ اس کے باوجود کہ وہ جنرل اختر کو جہاز پر سوار کرانے کے ذمہ دار ہیں‘ یہ لازمی نہیں کہ انہیں سازش کا علم ہو۔ 17 اگست کی رات انہیں جس طرح دھاڑیں مار مار کر روتے دیکھا گیا اس سے بھی یہ گمان ہوتا ہے کہ وہ معاملے کو سمجھے بغیر استعمال ہوئے تاہم صحیح رخ میں موزوں طریقے سے کی جانے والی ایک تحقیقات سے اس بارے میں حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔
صدیق سالک مرحوم کے صاحبزادے سرمد سالک نے ناقص حفاظتی انتظامات کے ذمہ دار اداروں کے خلاف دس کروڑ روپے ہرجانے کی رٹ دائر کر رکھی ہے۔ 1989ء کے آخر میں عدالت نے سرمد سالک کے حق میں یکطرفہ طور پر فیصلہ دے دیا کیونکہ حکومت نے اپنا موٴقف پیش کرنے سے گریز کیا تھا۔ بعدازاں حکومت نے اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ ہی میں اپیل دائر کی جو ابھی زیرسماعت ہے۔ اب یہ ایک دوسرے جج کے پاس ہے جب کہ فیصلہ دینے والے جج تبدیل ہو کر لاہور آ گئے ہیں۔
جولائی 1989ء میں وزیراعلیٰ نواز شریف نے ملتان کے ایس ایس پی احمد نواز خان نیازی کو طلب کیا اور کہا کہ وہ پوری آزادی اور ذمہ داری کے ساتھ مجرموں کا سراغ لگانے کی کوشش کریں۔ احمد خان نیازی چند ہفتوں کے اندر یہ معلوم کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ 17 اگست 1988ء کو بہاولپور ”الذوالفقار“ کے سات ایجنٹ تھے۔ اس نے بعض گواہیاں ریکارڈ کیں اور یہ پتا چلا لیا کہ اس میں ”را“ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
اسے اپنی تفتیش آگے بڑھانے کے لئے ایف آئی اے کے تعاون کی ضرورت تھی۔ اس کی تجویز پنجاب پولیس نے سرکاری طور پر ایف آئی اے کو لکھا کہ وہ سانحہ‘ بہاولپور کے سلسلے میں 1988ء میں شروع کی جانے والی اپنی تفتیش کے نتائج سے پنجاب پولیس کو آگاہ کرے اور متعلقہ دستاویزات اس کے حوالے کی جائیں۔ ایف آئی اے کے مرکزی دفتر نے اس درخواست کا کوئی جواب نہ دیا چنانچہ یاددہانی کے کئی خط لکھے گئے اور جب انہوں نے جواب لکھا تو اس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب پولیس کو سانحہ کے ایک سال بعد تحقیقات کا کیوں خیال آیا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت اسلامی جمہوری اتحاد کے کہنے پر سیاسی مقاصد کے لئے تحقیقات کرنا چاہتی ہے۔ پولیس کا جوابی استدلال یہ تھا کہ ملک کے صدر اور 28 اعلیٰ فوجی افسروں کے قتل کی تحقیقات محض اس لئے ختم نہیں کی جا سکتی کہ اس کے نتائج سیاسی ہو سکتے ہیں۔ نیازی نے گواہوں اور شواہد کی بناء پر رائے قائم کی کہ 17 اگست کے سانحہ کی منصوبہ بندی ”را“ نے کی تھی جس کی مدد سے الذوالفقار کے ایجنٹ بہاولپور سے 114 کلومیٹر دور بھارتی سرحد سے پاکستان میں داخل ہوئے۔
حتمی نتائج اخذ کرنے کے لئے وہ 17 اگست کو بہاولپور کے ہوائی اڈے پر حفاظتی انتظامات کے ذمہ دار بعض فوجی افسروں سے پوچھ گچھ کرنا چاہتا تھا۔ اس نے اپنے بعض اہلکار فوجی رجمنٹوں میں بھیجے لیکن کسی نے انہیں گھاس نہ ڈالی۔ نیازی جلد ہی شکایت کرنے لگا کہ نہ صرف تحقیقات سے اچانک الگ ہو جانے والی آئی ایس آئی بلکہ خود اس کا اپنا محکمہ بھی اس کی نگرانی کرتا ہے۔ وہ گھبرایا ہوا تھا‘ اور سہارے کا طالب تھا لیکن کسی نے اس کی مدد نہ کی۔
حکومت پنجاب نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا تو اس نے اس المناک حادثے کے بارے میں جو شواہد جمع کئے ہیں وہ حکومت پنجاب کے حوالے کر دیئے جائیں لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ اس انکار سے بڑا جرم کیا ہو سکتا ہے۔
بدترین اندیشے درست ثابت ہوئے اور 8 ستمبر کو جاری کردہ تردید کی بجائے آئی جی کے 4 دسمبر کے پیغام پر عملدرآمد ہوا۔ کچھ عرصہ بعد احمد نواز نیازی کا تبادلہ ملتان سے لاہور کر دیا گیا۔ آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل حمید گل نے جو سرکاری ملازمت میں رہتے ہوئے سچ بولنے پر مصر تھے اور غیرملکی سازشوں کی مزاحمت کر رہے تھے‘ فروری 1990ء میں سانحہ بہاولپور کی تحقیقات کرنے والی ”وینیٹی فیئر“ کو بتایا تھا کہ ان کے ادارے کو تفتیش سے الگ کیا جا چکا ہے‘ ایف آئی اے سے کسی توقع کا سوال ہی نہیں تھا اور اب پنجاب پولیس کے محاذ پر بھی سازشی جیت گئے تھے جن کے ہاتھ بہت‘ بہت ہی لمبے تھے۔
احمد نواز نیازی اب لاہور میں ہے اور اس کے بارے میں سلمان قریشی کی طرح کئی کہانیاں سننے میں آ رہی ہیں۔ تفتیش اب ایک اور افسر کے سپرد کر دی گئی ہے جسے ابتداء سے کام کا آغاز کرنا ہے۔ کیا وہ آغاز کر سکے گا اور کیا وہ اسے انجام تک پہنچا سکے گا؟
ضیاء الحق اپنے پیچھے کوئی جماعت چھوڑ کر نہیں گئے مگر بے شمار دلوں میں وہ اب بھی زندہ ہیں۔ 17 اگست 1989ء کو اتنے لوگ اسلام آباد میں جمع ہوئے کہ اس شہر نے اپنی تاریخ میں ایسا کوئی اجتماع نہیں دیکھا تھا۔ اعجاز الحق شاید ملک کے واحد غیر سیاسی رہنما ہیں جو تیاری‘ تشہیر اور روپیہ لٹائے بغیر کسی بھی شہر میں ہزاروں لوگوں کو جمع کر سکتے ہیں۔
وہ ایک عجیب جنگ تھی جو افغانستان میں لڑی گئی۔ تاریخ انسانی کی سب سے بڑی چھاپہ مار جنگ‘ تاریخ کی سب سے زیادہ خفیہ جنگ‘ دو جرنیلوں نے یہ جنگ اپنی قوم کے بغیر لڑی اور اپنی فوج کے بغیر بھی‘ ایک خفیہ ادارے کے بل بوتے پر جنگوں کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا‘ شاید آئندہ بھی کبھی ایسا نہیں ہو سکے گا۔ جب وہ لمحہ آیا جس سے آگے تاریخ کی جاودانی تھی تو وہ قتل کر دیئے گئے۔ تکمیل پاتے ایک خواب کے ساتھ وہ بہت سے دوسرے خواب دیکھ رہے تھے۔ افغانستان کے بعد کشمیر کی آزادی کا خواب اور افغانستان میں غائب وحاضر ہو کر لوٹ جانے والی سوویت یونین کی زنجیر میں جکڑے مسلمانوں کی آزادی کا خواب‘ پاکستان‘ ایران‘ ترکی اور آزاد افغانستان پر مشتمل ایک اتحاد کی تشکیل کا خواب جو مسلمانوں کی آزادی کو مکمل کر دے اور صدیوں کے ادبار سے انہیں نجات دلا دے۔ ان کی اپنی قوم تو اس خواب کی رفعت سے آشنا نہ ہو سکی لیکن دشمن اسے پہچان گئے۔ بھارتیوں نے اسے سمجھ لیا جن کے ہاتھوں سے پنجاب اور کشمیر کو نکل جانا تھا۔ روسیوں نے اسے جان لیا جنہیں اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ المناک شکست کا سامنا کرنا پڑ ااور امریکی تو ان جرنیلوں کو خوب جانتے تھے جن کی بہترین کوششوں کے باوجود انہوں نے ایٹمی پروگرام اور ایران پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
1989ء کے وسط میں ایک پاکستانی نوجوان امریکہ گیا۔ اس نے دنیا میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے جریدے سے متعلق ایک اخبار نویس سے ملاقات کی۔ اس کے کمرے میں زخمی افغان بچوں کی تصاویر آویزاں تھیں اور ایک پاکستانی جرنیل… جنرل اختر عبدالرحمن کی تصویر۔ اس نے کہا جب وہ مایوس اور آزردہ ہو جاتا ہے تو وہ ان تصویروں کو دیکھتا اور ان سے اکتساب امید کرتا ہے۔
نومبر 1989ء میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی اخبار نویس کو مقبوضہ کشمیر جانے کا موقع ملا۔ واپسی پر اس نے لکھا کہ ”کشمیر کے ہر گھر میں (ضیاء الحق) کی تصویر مسکراتی ہے۔“
افغانستان سے آنے والے خبر دیتے ہیں کہ ایک ہزار سے زیادہ جنگی مورچوں میں ہر کہیں ان کی تصاویر دیکھی جا سکتی ہیں جنہیں ان کی قوم فراموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وقت اب بھی حرکت میں ہے۔ زمین اور آسمان پر اب بھی اسی کی بادشاہت ہے جس نے انسان کو ارادہ وعمل کا اختیار بخشا اور خواب دیکھنا سکھائے۔ جو شہید ہوئے‘ وہ شہید ہوئے۔ اب یہ ان پر ہے جو زندہ ہیں اور آرزو کر سکتے ہیں۔ کیا وہ آرزو کریں گے یا تاریخ کے چوراہے پر لمبی تان کر سو جائیں گے؟
(یہ مضمون جنرل اختر عبدالرحمن شہید کے حالات وکمالات پر مشتمل کتاب ”فاتح“ کے آخری باب ”گہرا سیاہ راز“ کی تلخیص ہے۔)
















کیاضیاء الحق کو قتل کیاگیا ہے؟
سانحہٴ بہاولپور پر ریڈرز ڈائجسٹ کی خصوصی رپورٹ

”آپ کی جان خطرے میں ہے۔ خدا کے لئے آپ حفاظت کا معقول بندوبست کریں۔“ جون 1988ء میں کابینہ کے ایک خفیہ اجلاس میں سینیٹر محمد اسلم خاں خٹک نے صدر ضیاء الحق کو یہ انتباہ کیا۔ صدر کو یہ انتباہ کرنے سے چند گھنٹے قبل اسلم خٹک کو افغانستان میں اپنے خصوصی ذرائع سے یہ اطلاع ملی تھی کہ افغانستان کی خفیہ تنظیم ”خاد“ نے جو روسی سراغرساں تنظیم کے جی بی کی نگرانی میں کام کرتی ہے‘ پاکستان کے چند سرکردہ رہنماوٴں کو قتل کرنے کے لئے خصوصی دستے مامور کئے ہیں اور اس میں سرفہرست جنرل ضیاء الحق کا نام ہے۔ یہ بات ممتاز جریدے ریڈرز ڈائجسٹ نے سانحہ بہاولپور پر ایک خصوصی رپورٹ میں بتائی ہے۔
جن لوگوں کے قتل کا پروگرام بنایا گیا تھا ان میں جنرل اختر عبدالرحمن کا نام بھی شامل تھا جو ضیاء الحق کے ممکنہ جانشین بھی ہو سکتے تھے۔ افغانستان کے معاملے میں جنرل اختر عبدالرحمن کی کامیابیوں سے جنرل ضیاء الحق کے علاوہ کوئی دوسرا شخص زیادہ باخبر نہ تھا۔ جولائی 88ء کی بات ہے کہ ایک ذاتی ملاقات میں جنرل اختر عبدالرحمن سے ضیاء الحق نے کہا ”تم نے معجزہ کر دکھایا ہے۔ میں تمہارے اس شاندار کارنامے پر تمہیں کیا انعام دے سکتا ہوں۔ تمہارا انعام تو بس خدا ہی کے پاس ہے۔“ ضیاء الحق اور اختر عبدالرحمن نے بلاشبہ اپنی مشترکہ مساعی سے ایک معجزہ کر دکھایا تھا۔ افغانستان میں روس کی پسپائی اور روس کی اس شکست کو اگر اب بھی روکنا کسی طرح ممکن تھا تو بس اسی طرح کہ ان دونوں کو راستے سے ہٹا دیا جائے۔ 1979ء میں جب روس نے افغانستان پر حملہ کیا تو جنرل ضیاء نے افغان تحریک کی مدد کے لئے اختر عبدالرحمن کو نامزد کیا۔ جنرل اختر عبدالرحمن نے انتہائی دانش مندی اور اہلیت کا ثبوت دیا۔ اس نے مجاہدین کو اسلحہ کی فراہمی کا ایک انتہائی خفیہ اور موثر نظام قائم کیا۔ ان کے لئے تربیتی مراکز اور پناہ گاہیں بنائیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ مناسب جدید اسلحہ سے محروم چالیس سے زائد چھاپہ مار گروپوں کے اختلافات کو ختم کر کے انہیں سات تنظیموں کے ایک متحدہ محاذ کی شکل دے دی۔
جنرل اختر عبدالرحمن کی قائم کردہ سپلائی لائن موثر طور پر کام کرنے لگی اور جدید امریکی اسلحہ بھی اس کے ذریعہ مجاہدین کو ملنا شروع ہو گیا تو جنگ کا نقشہ ہی بدل گیا۔ روسیوں کے پاوٴں اکھڑنے لگے تو جنرل اختر نے مجاہدین کو ایسے جنگی معرکوں کے نقشے بنا کر دیئے جن کے ذریعے مجاہدین میدان جنگ میں روسیوں کو بڑی تعداد میں ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ضیاء الحق کو اس طرح مجاہدین کی امداد سے روکنے کے لئے روسیوں نے پاکستان میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا اور مختلف علاقوں میں پے در پے بموں کے دھماکوں سے بے شمار معصوم شہری ہلاک کئے جانے لگے۔ صرف 1987ء میں ”خاد“ کی ان تخریبی سرگرمیوں کے نتیجہ میں 234 پاکستانی ہلاک اور 12 سو سے زائد زخمی ہوئے کہ اس عرصہ میں تمام دنیا میں تخریبی کارروائیوں اور دہشت گردی سے ہلاک ہونے والے جانی نقصان کی نصف سے زائد تعداد بنتی ہے لیکن ضیاء الحق نے قدم پیچھے نہ ہٹائے۔ مجاہدین کو اسلحہ کی فراہمی تیزی سے بڑھتی رہی اور اسی اعتبار سے ان کی کامیابیوں میں اضافہ ہوتا رہا۔ بالآخر گورباچوف نے 88ء میں افغانستان سے روسی فوجوں کی واپسی شروع کر دی۔ سوال صرف یہ تھا کہ کسی طرح مجاہدین کو اسلحہ کی سپلائی اور مدد بند ہو جائے تو پھر روسی فوجوں کے بعد کابل کی کمیونسٹ حکومت کو بچایا جا سکتا ہے۔ اس لئے سوویت یونین نے ضیاء الحق اور پاکستان کے خلاف اپنی دھمکیوں اور منصوبوں میں اضافہ کر دیا۔ ضیاء الحق بھی ان دھمکیوں کی خطرناک اہمیت سے بخوبی واقف تھے۔ 1981ء کے بعد سے کم ازکم چار مرتبہ ان کی جان لینے کی کوشش کی جا چکی تھی۔ جنرل ضیاء کے ایک ساتھی کے بقول گزشتہ سال موسم گرما میں ایک اعلیٰ روسی نمائندے نے ضیاء الحق کو خطرناک نتائج کے بارے میں انتباہ کیا تھا اور ضیاء الحق نے جواب دیا تھا ”آپ کی دھمکیاں مجھے خوفزدہ نہیں کر سکتیں۔ ایک مسلمان کی حیثیت سے میرا عقیدہ ہے کہ موت کا دن مقرر ہے اور میں کسی طریقے سے اس کو بدل نہیں سکتا۔“
اگست 1988ء کے آغاز میں ضیاء الحق نے وہ فیصلہ کیا جو بالآخر ان کے خاتمہ پر منتج ہوا۔ کافی دنوں سے ان کا ایک معتمد ماتحت فوجی افسر ضیاء الحق پر زور دے رہا تھا کہ وہ 17 اگست کو ملک کے مشرقی حصہ کے ایک فوجی اڈے پر امریکی ٹینک کے آزمائشی مظاہرے کا معائنہ کریں۔ اگرچہ ضیاء الحق نے اہل خانہ اور رفقاء کے ساتھ بات چیت میں اس شخص کے اصرار پر حیرت کا اظہار کیا لیکن بالآخر وہ اس سفر پر راضی ہو گئے اور اس بات کو مان لیا کہ اس مظاہرے پر ان کی موجودگی سے مسلح افواج کا حوصلہ بلند ہو گا اور بعد میں جو کچھ ہوا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بہت کامیابی سے بچھایا گیا جال تھا۔
جنرل اختر کا اس مظاہرے میں شرکت کا کوئی پروگرام نہ تھا لیکن 16 اگست کی شام جنرل اختر عبدالرحمن کے ایک قابل اعتماد ساتھی نے ان کے ساتھ کچھ ایسی بات چیت کی جس کے بعد انہوں نے صدر ضیاء الحق کو ٹیلی فون کیا اور بتایا کہ انہیں بعض انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں اور صدر ضیاء الحق نے جنرل اختر سے کہا کہ وہ 17 اگست کو ان کے ساتھ بہاولپور چلیں اور راستہ میں انہیں ان باتوں سے آگاہ کریں۔ اس طرح جنرل اختر عبدالرحمن کو ان کے ایک رفیق کار کی فراہم کردہ معلومات کی وجہ سے وہ بھی 17 اگست کی صبح سفر پر جانے والے صدر کے طیارے میں سوار ہو گئے۔ پاکستان ایئرفورس کی طرف سے عام طور پر جنرل ضیاء الحق کے سفر کے لئے دو لاک ہیڈ سی 130 طیاروں کا انتظام کیا جاتا تھا اور کسی ممکنہ سازش کے اندیشے کو ختم کرنے کے نقطہ نظر سے سکیورٹی حکام عین پرواز کے وقت ہی یہ اعلان کرتے تھے کہ ان میں سے کس طیارے میں صدر کو سوار ہونا ہے۔ 17 اگست کو راولپنڈی کے نزدیک چک لالہ کے ہوائی اڈے پر دونوں سی 130 طیارے کھڑے تھے۔ صدر ضیاء الحق‘ جنرل اختر عبدالرحمان‘ امریکی سفیر رونلڈ رافیل‘ بریگیڈیئر جنرل ہربرٹ واسم اور دوسرے سینئر پاکستانی جنرل جب ان میں سے ایک طیارے میں سوار ہو گئے تو ضابطہ کے مطابق ان کا نام ”پاک ون“ ہو گیا۔ یہ سی 130 طیارہ امریکی ٹینک کے مظاہرے کی جگہ سے قریب واقع ملتان کے فوجی ہوائی اڈے پر اتر سکتا تھا لیکن اسے بہاولپور لے جایا گیا جہاں ہوائی اڈا اتنا چھوٹا تھا کہ دو سی 130 طیارے وہاں نہیں اتر سکتے اور نہ ہی پرواز کر سکتے تھے۔ اس طرح ”پاک ٹو“ چک لالہ ایئرپورٹ پر ہی کھڑا رہا۔ اس طرح یہ بات واضح طور پر متعین اور معلوم ہو گئی کہ واپسی سفر پر صدر پاکستان کس طیارے میں سفر کریں گے۔ صدر ضیاء الحق اور ان کے رفقاء جب ٹینک مظاہرہ دیکھ رہے تھے اس وقت وہاں موجود بعض افراد کے بیان کے مطابق ایئرپورٹ پر تین مختلف تنظیموں نے نگرانی اور کارکردگی سنبھال رکھی تھی۔ ریگولر ایئرپورٹ اور ملٹری پولیس ہوائی اڈے کی طرف جانے والے راستوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ ایک فوجی دستہ ”پاک ون“ سے چار سو گز کے فاصلہ پر حفاظتی حصار بنائے ہوئے تھا اور مقامی سول پولیس طیارے کی نگرانی کر رہی تھی۔ اس خلاف معمول صورت حال کی وجہ سے وہاں احکامات اور اختیار کی مرکزیت مفقود تھی۔ ایک پولیس افسر کے بیان کے مطابق دو سویلین افراد غالباً مرمت کے کسی کام کے لئے طیارے میں داخل ہوئے۔ اس کا کہنا تھا کہ ان افراد کا طیارے میں داخل ہونا میرے نزدیک ایک غلط حرکت تھی‘ لیکن میں انہیں روک نہیں سکا کیونکہ میرے پاس ایسا کوئی اختیار نہ تھا۔
طیارے کا کپتان ونگ کمانڈر مشہود فرخ معاون ہواباز ساجد چوہدری ایک انجینئر اور ایک نیوی گیٹر پرواز کے لئے تیاری کے سلسلے میں ضروری چیکنگ میں مصروف تھے۔ صدر پاکستان اور ان کی پارٹی کے افراد ساڑھے تین بجے ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ صاف اور پرسکون فضائی ماحول میں پاک ون 3 بج کر 46 منٹ پر فضا میں بلند ہوا۔ بہاولپور ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے ایئرپورٹ منیجر شاہین فاضل نے پاک ون کے پائلٹ سے رابطہ قائم کرنا چاہا لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ اس دوران دوسرا طیارہ ”پاک ٹو“ کے ہوا باز سے کہا کہ وہ ”پاک ون“ سے رابطہ قائم کرے۔ ”پاک ٹو“ کے پیغام کے جواب میں معاون ہواباز ساجد نے جواب دیا ”سٹینڈ بائی‘ سٹینڈ بائی‘ پاک ٹو“ کے پائلٹ اور دوسرے ایک طیارے کو جو پاک ون کے بعد بہاولپور کے ہوائی اڈے سے پرواز کے لئے تیار تھا ایک نحیف سی آواز ”پاک ون“ سے سنائی دی۔ ان لوگوں کے خیال میں یہ جنرل ضیاء الحق کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر نجیب احمد کی آواز تھی‘ جنہوں نے کہا ”مشہود‘ مشہود‘ تم کیا کر رہے ہو؟“ یہ آخری الفاظ تھے جو صدر کے طیارے کی طرف سے سنے گئے۔
پرواز کے تقریباً دو منٹ بعد زمین پر موجود لوگوں نے دیکھا کہ ”پاک ون“ عجیب وغریب انداز سے حرکت کر رہا ہے۔ پائلٹ اور معاون ہواباز دونوں کے پاس مائکرو فون تھے اور گراوٴنڈ کنٹرول سے بات کر سکتے تھے لیکن بعد کے دو منٹ کے عرصہ میں جبکہ طیارہ قلابازیاں کھاتا رہا انہوں نے ایک لفظ بھی نہ کہا۔ ٹھیک 3 بج کر 51 منٹ پر طیارے نے 65 درجہ زاویہ پر غوطہ لگایا اور آٹھ میل کے فاصلہ پر زمین سے آ ٹکرایا‘ طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ امریکی قانون کے تحت ایف بی آئی کا یہ فرض ہے کہ اگر کوئی امریکی شہری تخریب کاری کے حادثے میں ہلاک ہو جائے تو اس کی تحقیقات کرے۔ اس قانونی ذمہ داری کے تحت ایف بی آئی نے فوری طور پر ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان بھیجنے کے لئے تیار کی۔ 21 اگست کو امریکی دفتر خارجہ نے زبانی طور پر اس کی منظوری بھی دے دی تھی لیکن پھر چند گھنٹے بعد بعض ”اضافی اسباب“ کی بناء پر یہ منظوری واپس لے لی گئی۔ اس کے بعد تین ہفتہ تک ایف بی آئی کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیورایول دفتر خارجہ اور امور خارجہ کی بیورو کریسی میں بار بار درخواست کرتے رہے کہ وہ ایف بی آئی کو اپنی قانونی ذمہ داری کی تکمیل کے لئے اقدام کی اجازت دیں لیکن انہیں ہر بار ناکامی ہوئی اور مسٹر الیورایول کا کہنا ہے کہ آج تک مجھے اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل سکا کہ ہمیں اس کام سے کیوں روکا گیا اور ہمیں یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ یہ فیصلہ کس نے کیا تھا؟
حادثہ کے اگلے روز ایف بی آئی اور ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین کے مطابق جنہوں نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا تھا‘ یہ حادثہ طیارے میں کسی فنی خرابی کا نتیجہ نہیں تھا لیکن بعد میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور دوسرے امریکی حکام کے حوالہ سے کسی کا نام ظاہر کئے بغیر یہ غیرمصدقہ خبریں گشت کرتی رہیں کہ امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ حادثہ فنی خرابی کی وجہ سے ہوا۔ ان خبروں کا مقصد ظاہر کرنا تھا کہ یہ محض ایک حادثہ ہے۔ بلکہ ایک اعلیٰ پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی طرف سے پاکستانی حکام کو یہ کہا گیا تھا کہ اس حادثے کے حوالے سے وہ سوویت روس کی پوزیشن کو خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس مشورے کے الفاظ کچھ یوں تھے کہ ”آپ بلاوجہ (روسی) ریچھ کی دم مروڑنے کی کوشش نہ کریں۔“
دریں اثناء پاکستانی حکام نے اس حادثہ کے اسباب کی تحقیقات کے سب سے اہم ذریعہ یا شہادت کو دفن کر دیا۔ حادثہ کے مقام سے بعض لاشیں خاص طور پر عملے کے ارکان کی لاشیں کافی حد تک صحیح تھیں۔ بہاولپور ملٹری ہسپتال میں انہیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا اور ڈاکٹروں نے ابتدائی طور پر ان میں سے بعض کے ”ٹشو“ علیحدہ کر کے ریفریجریٹر میں محفوظ بھی کر لئے تھے بلکہ امریکی فوجی اتاشی بریگیڈیئر جنرل واسم کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا لیکن ہسپتال کے ذرائع کے مطابق بعد میں ایک سرکاری حکم موصول ہوا جس میں پوسٹ مارٹم کرنے سے روک دیا گیا حالانکہ ہوابازوں کی لاش کے پوسٹ مارٹم سے یہ معلوم ہو سکتا تھا کہ واقعی ان کیمیکلز کی وجہ سے جن کی نشاندہی طیارے کے ڈھانچہ کے بعض اجزاء پر کی گئی تھی ہواباز مرنے سے قبل مفلوج یا بیہوش ہو گئے تھے۔
پاکستان کی حالیہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو کھلے عام جنرل ضیاء الحق کے متعلق اپنی نفرت کا اظہار کرتی تھیں کیونکہ جنرل ضیاء نے پہلے ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے برطرف کیا اور پھر انہیں پھانسی دے دی۔ ضیاء الحق کی موت کے بعد بے نظیر بھٹو نے کہا ”یہ بلاشبہ خدائی فعل ہے۔“ بہاولپور پولیس نے لوگوں سے جنہوں نے بعض غیرمعمولی باتیں سنی تھیں‘ کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔ حفاظتی انتظامات کی نگرانی کرنے والے حکام نے بتایا کہ خود ان سے یا اس موقع پر موجود دوسرے افراد سے قطعاً کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوئی۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اور امریکہ دونوں حکومتوں نے صدر ضیاء الحق‘ جنرل اختر عبدالرحمن‘ امریکی سفیر رافیل اور بریگیڈیئر جنرل واسم کی موت کو ایک معمولی واقعہ قرار دے کر بھلا دیا۔ تاہم ایف بی آئی نے اس قصہ کو ختم نہیں سمجھا۔ ڈائریکٹر ولیم سیشن اور مسٹر ریول کی ہدایت پر تخریب کاری کی روک تھام کے ماہرین نے پاکستان بورڈ آف انکوائری کی رپورٹ کا بغور جائزہ لیا۔ طیارے کے تباہ شدہ ڈھانچے کے کچھ حصے امریکہ لائے گئے اور امریکی لیبارٹریز میں ان کا جائزہ لیا گیا اور ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے امریکی فضائیہ کے ان تمام ماہرین سے سوالات کئے جنہوں نے پاکستانی بورڈ کی تحقیقات میں مدد دی تھی۔ ان امریکی افسروں کا کہنا ہے کہ اگر طیارے کے فنی خرابی سے تباہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا تو اس کا لازماً یہ مطلب نہیں لیا جا سکتا کہ ایسا نہیں ہو سکتا تھا لیکن اس کے باوجود تحقیقات میں شامل تمام افراد کا یہی خیال تھا کہ یہ حادثہ مجرمانہ تخریب کاری کی وجہ سے ہواہے۔ ایف بی آئی کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسٹر ریول نے ایف بی آئی کے دوسرے حکام اور اٹارنی جنرل رچرڈ تھورن برو کی مدد سے اس بات کا تہیہ کیا ہوا ہے کہ ایف بی آئی کو اس معاملہ کی کھوج لگانے کے لئے مزید تحقیقات کرنی چاہئے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے لوگ موجود تھے جو ضیاء الحق کو ختم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہوں گے۔
کابل حکومت جس نے پہلے بھی ضیاء الحق کو ہلاک کرنے کی کوشش کی اور اس کے علاوہ خود روس کو جنرل ضیاء الحق اور اختر عبدالرحمن کے قتل سے بہت فائدہ پہنچ سکتاتھا لیکن اس طیارے کو تخریبی کارروائی کے ذریعے تباہ کرنا ایک ایسا پیچیدہ اور دشوار عمل تھا جسے کوئی دہشت گرد تنظیم اور افغان ایجنٹ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا سکتے تھے۔
یہ تو پاکستان ہی کے کچھ لوگوں کے لئے ممکن تھا جنہوں نے ضیاء الحق کو بہاولپور جانے پر آماددہ کیا اور جنرل اختر عبدالرحمن کو اس کے ساتھ سفر کرنے کی ترغیب دلا سکے۔ یہ انتظام کسی پاکستانی ہی کے بس میں تھا کہ صدر ضیاء الحق کا طیارہ ایک ایسے چھوٹے ہوائی اڈا پر اتارا جائے جہاں دوسرے متبادل حفاظتی سی 130 طیارے کے لئے گنجاش نہ ہو اور کسی کو اس بات کا اہتمام کرنا تھا کہ حفاظتی انتظامات وہاں اتنے نرم ہوں کہ ایک متعین ایجنٹ طیارے میں داخل ہو کر وہاں حادثہ کا سبب بننے والا کوئی آلہ (بم وغیرہ) رکھ سکے اور کسی کو اس بات کا فیصلہ کرنا تھا کہ ہوابازوں کی لاش کا پوسٹ مارٹم نہ ہونے پائے جس سے پتہ چل سکتا کہ حادثہ سے قبل ہواباز اور معاون ہواباز کیوں خاموش ہو گئے تھے بالآخر ایف بی آئی حکام اس بات میں کامیاب ہو گئے کہ انہیں اس معاملہ میں تحقیقات کا موقع فراہم کیا جائے لیکن اس دوران میں کانگریس کی کرائم سب کمیٹی نے اس سوال کی تحقیقات شروع کر دی کہ اتنے عرصہ تک ایف بی آئی کو حادثہ کے مقام پر پہنچنے اور تحقیقات کرنے سے روکنے والا کون تھا؟ سب کمیٹی کے چیئرمین ولیم ہیوگز کا کہنا ہے کہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا یہ فعل انتہائی احمقانہ تھا؟ کمیٹی کے ایک اجلاس میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے اس کا اعتراف کیا اور کہا ”اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک غلط فیصلہ تھا۔“ ایوان نمائندگان کے رکن بل میک کالم کا کہنا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ اب اتنے عرصہ کے بعد ایف بی آئی اس بات کا سراغ لگا سکے کہ پاکستان میں فی الواقع کیا ہوا تھا لیکن ہم اس بات کا ضرور پتہ چلانا چاہتے ہیں کہ یہاں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں کیا ہوا تھا اور کیوں؟ اس معاملے کا انتہائی شرمناک پہلو یہ ہے کہ پاکستان میں (اس معاملہ کی بروقت چھان بین نہ کرنے کی وجہ سے) اصل معاملہ کی کھوج لگانے کے احکامات کو معدوم کر دیا گیا۔
   
















ریڈرز ڈائجسٹ کی رپورٹ پر
 وزیر اعظم کے سپیشل کوارڈی نیٹر فتح محمد بندیال کا تبصرہ

اسلام آباد 3 اگست (ظفر ملک سے) 17 اگست 1988ء کو بہاولپور کے قریب امریکی ٹینک کا مظاہرہ دیکھنے کی خواہش مرحوم صدر جنرل محمد ضیاء الحق نے خود ظاہر کی تھی اور اس کا فیصلہ 5 اگست کو کورکمانڈوز کی میٹنگ میں ہوا تھا جس کی صدارت مرحوم صدر خود کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرحوم نے دریافت کیا کہ یہ مظاہرہ کس تاریخ کو ہو گا؟ جب انہیں تاریخ بتائی گئی تو انہوں نے یہ الفاظ کہے ”میں خود اس موقع پر موجود ہونا چاہتا ہوں۔“ اس فیصلے کے بعد متعلقہ سٹاف ڈیوٹیز ڈائریکٹوریٹ جی ایچ کیو نے ضروری انتظامات کئے۔ لہٰذا یہ بات درست نہیں کہ مرحوم نے یہ فیصلہ کسی ماتحت کے اصرار پر کیا تھا۔ یہ بات بہاولپور میں تباہ ہونے والے سی 130 طیارے کے سلسلے میں ہونے والی تحقیقات کے لئے صدر مملکت کی طرف سے نامزد سپیشل کوآرڈی نیٹر مسٹر ایف کے بندیال نے روزنامہ نیشن کے ایڈیٹر کے نام لکھے جانے والے خط میں کہی ہے۔ واضح رہے کہ مرحوم صدر ضیاء الحق کے طیارے کی تباہی سے متعلق ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ شائع کی تھی جو ریڈرز ڈائجسٹ کے ایک مضمون پر مبنی تھی۔ مسٹر ایف کے بندیال نے خط میں لکھا ہے کہ ”میں نے اس سال مارچ میں وزیراعظم کو ایک سمری ارسال کی جس میں درخواست کی گئی تھی کہ مجھے سپیشل کوآرڈی نیٹر کی ذمہ داری سے فارغ کر دیا جائے لیکن وزیراعظم نے مجھے کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔ لہٰذا تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مرحوم صدر کے بہاولپور جانے کی ایک وجہ وہاں سے مظاہرے کے مقام کا قریب ہونا تھا اور دوسری وجہ یہ تھی کہ کورکمانڈر بہاولپور نے نئی قائم ہونے والی کور کے معائنے کے لئے آمادگی ظاہر کر دی تھی۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پی اے ایف کے پاس دوسرا سی 130 طیارہ سکیورٹی یا کیموفلاج کے لئے نہیں بلکہ کسی ہنگامی حالت میں ”پاک ون“ میں فنی خرابی کی صورت میں استعمال کے لئے ہے۔ بہاولپور ایئرپورٹ پر بیک وقت دو سی 130 طیاروں کی گنجائش نہ ہونے کے باعث ”پاک 2“ چکلالہ ایئرپورٹ سے پہلے ہی پرواز کر کے مرحوم صدر کی روانگی کے وقت بہاولپور ایئرپورٹ کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔ خط میں ریڈرز ڈائجسٹ کے اس الزام کو بے بنیاد قرر دیا گیا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم نہیں کرایا گیا اور انہیں بغیر کسی طبی معائنے کے سپردخاک کر دیا گیا۔“ مسٹر ایف کے بندیال نے لکھا ہے کہ ”سوال یہ ہے کہ کیا اس حادثے کے بعد کوئی لاش بچی بھی تھی؟ سادہ جواب یہ ہے کہ بمشکل ہی یہ ممکن ہے۔ بدقسمت طیارہ جب زمین پر گرا تو وہ آگ کے ایک گولے کی شکل اختیار کر چکا تھا۔ اس پر 20 ہزار پاوٴنڈ ایندھن بھی موجود تھا۔ خوفناک آگ دو گھنٹے تک بھڑکتی رہی۔ پہلے طیارہ زمین پر گرا اور پھر ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔ آگ نے اسے مزید تباہی سے دوچار کیا جس کے بعد اس میں ٹوٹی ہوئی ہڈیوں اور جلے ہوئے گوشت کے سوا کوئی چیز نہ بچی تھی۔ بعض چیزیں جن کا معائنہ کیا جا سکا وہ ایک پھیپھڑے کے کچھ حصے تھے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ بریگیڈیئر واسم کے تھے جبکہ جگر کا کچھ حصہ ملا جو سینئر ٹیکنیشن اصغر کا تھا۔
اس کے متعلق کیمیائی تجزیاتی رپورٹ کا کہنا ہے کہ
الف- (1) جگر اور پھیپھڑوں میں چار کول کا عنصر ظاہر ہوتا تھا۔
(2) ٹاکسر مکمل اور کاربو کسی ہیموگلوبین نہیں پائی گئی۔
ب- جگر اور پھیپھڑے بری طرح جلے ہوئے اور زخمی تھے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ”اصل بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ڈاکٹروں کو کسی سرکاری حکم کے تحت اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکا گیا اور نہ ہی کوئی ایسی چیز دستیاب ہوئی تھی جس کو ہم کسی کے جسم کا حصہ کہہ سکیں۔ بہاولپور پولیس سے جو ایئرپورٹ کی حفاظت کی ذمہ دار تھی پوچھ گچھ کی گئی‘ بہت سے دوسرے عینی شاہدوں نے بیان دیئے۔“ خط میں کہا گیا ہے کہ ایک خط 15 نومبر 1988ء کو راقم نے مرحوم صدر کے صاحب زادے مسٹر اعجاز الحق کو لکھا کہ ان کے پاس اگر کوئی ثبوت ہوں تو وہ انہیں پہنچا دیں لیکن تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مرحوم صدر کے بعد ان کے آئینی جانشین جناب غلام اسحاق خان مسند اقتدار پر فائز ہوئے اور وہ لوگ بھی جو مرحوم صدر کے مقرر کردہ تھے‘ مرکز اور صوبوں میں حکمران رہے اور حادثے کے ضمن میں مقرر کی جانے والی تحقیقاتی ٹیمیں بھی صدر ضیاء کا اعتماد رکھنے والی آئی ایس آئی‘ پولیس‘ ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے اعلیٰ افسران کی سرکردگی میں سرگرم عمل رہیں۔ پی اے ایف کی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کا بھی خط میں حوالہ دیا گیا ہے جو بعد میں شائع کر دی گئی تھی اور پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرد مثال اس کی اشاعت کے ذریعے قائم کی گئی تھی۔ خط میں ایف بی آئی کی ٹیم کے حالیہ دورے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسے پوری آزادی سے کام کرنے کے علاوہ مرحوم صدر کے لواحقین سے ملنے کی بھی اجازت دی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مضمون کا مقصد سوائے افسانہ طرازی کے اور کچھ معلوم نہیں ہوتا۔














سانحہ بہاولپور- چند اور گوشے…
ایک غیرملکی صحافی کے قلم سے

ضیاء الحق کے ایک قریبی ذریعے کے مطابق 86ء میں بے نظیر کی وطن واپسی کے بعد ہی ضیاء الحق نے یہ محسوس کر لیا کہ اب امریکی ان کو ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس طرح کہ ایوب خان سے اقتدار حاصل کرنے کے لئے بھٹو کو تیار کیا گیا تھا یا جس طرح کہ بھٹو کو اقتدار سے الگ کرنے کے لئے خود ان کو تیار کیا گیا تھا۔ تاریخ کا یہ عمل اب ان کے خلاف شروع ہو گیا تھا اس لئے کہ امریکی اب زیادہ دیر تک ایک فوجی ڈکٹیٹر کی حمایت نہیں کر سکتے تھے۔ ضیاء کی جعلی اسمبلی بھی ان کی کوئی مدد نہ کر سکتی تھی۔
بے نظیر واشنگٹن میں اپنی لابنگ کر رہی تھیں جہاں ان کے حلیف طاقتور تھے اور مغربی ذرائع ابلاغ میں ان کو بے انداز شہرت مل رہی تھی۔ جب 87ء میں ان کی ایک جاگیردار نوجوان سے شادی ہوئی تو مقصد یہ تھا کہ ایک قدامت پسند معاشرے کے لئے ان کو زیادہ سے زیادہ قابل قبول بنایا جائے۔ ایک قریبی ذریعے کے مطابق اگست 88ء میں ایوان اقتدار میں ضیاء الحق مایوس ترین آدمی تھے۔ وہ جان گئے تھے کہ ان کا وقت اب ختم ہو گیا ہے لیکن ان حالات میں انہیں ”باعزت نجات“ کا راستہ سوجھ نہیں رہا تھا۔
حقیقت میں کوئی نہیں جانتا تھا کہ اگر وہ زندہ رہے تو ان کا کیا حشر ہو گا؟ جنرل فضل حق‘ جو ضیاء الحق کے قریب ترین دوستوں میں سے تھے‘ کے بقول ”وہ اپنے پتے چھپا کر رکھتے ہیں“ ضیاء الحق نے قانونی اور دستوری ماہرین سے مشورہ کیا کہ کیا عورت ایک اسلامی ریاست کی حکمران بن سکتی ہے۔ انہوں نے صدارتی نظام کے حق میں تقریریں شروع کر دیں۔ چند فوجی افسروں کا خیال تھا کہ پیپلزپارٹی کو انتخاب جیتنے دیا جائے لیکن اس طرح کہ وہ انقلابی اصلاحات روبہ عمل نہ لا سکے۔ نتیجتاً عوام میں ان کی مقبولیت کم ہو جائے گی اور بھٹو کی روح ہمیشہ کے لئے رخصت ہو جائے گی لیکن ضیاء الحق یہ رسک نہیں لینا چاہتے تھے کہ اپنی عظیم دشمن‘ بے نظیر بھٹو‘ کو حکومت سونپ دیں جن پر اپنے باپ کی موت کا انتقام سوار ہے۔ کئی دوسرے لوگوں کا خیال تھا کہ اب فوج کو بالواسطہ حکومت کرنے کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ اس مقصد کے لئے وہ ایک سیاسی جماعت کی سرپرستی شروع کر دے لیکن یہ جماعت حقیقی ہونی چاہئے۔ مسلم لیگ کی طرح مصنوعی طریقے سے قائم نہ کی گئی ہو لیکن ضیاء الحق‘ سیاسی جماعتوں سے اپنی نفرت پر قابو نہ پا سکے۔ اس طرح یہ تجویز رد کر دی گئی۔ بہرصورت وہ اپنے حق حکمرانی کا جواز تلاش کرنے میں بے طرح مگن تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کے ذہن میں کچھ منصوبے پرورش پا رہے تھے۔ یہ کہ افغانستان میں بنیاد پرستوں کی کامیابی کے بعد‘ وہاں اسلامی حکومت قائم ہو جائے‘ پاکستان‘ افغانستان‘ ایران اور ترکی کو ملا کر ایک کنفیڈریشن بنا لی جائے جس میں وسط ایشیا کی مسلم ریاستوں کو بھی شامل کر لیا جائے‘ جہاں بے اطمینانی پھیل رہی تھی۔
شاید یہ ان کی آرزوئیں ہی تھیں جنہوں نے بالآخر انہیں موت کی وادی میں دھکیل دیا۔ 17 اگست 88ء کو تین بج کر 51 منٹ پر ملتان سے ذرا فاصلے پر‘ بستی لال کمال کے لوگوں نے دیکھا کہ اوپر فضا میں ایک جہاز قلابازیاں کھا رہا ہے۔ یوں لگتا تھا جیسے جہاز بے قابو ہو گیا ہے۔ ذرا دیر بعد‘ جہاز بے آب وگیارہ صحرا سے ٹکرایا اور ایک دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ ہر طرف آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ جہاز میں جنرل ضیاء‘ ان کے نمبر 2 اختر عبدالرحمن اور پندرہ دوسرے جرنیلوں کے علاوہ امریکی سفیر آرنلڈ رافیل اور دفاعی اتاشی سفر کر رہے تھے۔ وہ بہاولپور کے قریب صحرا میں امریکی ٹینکوں کا مظاہرہ دیکھتے رہے تھے اور بعد میں معمول کی چیکنگ کے بعد یہ پارٹی اپنے سفر پر روانہ ہو گئی۔
رافیل‘ جن کو وہاں سے کراچی اپنی بیوی سے ملنے کے لئے پہنچنا تھا‘ ضیاء الحق کی ہدایت پر ان کے ساتھ بیٹھ گئے کہ انہوں نے رافیل سے چند ضروری امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ جنرل اختر عبدالرحمن کو اس دورے میں ان کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے تھا‘ آئی ایس آئی میں ان کے ایک قریبی دوست نے ان کو بتایا تھا کہ ضیاء الحق فوج کی اعلیٰ قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور یہ کہ اوجڑی کیمپ کے سانحے میں ان کا نام آ جانے کی وجہ سے ان پر بھی نزلہ گرنے کا امکان ہے۔ اس لئے ان کو ضیاء الحق کے قریب رہنا چاہئے تاکہ ضیاء الحق کوئی غلط فیصلہ نہ کر بیٹھیں۔ جنرل بیگ‘ جن کو سی 130 کے کیمپوں میں صدر ضیاء کے ساتھ بیٹھا ہونا چاہئے تھا‘ نے ان کو بتایا کہ انہیں ایک ضروری کام سے دوسری جگہ پہنچنا ہے‘ چنانچہ وہ اپنے الگ جہاز پر سوار ہو گئے۔ سی 130 ٹیک آف کے بعد فضا میں بلند ہوا۔ بڑے جرنیلوں میں جنرل بیگ واحد جرنیل تھے‘ جو جہاز میں سوار نہ ہوئے۔ ٹیک آف کے چند ہی منٹ بعد‘ کنٹرول ٹاور کا رابطہ سی 130 کے پائلٹ کمانڈر مشہود سے منقطع ہو گیا۔ مشہود‘ جنرل ضیاء کے اپنے منتخب کردہ پائلٹ تھے۔ طیارہ تباہ ہو گیا اور اس میں سوار 31 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جنرل بیگ کے طیارے نے ملبے کے اوپر ایک چکر کاٹا اور پھر اسلام آباد کا رخ کر لیا۔
جنرل بیگ نے‘ جس طرح اپنے دل ودماغ کو قابو میں رکھا‘ اس نے اکثر لوگوں کو حیران کر دیا۔ انہوں نے دارالحکومت میں حساس مقامات کی حفاظت کے لئے فوجی دستے روانہ کر دیئے۔ فوج کے اعلیٰ افسروں سے ملے۔ غلام اسحاق سے ملاقات کی جو سینٹ کے چیئرمین سے صدر بن گئے تھے۔ ایمرجنسی کونسل کے قیام کا اعلان کر دیا گیا‘ جس کو آنے والے انتخابات کی نگرانی کا کام سونپا گیا۔
حادثے کے بعد خلاف توقع‘ کسی طرح کی بدامنی یا افراتفری دیکھنے میں نہ آئی‘ جیسا کہ ماضی میں اس طرح کے واقعات پر ہوا کرتا تھا بلکہ عمومی طور پر لوگوں نے سکون کا سانس ہی لیا۔ ہر ایک کا احساس تھا کہ ضیاء الحق اب اپنے آپ سے باکسنگ کھیل رہے تھے۔
لیکن اچانک ہی جمہوریت کے راستے سے ایک بڑی رکاوٹ خودبخود ہٹ گئی اور پرامن انتقال اقتدار کی صورت پیدا ہو گئی۔ ضیاء الحق ”باعزت طریقے سے“ رخصت ہو گئے‘ جیسا کہ ان کی خواہش تھی۔ وہ فوجی وردی میں ہلاک ہوئے۔ بعض لوگ اسے ان کی افغانستان کے مجاہدین کے ساتھ وفاداری کی علامت قرار دیتے تھے۔ یہ بھی کہا جانے لگا کہ آزاد افغانستان میں ان کو ہیرو کی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔ بے نظیر نے‘ جو حادثے پر سنجیدہ ردعمل ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی تھیں‘ ایک مدبر سیاست دان کی طرح مغربی پریس کے روبرو کہا ”ضیاء الحق کی موت سے وہ سایہ ہٹ گیا جس کے نیچے میں اور میرے جیسے جمہوریت کے دوسرے دردمند زندگی گزار رہے تھے۔“
ضیاء الحق کے جنازے پر بھی اندازے اور قیاس آرائیاں جاری رہیں۔ دراز قد وزیر داخلہ نسیم آہیر‘ جو رچرڈ کلائنڈرمین کے گانے شوق سے سنتے تھے‘ یہ اصرار کرتے پائے گئے کہ طیارہ تخریب کاری کا نشانہ بنا ہے اور یہ کہ اب پاکستان‘ اسلام دشمن طاقتوں کا ٹارگٹ بن گیا ہے۔ جنازے میں سکیورٹی کے انتظامات مثالی تھے حالانکہ ان لاکھوں لوگوں کو سنبھالنا مشکل تھا‘ جو دوردراز سے سفر کر کے آئے تھے اور جن میں ریاستوں کے سربراہ بھی شریک تھے۔
ہفتہ‘ 20 اگست کا دن اسلام آباد کا گرم ترین دن تھا۔ سفید پتھروں کی بنی ہوئی شاہ فیصل مسجد‘ جس کی تعمیر سعودی عرب کے پیسے سے ہوئی‘ اس گرمی میں سورج کی روشنی سے دمک رہی تھی۔ چیونٹیوں کی طرح ہزاروں لوگ مسجد کی چھت پر چڑھے ہوئے تھے‘ میناروں سے چمٹے ہوئے تھے‘ یہ لوگ جنازے کے جلوس کا انتظار کر رہے تھے۔ مغربی ملکوں کے باشندے‘ جو موت کے مواقع پر سیاہ رنگ سے مانوس ہیں‘ لوگوں کو سفید رنگ کے لباس میں دیکھ کر حیران ہو رہے تھے۔
جنازے کے جلوس میں‘ برطانوی خارجہ سیکرٹری سر جیفری ہاوٴ اور امریکی سیکرٹری خارجہ جارج شلز بھی شریک تھے۔ افغان مجاہدین کا وفد بے حد جذباتی ہو رہا تھا۔ وہ رو رہے تھے اور مرنے والے کو سچا اور دین دار آدمی قرار دے رہے تھے۔ جنازے کے جلوس کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ افغان مزاحمتی لیڈر بھی چند در چند وجوہات کی بناء پر‘ جنازے کے جلوس میں شریک تھے۔ ان کو خدشہ تھا کہ ضیاء کی موت نے ان کو بے یار ومددگار کر دیا ہے۔ گلبدین حکمت یار جو ضیاء الحق کے قریب ترین رہنے والے افغان لیڈر تھے‘ نے موقع پا کر جارج شلز کا راستہ روک لیا اور ان کو آنے والے دنوں کے حوالے سے اپنے اضطراب سے آگاہ کیا۔ جارج شلز نے ان کو تسلی دی کہ وہ فکرمند نہ ہوں‘ ضیاء کی موت کے باوجود حالات جوں کے توں رہیں گے۔ نواز شریف اور جنرل فضل حق جو ضیاء الحق کے قریب ترین ساتھی تھے‘ بے حد خوفزدہ تھے۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ نظام نو میں ان کا کردار کیا ہو گا۔ وہ ایک دوسرے کے گرد بازو حمائل کئے ہوئے چل رہے تھے لیکن یہ ایک بے جوڑ‘ جوڑا تھا‘ نوجوان تاجر اور منہ پھٹ جرنیل کو جذبات اور عزائم کے اشتراک نے اکٹھا کر دیا تھا۔ سو‘ اس بے یقینی کی حال میں کہ نئے نظام میں ان کا مقام غیریقینی ہے‘ وہ جنرل بیگ کے پاس گئے اور انہیں مارشل لا نافذ کرنے کا مشورہ دیا۔
اکثر ان ملکوں میں‘ جہاں فوج کی پوری قیادت‘ بظاہر قتل کر ڈالی جاتی ہے‘ وہاں پے در پے بغاوتوں کا خدشہ رہتا ہے۔ عموماً اس طرح کے واقعات کا تانا بانا سازش سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ جملہ ہر ایک کی نوک زباں تھا کہ فوج کے بچ جانے والے ارکان‘ سازش میں ضرور ملوث ہوں گے۔ انہیں ضیاء الحق تک اسی طرح رسائی حاصل تھی۔ یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ بم آموں کے ٹوکروں میں رکھا گیا جو ضیاء الحق کا پسندیدہ پھل تھا اور آموں کے یہ ٹوکرے بالکل آخری لمحوں میں جہاز میں رکھے گئے۔ یہ بھی کہا گیا کہ ایک شیعہ پائلٹ نے جان پر کھیل کر‘ علامہ عارف الحسینی کے قتل کا بدلہ لے لیا اور ضیاء الحق کو موت سے ہمکنار کر دیا۔ علامہ عارف کو چند ہفتے پہلے پشاور مسجد کی سیڑھیوں پر کسی نے قتل کر ڈالا تھا۔ کئی لوگوں کا یہ دعویٰ تھا کہ ضیاء الحق نے یہ قتل کرایا۔ ادھر (وزیر داخلہ) نسیم آہیر کا اصرار تھا کہ حادثے کا تعلق ضیاء الحق کی افغان پالیسی سے ہے کہ افغان حکمت عملی میں ان کے شریک جنرل اختر عبدالرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے اور ”حملہ آور“ دونوں کو ایک ساتھ ختم کرنا چاہتے تھے۔
حادثے کے بعد… ایک نیم دلانہ انکوائری کا آغاز ہوا لیکن لاشوں کا پوسٹ مارٹم نہ کیا گیا۔ حادثے کے ایک روز بعد ہسپتال کے عملے کو حکم دیا گیا کہ پلاسٹک کے وہ تھیلے واپس کر دیئے جائیں جن میں مرنے والے افراد کے جسموں کے بچ جانے والے اجزاء رکھے گئے تھے۔ بہاولپور ایئربیس پر متعین عملے سے کوئی پوچھ گچھ نہ کی گئی۔ امریکی سفارت کار کی ہلاکت کے باوجود‘ امریکی سیکرٹری خارجہ جارج شلز نے یہ ہدایت جاری کر دی کہ ایف بی آئی کی ٹیم انکوائری نہیں کرے گی۔ اور صرف چھ افراد پر مشتمل ایک مقامی ٹیم روانہ کر دی گئی۔ اس ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زمین سے ٹکرانے سے پہلے طیارے کا نظام بالکل ٹھیک حالت میں تھا۔ یہ امر خلاف واقعہ قرار دے دیا گیا کہ طیارہ میزائل لگنے سے‘ انجن خراب ہو جانے سے‘ بم لگنے یا آگ لگنے سے تباہ ہوا (امریکہ کے ملٹری اتاشی کی) لاش کے پوسٹ ماٹم سے یہ واضح ہو گیا کہ مسافر‘ حادثے سے پہلے ہی‘ ہلاک ہو چکے تھے۔ پاکستان ایئرفورس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ طیارہ تخریب کاری کا نشانہ بنا ہے۔ خصوصی اور خفیہ ذرائع سے طیارے کو بے قابو کر دیا گیا۔ یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ جائے حادثہ سے ایسے کیمیائی اجزاء ملے ہیں جن سے معلوم ہو جاتا ہے کہ پائلٹوں کو مفلوج بنانے کے لئے زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ رپورٹ میں ایک بھرپور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا لیکن ٹھیک اس مرحلے پر انکوائری روک دی گئی۔ دسمبر 89ء میں‘ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے یہ تسلیم کر لیا کہ وہ پاکستان کے غیرمستحکم نظام کی کشتی کو منجدھار کے حوالے نہیں کرنا چاہتے تھے۔ حادثے کے قریباً ایک سال بعد‘ ایف بی آئی کی ایک ٹیم بالآخر اسلام آباد پہنچی لیکن اس نے یہ اعتراف کیا کہ وہ تحقیقات کرنے کے لئے نہیں آئی بلکہ یہ صرف کانگریس کے ارکان کو مطمئن کرنے کے لئے ہے۔
کوئی نہیں جانتا تھا کہ حادثے کے پیچھے کون ہے لیکن اس سے کسی کو کم ہی دلچسپی تھی۔ اس طرح ضیاء الحق‘ بہت آسانی سے رخصت ہو گئے۔ امریکیوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ وہ ضیاء الحق کی اسلامی کنفیڈریشن کی تجویز اور بنیاد پرست افغان مجاہدین سے ان کی وابستگی کو ناپسند کرتے ہیں۔ اسی طرح روسی بے چین تھے کہ کس طرح انہیں افغان مجاہدین کی حمایت سے روکا جا سکتا ہے البتہ انہیں توقع تھی کہ بے نظیر بھٹو مذاکرات اور مصالحت کا راستہ اختیار کریں گی اور اس طرح یہ تصادم ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گا۔ روسی سفیر نے مبینہ طور پر ضیاء الحق کو دھمکی دی کہ روس نے پاکستان کو سبق سکھانے کا تہیہ کر لیا ہے کیونکہ پاکستان بدستور جنیوا معاہدہ کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور یہ کہ وہ کابل میں تخریب کاری میں بھی ملوث ہے۔
پاکستان کے سرحدی علاقوں پر بموں کے حملے معمول بن گئے تھے۔ جن کے بارے میں اندازہ یہ لگایا گیا تھا کہ اس کے پیچھے افغانستان کی خفیہ ایجنسی خاد کا ہاتھ ہے۔ امریکہ کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ‘ جو حادثہ کے فوراً بعد جاری کی گئی‘ یہ بتایا گیا کہ صرف ایک سال کے دوران میں افغان ایجنسی ”خاد“ نے پاکستان میں 1400 افراد ہلاک یا زخمی کئے‘ جو بیروت میں ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ بھارت نے ضیاء الحق پر الزام لگایا کہ پاکستان‘ کشمیری اور سکھ دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ ضیاء الحق کو کئی دوسری مشکلات کا سامنا بھی تھا۔ ملک میں ان کے حریف بشمول بے نظیر کے بھائی مرتضیٰ بھٹو‘ جنہوں نے ضیاء الحق کو قتل کرنے کی بے شمار کوششیں کیں‘ ان کو راستے سے ہٹانے کے لئے بے چین تھے۔ حادثے کے فوراً بعد الذوالفقار نے یہ دعویٰ کیا کہ سی 130 کو ان کی تنظیم نے تباہ کیا ہے۔ چھ سال پہلے بھی انہوں نے اس طیارے کو میزائل کے ذریعے نیچے گرانے کی کوشش کی تھی لیکن جیسے ہی یہ اعلان ہوا کہ تباہ شدہ جہاز میں امریکی سفیر رافیل بھی سوار تھے‘ اس نے اپنے دعویٰ کی تردید جاری کر دی۔
ضیاء الحق کی موت نے اپنے پیچھے کئی ایسے سوال چھوڑ دیئے جن کا کوئی جواب نہیں تھا‘ اور نہ ان کی موت ضیاء‘ بھٹو دشمنی ختم کر سکی۔ سیاست‘ انہی خطوط پر آگے ہی آگے بڑھ رہی تھی۔ گہرے سانوے رنگ کا اعجاز الحق‘ جو ایک کاروباری آدمی تھا اور بحرین میں بینک آف امریکہ میں اچھی ملازمت پر فائز تھا‘ اپنے والد کی پراسرار موت کا سراغ لگانے کے لئے پاکستان آ گیا تھا۔ جنرل اختر عبدالرحمن کے بیٹے ہمایوں اختر عبدالرحمن کے ساتھ مل کر اس نے آزادانہ انکوائری شروع کرانے کے لئے مہم چلا دی۔ دونوں نے ملک بھر کا دورہ کیا۔ ہزاروں لوگوں سے ملاقات کی اور نہ صرف یہ دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایسی معلومات ہیں جن کا ابھی تک افشا نہیں ہوا‘ بلکہ قبل ازیں ہونے والی انکوائری کے تضادات بھی کھول کر بیان کر دیئے۔
ہمایوں اختر عبدالرحمن کے مطابق حادثے سے چند لمحے پہلے ریکارڈ ہونے والی جنرل ضیاء الحق اور جنرل اختر عبدالرحمن کی آوازوں کو ضائع کر دیا گیا اور یہ کہ مرتضیٰ بھٹو کے بارے میں انٹیلی جنس فائلیں یکدم غائب ہو گئیں۔ اس فوجی عملے کو جو حادثے کے وقت بہاولپور میں تعینات تھا‘ تبدیل کر دیا گیا۔ اعجاز الحق کے بقول ملتان کے جس پولیس سپرنٹنڈنٹ نے پیپلزپارٹی کے ان ارکان کو شناخت کر لیا‘ جو سازش میں ملوث تھے‘ اور جو حادثے سے تھوڑی دیر پہلے‘ بہاولپور میں داخل ہوئے تھے‘ اس کو تحقیقات سے روک دیا گیا۔ بریگیڈیئر صدیق سالک کے بیٹے سرمد سالک نے مارچ 90ء میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ن لوگوں سے ملاقاتیں کیں جن کی آنکھوں کے سامنے طیارہ گر کر تباہ ہوا‘ نہ صرف یہ کہ ان کا سفری بیگ چوری ہو گیا بلکہ ہر جگہ ان کی کڑی نگرانی کی گئی۔ ”نہایت اعلیٰ سطح پر کوئی شخصیت انکوائری کو روک رہی ہے۔“ ہمایوں اختر عبدالرحمن نے رازدارانہ لہجے میں بتایا۔
جرنیلوں کے بیٹوں نے مجھے بتایا کہ نجی طور پر کی جانے والی تحقیقات کو ختم کرنے کے لئے ان کو اس قدر دھمکیاں مل رہی ہیں کہ وہ حفاظتی عملے او ر اسلحہ کے بغیر سفر نہیں کر سکتے۔ اور یہ کہ ان کو ذرا شک نہیں کہ سازش کے پس پردہ امریکی اور ملکی ہاتھ ان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ”اس مجرمانہ سازش میں الذوالفقار کا ہاتھ ہے‘ جس نے اس صدی کا سنگین ترین جرم کیا ہے۔“ یہ جرنیلوں کے بیٹوں کا خیال تھا لیکن پاکستانیوں کی اکثریت‘ جن سے حادثے کے بارے میں میری گفتگو ہوئی‘ اس خیال سے اتفاق نہیں کرتی تھی لیکن اعجاز الحق کا اصرار تھا ”ہر ایک کو یقین ہے کہ جنرل بیگ اور الذوالفقار سازش میں ملوث ہیں لیکن کسی میں ان کا نام لینے کی جرأت نہیں۔“ ہم اپنی معلومات کے افشا کے لئے مناسب وقت کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس طرح دو خاندانوں (بھٹو خاندان‘ ضیاء الحق خاندان) کے درمیان نفرت کی دیوار مکمل ہو گئی۔
جب بے نظیر وزیراعظم بن گئیں تو ان کے اور اعجاز الحق کے درمیان انتقام کی دیوار مزید مستحکم ہو گئی اور دونوں اپنے اپنے والد کو مقدس مقام عطا کرنے کے لئے اپنی الگ الگ جدوجہد کرنے لگ گئے۔ اس طرح دونوں اپنے اپنے والد کی طرح ایک دوسرے کے سخت ترین دشمن بن گئے جو ملک کی سیاست میں بلند ترین مقام حاصل کرنے کے آرزو مند تھے۔ اور جب بے نظیر کی حکومت بدعنوانی اور لاقانونیت کی دلدل میں دھنسنے لگی‘ اعجاز الحق سیاسی منظر پر نمودار ہوئے۔ ان کو پوری امید تھی کہ اسلامی جمہوری اتحاد کی پشت پناہی سے‘ وہ اپنے والد کے برعکس ووٹ کے ذریعے مرکزی مقام حاصل کر لیں گے۔ 90ء کے اوائل میں‘ قومی سطح پر ان کی سیاسی جدوجہد شروع ہو گئی۔ انہوں نے بڑے بڑے ہجوموں سے خطاب کیا۔ جہاں لوگ ضیاء الحق کے پوسٹر لہرا رہے ہوتے تھے۔ جب اگست میں انتخابات کا اعلان ہوا‘ اور سیاسی جماعتوں میں دراڑیں پڑنے لگیں تو یوں لگتا تھا‘ دائیں بازو میں یہ بحران بے نظیر کی مدد کرے گا جسے نواز شریف اپنا حلقہ قرار دیتے تھے لیکن آخرکار‘ فوج نے ان کو آمادہ کر لیا کہ وہ نواز شریف کے ساتھ مل جائیں۔ بعدازاں اس کے صلے میں‘ ان کو مرکزی حکومت میں وزارت سے نوازا گیا۔
بے نظیر اور نواز شریف میں بہت سی چیزیں مشترک تھیں۔ دونوں کی عمر 35 کے لگ بھگ‘ دونوں کے دو‘ دو بچے تھے‘ دونوں کو ان کے والدین کی موت نے سیاست میں دھکیل دیا اور جب اعجاز الحق یہ کہتے کہ لوگوں نے ان کو سیاست میں دھکیل دیا ہے تو یوں لگتا کہ یہ بے نظیر بھٹو کے الفاظ ہیں۔ ”میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہ تھا“ اعجاز الحق نے کہا ”لیکن جب میں واپس لوٹا اور لوگوں میں اپنے والد کے لئے محبت کا سمندر ٹھاٹھیں مارتا دیکھا تو میں نے محسوس کیا کہ مجھے ان لوگوں کا دل نہیں توڑنا چاہئے۔“
بے نظیر اور اعجاز الحق‘ دونوں کرشماتی شخصیتوں کے مالک تھے جنہوں نے مغرب میں تعلیم حاصل کی اور جو قومی لباس اور قومی زبان کے برعکس انگریزی لباس پہننے اور انگریزی میں بات کرنے میں زیادہ آسانی محسوس کرتے تھے۔ بے نظیر نے ہارورڈ اور آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کی جبکہ اعجاز الحق نے یونیورسٹی آف ایلنز سے ڈگری حاصل کی۔ بعدازاں انہوں نے بیرون ملک ملازمت اختیار کر لی لیکن فوجی ڈکٹیٹروں کے لڑکوں کے برعکس وہ سکینڈلوں میں ملوث ہونے سے بچے رہے۔ دونوں پاکستان کی کٹر اسلامی معاشرت میں بے اطمینانی محسوس کرتے۔ اگرچہ کہ اعجاز کے دادا ایک مولوی تھے۔ اعجاز الحق کو ایک فائدہ یہ بھی تھا کہ والد کشمیر اور افغان جہاد کے سرگرم حامی رہے ہیں پھر یہ کہ وہ پیرس کے نائب کلب میں ڈانس کر رہے ہوں۔
بے نظیر کی طرح اعجاز الحق بھی عوامی سیاست کے رمز آشنا تھے‘ وہ اپنے والد کی طرح روانی سے گفتگو کرتے چلے جاتے۔ ان کو پوری امید تھی کہ آنے والے انتخابات میں دائیں بازو کی متحدہ طاقت کی قیادت ان کے ہاتھ میں ہو گی۔ ان کے خیال میں یہ انتخابات ضیاء الحق اور بھٹو کی روحوں کے درمیان ایک جنگ کی طرح ہوں گے‘ وہ ناگواری کا اظہار کرتے‘ جب ان کے سامنے ضیاء الحق اور بھٹو کا موازنہ کیا جاتا۔ ”ان کے والد کو عدالت نے سزا دی اور ان کو پھانسی پر لٹکایا گیا جبکہ میرے والد نے فوجی وردی میں قوم کی خدمت کرتے ہوئے جان دی۔ وہ جاگیرداروں کے خاندان میں پیدا ہوئیں‘ جہاں ہر وقت ان کو نوکر چاکر میسر تھے‘ بیرون ملک انہوں نے بہترین سکولوں میں تعلیم حاصل کی‘ وہ کس طرح عوام کے مسائل کو سمجھ سکتی ہیں۔“
بے نظیر اور اعجاز الحق دونوں یہ دعویٰ کرتے کہ وہ انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے لیکن دونوں کی ایک دوسرے سے نفرت کا یہ عالم تھا کہ ان کو ایک دوسرے کا نام تک سننا گوارا نہ تھا۔ بھٹو اور ان کے حامیوں کو مارشل لاء کے زمانے میں شدید اذیتیں سہنی پڑی تھیں۔ اعجاز الحق کے بقول بے نظیر کے دور حکومت میں ان کے خلاف خوب کیچڑ اچھالا گیا لیکن اس کا موازانہ ان اذیتوں سے نہیں کیا جا سکتا جو پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں کو جیل اور نظربندی کی صورت میں برداشت کرنی پڑیں۔ جسقدر ممکن ہو سکتا تھا‘ انہوں نے ہمیں تنگ کیا۔ میری والدہ‘ جو کہ ایک جرنیل کی بیوہ تھی‘ کو گھر سے نکال دیا گیا‘ پنشن تک نہ دی گئی‘ ان ادویات کی فراہمی بھی روک دی گئی جو ذیابیطس کے مریض ہونے کی وجہ سے ان کو مل رہی تھیں اور آئے روز ان کو انکم ٹیکس والوں کی طرف سے نوٹس موصول ہوتے رہے۔ بہرصورت‘ پریس میں ضیاء الحق کو بدنام کرنے کی بے ہنگم کوششیں ناکام ہو گئیں‘ بہت سے واقعات‘ جو بیان کئے جاتے بالکل مضحکہ خیز لگتے۔ مجھے کچھ دستاویزات فراہم کی گئیں جن میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ ترکی کے سرکاری دوروں کے پردے میں سمگلنگ کرتے تھے اور یہ کہ اسلام آباد میں خفیہ طور پر وہ کئی بنگلوں کے مالک ہیں۔
واقعہ یہ ہے کہ اگر ضیاء الحق چاہتے تو دولت بنانے کے لئے ان کے پاس بے شمار مواقع تھے۔ افغان مجاہدین کو امریکی اسلحہ آئی ایس آئی کے ذریعے پہنچتا تھا‘ جس کا کوئی حساب کتاب نہیں رکھا جاتا تھا۔ اس امر کا کوئی ٹھوس ثبوت بھی پیش نہ کیا جا سکا کہ ضیاء الحق ذاتی طور پر بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں۔ اور بظاہر انہوں نے اپنے خاندان کے لئے ترکہ بھی کم چھوڑا لیکن یقینا ضیاء الحق نے ان جرنیلوں کی طرف سے آنکھیں بند کئے رکھیں جنہوں نے ان کے دور حکومت میں کروڑوں روپے کمائے۔ بہرصورت پیپلزپارٹی کے ارکان کا اصرار تھا کہ ضیاء الحق نے بھی خوب دولت کمائی۔ اس لئے انہوں نے ضیاء الحق اور ان کے قریبی جرنیلوں کی کردار کشی کی مہم جاری رکھی۔
اس طرح جنگ جاری رہی‘ لیکن اب اس نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا۔ ضیاء الحق کی موت کے بعد‘ ان کے اہل خانہ نے ضیاء الحق فاوٴنڈیشن کے نام سے ایک خیراتی ادارہ قائم کیا جو بظاہر نادار لوگوں کی بیٹیوں کو جہیز فراہم کرتا اور معذوروں کی مدد کرتا جس طرح کہ ضیاء الحق کی اپنی بیٹی بھی تھی۔ ایک سال میں‘ اس کے ارکان کی تعداد ساڑھے تین لاکھ تک پہنچ گئی اور اس نے سیاسی اجتماعات‘ ریلیاں‘ منظم کرنی شروع کر دیں اور اعداد وشمار اکٹھے کرنے کا کام بھی سنبھال لیا۔ اعجاز الحق نے یہ تسلیم کیا کہ ”فاوٴنڈیشن کے کئی سیاسی ارکان بھی ہیں۔“ ان کے بقول ”فاوٴنڈیشن کا ایک کام یہ بھی ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال کے بارے میں ’ریسرچ ورک‘ کرے۔“
لیکن ستم ظریفی یہ تھی کہ ضیاء الحق نے زبردستی اقتدار پر قبضہ کیا تھا اور 11 سال تک غیرقانونی طریقے سے حکومت کی تھی‘ اور یہ بے نظیر بھٹو تھیں‘ جنہوں نے غریبوں کے ووٹ اور دل جیت لئے لیکن 90ء کے اوائل میں‘ جب بے نظیر پر شعلہ بار تنقید ہونے لگی کہ اپنے پورے عہد حکومت میں وہ ایک بھی قانون پاس نہ کرا سکی تھیں اور یہ کہ غریبوں کی ملکہ کی حیثیت سے ان کا تشخص دھندلانے لگا تو لوگ ضیاء الحق کے دور کو یاد کرنے لگے جس طرح کہ ضیاء الحق کے زمانے میں بھٹو حکومت کواور بھٹو حکومت کے زمانے میں ایوب خان کی حکومت کو یاد کرتے تھے۔ اعجاز الحق نے موقع غنیمت جانا‘ جیسے بھٹو نے ایوب خان کے آخری دنوں میں عوامیت کا لبادہ اوڑھ لیا تھا اور وہ ریلیوں میں یہ کہا کرتے تھے کہ ”ہم عام آدمی کی زندگی بدل دیں گے۔“
ضیاء الحق نے یہ محسوس کر لیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے کر بھی وہ ان کی روح سے نجات حاصل نہیں کر سکے اور یہ کہ اب ان کو شہید کا درجہ مل گیا ہے جس پر ان کی بیٹی بے نظیر اپنی سیاسی جدوجہد کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ بالکل اسی طرح ضیاء الحق کی موت کے بعد‘ بے نظیر بھٹو نے محسوس کیا کہ ضیاء کی موت نے ان کا راستہ صاف کیا ہے لیکن ان کے لئے ایک طاقت ور سیاسی حریف بھی پیدا ہو گیا ہے جس کی موت نے اس کو ایسی عقیدت عطا کر دی ہے جو اس کو زندگی میں حاصل نہ ہو سکی تھی۔ بے نظیر کا جان آف آرک کا تشخص بھی اب رفتہ رفتہ تحلیل ہونے لگا تھا۔ تاریخ سے کسی نے سبق نہ سیکھا۔ فوج کے اندر غیرسیاسی سوچ ایک مرتبہ پھر غالب آ گئی‘ جب اس نے صدر اسحاق پر دباوٴ ڈالا کہ بے نظیر حکومت کو برطرف کر دیا جائے۔ اس لئے کہ اس کی نااہلیت ثابت ہو گئی ہے اور یہ کہ اس طرح پیپلزپارٹی کی سیاسی قوت کو شدید دھچکا لگے گا۔ ایک مرتبہ‘ جنرل ضیاء نے بھی اس طرح غلط اندازہ لگایا تھا‘ جب انہوں نے بے نظیر کے والد کو برطرف کر دیا تھا لیکن پیپلزپارٹی کی سیاسی قوت بدستور رہی۔ بے نظیر کے خلاف بدعنوانی کے الزامات عائد کئے گئے تو پیپلزپارٹی کو چیخنے چلانے کا موقع مل گیا کہ اس کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات اقبال حیدر کے بقول ”جو کچھ بھی ہم سے غلطیاں سرزد ہوئیں‘ ہمیں غیرقانونی طریقے سے ہٹانے کے عمل نے اس تاثر کو بالکل زائل کر دیا۔“ ایک مرتبہ پھر خاکی وردی والوں نے ایک شہید تخلیق کر دیا… اور یہ کردار بے نظیر بھٹو‘ بے نظیر طریقے سے ادا کر سکتی تھیں۔
(ترجمہ: اصغر عبداللہ‘ بشکریہ ہفت روزہ زندگی‘ 7 تا 13 دسمبر1991ء)









سابق کور کمانڈر کراچی
جنرل(ر) جہانزیب ارباب
کا ہفت روزہ تکبیر کے رپورٹر علی حسن کا معنی خیز اور انکشاف انگیز انٹرویوجس میں کراچی کے حوالے سے بہت اہم باتیں ہیں۔

”آپ ہماری موجودگی میں ہمارے سربراہ کے ساتھ سخت رویہ اختیار نہیں کر سکتے۔“ گرجدار آواز میں یہ تنبیہ جنرل جہانزیب ارباب نے ایوان وزیراعظم میں اس وقت کے وزیراعظم کو ایک اجلاس میں دی۔ اجلاس میں موجود ہر شخص پریشان تھا کہ جنرلوں کا موڈ آف ہو گیا تھا اور جنرل کچھ اور سوچنے لگے تھے۔ جنرل جہانزیب ارباب 1977ء کے مارشل لاء میں سندھ کے پہلے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوئے تھے۔ 1977ء میں مارشل لاء نافذ کرنے والے جنرلوں میں سب سے پہلے ریٹائر ہونے والوں میں جنرل ارباب تھے۔ 12 دسمبر 1926ء کو پشاور کے قریب ایک گاوٴں میں پیدا ہونے والے جہانزیب نے 1945ء میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ صوبہ سرحد کا ارباب خاندان فوجی ملازمت کے ساتھ ساتھ صوبائی سیاست میں بھی سرگرم ہے۔ صوبہ سرحد کے سابق وزیراعلیٰ ارباب جہانگیر اور ان کے بڑے بھائی ارباب نیاز محمد مرحوم جنرل صاحب کے ماموں ہیں۔ ارباب نیاز محمد راولپنڈی سازش کیس میں مبینہ طور پر ملوث بتائے گئے تھے۔ وہ فوج میں کرنل تھے۔ ارباب جہانزیب کے چھوٹے بھائی ارباب اورنگزیب نیشنل پیپلزپارٹی صوبہ سرحد کے نائب صدر ہیں۔ کھری کھری باتیں کرنا اور الفاظ چبائے بغیر اپنا نقطہ نظر بیان کرنا ارباب جہانزیب کی خصوصیت ہے۔
###
”ہم نے مسٹر بھٹو کو تین ماہ کا وقت دیا تھا کہ ملک میں انتخابات کرا دیں۔ یہ 30 جون 1977ء کا ذکر ہے کہ فوج کے چیف‘ تمام کور کمانڈر‘ چیف آف جنرل سٹاف وغیرہ کو ایوان وزیراعظم میں طلب کیا گیا تھا جہاں اندر کابینہ موجود تھی۔ سندھ کے وزیراعلیٰ اور سرحد کے وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔ دوران گفتگو مسٹر بھٹو نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا ”جنرل ارباب‘ کراچی میں صورت حال بہتر نہیں ہے۔“ میں نے انہیں جواب دیا ”ہم کوشش کر رہے ہیں لیکن حالات بہت خراب ہو رہے ہیں۔ آپ فیصلہ کریں اور تصفیہ کر لیں۔“ ابھی گفتگو ہو رہی تھی کہ جنرل ٹکا خان نے کہا کہ ملک کی خاطر اگر تیس چالیس ہزار آدمی مار دیئے جائیں تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ اس پر میں نے کہا جنرل ٹکا خان‘ تم خاموش رہو‘ تمہارا فوج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تم ہم کو مشوروہ دینے والے کون ہو۔ تم بھٹو کے مشیر ہو‘ فوج کے نہیں لیکن شیخ رشید کہنے لگے کہ چین میں ثقافتی انقلاب کے دوران دس لاکھ آدمیوں کو مارا گیا تھا اور پھر سب ٹھیک ہو گیا‘ آج آپ پر فرض عائد ہوتا ہے‘ یہ آپ کا تاریخی کارنامہ ہو گا‘ ملک ترقی کرے گا۔ ان کا اتنا کہنا تھا کہ جنرل اقبال نے گرج کر کہا:
You bloody go and kill,
We will not kill people.
اس کے بعد پورا اجلاس ہنگامے کی نذر ہو گیا لیکن مسٹر بھٹو نے کہا کہ مجھے ایک سال کا وقت دے دو‘ میں ایک سال بعد الیکشن کرا دوں گا ورنہ پوری دنیا میں میری پوزیشن خراب ہو جائے گی لیکن جنرلوں نے کہا کہ ہم ارباب کی تجویز کی تائید کرتے ہیں کہ صرف تین ماہ میں الیکشن کرا دیں پھر مسٹر بھٹو نے کہا کہ گیارہ ماہ اور اس طرح ایک ایک مہینہ گھٹاتے رہے اور ہم اپنی بات پر ڈٹے رہے‘ بالآخر انہوں نے ہامی بھر لی۔ جب ہم وہاں سے چلنے لگے تو مسٹر بھٹو نے کہا کہ آپ لوگ رات کا کھانا میرے ساتھ کھائیں۔ رات کو جب ہم جمع ہوئے اور کھانا کھا چکے تو میٹھے سے قبل مسٹر بھٹو نے ٹیبل پر چمچہ مار کر سب کو متوجہ کیا اور کہا کہ میں تاریخی فیصلہ کرنے جا رہا ہوں۔ عین اسی وقت انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں تھا کہ جنرل ضیاء کو ہر کام کرنے سے قبل اپنے کورکمانڈروں سے اجازت لینی پڑتی ہے۔ یہ ایک طنز تھا جس پر میں بپھر گیا اور میں نے سختی سے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر بھٹو‘ آپ ہمارے چیف کی اس طرح بے عزتی نہیں کر سکتے۔ ہمیں ان پر اعتماد ہے اور انہیں ہم پر اعتماد ہے۔ ہم ایک کشتی کے سوار ہیں اور ساتھی ہیں اور بات تلخ تر ہوتی چلی گئی۔ اسی اثناء میں جنرل عبداللہ ملک نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا ”آپ لوگ ٹروپس کو جو حکم دیں گے وہی ہو گا۔“
جس پر میں نے اسے جھڑکتے ہوئے کہا کہ ”تم سے کس نے مشورہ طلب کیا ہے۔ پہلے تو تم یہ بتاوٴ کہ تم یہاں موجود کیوں ہو اور اگر موجود ہو تو خاموش رہو۔“ پھر ہم سب لوگ اٹھ گئے۔ جب ہم چلنے لگے تو مسٹر بھٹو ہمیں دروازے تک چھوڑنے آئے تھے۔ آگے چیف (جنرل ضیاء) تھے‘ بعد میں اقبال اور ان کے پیچھے میں تھا۔ میں نے اس جگہ اعلان کیا کہ تمام صاحبان یہاں سے سیدھے چیف کے گھر چلیں۔ ہمیں وہاں ملاقات کرنی ہے۔ مسٹر بھٹو کا رنگ سفید ہو گیا تھا اور ہم وہاں سے نکل کر سیدھے چیف کے گھر آ گئے۔ ساڑھے گیارہ بجے کا وقت تھا اور ہم نے صبح پانچ بجے تک اجلاس کیا۔ وہاں بحث ومباحثہ ہوتا رہا۔ آپ یقین کریں کہ اس سے قبل ہمارے ذہنوں میں بھی یہ بات نہیں تھی کہ ہم حکومت ”ٹیک اوور“ کر لیں گے لیکن وہاں دوران گفتگو میں نے کہا کہ دوستو! اگر ہم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا تو تم دیکھو گے کہ دس بارہ ہزار افراد کی گردنیں اڑا دی جائیں گی۔ کوئی بھی فیصلہ کرنے کو تیار نہیں تھا۔ بڑی بحث ہوتی رہی۔ بالآخر لوگ راضی ہوتے گئے اور صبح کے وقت ہم نے آپریشن کا نام ”فیئر پلے“ طے کر لیا اور فیصلہ کر لیا کہ اگر انہوں نے مذاکرات کر کے معاہدہ نہیں کیا تو ”ٹیک اوور“ کر لیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے ہم نے ان کے درمیان اپنے آدمی چھوڑ دیئے تھے۔ اس ملک میں کوئی شخص ایسا نہیں جو بولنا نہ چاہتا ہو۔ ہر شخص بولنا چاہتا ہے۔
میں دوسرے دن کراچی آ گیا تو مسٹر بھٹو نے تین دن میں تین دفعہ فون کئے۔ پھر پیپلزپارٹی کے معتبر افراد آئے اور منانے لگے اور یہاں تک کہا گیا کہ آپ کو کمانڈر انچیف بنا دیتے ہیں۔ میں نے منع کر دیا کہ نہیں ایسا نہیں ہو گا پھر ارباب جہانگیر (صوبہ سرحد کے سابق وزیراعلیٰ جو جنرل صاحب کے ماموں ہیں) سمیت بعض افراد سے پریشر ڈلوایا گیا کہ میں مسٹر بھٹو کی حمایت کروں لیکن میں نے انکار کر دیا حالانکہ مسٹر بھٹو کے ساتھ میرے قریبی مراسم بن چکے تھے۔ میں نے اسی وقت (جنرل) ضیاء کو فون کر کے مطلع کیا کہ مجھے پیشکش کی گئی ہے لیکن مجھے منظور نہیں ہے۔ 3 جولائی (1977ء) کو پھر مسٹر بھٹو نے فون کیا اور ان کا مقصد یہی تھا کہ میں ان کے عزائم پورے کروں۔ ہم نے طے کر لیا تھا‘ اسی لئے 3 جولائی سے ٹروپس کو متعین کرنا شروع کر دیا تھا‘ جو 4 جولائی کی صبح تک متعین ہو چکے تھے۔ طے ہوا تھا کہ اگر مارشل لاء نہیں لگانا ہو گا تو مطلع کر دیا جائے گا۔
28 جولائی کو جب مسٹر بھٹو رہا ہو کر مری سے یہاں (کراچی) آئے تو میں انہیں ایئرپورٹ پر ملا اور پھر ان کے مکان 70 کلفٹن پر ایک گھنٹے کی ملاقات کی۔ میں نے ان سے کہا کہ وہ الیکشن میں حصہ لیں اور یقینا ان کی پارٹی ہی باون ترپن فیصد نشستیں حاصل کرے گی۔ میں نے انہیں یہ بھی گزارش کی کہ وہ فوج کے لئے کوئی صورت حال پیدا نہ کریں۔ جب وہ لاڑکانہ جانے لگے تو انہوں نے ریل سے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ میں نے ہی انہیں فون پر کہا تھا کہ ایسا نہ کریں۔ جس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ وہ پروگرام طے کر چکے ہیں تو میں نے ان سے کہا کہ ہم ان پر پابندی عائد کر دیتے ہیں۔ ان کی بات رہ جائے گی اور ساری بات ہم پر آ جائے گی۔ میں نے ایک مارشل لاء آرڈر جاری کیا تھا کہ سیاست دان ایک شہر سے دوسرے شہر ریل گاڑی کے ذریعے نہیں جا سکتے۔ اس پر انہوں نے میرا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ لاڑکانہ سے واپسی پر میری ان سے پھر ملاقات ہوئی لیکن میں نے محسوس کیا تھا کہ وہ مسئلہ پیدا کر رہے ہیں اور میں نے اوپر والوں سے کہہ دیا تھا کہ بھٹو مشکلات کا سبب بن رہے ہیں اور ان کو گرفتار کر لیا جائے پھر ہم نے ان کو گرفتار کر کے لاہور بھیج دیا‘ اس کے بعد میری ان سے کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔اس کے بعد ذیل میں جنرل جہاں زیب ارباب کا انٹرویو پیش کررہے ہیں ;-
سوال: جنرل صاحب‘ آپ اس اعتبار سے سندھ کے منفرد گورنر رہے ہیں کہ آپ سول گورنمنٹ یعنی بھٹو کے زمانے میں نافذ ہونے والے مارشل لاء اور پھر جنرل ضیاء الحق کی سربراہی میں پورے ملک میں نافذ ہونے والے مارشل لاء کے پہلے گورنر‘ مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور کورکمانڈر تھے۔ آپ بتانا پسند کریں گے کہ وہ کیا حالات تھے جن کے تحت مارشل لاء کا نفاذ ضروری ہو گیا؟
جنرل جہانزیب ارباب: 1977ء میں حیدرآباد اور کراچی میں ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ سول گورنمنٹ کی درخواست پر ان شہروں میں مارشل لاء لگانا پڑ گیا۔ کور کمانڈر کی حیثیت سے مارشل لاء لگانے کی ذمہ داری میری تھی لیکن ہم کسی وقت بھی مارشل لاء لاگو کرنے کے لئے تیار تھے۔ بہرصورت جب الیکشن ہوئے‘ اس وقت امن وامان کی صورت حال ایسی تھی کہ سول حکومت نے سمجھا کہ کراچی اور حیدرآباد میں مارشل لاء نافذ کرنا چاہئے۔
سوال: لیکن جناب آپ نے جس طرح کہا کہ آپ تیار تھے مارشل لاء لگانے کے لئے؟
جنرل جہانزیب ارباب: نہیں‘ مارشل لاء لگانے کے لئے یعنی مارشل لاء کو چلانے کے لئے‘ سول حکومت نے ہم سے درخواست کی تھی۔ مسٹر بھٹو کی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کے تین شہروں میں یعنی لاہور‘ کراچی اور حیدرآباد میں مارشل لاء لگا دیا جائے۔ لاہور میں پھر بھی حالت اتنی بگڑی ہوئی نہیں تھی جتنی کراچی اور حیدرآباد میں خراب تھی۔
سوال: جس میٹنگ میں ان تین شہروں میں مارشل لاء لگانے کا فیصلہ کیا گیا‘ اس میں آپ موجود تھے؟
جنرل جہانزیب ارباب: میں بالکل اس میں موجود تھا۔ جب انہوں نے فیصلہ کیا کہ ان شہروں میں امن وامان کی صورت حال اس قدر خراب ہو گئی ہے کہ سول انتظامیہ اس کو کنٹرول نہیں کر سکتی اور آپ کو پتہ ہو گا کہ جب سول انتظامیہ امن وامان کی صورت حال قابو میں نہ رکھ سکے تو ایسا ہو جاتا ہے۔ ان شہروں میں جلوس نکل رہے تھے اور انتخابی مہم جاری تھی‘ جس میں ایک دوسرے کے خلاف ہر قسم کی الزام تراشی کی جا رہی تھی۔ مخالفین نے ایک دوسرے کے مکانات کو آگ لگانا شروع کر دیا تھا چنانچہ مارشل لاء نافذ کر دیا گیا کیونکہ حالات کو قابو کرنا ان کے بس سے باہر تھا۔
سوال: (قطع کلامی ہوتی ہے) جنرل صاحب‘ مارشل لاء تو الیکشن کے بعد نافذ کیا گیا جب انتخابات کے بعد ہنگامے بڑھے اور حالات کنٹرول سے باہر ہو گئے؟
جنرل جہانزیب ارباب: اگر آپ کو یاد ہو کہ جب قومی اسمبلی کے الیکشن ہو گئے تو اس کے فوری بعد ان تین شہروں میں مارشل لاء لگایا گیا۔ جب صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوئے‘ مارشل لاء ان شہروں میں پہلے سے لاگو تھا اور خاص طور پر صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو گئے۔ ہم جانتے تھے کہ انتخابات کی ذمہ داری ہماری نہیں تھی لیکن امن وامان کی ذمہ داری ہماری تھی۔ یہ ذمہ داری ہم پر عائد کی گئی تھی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے دوران جتنے بھی پولنگ سٹیشن تھے‘ ان کے قریب ہمارے لوگ موجود تھے کہ خدانخواستہ کوئی ہنگامہ ہو جائے تو ہم حالات کو کنٹرول کر سکیں۔ اس کے بعد جب لوگوں کو پتہ چلا کہ الیکشن میں گڑبڑ ہوئی ہے تو انہوں نے اس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ اس وقت ہماری پوزیشن بہت زیادہ نازک ہو گئی کیونکہ اب ہم جو کہ سول گورنمنٹ کا ایک حصہ ہیں‘ مارشل لاء اس وقت سول گورنمنٹ کا ایک حصہ تھا‘ ہم گورنمنٹ کی پارٹی یا گورنمنٹ اور اپوزیشن کے درمیان جو اختلافات تھے‘ اس میں ہم بھی فریق بن گئے تھے۔ جلوسوں کو کنٹرول کرنا‘ کوشش کرنا کہ جلاوٴ اور توڑپھوڑ نہ ہو‘ اس میں ہم لوگ مصروف ہوئے۔ ان دنوں جتنے بھی جلوس نکلتے تھے یا احتجاج ہو رہا تھا‘ وہ صرف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تھا۔ جتنے بھی جلوس نکلے اس میں کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ وہ کوئی نیا نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں یا ہم تبدیلی کرنا چاہتے ہیں۔ نہیں! احتجاج تو صرف اور صرف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تھا۔ وہ صرف اور صرف یہ کہتے تھے کہ الیکشن میں گڑبڑ ہوئی ہے جبکہ حکومت ماننے کے لئے تیار نہیں تھی کہ الیکشن میں کوئی دھاندلی ہوئی ہے لیکن ہم چونکہ غیرجانبدار تھے‘ ہم نے باہر سے دیکھ لیا تھا لیکن ہماری ذمہ داری یہ نہیں تھی کہ ہم فیئر الیکشن کرا دیں۔ ہماری ذمہ داری تو امن قائم رکھنا تھا البتہ ہم محسوس کر رہے تھے کہ کچھ پرابلم ہیں جن کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ اس وقت ہم نے کوشش کی کہ یہ پرابلم زیادہ نازک نہ ہو جائے۔ سول گورنمنٹ قائم تھی۔ ہمیں آرڈر ملا کہ مارشل لاء کو سختی سے نافذ کر دیا جائے۔ سول گورنمنٹ کا ہم ایک حصہ ہیں۔ اس کے بعد کوشش کی گئی کہ دونوں پارٹیوں کا آپس میں ٹکراوٴ نہ ہو جائے۔ سول گورنمنٹ قائم تھی۔ ہم کوشش کرتے تھے کہ جلوس خواہ اپوزیشن کے تھے یا گورنمنٹ پارٹی کے‘ ان کو کنٹرول کریں اور تحفظ فراہم کریں۔ کافی پرابلم ہو گئی خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں مثلاً لیاقت آباد‘ چاکیواڑہ وغیرہ میں ہم نے کرفیو لگانا شروع کردیا کیونکہ گڑبڑ مزید پھیلنا شروع ہو گئی تھی‘ توڑپھوڑ شروع ہو گئی۔ اس کے بعد پوزیشن یہاں تک پہنچی کہ ہم نے محسوس کیا اور دیکھا کہ ہم درمیان میں کھڑے ہیں۔ ہمارا فوجی بھی اس علاقے سے تعلق رکھتا ہے۔ اسی آبادی سے تعلق رکھتا ہے جہاں کے باقی لوگ ہیں۔ تو ایسی صورت میں کچھ نہ کچھ تو اثر ہونا تھا‘ ہم سب نے سوچا کہ یہ فوجی ایک دفعہ ادھرمل جائے یا ادھر مل جائے تو نتیجہ سول وار (خانہ جنگی) کے سوا کچھ نہیں ہو گا یعنی اگر آپ درمیان میں ہیں اور آپ کے سپاہی ادھر بھی ہیں‘ ادھر بھی‘ تو ضروری نہیں کہ اثر قبول نہ کریں حالانکہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی فوج میں ڈسپلن ہمیشہ سے بڑا سخت رہا ہے اور ابھی تک قائم ہے لیکن مسئلہ یہ تھا کہ اگر خدانخواستہ دونوں مخالف گروپوں کے ساتھ ہمارے لوگ مل جائیں تو بہت بری بات ہو گی۔ ایک دوسرے پر حملہ شروع کر دیں گے۔
سوال: یہ صرف آپ نے سوچا یا تمام فوجی کمانڈرز نے بھی یہ بات سوچی؟
جنرل جہانزیب ارباب: سب نے سوچا‘ فوج کی ”ہیرا رچی“ کی سوچ تھی لیکن ہم صورت حال کے ذمہ دار تھے‘ خاص طور پر کراچی اور حیدرآباد میں جو حالات تھے‘ آپ کو پتہ ہے کتنی جانیں ضائع ہوئیں۔ کافی لوگ مرے‘ باقی مقامات پر ایسی صورت حال نہیں تھی۔ لاہور میں تین چار آدمی مرے تھے‘ لیکن یہاں پر کافی نقصان ہوا تھا کیونکہ یہاں حالات اس نہج پر آ گئے تھے کہ مخالف سیاسی گروپ ایک دوسرے کے ساتھ تصادم کرنے پر آمادہ نظر آتے تھے۔
سوال: جب فوجی کمان نے یہ سوچا تو پھرکیا ہوا؟
جنرل جہانزیب ارباب: ہم نے ان سے (حکومت) کہا کہ ”خدا کے لئے اب وقت آ گیا ہے‘ کوئی سیاسی حل تلاش کر لیں۔“ ہم نے ان سے بار بار کہا کہ آپ اس کا سیاسی وآئینی حل تلاش کریں تاکہ معاملہ کسی ایک طرف ہو جائے۔
سوال: آپ کی اس سلسلے میں کسی سے بات ہوئی؟
جنرل جہانزیب ارباب: کئی دفعہ ہوئی۔ اعلیٰ سطح پر ہوئی۔ پوری کابینہ کی موجودگی میں ہوئی۔ ہم نے ان سے کہا کہ اب ہم ایسی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں کہ ہم پر دونوں طرف سے ضرب پڑ رہی ہے اور ہو سکتا ہے کہ ہمارے پاوٴں پھسل جائیں۔ اگر ہمارے پاوٴں پھسل گئے تو پھر اس کو کنٹرول کون کرے گا۔ خدارا آپ لوگ بھی سمجھوتہ کر لیں اور فیصلہ کر لیں اور اس کا کوئی سیاسی حل تلاش کر لیں۔ ہم نے ان سے کہا تھا کہ لوگ بھی اعتراض کر رہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے جو کہ گورنمنٹ پارٹی نہیں مان رہی تھی لیکن چونکہ اس طرف مخالفت بڑھ رہی تھی اور ہماری پوزیشن بھی خراب ہو رہی تھی‘ ہم نے کہا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی نہیں بھی ہوئی تو قومی مفاد میں دوبارہ الیکشن کرا دیئے جائیں اور اس کا فیصلہ ہو گیا تھا کہ الیکشن دوبارہ ہوں گے۔ آپ کو یاد ہے کہ گورنمنٹ اس لائن پر سوچ بھی رہی تھی اور گورنمنٹ نے اس سلسلے میں ایک پروگرام بھی مرتب کیا تھا۔ ہم نے ان کو کہا کہ جتنی جلدی ہو سکے‘ یہ الیکشن ہو جائیں۔ ہم نے انہیں تین ماہ کی مدت میں الیکشن کرانے پر زور دیا۔
سوال: یہ مشورہ آپ نے انہیں کب دیا؟
جنرل جہانزیب ارباب:یہ جون 1977ء کے آخر میں۔ پھر فیصلہ ہو گیا کہ جی‘ ٹھیک ہے‘ ہم تین مہینے کے اندر اندر الیکشن دوبارہ کرا دیں گے۔
سوال: بھٹو صاحب تین ماہ کی مدت میں دوبارہ الیکشن کرانے پر رضامند ہو گئے؟
جنرل جہانزیب ارباب: ہاں جی‘ ایک دم تیار تھے۔ پھر اس کے بعد ہم بھی خوش وہ بھی خوش۔ ہم نے اپنے لوگوں سے کہا کہ کوشش کریں کہ کہیں گولی نہ چلے۔ افسران کو خاص طور پر کہا کہ جتنے بھی افسر ہیں‘ سینئر بھی ہیں کہ حالات پر کنٹرول رکھیں اور خود صورت حال کو دیکھیں۔ نقصان کم سے کم ہو۔ اگر گولی چلانے کی نوبت آ جائے گی تو گولی لگے تو نیچے لگے۔ کسی کی جان تلف نہ ہو۔ ساتھ ہی ہمیں پتہ تھا کہ یہ کیا کرتے ہیں۔ مشورے اور مذاکرات شروع ہو گئے تھے اور امید تھی کہ کام ہو جائے گا لیکن بدقسمتی سے صورت حال نے ایسی صورت اختیار کر لی کہ گورنمنٹ اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات میں کچھ مسائل پیدا ہو گئے۔ چونکہ مارشل لاء تو جزوی طور پر لگا ہی ہوا تھا‘ احتجاج ٹھنڈے بھی ہو رہے تھے لیکن ہمیں خطرہ تھا کہ دونوں طرف کے لوگوں کے پاس کافی اسلحہ ہے‘ ہمیں پتہ تھا کہ ایک دفعہ اسلحہ کا استعمال شروع ہو جائے تو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا کیونکہ آپ اس صورت میں کس کو پکڑیں گے اور کس کو ماریں گے۔ آپ کو بھی یہ ماریں گے کیونکہ جب ان کے پاس ہتھیار ہوں‘ آپ کے پاس ہتھیار ہوتے ہیں تو تصادم ہونا لازمی ہوتا ہے۔
سوال: آپ کے خیال میں اسلحہ دونوں گروپوں کے پاس تھا؟
جنرل جہانزیب ارباب: بالکل۔ ہتھیار دونوں طرف کے لوگوں کے پاس تھے لیکن ایک گروہ کے پاس زیادہ منظم طریقے سے تھے‘ دوسرے کے پاس غیرمنظم طریقے سے تھے۔ جہاں سے مل سکے لے لیا۔ احتجاجی جلوس جو نکل رہے تھے‘ ان کی نوعیت یہ تھی کہ جب مخالف گروہ کے علاقے سے گزرتے تو آگ لگاتے اور توڑپھوڑ کرتے۔ بہرصورت ہمیں امید تھی کہ فیصلہ ہو جائے گا۔ اس فیصلے تک ہم نے مارشل لاء نافذ کرنے کا کوئی پروگرام نہیں بنایا تھا لیکن جب ان کے مذاکرات ناکام ہو گئے‘ اب ہمیں پتہ چلا کہ یہ کسی فیصلہ پر متفق نہیں ہو رہے ہیں اور پھر مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ ہمیں خیال تھا اور صورت حال کا پتہ تھا کہ یہ چیز پھر یہاں تک بڑھے گی اور بڑے پیمانے پر بڑھے گی۔ صرف دو یا تین شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ سارے ملک میں پھیل جائے گی۔ اس وقت ہماری پلاننگ کے مطابق ہم نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر مذاکرات فیل ہو جائیں تو پھر ہمیں کارروائی کرنی چاہئے۔ وہی بات چار جولائی کو ہوئی۔
سوال: آپ لوگوں کو کب پتہ چلا کہ مذاکرات فیل ہو گئے؟
جنرل جہانزیب ارباب: مجھے خود 3 جولائی کو شام پانچ بجے کے بعد پتہ چلا کہ کچھ پرابلم باقی ہیں۔ شاید یہ لوگ آپس میں فیصلہ نہ کر سکیں۔ 3 جولائی کو جب پتہ چلا کہ پرابلم ہیں اور مذاکرات فیل ہو چکے ہیں تو اس وقت ہم نے تیاری شروع کر دی کیونکہ مارشل لاء لگانا کوئی معمولی بات نہیں ہوتی جبکہ خاص طور پر اپوزیشن آپس میں ایک دوسرے کو مارنے پر تیار ہوں پھر کچھ سرکاری ایجنسی ہو سکتا تھا کہ گورنمنٹ کی پارٹی کو سپورٹ کریں۔
سوال: مثلاً کون سی ایجنسی؟
جنرل جہانزیب ارباب: ساری جتنی آرگنائزیشن ہیں مثلاً ایف ایس ایف آ سکتی ہے وغیرہ وغیرہ۔ اگر ان پر دباوٴ ڈالا جائے اور وہ گورنمنٹ کی پارٹی کے حق میں ایکشن لیں تو اس سے تو بات اور بھی بڑھے گی۔ چونکہ ہمیں سندھ کی صورت حال کا تجربہ تھا‘ یہاں کافی پرابلم تھے‘ اس وجہ سے ہم کارروائی کرنے میں دیر کرنا نہیں چاہتے تھے اور رات بارہ بجے تک ہم نے پوری کارروائی کر لی تھی۔ آپ کو یاد ہو گا ان دنوں بارشیں بھی تھیں اور ہماری فوج موجود تھی۔ ہم نے اس سے پہلے فوج کو واپس بیرک میں بھیج دیا تھا۔ لیکن جب یہ فیصلہ ہوا تو بارش کی مدد کے لئے سب کو ری کال کیا اور شہر کے حساس علاقوں میں دوبارہ متعین کر دیا اور صبح مارشل لاء نافذ ہو گیا۔
سوال: جناب یہ تو چار تاریخ کو ہوا جبکہ بقول آپ کے آپ کو تین تاریخ کو پانچ بجے یہ معلوم ہوا کہ مذاکرات فیل ہو رہے ہیں۔ مذاکرات نہیں ہو رہے۔ پھر چیف نے آپ کو مطلع کیا ہو گا۔ چیف نے آپ کو بتایا کہ ہم مارشل لاء لگا رہے ہیں۔ آپ اسلام آباد میں تھے یا اپنے ہیڈکوارٹر میں تھے؟
جنرل جہانزیب ارباب: میں اپنے ہیڈکوارٹر میں تھا۔ یہ بات تین تاریخ کو ہوئی تھی۔ فیصلہ ہوا تھا‘ اگر نہیں لگانا ہو گا تو پھر ہم مطلع کریں گے۔ بارہ بجے رات اور صبح پانچ بجے تک ہمارے فوجی ”ڈپلائے“ ہوتے رہے اور چار تاریخ کو مارشل لاء لگ گیا اور اللہ کا کرم تھا‘ فضل تھا کہ کوئی پریشانی نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد نہ کوئی شدید تصادم ہوا نہ کوئی ایسی صورت حال ہوئی جس میں ہمیں طاقت کا استعمال کرنا پڑا ہو۔ اس کے بعد جب تک میں یہاں رہا خدا کا فضل تھا۔ سول گورنمنٹ بھی چل رہی تھی۔ اب چونکہ اختیار ہمارا تھا یعنی فوج کا‘ ہمیں ہدایت وفاقی گورنمنٹ سے آتی تھی‘ اسی کے مطابق ہم کام چلاتے تھے۔
سوال: آپ کو کب پتہ چلا کہ مارشل لاء لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے؟
جنرل جہانزیب ارباب: میں نے آپ کو بتایا کہ 3 جولائی کو شام پانچ بجے۔
سوال: 3 جولائی کو فیصلہ کر لیا تھا کہ مارشل لاء لگانا ہے؟
جنرل جہانزیب ارباب: مارشل لاء لگانا ہے‘ اگر اس میں کوئی رکاوٹ ہو گی تو آپ کو اطلاع مل جائے گی۔
سوال: جب فوج کو سول حکومت کی مدد کرنے کے لئے بلایا گیا تھا‘ اس وقت جو سیاست دان حکومت میں شامل تھے‘ ان کا ردعمل کیا تھا۔ اس لئے کہ آئین میں تو مارشل لاء لگانے کی کوئی گنجائش نہیں؟روس کے پاس گرم پانیوں کی کوئی بندرگاہ نہیں ہے۔ اس کے شمالی سمندر دس ماہ منجمد رہتے ہیں۔ چانچہ ایک طویل المیعاد منصوبہ تیار کیا گیا جس کے مطابق پہلے افغانستان پر قبضہ کیا جائے گا اور پھر سرحد پار کر کے بلوچستان کو زیرتسلط لا کر بحیرہٴ عرب اور خلیج فارس کی بندرگاہوں پر کنٹرول حاصل کیا جائے گا۔ چنانچہ افغانستان میں جو کچھ ہوا‘ وہ اسی دوررس منصوبے کا حصہ تھا۔ اگر افغانستان میں روس کا قبضہ مستحکم ہو جاتا تو دوسرے مرحلے میں روسی فوجیں لازماً بلوچستان میں داخل ہو جاتیں اور اس پر قبضہ کر لیتیں۔ پھر تصور کیجئے کہ اس صورت میں صوبہ سرحد میں عبدالغفار خاں اور ولی خاں کا خاندان کیا رویہ اختیار کرتا… اور اس نازک وقت میں کیا ہندوستان خاموش بیٹھا رہتا؟ کیا وہ اپنا حصہ وصول نہ کرتا؟ تصور کیجئے وطن عزیز کس حشر سے دوچار ہوتا؟ ایک محب وطن حساس انسان کانپ اٹھتا ہے‘ لرز جاتا ہے اور خوف اور دہشت سے اس کی سانسیں رکنے لگتی ہیں۔
روس بلوچستان‘ بحیرہٴ عرب اور خلیج عرب پر قبضہ کر کے مطمئن ہو کر نہ بیٹھ جاتا۔ یہ اس کی حماقت قرار پاتی اور قوت وشوکت کے لئے بدنامی کا باعث ہوتی۔ اگر وہ آگے بڑھ کر کویت‘ عرب امارات اور سعودی عرب کے تیل والے علاقوں پر قبضہ نہ کر لیتا۔ یہ محض توہم اور افسانہ آرائی نہیں‘ حقیقت ہے کہ پھر حرمین کا تقدس تک محفوظ نہ رہتا۔ اسلام اور عالم اسلام کے خلاف کمیونزم کے خلاف سارے خواب پورے ہو جاتے اور کارل مارکس اور لینن کے پیروکار فخر وتکبر سے اعلان کرتے کہ مرکز اسلام ہمارے رحم وکرم پر ہے۔ بلاوٴ اپنے خدا کو‘ ہم دیکھتے ہیں وہ ہمارا کیا بگاڑ لے گا۔
ضیاء الحق کا احسان عیم ہے کہ جونہی روس نے افغانستان میں فوجیں داخل کیں‘ اس نے مجاہدین سے مل کر روس کے خلاف مسلح جدوجہد شروع کر دی اور اڑھائی سال تک اس حالت میں اس کا مقابلہ کیا کہ دنیا کا کوئی ملک ضیاء الحق کی پشت پر نہ تھا… پھر جب امریکہ نے دیکھا کہ ضیاء الحق اور مجاہدین ڈٹ گئے ہیں اور وہ روس کے لئے لوہے کے چنے ثابت ہو رہے ہیں تب وہ میدان میں آیا اور اللہ نے اپنے فضل سے شر کو شر سے دفع کرنے کا انتظام فرما دیا… تاریخ کا یہ عظیم کارنامہ اس نے اپنے ایک عبادت گزار‘ منکسر المزاج بندے ضیاء الحق کے ہاتھوں تکمیل تک پہنچایا۔
ضیاء الحق کی ملک وقوم کے لئے کوئی اور خدمت نہ بھی ہو تب بھی اسلام اور پاکستان کے حامیوں کو اس کا یہ احسان یاد رکھنا چاہئے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہے لیکن جہاں شرافت مر جائے اور ضمیر سو جائیں وہاں ہمالیہ سے بھی بڑے احسانات کو بھلا دیا جاتا ہے۔
(بشکریہ: سال نمبر‘ فیصل آباد‘ ستمبر 2010ء)

2 comments:

  1. The worst title i have ever seen - I have no idea why you wasted your time time writing this crap - you can write much better on other topics !

    ReplyDelete
  2. کیا آپ 10،000 یورو سے لے کر 10،000،000 یورو (کاروبار یا کارپوریٹ لون ، ذاتی قرض ، رہن قرضوں ، کار قرضوں ، قرض استحکام کے قرضوں ، وینچر کیپیٹل ، صحت کے قرضوں وغیرہ) کے ل F آپ کو ایک حقیقی مالیاتی کریڈٹ کمپنی کی تلاش کر رہے ہیں۔ ))
    یا آپ کو کسی وجہ یا کسی اور وجہ سے کسی بینک یا مالیاتی ادارے سے قرض دینے سے انکار کردیا گیا؟
    ابھی درخواست دیں اور 3 دن کے اندر عملدرآمد اور منظور شدہ ایک حقیقی مالی قرض حاصل کریں۔
    پیسیفک فنانشل لون ایف آئی آر ، ہم بین الاقوامی سطح پر قرض دینے والے ہیں ، جو افراد اور کمپنیوں کو تصدیق کے ل for آپ کے ملک کے ایک درست شناختی کارڈ یا بین الاقوامی پاسپورٹ کے ساتھ کم شرح سود والے 2٪ کے ساتھ حقیقی مالی قرض دیتا ہے۔
    قرض کی ادائیگی قرض وصول کرنے کے 1 (ایک) سال بعد ہوتی ہے ، اور ادائیگی کی مدت 3 سے 35 سال تک ہوتی ہے۔

    فوری طور پر جواب دینے اور 2 کام کے دنوں میں باڈر کے لئے اپنی درخواست پر عمل درآمد کیلئے ،
    ہم سے اس خط کے ذریعے براہ راست رابطہ کریں:

    درج ذیل معلومات کے ساتھ ہم سے رابطہ کریں:

    پورا نام: ____________________________
    بطور قرض مطلوبہ رقم: ________________
    قرض کی مدت: _________________________
    قرض کے لئے ہدف: ______________________
    پیدائش کی تاریخ: ___________________________
    صنف: _______________________________
    ازدواجی حیثیت: __________________________
    رابطہ ایڈریس: _______________________
    شہر / پوسٹ کوڈ: __________________________
    ملک: _______________________________
    پیشہ: ____________________________
    موبائل فون: __________________________

    اپنی درخواست کو فوری جواب کے لئے بھیجیں

    شکریہ

    سی ای او.مرس وکٹوریہ جانسن

    ReplyDelete